Tag: مہیش بھٹ

  • مہیش بھٹ نے کس پاکستانی گلوکار کا گانا چرانے پر معافی مانگی؟

    مہیش بھٹ نے کس پاکستانی گلوکار کا گانا چرانے پر معافی مانگی؟

    بالی ووڈ کے نامور فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے پاکستانی گلوکار کا مشہور گانا چرانے پر لائیو شو کے دوران ان نے معافی مانگی تھی۔

    پاکستان کے معروف گلوکار وارث بیگ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ معروف بالی ووڈ ڈائریکٹر مہیش بھٹ ان سے معافی مانگ چکے ہیں، مہیش نے وارث کے مقبول گانے ’کل شب دیکھا میں نے چاند جھروکے میں‘ کی دھن کاپی کرنے پر ان سے معافی مانگی تھی۔

    گلوکار وارث بیگ کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں ایک نجی چینل کے پروگرام میں میزبان نادیہ خان کے ساتھ شریک تھے، اس دوران میزبان نے مجھے اور مہیش بھٹ کو ایک ساتھ لائیو کال پرلیا۔

    پاکستانی سنگر نے بتایا کہ اس دوران مہیش بھٹ نے میرے گانےکی دھن کاپی کرنے پر مجھ سے معافی مانگی، بھارتی ہدایت کار مہیش بھٹ نے مجھے کہا تھا کہ ہم نے آپ کا گانا آپ کی اجازت کے بغیر استعمال کیا جس کیلئے میں معذرت خواہ ہوں۔

    وارث بیگ نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ وہ بھارت گئے اور وہاں جاکر وہاں کے فنکاروں ک کو کام دیا اور اس کے لیے انھیں ادائیگی بھی کی، انھوں نے بھارت جاکر دو ویڈیوز بنائی تھیں، دونوں‌ ویڈیوز ملائیکا اروڑا اور امریتا اروڑا کے ساتھ بنائیں.

    وارث بیگ کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں سے لوگ بھارت کام لینے جاتے ہیں لیکن میں نے بھارت جاکر بھارتیوں کو کام دیا اور اس کا معاوضہ دیا، یہ اس وقت کی بات ہے کہ جب پاکستانیوں کیلئے بھارت جانا آسان نہیں تھا۔

    ملائیکا اور امریتا کے ساتھ میوزک ویڈیوز کے تجربے کے حوالے سے گلوکار وارث نے بتایا کہ بھارت میں لوگ وقت پر آجاتے ہیں اور وقت ختم ہونے پر جانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں، وہاں پروفیشنلزم زیادہ پایا جاتا ہے۔

  • عالیہ بھٹ کا مسلمانوں والا نام کیوں رکھا؟ مہیش بھٹ نے بتادیا

    عالیہ بھٹ کا مسلمانوں والا نام کیوں رکھا؟ مہیش بھٹ نے بتادیا

    بالی وڈ کے نامور ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے اپنی بیٹیوں عالیہ اور شاہین کے نام مسلمانوں والے نام کیوں رکھے، فلم ساز نے بتادیا۔

    مہیش بھٹ کا شمار بھارتی سینما کے ان معروف افراد میں ہوتا ہے جو اپنے دل کی بات زبان پر لانے میں کبھی نہیں گھبراتے، 1998 میں مہیش بھٹ کا دیا گیا ایک انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انھو ںے اپنی مسلمان ماں اور ہندو باپ کے حوالے سے کھل کر بات کی تھی۔

    مہیش نے بتایا تھا کہ ان کے والد نانا بھائی بھٹ ایک گجراتی برہمن تھے جبکہ والدہ شیریں محمد کا تعلق ایک مسلمان خاندان سے تھا، جب ڈائریکٹر نے اپنی بیٹیوں شاہین اور عالیہ کے نام مسلمانوں والے رکھے تھے تو ان کی مسلم والدہ بہت خوفزدہ تھیں۔

    ہدایت کار نے بتایا کہ میری والدہ شیعہ مسلمان تھیں، جبکہ میرے والد جنوئی اور گجرات سے تعلق رکھتے تھے، والد نے کبھی سیکولر ہونے کو پسند نہیں کیا، بڑی دلچسپ بات یہ ہے کہ والد اور والدہ دونوں نے اپنے انفرادی عقائد کو برقرار رکھا۔

    مہیش بھٹ نے بتایا کہ ممبئی میں 1992 میں فرقہ وارانہ فسادات ہوئے، میری والدہ ہمیشہ بڑا ٹیکا لگاتیں اور ساڑھی پہنتی تھیں، 1992 میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران وہ میرے بارے فکر مند تھیں۔

