Tag: مہنگائی

  • عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کو طلب کرلیا

    عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں وزیر اعظم عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے ہدایات دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ اجلاس میں خزانہ، تجارت اور منصوبہ بندی کے وزرا اور مشیر، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

    اجلاس میں مہنگائی اور عوام کو ریلیف دینے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے ہدایات دیں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کی معیشت بالآخر درست سمت میں جارہی ہے، ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں پاکستان کے جاری کھاتے سرپلس ہوگئے، جاری کھاتوں کا یہ سر پلس 4 سال میں پہلی بار آیا ہے۔ جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ سال اکتوبرمیں جاری کھاتوں میں 1 ارب 28 کروڑ ڈالر کا خسارہ تھا۔

  • مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے: فیصل جاوید

    اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے، اندرونی خسارہ 50 فیصد نیچے لے کر آئے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی تب ہوتی ہے جب کوئی چیز آپ کی پہنچ سے باہر ہو جائے، مہنگائی کے کچھ اسباب ہیں جن سے ہم آگاہ ہیں۔

    سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے، اندرونی خسارہ 50 فیصد نیچے لے کر آئے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو فخر ہونا چاہیئے پاکستان ریفارمز میں چھٹے نمبر پر آیا، جب ریفارمز لے کر آتے ہیں تو بہتری میں وقت لگتا ہے۔ ماضی میں ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ٹریژری بلز (غیر ملکی سرمایہ کاری) نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ صرف یکم سے 12 نومبر تک ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری 26 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

    رپورٹ کے مطابق ٹریژری بلز میں برطانیہ سے 16 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، نومبر کے 12 روز میں ٹریژری بلز میں امریکا سے 9 کروڑ 26 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری ہوئی۔

  • مڈل مین کا کردار کم  کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، غلام سرور خان

    مڈل مین کا کردار کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، غلام سرور خان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرورخان نے کہا کہ مڈل مین کا کردار کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، مڈل مین کو نکیل ڈالی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرورخان کا کہنا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کے خلاف کمرکس لی ہے، ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، مصنوعی مہنگائی پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

    غلام سرور خان نے کہا کہ مڈل مین کا کردار کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، مڈل مین کو نکیل ڈالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں، صارفین کو فائدہ پہنچانے کی ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے کہا کہ ناجائزمنافع خوری کی روک تھام کے لیے قانون کے دائرے میں لایا جائے، ان عناصر کو بے نقاب کرنا ہے جو گراں فروشی میں ملوث ہیں۔

    مہنگائی کی وجہ سے شرح سود میں اضافہ کرنا پڑا، گورنراسٹیٹ بینک

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف نے معاشی جائزہ لیا ہے، پاکستانی معیشت میں بہت بہتری آئی ہے، اسٹاک اور فاریکس مارکیٹ بہتر ہورہی ہے۔

    رضا باقر کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹرز کا معیشت میں اہم کردار ہے، ایکسپورٹ سے ہی غربت میں کمی، معیشت میں بہتری ہوتی ہے، سستے قرضوں کے ذریعے ایکسپورٹ کو سپورٹ کرتے ہیں، ایکسپورٹرز کے لیے قلیل مدتی اور طویل مدتی سستے قرضے دیتے ہیں۔

  • ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں

    ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں

    کراچی: سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا گیا ہے، ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سبزی کی قیمتیں من مانی طور پر مہنگی کر دی گئی ہیں، کراچی میں ہول سیل قیمت سے دگنی قیمت پر سبزیاں فروخت ہو رہی ہیں، دودھ کے بعد سبزی فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔

    لال ٹماٹر کی قیمت سن کر خریداروں کے چہرے بھی لال ہو گئے ہیں، پیاز کی قیمت نے شہریوں کو رلا دیا ہے، ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 300 روپے جب کہ پیاز 150 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ سبزی منڈی میں ہول سیل ریٹ کے مطابق آج ٹماٹر 155 سے 165 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہوئے۔

    سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے نائب چیئرمین آصف احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری رٹ چیلنج کرنے اور دگنی قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے والوں کے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، آج ہول سیل میں فی کلو ٹماٹر 155 سے 165 روپے، فی کلو پیاز 60 سے 63 روپے، آلو 17 روپے 22 روپے فی کلو تک ریٹ رہے۔

    آصف احمد کا کہنا تھا کہ ابھی مقامی ٹماٹر کی فصل کی پیداوار آنا شروع نہیں ہوئی، ایران اور افغانستان سے درآمد ہونے والا ٹماٹر طلب و رسد کو پورا نہیں کر پا رہا، جس کے باعث منڈی میں قیمتیں بڑھی ہیں، یکم دسمبر سے سندھ کے ٹماٹر کی فصل آنا شروع ہو جائے گی، جس کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی ہوگی۔

