Tag: میئر کراچی

  • کراچی، تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری، سامان ضبط، متعدد تجاوزات مسمار

    کراچی، تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری، سامان ضبط، متعدد تجاوزات مسمار

    کراچی: میئر کراچی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان ضبط کرلیا گیا اور تجاوزات مسمار کردی گئیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ویسٹ اور کورنگی میں بھاری مشینری سے تجاوزات مسمار کی گئیں، پاک کالونی میں فٹ پاتھ بنی 35 دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔

    پاک کالونی میں قبضہ مافیا نے جگہ گھیر کر مکینک، ٹائر اور بیٹری کی دکانیں قائم کررکھی تھیں، باؤنڈری وال ڈال کر قبضہ کی جانے والی جگہ کو بھی واگزار کرالیا گیا، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔

    ادھر غریب آباد بلوچ ہوٹل کے قریب بھی انسداد تجاوزات سیل نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کردی گئی، مشینری کے ذریعے بچت بازار کے لیے لگائے ٹینٹ کو ہٹادیا گیا۔

    مزید پڑھیں: انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی

    ڈسٹرکٹ کورنگی، ملیر، سعود آباد میں بھی کارروائی کی گئی، اضافی چبوترے، چھجے اور فٹ پاتھ پر بنی دیواروں کو مسمار کردیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کو تنبیہ بھی کی گئی۔

    انسداد تجاوزات سیل نے علاقہ مکینوں کو باور کرایا کہ دوبارہ جگہ گھیری یا تجاوزات لگائیں تو سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب کراچی سرکلر ریلوے پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے، کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق ریلوے کی 580 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے جسے واگزار کرانا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک 20 سے زائد اسٹیشنز پر مشتمل اور 43 کلو میٹر طویل ہے، جس کے اطراف 5 ہزار سے زائد مکانات تعمیر ہیں۔

  • کسی کو زبردستی بے گھر کیا گیا، تو میئر کراچی مستعفی ہوجائیں‌ گے: ایم کیو ایم

    کسی کو زبردستی بے گھر کیا گیا، تو میئر کراچی مستعفی ہوجائیں‌ گے: ایم کیو ایم

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی افراد تجاوزات مہم پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار میئر کراچی وسیم اختر ، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی اور دیگر  رہنماؤں نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا۔

     وسیم اختر نے کہا کہ نالوں، پارکس، فٹ پاتھ سے تجاوزات ختم کرانے کا مینڈیٹ ہمیں ملا تھا، تجاوزات کے نام پرہم نے آج تک ایک گھر نہیں توڑا، کسی کا گھرٹوٹ رہا ہے یا نوٹس مل رہے ہیں، تو کے ایم سی کا کوئی تعلق نہیں.

    وسیم اختر نے کہا کہ یہ سب کام ایس بی سی اے اورکے ڈی اے کر رہے ہیں،1470 دکانیں پہلے فیز میں بیلٹ کے ذریعے متاثرہ افراد کو دیں گے، وعدہ ہے کہ تجاوزات آپریشن سے متاثر ہونے والے شہریوں کو متبادل جگہ ضروردیں گے.

    میئرکراچی کا کہنا تھا کہ تاجربرادری چاہتی ہے کہ کراچی کی اصل شکل سامنے آئے، کسی گھر کو بنانے میں خلاف ورزی ہوئی ہے، تو قانون کے مطابق حل کیا جائے، ایس بی سی اے گھر توڑنے اور نوٹس بھیجنے کا کام کر رہا ہے، لوگوں کو بے گھر کیا گیا تو فوری مستعفیٰ ہوجاؤں گا.


    مزید پڑھیں: تجاوزات کیخلاف آپریشن : سندھ حکومت کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر

    انھوں‌ نے کہا کہ ہم گھر توڑنے اور نوٹسز ملنے کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے، ماضی میں شہریوں کو بےوقوف بنا کر غیرقانونی زمینیں فروخت کی گئیں، عدلیہ سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ انسانی بنیاد پراس معاملے کو دیکھیں.

    چیف جسٹس میئر کے اختیارات کے معاملے کو بھی دیکھیں: خالد مقبول صدیقی

    اس موقع پر وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات سے متعلق فیصلہ دیا تھا، میئرکراچی وسیم اختر نے اس حوالے سےاپنی ذمہ داری نبھائی،مگر  میئر کے اقدامات پر ایسے ادارے نے کام شروع کردیا، جو ان کے ماتحت نہیں.

