Tag: مہنگائی

  • ہم نے مہنگائی پر قابو پا کرعوام کو ریلیف دینا ہے، وزیراعلیٰ  پنجاب

    ہم نے مہنگائی پر قابو پا کرعوام کو ریلیف دینا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہم نے مہنگائی پر قابو پا کرعوام کو ریلیف دینا ہے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ضروری اشیا، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی کو مصنوعی مہنگائی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم بھی دیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مہنگائی کے مستقل سدباب کے لیے فول پروف میکنزم بنایا جائے، عوام کو گراں فروشوں کے سپرد نہیں کرسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ قیمتوں کا معاملہ حل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس میں جمع کرائی جائے، گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاغذی کارروائیاں نہیں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لینا ہوگا، ہم نے مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دینا ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شکایات کے لیے ٹال فری نمبرمتعارف کرایا ہے، شہری ٹال فری نمبر 08000234 پر شکایت درج کراسکتے ہیں۔

    لوٹ مار کا دور گزر چکا، قومی وسائل عوام کی امانت ہیں، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ چار روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لوٹ مارکا دورگزر چکا، قومی وسائل عوام کی امانت ہیں ، نئے پاکستان میں اس ظالمانہ نظام کی کوئی گنجائش نہیں، ہم باتیں نہیں کام کرکے دکھاتے ہیں۔

  • زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی کام کرنے کا وقت ہے، میاں اسلم اقبال

    زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی کام کرنے کا وقت ہے، میاں اسلم اقبال

    لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول میکنزم مستحکم بنا کرمصنوعی مہنگائی روکیں گے، زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی کام کرنے کا وقت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پرائس کنٹرول میکنزم، اشیا کی قیمتوں ،مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے دوران پنجاب میں آٹا، چینی، گھی سمیت 18 اشیائےضروریہ کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

    میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم مستحکم بنا کر مہنگائی روکیں گے، زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی کام کرنے کا وقت ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 808 روپے میں فروخت ہوگا، ہر تین ماہ بعد قیمتوں پر نظرثانی کا میکنزم بنایا جائے۔

    ن لیگ دور میں سرکاری خزانے سے پی ٹی آئی کیخلاف اشتہارات دیئے گئے، میاں اسلم اقبال

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ن لیگ نے2009میں بلدیاتی ادارے ختم کیے، حکومتی خزانے سے پی ٹی آئی کیخلاف اشتہارات دیے گئے، اپوزیشن کو پرامن احتجاج یا مارچ کا حق دیں گے۔

    میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ن لیگ نے2009میں بلدیاتی ادارے ختم کیے، پنجاب میں ن لیگ نے2015 میں بلدیاتی انتخابات کرائے، بلدیاتی انتخابات کے بعد دو سال بعد بھی اختیارات نہیں دیے، ن لیگ نے آخری سال میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیے۔

  • سندھ میں گندم کی قیمت بڑھنے کی وجہ بوریاں غائب ہونا ہے: خرم شیر زمان

    سندھ میں گندم کی قیمت بڑھنے کی وجہ بوریاں غائب ہونا ہے: خرم شیر زمان

    کراچی: پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت بڑھنے کی وجہ بوریاں غائب ہونا ہے، کاش وزیر اعلیٰ سندھ گندم کی بوریاں غائب ہونے پر وزیر اعظم کو خط لکھتے۔

    تفصیلات کے مطابق آج خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں گندم کی قیمتوں میں اضافے پر تحریک التوا پیش کی، انھوں نے کہا گندم کی بوریاں غائب کی گئیں جس کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوا۔

    ان کا کہنا تھا نفرتیں پھیلانے کے لیے اسمبلی کو استعمال کیا جاتا ہے، سندھ کا مال چوری ہوتا ہے تو وزیر اعظم کو خط نہیں لکھا جاتا، سب بتا رہے ہیں کہ گندم کی بوریوں میں بجری بھری ہوئی ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا سندھ کا مال لوٹا جا رہا ہے، گندم کی بوریاں غائب ہو رہی ہیں، بتایا جائے کہ گندم کی چوری میں ملوث افسران کے خلاف کیا کارروائی ہوئی۔