    بعد میں جب میں نے اپنی بیوی سونی رازدان کی وجہ سے دنوں بیٹیوں کے مسلم نام رکھے تو وہ اور بھی فکرمند ہوئیں، میری دوسری بیوی سونی راز دان کو اس طرح کے نام پسند تھے اس لیے میں نے بیٹیوں کے ایسے نام رکھے۔

    خیال رہے کہ بالی ووڈ کو بلاک بسٹر رومانٹک فلمیں دینے والے مہیش بھٹ نے 1986 میں اداکار سونی رازدان سے دوسری شادی کی تھی جس سے ان کی دو بیٹیاں شاہین اور عالیہ بھٹ ہیں۔

  • رنبیر جیسا داماد ہونے پر فخر ہے، وہ دنیا کے بہترین باپ ہیں، مہیش بھٹ

    رنبیر جیسا داماد ہونے پر فخر ہے، وہ دنیا کے بہترین باپ ہیں، مہیش بھٹ

    چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کو دنیا کا سب سے بہتر باپ قرار دیدیا گیا اور یہ خطاب انھیں کسی اور نے نہیں خود ان کے سسر مہیش بھٹ نے دیا ہے۔

    گزشتہ دنوں رنبیر کپور اپنے نئی فلم ’اینیمل‘ کی پرموش کے لیے معروف بھارتی سننگ شو میں اپنی لیڈنگ لیڈی رشمیکا مندانہ کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔ وہیں ایک ویڈیو پیغام میں بالی وڈ فلمساز نے ان کی کھل کر تعریف کی۔

    اپنے ویڈیو بیان میں انھوں نے کہا کہ عالیہ کا کہنا ہے کہ رنبیر ہمارے ملک کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں مگر میں رنبیر کو دنیا کا سب سے بہترین باپ مانتا ہوں۔ جب وہ راہا کو دیکھتا ہے کاش اس وقت آپ اس کی آنکھوں کے تاثرات کو دیکھ پائیں۔

    مہیش بھٹ نے کہا کہ رنبیر کی والدہ نیتو کپور کہتی ہیں کہ ایسا پیار تو مائیں اپنی بچیوں سے کرتی ہیں جیسا رنبیر اپنی بیٹی راہا سے کرتے ہیں۔

    انھوں نے آخر میں یہ بھی کہا کہ رنبیر کپور جیسا داماد ہونے پر مجھے فخر ہے۔ فلمساز کی اس بات پر وہاں موجود ججز اور امیدواروں نے تالیاں بھی بجائیں۔

    واضح رہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے اپریل 2022 میں شادی کی تھی جبکہ اسی سال 6 نومبر کو ان کے ہاں بیٹی راہا کی پیدائش ہوئی تھی۔ رنبیر کی آئندہ فلم ’اینیمل‘ یکم دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

  • عالیہ کا والد مہیش بھٹ کے حوالے سے اہم انکشاف

    عالیہ کا والد مہیش بھٹ کے حوالے سے اہم انکشاف

    بالی وڈ کی ٹاپ اداکاراؤں میں سے ایک عالیہ بھٹ نے اپنے والد کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ مشکل مالی حالات کے سبب مہیش بھٹ شراب نوشی کی لت میں مبتلا ہوگئے تھے۔

    نامور فلمساز کے ماضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب والد کی کئی فلمیں ناکام ہوئیں تو ہمیں مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ان مشکل حالات میں میرے والد کو شراب نوشی کی بُری لت لگ گئی تھی۔

    ایک انٹرویو معروف اداکارہ نے اپنی والدہ سونی رازدان اور والد مہیش بھٹ کی بالی ووڈ نگری میں جدوجہد اور مالی مشکلات سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

    عالیہ بھٹ نے کہا کہ شراب نوشی کی لت کے خلاف ان کے والد نے جنگ لڑی اور اپنی اس بری عادت کوترک کیا، اداکارہ کے مطابق ان کے والدین نے موجودہ مقام تک پہنچنے کے لیے بہت جدوجہد کی ہے۔

    سونی رازدان کے کیریئر کے حوالے سے کہا انھوں نے بتایا کہ بغیر کسی انڈسٹری کنیکشن کے میری والدہ نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انھیں ہندی نہیں آتی تھی لیکن اس کے باوجود انھوں نے محنت نہیں چھوڑی۔

    روکی اور رانی کی پریم کہانی کی اداکارہ نے کہا کہ ان کی ماں نے محنت و لگن سے ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر میں اداکاری کے مختلف مواقع حاصل کیے جس کے بعد آج وہ اس مقام پر موجود ہیں۔