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وسیم اختر نے اب تک ایک گھر تو کیا کسی جھگی کو بھی ہاتھ نہیں لگایا، کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، جس میں کسی کو بے گھرکیا جائے، زبردستی بے گھر کرانے کی کوشش کی گئی تو میئر کراچی استعفی دے دیں گے.

    انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ میئر کے اختیارات کے معاملے کو بھی دیکھیں، ماسٹر پلان کے ڈی اے اور میئرکراچی کے پاس ہونا چاہیے، شہر چلانے کے انتظامات منتخب نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے، کراچی کی اصل آبادی کو مردم شماری میں نہیں دکھایا گیا.

  • کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی، وسیم اختر

    کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے، وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سمیت سب ساتھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، وزیراعلیٰ اور وزیربلدیات سمیت سب ساتھ ہیں، گھرنہیں ٹوٹنے چاہییں، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے میئر کے استعفے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے سیاسی لیڈر بننے والوں سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتا۔

    یہ باتیں وہ لوگ باتیں کر رہے ہیں جنہوں نے ابھی نئی نئی سیاست کرناشروع کی ہے، جو لوگ کسی پارٹی میں نہیں وہ بھی اچھل رہے ہیں، پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو سوچنا چاہیے۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ کے ایم سی کے کرائے دار تھے انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی،50سال کا بگاڑ ہے جس میں ادارے بھی ملوث ہیں، ان افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین بنائے جائیں کہ آئندہ کوئی تجاوزات یا غیر قانونی تعمیرات نہ بناسکے اور ایس بی سی اے بھی این او سی جاری نہ کرے۔

  • انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی

    انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر جاری ہے، نالوں اور پارکس پر بنائی جانے والی مارکیٹیں ختم کی جائیں گی، جن کاکاروبارمتاثرہواہےان کومتبادل دیں گے اور ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین کو شہاب الدین مارکیٹ میں جگہ فراہم کی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر موجود تمام تجاوزات کو سپریم کورٹ کے حکم پر ختم کیا جائے گا، تمام فٹ پاتھ مارکیٹس کلیئر کرائے جائیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سڑکوں پرکوئی ریسٹورنٹ ہویاجنریٹرہو سب کلیئرکیاجائےگا، غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی کرنا کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے، پولیس دوبارہ تجاوزات بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

    مزید پڑھیں: کراچی، تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 63 بازاروں میں 9 ہزاردکانیں گرانے کی تیاری مکمل

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ’جن علاقوں یا بازاروں میں آپریشن کیا گیا وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہیں کی گئی بلکہ پتھارے لگائےگئے، تجاوزات کی دوبارہ تعمیر نہیں ہونے گیں گے، سپریم کورٹ کےحکم کی تعمیل میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیارکی ہے‘۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ’کراچی میں 40سے45سال کابگاڑ ہے،جس کے تمام متعلقہ ادارے ذمہ دار ہیں، تجاوزات کے خلاف اگر ماضی میں کارروائی نہیں کی گئی تو اس میں محکموں کی غلطیاں ہیں، ہم کسی ریسٹورنٹ کے خلاف نہیں ہیں بلکہ عدالتی حکم پر کام کررہے ہیں‘۔

    میئر کراچی نے اعلان کیا کہ ’جن کا کاروبار متاثرہوا انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی، شہری حکومت کے پاس کچھ جگہیں موجود ہیں جنہیں متاثرین کو متبادل کے طور پر فراہم کیا جائے گا، اسی طرح  ایمپریس مارکیٹ کےمتاثرین کوشہاب الدین مارکیٹ میں جگہ دی جائے گی البتہ جن لوگوں نے سرکاری زمین پر تجاوزات قائم کیں انہیں کوئی متبادل نہیں ملے گا‘۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن کا تیسرا مرحلہ

    دوسری جانب ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ ’نیپاسےحسن اسکوائرتک تجاوزات ختم کی جا چکیں، لوگوں کو آگاہی  مل گئی کہ آئندہ شہر میں تجاوزات کاسلسلہ نہیں چلےگا، ہم سب کی کوشش ہے کہ کراچی کو اُس کی اصل شکل میں واپس لائیں‘۔

  • شاہراہ فیصل پر علیحدہ موٹر سائیکل ٹریک کا کام 2 سے 3 روز میں شروع ہوگا: میئر کراچی

