Tag: مہوش حیات

  • ’کوئی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا‘ عمرشریف کے انتقال پر مہوش حیات کا پیغام

    ’کوئی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا‘ عمرشریف کے انتقال پر مہوش حیات کا پیغام

    پاکستانی اسٹار مہوش حیات نے لیجنڈری کامیڈی کنگ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف آپ کا شکریہ جو مسکراہٹیں ہمارے چہرے پر بکھیریں اور خوشیاں ہماری زندگیوں میں لائے۔

    پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مایہ ناز اداکارہ مہوش حیات نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے ان کےلیے دعائے مغفرت کی درخواست کی اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’کوئی بھی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا‘۔

    مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’قوم ایک اور عظیم لیجنڈ، کامیڈی کے بادشاہ کے انتقال پر سوگوار ہے‘۔

    کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    خیال رہے کہ اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے، جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کافی مقبول ہوئے۔

  • فنکاروں کا امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

    فنکاروں کا امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

    کراچی: پاکستانی فنکاروں نے حکومت پاکستان سے طلبا کے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا، اداکاروں نے اپیل کی ہے کہ کووڈ 19 کی خطرناک صورتحال میں طلبا کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ مہوش حیات نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اداکارہ نے وزیر تعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے لیے طلبہ کے ساتھ زبردستی کرنا غلط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا نہ صرف کرونا کی تیسری لہر میں خطرناک ثابت ہوگا بلکہ یہ ناانصافی بھی ہوگی کیونکہ تعلیم کی صورتحال درہم برہم ہے۔

    مہوش حیات نے وفاقی وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ باقی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اس سال امتحانات منسوخ کیے جائیں۔

    دوسری جانب گلوکار عاصم اظہر نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت نہ صرف امتحانات منسوخ کرے بلکہ ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرے، ایسا نہیں صرف امتحانات منسوخ ہوجائیں اور پورا ملک کھلا ہو۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی جاری ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • شادی کیوں نہیں کر رہیں؟ مہوش حیات کا دلچسپ جواب

    شادی کیوں نہیں کر رہیں؟ مہوش حیات کا دلچسپ جواب

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے شادی کے سوال پر دلچسپ جواب دے دیا، انہوں نے کہا کہ شادی کے علاوہ بھی زندگی میں اور بہت سے کام ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گھبرانا منع ہے میں معروف اداکاروں مہوش حیات اور شہریار منور نے شرکت کی۔

    پروگرام میں شہریار منور نے اپنی زندگی کی ساتھی کے بارے میں بتایا کہ وہ بااعتماد، حس مزاح سے بھرپور اور اچھی انسان ہونی چاہیئے۔

    مہوش حیات نے پرمزاح انداز میں کہا کہ یہ ساری خوبیاں ان میں موجود ہیں اور وہ سنگل ہیں لیکن شادی نہیں کرنا چاہتیں۔

    واسع چوہدری نے دریافت کیا کہ کیوں جس پر مہوش نے کہا کہ انہیں زندگی میں بہت کام ہیں۔ انہوں نے فیض احمد فیض کا مشہور زمانہ مصرعہ پڑھا کہ اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا۔

    شہریار نے کہا کہ ان دونوں کو آج تک ایک ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں مل سکا لیکن اگر موقع ملا تو وہ دونوں ضرور ساتھ کام کریں گے۔

  • بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، مہوش حیات

    بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، مہوش حیات

    کراچی: تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نامور اداکارہ مہوش حیات نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آئیں پولیو ورکرز کو ان کے مشن میں کامیاب بنائیں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ 1166 ہیلپ لائن جس پر ہم کرونا وائرس کی معلومات حاصل کرنے کے لیے کالز کرتے ہیں، اصل میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بنائی گئی ہے، صرف یہی نہیں جب سے کرونا ہمارے ملک میں آیا ہے اس ٹیم نے دن رات ایک کر کے وائرس کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    مہوش حیات کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم اپنے گھر والوں سے دور رہ کر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دن رات کام کر رہی ہے تاکہ ہم سب صحت مند رہ سکیں۔

    اداکارہ نے بتایا کہ کرونا وائرس کی سب سے زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور اس کے خلاف ہمارے پاس کوئی ویکسین نہیں ہے، لیکن پولیو جیسی بیماریوں کی تو ہے۔

    مہوش حیات نے گزارش کی کہ خدارا اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں،اور انہیں خوشگوار زندگی جینے کا موقع دیں۔اداکارہ نے ویڈیو پیغام کے آخر میں کہا کہ محفوظ رہیں،خوش رہیں۔

  • مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے: مہوش حیات

    مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے: مہوش حیات

    کراچی: تمغہ امتیاز یافتہ معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دی۔

    ایک ویب شو میں انٹرویو دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ مجھے پاکستان میں پہلے ہی اتنا معیاری کام مل رہا تھا کہ مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک سے ہی بہت عزت ملتی ہے، میرے لیے سب سے ضروری عزت نفس ہے، جب آپ بالی وڈ میں کام کرتے ہیں تو وہاں کوئی عزت نفس نہیں ہوتی۔

    مہوش حیات کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ میں کام کرنے کے بعد آپ وہاں اپنی ہی فلموں کے پریمیئرز میں شرکت نہیں کرسکتے تو جہاں عزت نفس نہ ہو، صرف پیسہ اور شہرت ہو تو میرے لیے یہ بالکل غیر اہم ہے۔

    چند روز قبل بھی مہوش حیات نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما سبرامنین سوامی کے مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں جو ہورہا ہے اس پر دنیا نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آج کے دور میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے نمائندے کو اس طرح تبصرے کرنے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے۔

  • مہوش حیات پی ایس ایل کا میچ دیکھنے پہنچ گئیں

    مہوش حیات پی ایس ایل کا میچ دیکھنے پہنچ گئیں

    لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں میچ دیکھنے کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئیں اور اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچیں اور لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ دیکھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے اپنی تصاویر پوسٹ کیں اور پاکستان سپر لیگ 5 کو پرجوش ترین سیزن قرار دیا۔

    انہوں نے لکھا کہ قذافی اسٹیڈیم کا ماحول بہت جوشیلا تھا۔ آج کا دن ان لوگوں کے لیے شاندار تحفہ ہے جو لاہور قلندرز کی فتح کا کب سے انتظار کر رہے تھے۔

    مہوش حیات نے لاہور قلندر کو فتح پر مبارکباد بھی دی اور پشاور زلمی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ مہوش حیات اپنے پالتو کتے کی موت کے بعد بے حد غمگین تھیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

    گزشتہ روز انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اپنے پالتو کتے بلونی کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کی تھیں اور اپنے جذبات بیان کیے تھے۔

  • مہوش حیات کو گہرا صدمہ

    مہوش حیات کو گہرا صدمہ

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اپنے پالتو کتے کی موت کے بعد بے حد غمگین ہوگئیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اپنے پالتو کتے بلونی کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کیں۔

    مہوش نے لکھا کہ میرے پیارے بلونی، تمہیں گزرے ہوئے 3 دن ہوگئے ہیں، اور میرا دل اور دماغ ابھی بھی اس پر یقین نہیں کر پارہا۔

     

    View this post on Instagram

     

    My dear Balooni .. It’s been 3 days that you’ve been gone .. and my heart and mind still doesn’t want to believe It. I’ve been through a lot but these last few days have been the worst of my life. A decade of having you next to me through all my highs, lows and breakdowns .. your one gaze would make me feel everything’s going to be alright. You taught me so much about unconditional love and life itself. Never thought I’d lose you .. thought you’d always be there at the gate waiting for me with those big piercing brown eyes .. My best friend .. you loved me so much that you spared me the pain of saying good bye and letting you go .. I wish you’d waited for me a day more .. I wish I could have got to hug you for one last time .. I wish .. 💔 Nothing will ever replace the void that you have left in my life. All I am left with is tears .. memories .. and a lifetime to miss you… 🥀 RIP Bruno 06.03.2020

    A post shared by Mehwish Hayat (@mehwishhayatofficial) on

    انہوں نے لکھا کہ میں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ سہا لیکن تمہارے جانے کے بعد یہ دن بدترین ہیں۔ ایک دہائی سے تم میرے پاس، دن رات، ہر اونچ نیچ میں ساتھ رہے۔

    مہوش کا کہنا تھا کہ تمہاری ایک پیار بھری نظر سے یوں لگتا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہوگیا، تم نے مجھے محبت اور زندگی کے بارے میں بہت کچھ سکھایا۔

    اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں سمجھتی تھی کہ تم ہمیشہ میرے ساتھ رہو گے اور روزانہ دروازے پر میرا انتظار کرتے رہو گے۔ کاش کہ تم ایک دن اور ٹھہر جاتے، کاش کہ میں ایک آخری بار تمہیں گلے لگا سکتی۔

    آخر میں انہوں نے لکھا کہ ان کے پالتو کتے کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا کیونکہ وہ ان کی زندگی میں ایک اہم حیثیت رکھتا ہے۔