    ادھر کراچی میں دودھ فروشوں کے بعد سبزی فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 192 روپے اور فروخت 300 روپے میں ہو رہا ہے، کمشنر کراچی نے دودھ کے سرکاری نرخ بھی 94 روپے فی لیٹر مقرر کیے ہوئے ہیں اور فروخت 110 روپے میں کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ سرکاری نرخ نامے میں ریٹیل میں ٹماٹر درجہ اوّل 199 اور بچت بازار میں درجہ اوّل 192 روپے فی کلو گرام ہے، لیکن منڈی میں ٹماٹر کمشنر کراچی کی فہرست سے کم قیمت میں فروخت اور نیلام کیا جا رہا ہے۔

    سبزی منڈی ویجی ٹبیل ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہ جہاں کا کہنا ہے کہ ایران اور کابل سے ٹماٹر کی آمد بند ہونے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ بلوچستان کی ٹماٹر کی فصل بھی جلدی ختم ہو گئی، سندھ میں ٹماٹر کی فصل آنے میں دو ہفتے تاخیر ہے۔

  • کراچی میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

    کراچی میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا

    کراچی: شہر قائد میں ٹماٹروں کی قیمت نے ڈالر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے، مارکیٹ میں ٹماٹر فی کلو 200 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ٹماٹر اس وقت مارکیٹ میں دوسو روپے سے زائد میں دستیاب ہیں، کھانا بنانے میں استعمال ہونے والی دیگر بنیادی سبزیوں کی قیمتیں بھی 2 سو روپے کا ہندسہ عبور کر گئی ہیں۔

    حکومت کی جانب سے دعوے اور وعدے اپنی جگہ لیکن عوام مہنگائی کے بھنور سے باہر نہ نکل سکے، مارکیٹ میں ٹماٹر دو سو روپے، سالن بنانے کا اہم جزو لہسن 270 روپے سے زائد قیمت میں مل رہا ہے اور ادرک 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

    پیاز مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو مل رہی ہے، بھنڈی کی قیمت بھی 120 روپے سے تجاوز کر گئی ہے، پالک سرسوں کا ساگ، میتھی، سویا، دھنیا، پودینہ، کڑی پتہ 200 سے زائد قیمت میں فروخت ہورہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ ہائی کورٹ کا دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے یقینی بنانے کا حکم

    سبزی فروشوں کا مؤقف ہے کہ انھیں اشیا سبزی منڈی سے ہی مہنگی مل رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں سبزیوں کے ساتھ ساتھ دودھ کی قیمت کو بھی آگ لگی ہوئی ہے، جب کہ انتظامیہ قیمتوں پر کنٹرول کے سلسلے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔

  • مہنگائی کی روک تھام کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کا نئے منصوبے پرعمل

    مہنگائی کی روک تھام کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کا نئے منصوبے پرعمل

    پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے نئے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے تحصیل کی سطح پر2 کسان مارکیٹوں کے قیام کے لیے مقامات کی نشاندہی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے تحصیل کی سطح پر2 کسان مارکیٹوں کے قیام کے لیے مقامات کی نشاندہی شروع کردی، سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد کسان مارکیٹیں ہنگامی بنیادوں پرقائم کی جائیں گی۔

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ کسان مارکیٹ میں کوئی کرایہ یا دیگر ٹیکس وصول نہیں کیے جائیں گے، سستے داموں غذائی اجناس کسان مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔

    دوسری جانب چیف سیکرٹری کی سربراہی میں مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں محکمہ داخلہ، زراعت، خوراک کے انتظامی سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ نے کہا کہ ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے، ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مڈل مین کے کردار کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو چیک کریں، انتظامیہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔

  • سندھ ہائی کورٹ کا دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے یقینی بنانے کا حکم

    سندھ ہائی کورٹ کا دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے یقینی بنانے کا حکم

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے یقینی بنانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دودھ فروشوں کی جانب سے من مانی قیمت وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے کمشنر کراچی کو زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے ایم سی نے استفسار پر عدالت کو بتایا کہ کراچی میں دودھ کی قیمت فی لیٹر 94 روپے مقرر ہے، عدالت نے سرزنش کی کہ صرف باتوں سے کیا ہوتا ہے، آپ طے شدہ قیمت پر عمل در آمد کیوں نہیں کراتے؟

    جسٹس علی مظہر نے کہا دودھ والے من مانی قیمتوں پر دودھ فروخت کر رہے ہیں، کمشنر کراچی کیا کر رہے ہیں، دودھ 94 روپے فی لیٹر کیوں نہیں ملتا؟ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم چھاپے بھی مارتے ہیں اور جرمانہ بھی عائد کر رہے ہیں۔

    دریں اثنا، عدالت نے کمشنر کراچی سے 12 نومبر کو جامع رپورٹ طلب کر لی۔

    واضح رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اس وقت مختلف قیمتوں پر دودھ کی فروخت جاری ہے، دودھ فروشوں نے اپنی طرف سے 110 سے لے کر 140 روپے فی لیٹر قیمت مقرر کر رکھی ہے۔