    انھوں نے کہا مارچ میں گندم کی قیمت 3200 تھی، گندم کی بوریوں میں بجری بھر کر کرپشن کی جا رہی ہے، جب گندم چوری ہوتی ہے وزیر اعظم کو خط نہیں لکھا جاتا، ایوان میں بیٹھ کر سندھ کا درد اور تکلیف دکھائی جاتی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا فلور ملز اوپن مارکیٹ سے خرید رہے ہیں، اس پر ہم ضرور وزیر اعظم کو خط لکھیں گے، وزیر اعلیٰ سی سی آئی میٹنگ میں گندم کی کرپشن بھی اٹھائیں، اربوں کی کرپشن ہو رہی ہے، گندم گوداموں سے غائب ہے۔

    دریں اثنا، خرم شیر زمان نے اسمبلی میں لاکھڑا کول مائنز سے کوئلے کی غیر قانونی فروخت پر بھی تحریک التوا پیش کی، کہا یومیہ ہزاروں ٹن کوئلہ نکال کر بغیر ٹینڈر کے اوپن مارکیٹ میں غیر قانونی فروخت ہو رہا ہے، اربوں روپے کا معاملہ ہے، ایوان میں زیر بحث آنا چاہیے۔ تاہم وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ کوئلہ بیچنے پر پابندی نہیں ہے، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے قرارداد کو خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

  • عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    بغداد: عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد احتجاجی مظاہرے تیسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں، بغداد سمیت عراق کے جنوبی شہروں میں ہلاک افراد کی تعداد 19 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں مہنگائی کے خلاف پر تشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد انیس ہو گئی ہے، مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے تین روز سے جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے عراقی شہروں الناصریہ اور العمارہ میں پر تشدد مظاہرے زوروں پر ہیں، عراقی وزیر اعظم کے حکم پر آج صبح 5 بجے سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین حکومت کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں ناکامی پر برہم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عراق میں معاشی بدحالی کے خلاف مظاہرے، پولیس فائرنگ سے چار ہلاک، 200 زخمی

    واضح رہے کہ تین دن سے عراق میں بد عنوانی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اس دوران پولیس کی فائرنگ سے متعدد لوگ ہلاک اور 200 سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، تحریر اسکوائر پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس اور آبی توپوں کا استعمال کیا گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ عراقی پولیس نے مظاہرین کو گرین زون میں جانے سے روکنے کے لیے براہ راست فائرنگ، شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔

  • بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے: وزیر توانائی

    بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے: وزیر توانائی

    اسلام آباد: وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ نیپرا نے بجلی کے نرخ میں 83 پیسے اضافے کی تجویز دی، 300 یونٹ کے صارفین پر اضافے کا کوئی بوجھ نہیں ڈال رہے، بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر توانائی عمر ایوب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا گردشی قرضہ گزشتہ حکومت کے دور میں ہر ماہ 38 ارب بڑھتا تھا، اب اسے گزشتہ 3 ماہ میں 35 ارب روپے پر لے آئے ہیں، اس سے گردشی قرضہ 10 سے 12 ارب روپے پر آ گیا ہے۔

    بجلی نرخوں میں کمی سے متعلق انھوں نے کہا نرخوں میں کمی چوری پر قابو پانے سے ممکن ہو سکے گی، قابل تجدید توانائی کے ذریعے بھی نرخوں میں کمی ہو گی، بجلی نرخوں میں اضافہ ن لیگ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مہنگے پاور پلانٹس لگائے، ووٹ لینے کے لیے ن لیگ نے ڈیڑھ سال تک نرخ نہیں بڑھائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