  • میرا نے مہیش بھٹ کی فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

    میرا نے مہیش بھٹ کی فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ بہت چھوٹی عمر سے شوبز میں قدم میں رکھا تھا۔ ’9 سال کی عمر میں جب میرا پہلا اشتہار نشر ہوا تو اس میں سے مجھے نکال کر کسی اور کو کاسٹ کر لیا گیا۔

    سینئر اداکارہ میرا ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو اپنی زندگی میں پیش آئے عروج و زوال سے متعلق آگاہ کیا۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے 9 سال کی عمر میں پہلا اشتہار کیا تھا، یہ بچوں کا اشتہار تھا جس کے لیے میری تصاویر لی گئیں، لیکن جب شوٹنگ مکمل ہوئی اور اشتہار نشر ہوا تو میں کہیں نظر نہیں آ رہی تھی‘۔

    میرا نے بتایا کہ ’اشتہار سے نکالنے کی وجہ یہ تھی کہ چہرے کے خدوخال کے باعث کیمرے کے سامنے 9 کے بجائے 20 سال کی لگ رہی تھی، بعد ازاں اشتہار میں میرا کردار کسی اور کو دے دیا گیا تھا۔‘

    انہوں نے کہا کہ اب لگتا ہے کہ مجھے کوئی ایکشن فلم کرنی چاہیے، میرے حوالے سے میڈیا پر بہت سی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں، شاید یہ ’میرا‘ ہونے کی سزا ہے جو مجھے دی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی فلم ’شہرت‘ میں کام مل گیا تھا، لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی وجہ سے کام رُک گیا تھا، یہ میری زندگی کی بہترین فلم بننے جارہی تھی، لیکن دونوں ممالک کے سیاسی تنازعات اس کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔

    میرا نے کہا کہ ریکھا اور مادھوری ڈکشٹ بہترین اداکارائیں ہیں اور وہ انہیں بیحد پسند کرتی ہیں۔ ریکھا جی نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، وہ میرے لیے مثالی شخصیت ہیں، انہوں نے کہا کہ مادھوری کی شخصیت بھی بہت باکمال ہے۔

  • جاوید اختر نے مودی کو فاشسٹ قرار دے دیا

    جاوید اختر نے مودی کو فاشسٹ قرار دے دیا

    ممبئی: معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے نریندر مودی کو فاشسٹ قرار دے دیا۔

    الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جب جاوید اختر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھارتی وزیر اعظم نریند رمودی کو فاشسٹ سمجھتے ہیں، تو انہوں نے بلاتوقف کہا، ’ یقیناً‘۔

    جاوید اختر کا کہنا تھا کہ فاشسٹ لوگوں کے سر پر سینگ نہیں ہوتے، فاشسٹ سوچ ہوتی ہے۔ یہ سوچ کہ ہم دوسروں سے بہتر ہیں اور ساری مشکلات دوسری کی وجہ سے پیدا ہو رہی ہیں، ’جس لمحے آپ لوگوں سے نفرت کرنا شروع کرتے ہیں آپ فاشسٹ بن جاتے ہیں‘۔

    پروگرام میں معروف ہدایت کار مہیش بھٹ بھی موجود تھے۔ میزبان نے ان سے اسلامو فوبیا کے بارے میں سوال کیا تو مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کو نائن الیون کے سانحے کے بعد تخلیق کیا گیا، ’یہ فوبیا (خوف) پیدا کردہ ہے کیونکہ میرا نہیں خیال کہ ایک عام بھارتی کسی مسلمان سے خوفزدہ ہے’۔

    انہوں نے کہا یہ خوف تخلیق کر کے پیش کیے جانے میں بھارتی صحافی اور چینلز دن رات جتے ہیں۔

    خیال رہے کہ مہیش بھٹ اور جاوید اختر ان باشعور بھارتی افراد میں شامل ہیں جو مودی کے ظالمانہ اور غیر انسانی اقدامات کی کھلے عام مخالفت کرتے رہے ہیں۔

    اس سے قبل جاوید اختر نے بھارت میں ہونے والے احتجاج کے موقع پر کہا تھا کہ فیض کی نظم کو اینٹی ہندو کہنا انتہائی مضحکہ خیز ہے، فیض احمد فیض کی نظم آزادی اظہار پر پابندیوں کے خلاف ہے۔

