Tag: مہنگائی

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ اجلاس میں کرپشن کے خاتمے پر زور دیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ایک بار پھر کرپشن کے خاتمے پر زور دیا، انھوں نے کہا کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: عدالت نے وفاقی حکومت اوردیگر کونوٹس جاری کردیے

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کم زور معیشت وراثت میں ملی ہے، معیشت میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا سحر و افطار میں غریبوں کا خیال رکھیں، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان تحریک انصاف امیر ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آ گئی

    دریں اثنا، وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی وزرا کو مزید اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا، تاہم اس سلسلے میں وفاقی وزرا کو مزید با اختیار بنانے کے لیے اہم فیصلے چند روزمیں کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا، یہ اجلاس کل دوپہر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

  • مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    اسلام آباد : نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن ارکان حکومت پر برس پڑے۔

    ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ملکی سلامتی کیلئےخطرہ بن چکی ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر مہنگائی بم گرا رہی ہے، کسی کے دور حکومت میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جو اس بار ہوئی ہے۔

    اس موقع پر وزیر مملکت حماد اظہر نے اپوزیشن اراکین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی دور کے پہلے آٹھ ماہ میں ہم سے زیادہ مہنگائی تھی، یہ دونوں جماعتیں اپنے دور حکومت میں اکیس بار آئی ایم ایف کے پاس گئیں۔

    مزید پڑھیں: پیٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    حما داظہر نے مزید کہا کہ یہ لوگ پہلے کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس جاؤ لیکن اب پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کررہے ہیں۔

  • رمضان سے قبل مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیے

    رمضان سے قبل مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیے

    کراچی: ماہ مقدس رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی۔ کھجور سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ہر سال کی طرح اس سال بھی کھجور، پھلوں، سبزیوں اور اجناس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا۔ عام بازاروں کے ساتھ بچت بازاروں میں بھی گراں فروشی عروج پر ہے۔

    شہر کے مختلف بازاروں میں چینی 70 روپے کلو، بیسن 150 روپے کلو اور تیل 200 روپے لیٹر سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے خردنی تیل اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ خردنی تیل اور تمام گرم مصالحہ جات درآمد کیے جاتے ہیں۔

    روپے کی بے قدری کے اثرات کھجور کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ ایرانی کھجوریں دگنے داموں فروخت ہورہی ہیں۔ کھجور مرچنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حنیف بلوچ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں ایرانی کھجور کی قیمت میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ جو کھجور 6 ہزار روپے من تھی اس سال 12 ہزار سے 14 ہزار روپے من فروخت ہورہی ہے۔ خوردہ سطح پر بھی کھجور کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے۔

    حنیف بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ سال 200 روپے کلو فروخت ہونے والی مضافتی کھجور 350 سے 400 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے، ایرانی زاہدی اور
    بصرہ کی کھجوریں جو گزشتہ سال 150 روپے کلو فروخت ہوئیں اس سال 250 روپے کلو فروخت ہو رہی ہیں۔

    اسی طرح مقامی کھجور اصیل کی قیمت بھی گزشتہ سال 140 سے 160 روپے کلو تھی جو اس سال 200 سے 220 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    دوسری جانب پھلوں کی قیمت میں بھی رمضان سے قبل ہی اضافہ ہوگیا ہے، 40 روپے کلو فروخت ہونے والا خربوزہ 60 سے 70 روپے کلو فروخت ہورہا ہے، کیلے 80 سے 100 روپے درجن فروخت ہو رہے ہیں، تربوز 40 روپے کلو، گرما 100 روپے کلو، پاکستانی سیب 150 سے 180 روپے کلو، چیکو 100 روپے کلو اور آڑو 200 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

    سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بھنڈی 160روپے کلو، ٹنڈے 120 روپے کلو، لوکی 80 روپے کلو، توری 100 روپے کلو، پالک 40 روپے کلو، ٹماٹر 50 سے 60 روپے کلو، ادرک لہسن 200 سے 220 روپے کلو، لیموں 300روپے کلو، پیاز 60 روپے کلو، کھیرا 60 روپے کلو، ککڑی 80 روپے کلو اور سلاد کا پتہ 40 روپے پاؤ فروخت کیا جارہا ہے۔