    شاہراہ فیصل پر علیحدہ موٹر سائیکل ٹریک کا کام 2 سے 3 روز میں شروع ہوگا: میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے موٹر سائیکل سواروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے الگ ٹریک کا فیصلہ کیا گیا ہے، منصوبے پر 2 سے 3 روز میں کام شروع کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے علاقے پارکنگ پلازہ صدر کے دورے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے قریب تجاوزات کا ملبہ اٹھا لیا گیا۔ جو تجاوزات اطراف میں ہیں اب ان کا خاتمہ کریں گے۔

    وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کام میں وزیر بلدیات سعید غنی ہمارے ساتھ ہیں، تعاون کرنے والوں کو پارکنگ پلازہ اور دوسری مارکیٹ میں لائیں گے۔ ’یہ شہر اور لوگ ہمارے ہیں ہم کسی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اس کی اصل شکل میں لانا چاہتے ہیں، ہم تمام فیصلے سارے اداروں کے ساتھ مل کر کرتے ہیں۔ پارکس، فٹ پاتھ سے 3 دن بعد تجاوزات ختم کرنا شروع کریں گے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر ناجائز پارکنگ کے کاروبار ختم کریں گے، دکانوں کے سامنے پارکنگ کا پارکنگ پلازا میں انتظام کر رہے ہیں۔ دکانداروں کی انجمنوں سے گزارش ہے ہم سے تعاون کریں، ’علاقہ اچھا ہوگا تو کاروبار بھی بہتر ہوگا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سے بھی درخواست ہے ہمارا ساتھ دیں۔ ایمپریس مارکیٹ کو غیر ملکی اور اسکول کے بچے دیکھنے آرہے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کو صاف کر کے آباد کر رہے ہیں۔

    وسیم اختر نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر موٹر سائیکلوں کے لیے الگ ٹریک کا فیصلہ کیا گیا ہے، میٹرو پول سے ملیر ہالٹ تک 2 ٹریک بنائے جائیں گے۔ ٹریکس کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ اور ٹریفک پولیس کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔ ’منصوبے پر 2 سے 3 روز میں کام شروع کر دیا جائے گا‘۔

  • وسیم اختر کا آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس

    وسیم اختر کا آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل کوفوری بروئے کارلایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں آگ لگنے پراظہار افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آگ پرقابوپانے کے اقدامات کیے جائیں، آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل کو فوری بروئے کارلایا جائے، کوشش کی جائے کم سے کم نقصان ہو۔

    وسیم اختر نے کہا کہ آگ 5 بجکر10 منٹ پررپورٹ ہوئی تھی، ہمارے پاس جو سامان ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہے، ہمیں سامان اورآلات کے لیے کوئی فنڈ زنہیں دیے گئے۔

    میئرکراچی کا کہنا ہے کہ 40 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا عمارت میں کوئی فائرایگز ٹ نہیں، عمارت بنانے والے خود بھی سوچیں۔

    انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی ذمے داری ہے ہر دفترکوچیک کیا جائے، تاجر برادری پر بھی ذمے داری ہے سیفٹی اپنائے۔

    کراچی: آئی آئی چندریگر روڈ پرواقع عمارت میں لگی آگ پرقابو پالیا گیا

    واضح رہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ پرعمارت میں لگی آگ پر 7 گھنٹے بعد پاک بحریہ اور دیگر اداروں کی 10 گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا گیا۔

  • کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، گورنر سندھ عمران اسماعیل سے میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کی۔

    اس موقع پر وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بلدیہ عظمیٰ کے مسائل اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کراچی میں ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جانے والے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

    گورنرسندھ کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے کاوشیں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، کراچی میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں۔

    عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے شہر کی ترقی وخوشحالی پرجامع رپورٹ تیارکروں، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ بھی کریں گے، وزیراعظم کراچی کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پراہم ہدایات دیں گے، کراچی میں نکاسی و فراہمی آب اورصفائی کے مسائل حل طلب ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، شہر کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، سندھ کے عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، وفاقی حکومت عوام کے اس اعتماد پر ہر صورت پورا اترے گی۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے مسائل کیلئے وفاق کا تعاون ناگزیر ہے، تعاون سے جاری منصوبوں میں مشکلات کے خاتمہ میں مدد ملےگی۔