  • مہیش بھٹ نے اپنی بیٹی عالیہ کو ’غنڈی‘ قرار دے دیا

    مہیش بھٹ نے اپنی بیٹی عالیہ کو ’غنڈی‘ قرار دے دیا

    ممبئی: بالی ووڈ ہدایت کار مہیش بھٹ نے گلی بوائے کا ٹریلر دیکھنے کے بعد اپنی بیٹی کو ’غنڈی‘ کا لقب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین روز قبل بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی نئی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کا پہلا آفیشل ٹریلر جاری کیا گیا۔

    دپیکا پڈوکون نے ٹریلر کو دیکھ کر اپنے خاوند کی عالیہ بھٹ کے ساتھ بننے والی جوڑی کی تعریف کی جبکہ بالی ووڈ کی دیگر شخصیات نے بھی اسے بہت زیادہ سراہا۔

    مہیش بھٹ نے گلی بوائے کا ٹریلر دیکھا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عالیہ ایک غنڈی ہے‘۔

    بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کا پوسٹر چار جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: عالیہ اور رنویر دھوم مچانے کے لیے تیار، تصویر سامنے آگئی

    فلم رواں برس 14 فروری کو سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی جس کے بعد اب اس کی تشہیر کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    یاد رہے کہ زویا اختر کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی فلم میں رنویر سنگھ ایک ایسے نوجوان کا کردار ادا کررہے ہیں جو غربت کی چکی کے نیچے اپنی زندگی بسر کرتا ہے اور غریبوں کے مسائل کو اپنے گانوں کے ذریعے اجاگر کرتا ہے۔

    فلمی کردار کو  اچھے طریقے سے ادا کرنے کے لیے رنویر نے اپنے وزن میں 20 کلو گرام تک کمی کی تھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے گلی بوائے بننے کے لیے سخت محنت، ورزش کے ساتھ کھانے پینے میں بہت زیادہ احتیاط کی اور روزانہ پانچ گھنٹے چہل قدمی بھی کی۔‘

    یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کی حجاب والی تصاویر سامنے آگئیں

    ’گلی بوائے‘ کی کہانی معاشرے میں غریبوں کے ساتھ ہونے والے مظالم اور عدم مساوات پر مبنی ہے، قبل ازیں اس فلم کو برلن 69ویں فیسٹیول میں بھی نمائش کا اعزاز حاصل ہوا۔

  • انتظار ختم، مہیش بھٹ کی فلم میں دونوں صاحبزادیاں جلوے بکھیریں گی

    انتظار ختم، مہیش بھٹ کی فلم میں دونوں صاحبزادیاں جلوے بکھیریں گی

    ممبئی: بالی ووڈ فلم نگری میں مختصر عرصے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی اداکارہ عالیہ بھٹ اپنے والد کی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار مہیش بھٹ نے  اپنی سالگرہ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ سنہ 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سڑک‘ کا سیکوئل بنانے جارہے ہیں۔

    ہدایت کار نے 20 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ فلم میں اُن کی صاحبزادیاں عالیہ اور پوجا بھٹ کردار ادا کریں گی۔

    فلمی پنڈت اکثر سوال کرتے نظر آتے تھے کہ وہ دن کب آئے گا جب عالیہ بھٹ اور پوجا اپنے والد کے ساتھ کام کریں گی؟مہیش بھٹ کے اعلان کے بعد اُن کی صاحبزادیاں بہت خوش ہیں اور انہوں نے اس کو اپنے لیے بہت خاص موقع بھی قرار دیا جبکہ مداح بھی ’بھٹ‘ فیملی کو ایک ساتھ دیکھنے کے منتظر ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی

    عالیہ بھٹ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم سڑک کو وہ منظر مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب میری ماں سونی رازدان کو کھڑی سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے فلم دیکھی تو  اُس وقت میری عمر بہت کم تھی ، وہ منظر کئی روز تک میری آنکھوں کے سامنے گھومتا رہا اور پھر عاجز آکر میں نے والد پر غصہ کیا کہ آخر آپ ایسا کیسے کرسکتے ہیں۔

    عالیہ بھٹ کا ساتھ میں یہ بھی کہنا تھا کہ ’کمسنی کی وجہ سے میں منظر کو حقیقت سمجھتی رہی اور پھر جب سمجھداری کی عمر میں داخل ہوئی تو سب سمجھ آیا‘۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کی حمایت، عالیہ بھٹ اور اُن کے والد کو قتل کی دھمکیاں

    فلم سڑک کے سیکوئل میں عالیہ بھٹ، پوجا بھٹ کے علاوہ سنجے دت اور آدتیہ رائے کپور بھی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