    کراچی ریٹیل اینڈ گروسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری فرید قریشی کے مطابق شہری انتظامیہ نے کریانہ آئٹمز کی پرائس لسٹ جاری نہیں کی جس کی وجہ سے گاہکوں کے ساتھ کریانہ دکان داروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    کریانہ آئٹمز پر مشتمل نرخ نامہ 2008 سے جاری کیا جارہا تھا اور دکاندار یہ نرخ نامہ دکانوں پر نمایاں آویزاں کرنے کے پابند تھے تاہم اب شہری انتظامیہ نے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پرائس لسٹ جاری کرنا شروع کردی ہے۔ ہر دکاندار اور گاہک کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہے جس کی وجہ سے نرخ پر عمل درآمد میں دشواری کا سامنا ہے۔

    مرغی کا گوشت بھی 300 روپے کلو سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے جس میں رمضان کے دوران مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ تھوک سطح پر قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کا سبب انتظامیہ کی کوتاہی ہے۔

  • اسلام آباد میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر، دودھ 70، دہی 80 روپے فی کلو

    اسلام آباد میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر، دودھ 70، دہی 80 روپے فی کلو

    اسلام آباد: رمضان میں سستے بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کر دی گئیں، دودھ 70 روپے جب کہ دہی 80 روپے فی کلو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رمضان کے لیے سستے بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کر دی گئیں، ملک بھر سو روپے تک فی کلو ملنے والا دودھ 70 روپے جب کہ دہی 80 روپے فی کلو ملے گا۔

    وفاقی دارالحکومت میں سستے بازاروں کے لیے قیمتوں سے متعلق نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلہ 720 روپے میں دستیاب ہوگا، باسمتی چاول 120 روپے فی کلو میں فروخت ہوگا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نان 10 روپے، سموسہ 15 روپے، پکوڑے 240 روپے فی کلو اور جلیبی 120 روپے فی کلو میں فروخت ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 108 روپے کرنے کی منظوری

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مقرر قیمتوں سے زائد پر اشیائے خورد و نوش بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث اس وقت ملک بھر میں مہنگائی کا گراف بہت زیادہ بلند ہو چکا ہے، جس سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    آج ای سی سی نے پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 108 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا براہ راست اثر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر پڑے گا اور مہنگائی مزید بڑھے گی۔

  • رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے: وزیر اعظم کی سخت ہدایت

    رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے: وزیر اعظم کی سخت ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر خصوصی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے سختی سے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ، مشیر تجارت، مشیر خزانہ، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وفاقی و صوبائی وزرا شریک ہوئے۔

    اجلاس میں صوبائی وزرا اور متعلقہ سیکریٹریز نے وزیر اعظم کو رمضان سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے فی کلو فراہم کی جائے گی، 10 کلو آٹے کی 290 روپے میں فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ضروری اشیا کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے رمضان میں اشیائےخور و نوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی بنایا جائے تمام اشیا مقرر شدہ ریٹ پر عوام کو دستیاب ہوں، انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں بجلی، گیس اور پانی کی دستیابی کی مانیٹرنگ کے لیے صوبائی سطح پر کنٹرول رومز قائم کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ افسران کی جانب سے روازنہ بھیجی گئی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ عوام کو ممکنہ ریلیف دیا جا سکے۔

    انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں کسی صورت مہنگائی نہیں ہونی چاہیئے۔ ضلعی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی حکومتوں میں رابطہ ضروری ہے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    وزیر اعظم نے حکم دیا کہ انتظامیہ ایسے عناصر کے خلاف فوری ایکشن کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اشیا کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم نے سحر و افطار میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ امن و امان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جائے۔

  • ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : رمضان کی آمد سے پہلے ہی مہنگائی نےعوام کی چیخیں نکال دیں، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئیں، انتظامیہ گراں فروشوں کے آگے بے بس نظر آتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک سے پہلے ہی مہنگائی کا جن بےقابو ہوگیا، عوام گراں فروشوں کے رحم و کرم پر ہیں، گوشت، سبزیاں، پھل، چینی سب کے دام مہنگے ہوگئے، کراچی میں چینی ستر روپے فی کلو ہوگئی۔

    ایک ہفتے میں ریٹ پانچ روپے بڑھ گئے، اس کے علاوہ پیاز ساٹھ روپے، آلو پینتیس، ٹماٹر اسی سے سو روپے، ادرک ڈھائی سو اور لہسن دو سو روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