    کمشنر کراچی کئی بار اس صورت حال کا نوٹس لے چکے ہیں، چھاپوں میں متعدد دودھ فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، تاہم کوئی ٹھوس حل نہیں نکالا گیا ہے۔ دودھ فروش دکان داروں کا کہنا ہے کہ جب انھیں دودھ مہنگا ملے گا تو وہ سستا کیسے بیچیں گے۔

  • حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست مہنگائی میں کمی ہے: فردوس عاشق

    حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست مہنگائی میں کمی ہے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومتی ایجنڈے میں سرفہرست مہنگائی اور خسارے میں کمی ہے، منڈیوں میں مڈل مین کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، مہنگائی پر کنٹرول کے لیے اسلام آباد میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کی، جس میں بتایا گیا کہ سستے گھروں کی تعمیر کے لیے 5 ارب کے بلا سود قرضوں کی منظوری دی گئی ہے۔

    فردوس عاشق نے بتایا کابینہ اجلاس کا 14 نکاتی ایجنڈا تھا، وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی عدم شرکت کے باعث 5 ایجنڈا آئٹمز مؤخر ہوئے، مختلف وزارتوں نےعوام کی فلاح کے لیے منصوبوں پر بریفنگ دی، وزیر اعظم نے وزرا کو عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔

    اجلاس کی مزید تفصیل:  وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی

    معاون خصوصی کا کہنا تھا نیب کابینہ کے فیصلوں کو جاننا چاہے گی تو اس کی درخواست پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے تمام ریکارڈ فراہم کر دیا جائے گا، اجلاس میں سولر پاور پر بجلی کے منصوبے کو منظور کیا گیا ہے، وزارت مواصلات انٹرن شپ پروگرام شروع کر رہی ہے، جس کے تحت 3500 لوگوں کو انٹرن شپ دی جائے گی، وزارت انسداد منشیات نے زندگی ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لو کاسٹ ہاؤسنگ میں 5 ارب کے بلا سود قرضو ں کی منظوری دی گئی ہے، جس کے لیے ایک لاکھ سے 10 لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا، 5 لاکھ سے 10 لاکھ تک افراد اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا اسجد امتیاز علی کو ممبر ارسا تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، کرتارپور راہ داری کا وزیر اعظم 9 نومبر کو افتتاح کریں گے، اس راہ داری سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا۔

  • شرح سود کو فی الوقت موجودہ سطح پر برقرار رکھا جاسکتا ہے،  رضا باقر

    شرح سود کو فی الوقت موجودہ سطح پر برقرار رکھا جاسکتا ہے، رضا باقر

    کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ شرح سود کو فی الوقت موجودہ سطح پر برقرار رکھا جاسکتا ہے، افراط زر میں اتنی تبدیلی نہیں آئی کہ شرح سود میں کمی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے غیرملکی جریدے کو انٹرویو میں کہا کہ معاشی سست روی اور افراط زر میں کمی کے درمیان استحکام پیدا کرنا ہوگا۔

    رضا باقر نے کہا کہ شرح سود کو فی الوقت موجودہ سطح پر برقرار رکھا جاسکتا ہے، افراط زر میں اتنی تبدیلی نہیں آئی کہ شرح سود میں کمی کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں افراط زر کی شرح میں کمی متوقع ہے، روپے کی قدر میں کمی مارکیٹ فورسز کے مطابق کی گئی ہے، آئی ایم ایف کے سائیکل سے بچنے کے لیے شرح بچت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان چین سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان دیگرممالک سے بھی تعلقات میں بہتری چاہتا ہے۔

    غیرملکی جریدے کے مطابق پاکستان میں شرح سود اس وقت جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے، جنوری 2018 کے مقابلے میں شرح سود دگنی ہوچکی ہے۔

    غیرملکی جریدے کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافہ افراط زر کی شرح کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا، مہنگائی میں اضافے کی شرح 11 فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔

    غیرملکی جریدے کے مطابق اےڈی بی نے پاکستان میں شرح نمو 3 اعشاریہ3 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ پاکستان کے اسٹیٹ بینک کے مطابق معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہے گی۔

  • ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    کراچی: سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، دکانداروں کی من مانی قیمتیں مصنوعی مہنگائی کا سبب بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بغیر کسی حکومتی اقدام، اعلان یا بجٹ کے غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور سبزیاں اس میں سرفہرست ہیں۔

    سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے عوام کو مشکلات کا شکار کردیا ہے۔ منڈیوں سے شروع ہو کر دکانداروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک مصنوعی اضافہ کر رکھا ہے۔

    پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دکاندار نے اپنے ریٹ لگا رکھے ہیں جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور مقامی انتظامیہ بھی سبزیوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔

    دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ منڈی میں سبزیوں کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث وہ مہنگے داموں فروحت کرنے پر مجبور ہیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے مہنگائی 13 فیصد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا اندازہ ہے مہنگائی 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