    وزیر توانائی کا کہنا تھا 1400 فیڈرز پر چوری کے خاتمے کے لیے ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں، بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے، سسٹم کی اپ گریڈیشن پر 25 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، قابل تجدید توانائی کو 2023 تک 42 ہزار میگا واٹ تک لے جانا چاہتے ہیں۔

    عمر ایوب نے کہا نیپرا آزاد ریگولیٹر ہے، ہمارا کسی ادارے پر کوئی دباؤ نہیں، قانون کے مطابق چلتے ہیں، بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے، چور چور ہوتا ہے اس کی جنس کی حیثیت کا تعین کرنا ضروری نہیں۔

    انھوں نے کہا ہم وہ فیصلہ کریں گے جو ملک اور قوم کے حق میں ہوگا، چیپ پاپولیریٹی نہیں لینا چاہتے، بارودی سرنگیں نہیں بچھا کر جائیں گے، جن لوگوں کی حیثیت ہے ان پر ہی بوجھ ڈالا۔

  • گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی میں نمایاں اضافہ

    گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی میں نمایاں اضافہ

    اسلام آباد : گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ستمبر میں مہنگائی میں اضافے کے شرح گیارہ اعشاریہ چار فیصد رہی، جو گزشتہ مہینے کے مقابلے میں ایک اعشاریہ چھ فیصد زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ستمبرمیں مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، اگست میں یہ شرح دس اعشاریہ پانچ فیصد تھی، غذائی مہنگائی پندرہ فیصد اور غیر غذائی مہنگائی نواعشاریہ سات فیصد رہی۔

    گزشتہ سال کے مقابلے میں ستمبر میں پیاز کی قیمتوں میں ایک سو نو فیصد، گیس کی قیمت میں ایک سو پندرہ فیصد، دال مونگ چھیالیس اعشاریہ سات فیصد، ڈاکٹر کی فیسوں میں سولہ فیصد اور موٹر فیول کی قیمت میں بائیس فیصد اضافہ ہوا۔

    ٹماٹر، ایل پی جی اور بجلی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، حکومت نے گزشتہ ماہ افراط زر کی کلکیولیشن تبدیلی کی تھی، گیارہ اعشاریہ چار فیصد نئی کلکیولیشن سے ہی نکالا گیا ہے، ستمبرمیں افراط زر کی شرح مرکزی بینک کی توقعات کے مطابق ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہناہےکہ رواں مالی سال کی دوسری ششماہی میں مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آئےگی۔

    دوسری جانب پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے اعداد و شمار سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی ، جس کے مطابق ستمبر 2018 کی نسبت ستمبر 2019 میں مہنگائی 11.37 فیصد بڑھی جب کہ جولائی تا ستمبر 2019 میں گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی 10.08 فیصد بڑھی۔

  • بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

    بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

    اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی، اضافے کا اطلاق 300 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایکنک اجلاس میں بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کی منطوری دی گئی، تیس پیسے فی یونٹ اضافے کا اطلاق تین سو یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔

    اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایکنک نے کرتارپور راہ داری کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے، داسو پن بجلی کے لیے 511 ارب روپے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی، بی آر ڈی بی نہر لاہور کے ساتھ پانی کی صفائی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

    اعلامیے کے مطابق پانی کی صفائی کے منصوبے پر 21ا رب ایک کروڑ لاگت آئے گی، گوادر میں مشرقی بے پر 19 کلو میٹر طویل ایکسپریس وے کی منظوری بھی دی گئی، جس پر 17 ارب 37 کروڑ کی لاگت آئے گی۔

    ایکنک اجلاس میں لانڈھی اور نمایش کے درمیان 21 کلو میٹر سڑک کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی۔

    واضح رہے قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اربوں روپے مالیت کے مختلف بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی، جس میں ییلو بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

  • جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی: اسٹیٹ بینک

    جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی: اسٹیٹ بینک

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک حکام نے قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے مہنگائی 13 فیصد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا اندازہ ہے مہنگائی 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔

    رکن اسمبلی حنا ربانی کھر نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں اضافے سے مہنگائی بھی بڑھ گئی، بتایا جائے پالیسی ریٹ میں اضافے سے ملکی معیشت کو کیا فائدہ ہوا۔

    ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کمیٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ کمیٹی نے مانیٹری پالیسی میں نرمی اور پالیسی ریٹ میں کمی کی سفارش کردی۔

    عاائشہ غوث پاشا نے کہا کہ سخت مانیٹری پالیسی کا فائدہ نجی بینک اٹھا رہے ہیں، پالیسی ریٹ 13.25 کی سطح پر لے جانا ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے کہا گیا کہ 30 جون سے روپیہ مستحکم ہونا شروع ہو گیا ہے، روپے کی قدر میں 2.5 فیصد بہتری آئی ہے۔ ڈالر کا مستقبل میں زیادہ سے زیادہ متوقع ریٹ 163 روپے ہے، ڈالر ریٹ کا تعین بھی مارکیٹ خود کرے گی۔

    بینک کی جانب سے کہا گیا کہ لوگ جتنی افواہیں پھیلائیں، ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کی بنیاد پر طے ہوگا، اسٹیٹ بینک اس وقت مداخلت کرتا ہے جب وہ ضروری سمجھتا ہے۔

  • مہنگائی، بے روزگاری اور قرضہ وقتی مسائل ہیں: شوکت یوسفزئی

    مہنگائی، بے روزگاری اور قرضہ وقتی مسائل ہیں: شوکت یوسفزئی

    پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختو نخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری  اور قرضہ وقتی مسائل ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سماجی تنظیم کازمونگ کور کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ جذبہ ہے ملک کو بہتر سے بہتر کرنا ہے.

    [bs-quote quote=”لیڈرکی کمی تھی، عمران خان کی صورت میں وہ مل گیا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شوکت یوسف زئی”][/bs-quote]

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گام زن ہے.

    15 سال تک میدان جنگ میں رہے، البتہ ہمارا مستقبل روشن ہے، سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں.

    وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ  وقتی مسائل نوعیت کے ہیں  ہیں، لیڈرکی کمی تھی، عمران خان کی صورت میں وہ مل گیا.

    انھوں نے کہا کہ 14 ستمبر سے طورخم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رہے گا، جس سے سفر کرنے والوں‌ کو سہولت رہے گی.

    مزید پڑھیں: اپوزیشن مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے کبھی متحد نہیں رہ سکتا، شوکت یوسفزئی

    ان کا مزید کہنا تھا کہ زمونگ کور کے بچےاسٹریٹ چلڈرن نہیں، یہ ریاست کے بچے ہیں، یہ بچے ملک کا مستقبل ہیں.

  • گزشتہ ماہ مہنگائی میں اضافہ

    گزشتہ ماہ مہنگائی میں اضافہ

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اگست میں مہنگائی میں 1.64 فیصد اضافہ ہوا، اگست 2018 کے مقابلے میں 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.49 فیصد رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے اگست کے دوران مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ مالی سال 20-2019 کے دوسرے ماہ یعنی اگست میں 1.64 فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق اگست 2018 کے مقابلے میں 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.49 فیصد رہی، مالی سال کے 2 ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 9.44 فیصد تک رہی۔

    اس ایک ماہ میں چکن کی قیمت میں 41 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں 37 اور پیاز کی قیمت میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔ تازہ پھلوں کی قیمت میں 16 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت 5 فیصد کمی ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں 0.3 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایک سال میں گیس کی قیمتوں میں 115، چکن کی قیمت میں 75 اور پیاز کی قیمت میں 61 فیصد اضافہ ہوا۔

    اسی طرح دالوں کی قیمت 25 سے 46 فیصد، ایندھن کی قیمت 23 فیصد اور گاڑیوں کی قیمت 21 فیصد بڑھ گئیں۔ ایک سال میں بجلی کی قیمت میں 0.79 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