    واضح رہے کہ 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سڑک‘ میں پوجا بھٹ کے ساتھ سنجے دت نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

  • بھارتی فلم ساز نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو ونر قرار دے دیا

    بھارتی فلم ساز نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو ونر قرار دے دیا

    ممبئی: بالی ووڈ فلم ساز مہیش بھٹ نے اے آر کے بینر تلے بننے والی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی کو ’ونر‘ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کی مشترکہ کاوشوں سے بنائی جانے والی فلم کا آفیشل ٹریلر جاری ہوچکا ہے جبکہ گانے ریلیز کرنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

    فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں پاکستانی اداکار ہمایوں سعید جبکہ اداکارہ مہوش حیات کا مرکزی کردارہے جبکہ عروہ حسین ، احمد بٹ، صبا حمید سمیت دیگر فنکار بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

    فلم کی کہانی رومانوی ہے جس میں پنجاب کی ثقافت اور رسم و رواج کو دکھایا گیا ہے جس کی وجہ سے ہمایوں سعید کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، فلم کی کہانی دیہاتی لڑکے اور شہری لڑکی کے معاشقے پر مشتمل ہے، ہمایوں سعید کراچی کی رہائشی لڑکی مہوش حیات کو پسند کرنے لگتے ہیں تاہم وہ شادی نہ کرنے اور کسی بھی صورت پنجاب نہ جانے کا اعلان کرتی ہیں۔

    دیکھیں: فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا آفیشل ٹریلر جاری

    فلم کا ٹریلر اور گانوں کو دیکھ کر معروف بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہمایوں سعید کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ بقرعید پر ریلیز ہورہی ہے جو ونر ثابت ہوگی‘۔

    بھارتی فلم ساز کے ٹوئٹ پر ہمایوں سعید نے جواب دیتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’آپ بہت اچھے آدمی ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے، اللہ آپ کو امان میں رکھے‘‘۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کی یہ مشترکہ کاوش ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بنائی جارہی ہے جبکہ اس کے پروڈیوسر اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی فنکاروں کی حمایت، عالیہ بھٹ اور اُن کے والد کو قتل کی دھمکیاں

    پاکستانی فنکاروں کی حمایت، عالیہ بھٹ اور اُن کے والد کو قتل کی دھمکیاں

    ممبئی: پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دینے کے بعد بالی ووڈ فلموں کے مشہور ڈائریکٹر مہیش بٹ اور اُن کی اداکارہ بیٹی عالیہ بھٹ کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔

    پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دینے والے مہیش بھٹ اور اُن کی بیٹی ایک بار پھر انتہاء پسندوں کے نشانے پر آگئے، ہندو انتہاء پسندوں نے معروف فلم ڈائریکٹر کو فون کر کے بھتہ طلب کیا اور ساتھ ہی بیٹی سمیت اُن کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

    بھارتی میڈیا  کے مطابق گزشتہ دنوں مہیش بھٹ نے پاک بھارت تعلقات کے بعد پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر آواز بلند کی تھی اور ساتھ ہی اپنی نئی فلم میں پاکستانی فنکاروں کو موقع دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

    پڑھیں: ’’ پاکستان کی حمایت پرنئی دہلی کے کالج کی طالبہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ‘‘

    مہیش بھٹ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’’فنکار  کی کوئی سرحد اور ملک نہیں ہوتا ، اُس کے مداح کسی بھی جگہ پر ہوتے ہیں جیسے ہندوستان میں کئی بھارتیوں کو فواد خان سمیت پاکستانی اداکار پسند ہیں اور پاکستان کے عوام کو ہمارے اداکار اچھے لگتے ہیں‘‘۔

    انہوں نے ہندو انتہاء پسندوں کو نشانہ بناتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اب وہ کسی دباؤ میں آئے بغیر فلم بنائیں گے اور اُس میں بھارتی فنکاروں کے ساتھ پاکستانی فنکاروں کو بھی موقع دیں گے۔

    مزید پڑھیں: ’’ انتہا پسندوں بھارتیوں کی دھمکیاں، عاطف اسلم کا کنسرٹ منسوخ ‘‘

    اس اعلان کے بعد انتہاء پسند مہیش بھٹ کے خلاف متحرک ہوگئے اور انہوں نے عالیہ بھٹ اور اُن کے والد کو قتل کی دھمکیاں دیں اور پریس کانفرنس کے عوض بھاری رقم بھی طلب کی ہے۔

    مہیش بھٹ نے ہندو انتہاء پسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں سے متعلق مودی حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