  • کراچی، صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی

    کراچی، صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے، شہر بھر سے فائر ٹینڈر اور اسنارکل طلب کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صبا سنیما کے قریب کپڑا فیکٹری میں آگ لگ گئی، کپڑا فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔

    آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈر اور اسنارکل طلب کرلی گئی ہیں، واٹر بورڈ کے سخی حسن اور نیپاہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، قائم مقام ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹ کو فائر بریگیڈ حکام سے رابطے میں رہنے کا حکم دیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق آگ پہلے معمولی نوعیت کی پھر دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پانی فراہم کرنے کے لیے مختلف ہائیڈرنٹس سے پانی کی فراہمی شروع کروادی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عید کے دن کی وجہ سے اسٹاف کی بھی کمی ہے جبکہ کوشش کی جارہی ہے کہ جلد سے جلد کپڑا فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پایا جاسکے۔

    میئر کراچی وسیم اختر آگ بجھانے کی کارروائی کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں، چیف فائر افسر نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیں گے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ 12 فائر ٹینڈر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں، پانی کی مسلسل سپلائی کے لیے سخی حسن ہائیڈرنٹ کھلوا دیا گیا ہے۔

    وسیم اختر نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عید تعطیلات کی وجہ سے دونوں فیکٹریاں بند تھیں، سہراب گوٹھ پر ٹریفک جام سے فائر بریگیڈ کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ہے۔

  • سبیکا کے نام سے کوئی سڑک یا لائبریری منسوب کی جائے، والدین کی میئر کراچی سے درخواست

    سبیکا کے نام سے کوئی سڑک یا لائبریری منسوب کی جائے، والدین کی میئر کراچی سے درخواست

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر عید کے دن امریکا میں جاں بحق طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچ گئے، والدین نے درخواست کی سبیکا کے نام سے کوئی سڑک، اسکول یا لائبریری منسوب کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی عید کے موقع پر سبیکا شیخ کے والدین کی دل جوئی کرنے ان کے گھر گئے، والدین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہم دردی کیا۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، سبیکا کے والدین نے ان سے کسی سڑک یا لائبریری کو ان کی مقتول بیٹی کے نام منسوب کرنے کی درخواست کی۔

    وسیم اختر نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں قیام امن کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہے، حالات میں پہلے سے بہتری آئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

    دریں اثنا میئر کراچی وسیم اختر مقتول انتظار کے گھر بھی گئے، انھوں نے مقتول انتظار کے والدین سے بھی اظہار ہم دردی کیا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

    وسیم اختر نے کہا کہ امید ہے انتظار کے قاتل جلد کیفرِ کردار تک پہنچ جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ ورثا کے ساتھ ہے۔

    انتظارقتل کیس: مقتول کے والد کا ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خط، خدشات کا اظہار


    انھوں نے اس موقع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے سیاسی نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے باعث شہریوں کو انصاف میں تاخیر کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ فورس (اے سی ایل سی) کے چار اہل کاروں کی فائرنگ سے ملائشیا سے آنے والا نوجوان انتظار جاں بحق ہو گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے لیے ایک ماہ کی مہلت

    میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے لیے ایک ماہ کی مہلت

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے میئر کراچی وسیم اختر کو شہر کے نالوں کی صفائی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ سماعت کے دوران میئر کراچی وسیم اختر عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں کتنے نالے صاف ہوگئے؟ وسیم اختر نے کہا کہ کام شروع ہوگیا ہے، جامع منصوبہ بنالیا ٹینڈر کر رہے ہیں۔ شہر میں 36 نالے ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ یہ خوشخبری کب سنائیں گے کہ کراچی گندگی سے صاف ہوگیا۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ بارشیں آرہی ہیں پھر کیا ہوگا۔

    میئر نے جواب دیا کہ 15 روز میں پیش رفت ہوجائے گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ میئر صاحب مل کر کام کرنا اور صاف ستھرا ماحول ہر شہری کا حق ہے۔ ہر کوئی اپنا حق ادا کرے، خود کو قوم کی خدمت کے لیے وقف کردیں۔

    انہوں نے ٹینڈرز اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کا معاملہ واٹر کمیشن کو بھیجنے کا حکم دیا جبکہ میئر کراچی کو ہدایت کی کہ ایک ماہ میں شہر کے تمام نالوں کی صفائی مکمل کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