    مرغی کے فی کلو قیمت تین سو چالیس روپے فی کلو تک پہنچ گئی، پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، رواں ہفتے کے دوران زندہ مرغی، آلو، کیلے، ویجی ٹیبل گھی، دال ماش، دال مسور، سرخ مرچ، گڑ، ایل پی جی بیف، مٹن، باسمتی چاول، خوردنی تیل، کپڑے، چائے، سمیت15اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کی شرح پانچ سال کی بلند ترین سطح پرآگئی ہے، اس سال رمضان میں مزید مہنگائی متوقع ہے۔

  • وفاقی کابینہ کا مصنوعی مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

    وفاقی کابینہ کا مصنوعی مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر  رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ آج کابینہ میں نئے آنے والے وزرا کو وزیراعظم نے مبارک باد دی اور کابینہ کو دورہ ایران سے متعلق آگاہ کیا.

    انھوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ملک ہے، دونوں ملکوں میں غلط فہمیوں کا تدارک ضروری تھا، پاکستان، ایران کو مل کر تجارتی روابط مضبوط کرنا ہوگا، موجودہ حالات کے تناظر میں قومی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، وزیراعظم کاآئندہ دورہ چین کا ہے، وزیراعظم چین میں آزادتجارتی معاہدے پر دستخط کریں گے.

    [bs-quote quote=”عن قریب تمام اسٹیک ہولڈرزسے مل کر دواؤں کی قیمتیں کم کریں گے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”فردوس عاشق اعوان”][/bs-quote]

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دواؤں کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں غیریقینی صورتحال ہے، دوائیں مڈل کلاس کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں، عن قریب تمام اسٹیک ہولڈرزسے مل کر دواؤں کی قیمتیں کم کریں گے، ایل این جی پرماضی کے معاہدوں سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا، قوم سے ایل این جی کے نام پر فراڈ ہوا، ایل این جی کے نئے معاہدے شفاف طریقے سے ہوں گے، چین سے سی پیک کے امور پر بات چیت ہوگی.

    معاون خصوصی نے کہا کہ رمضان قریب ہیں، اس دوران مصنوعی مہنگائی کی جاتی ہے، مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر پر نظر رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے، پارلیمنٹ میں وزرا کی حاضری یقینی بنانے پربات چیت ہوئی، ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا عوامی مفاد میں پالیسیاں بنائیں۔

    مزید پڑھیں: بلاول نے کرپشن کے پیسے پر آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا، فردوس عاشق اعوان

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو عوام کا احساس نہ ہوتا، تو قریبی ساتھی کو کیوں ہٹاتے؟ ہمیں اپنے مفادات کے بجائے پاکستان کا مفاد ہرحال میں عزیز ہے، وسیع تجربہ کار افراد کو ذمہ داریاں معاملات بہتر کرنے کے لئے دی گئیں، اقتصادی صورتحال سنبھالنے کے لئے دوست ممالک کی مدد لی گئی، 1200ارب کا خسارہ گزشتہ حکومت چھوڑ کر گئی تھی.

    انھوں نے کہا کہ عمر ایوب کو وزارت پیٹرولیم کا چارج دیا گیا ہے، گیس بلز اضافی چارجز سے متعلق جلد آگاہ کریں گے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کےاعتراضات کو دور کیا جا رہا ہے، گزشتہ اسکیم میں بلیک منی وائٹ کی گئی، مگرپیسہ واپس نہیں آیا.

  • سوچنا ہوگا معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے؟ چیف جسٹس

    سوچنا ہوگا معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے؟ چیف جسٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ سوچنا ہوگا کہ کیا معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے؟

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار کی جانب سے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کو معاشی و سماجی مشکلات کے چیلنج کا سامنا ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے؟ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس کا پہلا فرض عوام کی خدمت ہے، پولیس اصلاحات کمیٹی میں جانے مانے ماہرین شامل کیے گئے ہیں، یہ کمیٹی جنوری میں بنائی گئی، پولیس کے خلاف شکایات کے لیے ایس پی رینک کے افسر کو مقرر کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں :  پاکستان کی معیشت پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایس پی شکایات کے پاس پولیس کے خلاف ہر قسم کی شکایات آتی ہیں، اب تک وہ 21 ہزار سے زائد شکایات پر احکامات دے چکے ہیں۔

    آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ملک کے ہر ضلع میں ماڈل کورٹس قائم کیں، ماڈل کورٹس نے 12 دن میں 1618 مقدمات کے فیصلے کیے، فوری انصاف کے لیے ابھی نظام بدلا نہ ہی قانون اور نہ وکلا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس کی ایک اور نااہلی، ڈیڑھ سال کا بچہ فائرنگ سے جاں بحق

    چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ نے گزشتہ 3 ماہ میں 2 لاکھ مقدمات نمٹائے، جنوری میں سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 40 ہزار سے زائد تھی، آج یہ 38 ہزار رہ گئی، سپریم کورٹ میں 2019 میں دائر فوجداری اپیلوں کی سماعت ہو رہی ہے، جب کہ فوجداری مقدمات کی تمام زیر التوا اپیلیں نمٹائی جا چکی ہیں، اور اب صرف 581 فوجداری اپیلیں رہ گئی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی رجسٹری میں کوئی فوجداری اپیل زیر التوا نہیں، عدالتوں میں سرکاری ملازمین کے ہزاروں مقدمات زیر التوا ہیں، سروس مقدمات کے لیے اسپیشل بنچ تشکیل دیا جائے گا۔

  • رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ

    رمضان میں متوقع مہنگائی، مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کارروائی کا فیصلہ

    کراچی: رمضان المبارک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر برائے زراعت، سپلائی اور پرائسز محمد اسماعیل راہو نے کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری زراعت، سندھ کے تمام ڈی سیز، چیئرمین مارکیٹس کمیٹیز اور پرائسز کنٹرول کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیورو سپلائی اور پرائسز روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی لسٹ جاری کریں گی، محکمہ پرائسز رمضان میں چینی، گوشت، آٹا، مچھلی، دودھ اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مقرر کرے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سبزیاں مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمینز اور ڈی سی مل کر کارروائی کریں گے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتیں محکمہ پرائسز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مقرر کرتے ہیں۔ رمضان میں روزانہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ کراچی میں سبزی اور فروٹس کی قیمتوں کی لسٹ روزانہ نکلتی ہے۔

    اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ جہاں جہاں عوام شکایت کرے فوراً متعلقہ ادارے وہاں کارروائی کریں۔ انہوں نے پرائز لسٹ تمام دکانداروں اور ڈیلروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سستے بچت بازار لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ افسران نے شکایت کی کہ کورنگی میں ڈپٹی کمشنر بچت بازار ختم کر رہے ہیں جس پر اسماعیل راہو نے کہا کہ کراچی میں کوئی بچت بازار بند نہیں ہوگا۔

    اجلاس میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے سندھ کے تمام ڈسٹرکٹس میں شکایتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، شکایتی مراکز میں ڈی سیز، پرائسز اور مارکیٹ کمیٹی کے ارکان بیٹھیں گے۔ متعلقہ افسران کو مہنگی اشیائے خور و نوش فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

  • رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کی حکمت عملی تیار

    رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کی حکمت عملی تیار

    کراچی: سندھ حکومت نے رمضان المبارک میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے پلان تیار کرلیا، بیوپاریوں کو ماہ رمضان میں روزمرہ کی اشیا مہنگی نہ کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں گی۔

    صوبائی وزیر برائے پرائسسز اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ رمضان میں مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کریں گے۔

    اسماعیل راہو نے کہا کہ ڈی سیز کے دفاتر میں شکایتی سیل قائئم کیے جائیں گے، وفاقی حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کا جینا محال کردیا ہے، عوام نے اس لیے اعتماد کیا تھا کہ وہ مہنگائی بم گرائیں۔

    صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے دعویٰ کیا کہ ملک کے تمام بڑے بیوپاری وفاقی وزراء کے قریبی دوست ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کی ماہ رمضان میں عوام کو سستی اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری

    واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ کو ہدایت جاری کی تھیں۔

    مراسلہ کے مطابق کنٹرول پرائس کمیٹی کے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے، کنٹرول پرائس افسران موقع پر ہی گراں فروشوں کےخلاف کارروائی کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ رمضان المبارک میں بیوپاریوں کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دگنی کردی جاتی ہیں جس کے سبب عوام مہنگے داموں اشیاء کی خریداری پر مجبور ہوتے ہیں۔