  • لوگوں کو انکے ٹیلنٹ اور عقل پر پرکھنا چاہیے،  اداکارہ مہوش حیات

    لوگوں کو انکے ٹیلنٹ اور عقل پر پرکھنا چاہیے، اداکارہ مہوش حیات

    کراچی : شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ مہوش حیات ایشیاء کی پرکشش ترین خواتین کی فہرست میں 9ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، مہوش حیات کا کہنا ہے کہ ’ایک دوسرے سے موازنہ کرنے تعریف کرنا مناسب نہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستان کی خوبرو و پرکشش اداکارہ مہوش حیات نے ایشیا کی 10 پرکشش ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہونے پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’لوگوں کو ان کے کام، ٹیلنٹ، میرٹ اور عقل کی بنیاد پر پرکھنا چاہیے ناکہ جسمانی خدوخال کی بنیاد پر‘۔

    ایشیا کی پرکشش ترین خواتین کی ٹاپ 10 فہرست میں جگہ بنانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں پہلی پاکستانی خاتون ہوں جو 10 سال قبل پر کشش ترین خواتین کی فہرست کا حصّہ بنی تھی، وقت تبدیل ہورہا ہے اور اس قسم کی فہرستوں کو ماضی میں ہی چھوڑ دینا چاہیے۔

    واضح رہے کہ برطانوی جریدے ’ویکلی ایسٹرن آئی‘ کی 2019 کی ٹاپ 10 پُرکشش ایشین خواتین کی فہرست میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور مہوش حیات کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایشیا کی 50 پرکشش ترین خواتین کی فہرست میں پاکستانی اداکارہ حنا الطاف خان اور مایا علی بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

  • مہوش حیات کی روضۂ رسول ﷺ پر حاضری

    مہوش حیات کی روضۂ رسول ﷺ پر حاضری

    مدینہ : ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے جمعے کا روز مسجد نبوی ﷺ میں گزارا رحمتِ دو عالم کے در پر حاضری بھی دی۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ مہوش حیات کو اپنی والدہ اور بھائی دانش کے ہمراہ 29 نومبر کو عمرہ ادائیگی کی سعادت نصیب ہوئی جس کے بعد اب وہ مقدس مقامات کی زیارتیں کررہی ہیں۔

    گزشتہ جمعہ مہوش حیات نے مسجد الحرام میں گزارا اور عمرہ ادائیگی کے بعد رب کا شکر ادا بھی کیا۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو فریضہ مقدس ادا کرنے کی خوش خبری سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اللہ کی رحمت سے انہوں نے عمرہ ادا کرلیا۔

    انہوں لکھا تھا کہ ’فیملی کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے بعد میرے جو جذبات ہیں انہیں لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، یہ ایک اچھا سفر ہے اور میری دعا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرے کی سعادت حاصل ہو‘۔

    مزید پڑھیں: اللہ ہم سب کو ہدایت عطا فرمائے، مہوش حیات نے فرمانِ الہٰی شیئر کردیا

    مہوش حیات نے اپنی والدہ اور بھائی کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور انہوں نے مسجد نبوی کے آنگن میں اس پرمسرت موقع کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔

    اداکارہ نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے جمعے کی مبارک باد کی اور نعتیاں کلمات لکھ کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

     ’جہاں روضۂ پاکِ خیرالوریٰ ہے،

    وہ جنت نہیں تو پھر کیا ہے،

     کہاں میں، کہاں میں کہاں یہ مدینے کی گلیاں،

    یہ قسمت نہیں ہے تو پھر اور کیا ہے‘۔

    دوسری جانب دانش حیات نے بھی مسجد نبوی کے دروازے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے نعتیہ شعر ’غمِ حیات نہ خوفِ قضا مدینے میں‘  تحریر کیا۔

  • مہوش حیات نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    مہوش حیات نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    مکہ مکرمۃ: ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مہوش حیات نے اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ حرم کے سامنے بنائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو جمعے کی مبارک باد دی اور بتایا کہ اللہ کی رحمت سے میں نے عمرہ ادا کرلیا۔

    انہوں نے لکھا کہ ’فیملی کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے بعد میرے جو جذبات ہیں انہیں لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، یہ ایک اچھا سفر ہے اور میری دعا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرے کی سعادت حاصل ہو‘۔

    دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپینر شاداب خان نے بھی گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے عمرہ ادا کرنے کی خوش خبری سنائی تھی۔

    اداکارہ اور پاکستانی کھلاڑی کو اُن کے مداحوں کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی اور لوگوں نے دعاؤں میں خصوصی طور پر یاد رکھنے کی درخواست بھی کی۔