Tag: میئر

  • کراچی: کچرے سے پریشان شہری عدالت پہنچ گیا

    کراچی: کچرے سے پریشان شہری عدالت پہنچ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سٹرکوں کے کنارے لگے کچرے کے ڈھیر سے پریشان شہری نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ رخواست گزار کا کہنا ہے کہ صفائی مہم کے 100 دن مکمل ہوگئے ہیں لیکن صفائی کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کچرے سے پریشان کراچی کا شہری سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا۔

    درخواست گزار شہری کا کہنا ہے کہ پہلے محتسب آفس سے رجوع کیا تھا۔ محتسب نے 100 روز میں صفائی کا حکم دیا پر عمل نہیں ہوا۔

    شہری کی درخواست پر عدالت نے وفاق اور صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں چیف سیکریٹری کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

    گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر نے اے آر وائی نیوز کے صحافی وسیم بادامی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو اختیارات اس وقت میرے پاس ہیں، ان میں، میں کچھ نہیں کرسکتا تھا۔ لیکن محدود اختیارات کے باوجود ہم کام کررہے ہیں۔

    دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ جب تک منتخب نمائندے کچرے میں اپنا مال ڈھونڈیں گے تب تک کراچی کچرے کا ڈھیر رہے گا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا کون سا قانون ہے جو صحت اور صفائی کا کام کرنے سے روکتا ہے، اس کام کے لیے کسی قسم کے اختیار کی ضرورت نہیں ہے۔

  • پانی ضائع کرنے والوں پر جرمانہ عائد

    پانی ضائع کرنے والوں پر جرمانہ عائد

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے مقامی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پانی ضائع کرنے والے گھروں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    یہ فیصلہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ارکان کی آٹھویں میٹنگ میں کیا گیا جس کا تمام افراد نے خیر مقدم کیا۔

    اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی جانب سے کیے جانے والے اس فیصلے کے تحت ان تمام گھروں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جو پانی کا غیر ضروری استعمال اور اسے ضائع کرتے ہوئے پائے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: پانی کی بچت کرنے والا نلکا

    تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ پانی کا حساب چیک کرنے کے لیے کیا معیارات و اقدامات استعمال کیے جائیں گے۔

    اسلام آباد کے یوسی ناظمین کا کہنا ہے کہ ان کے سیکٹرز میں پانی کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ ٹیوب ویل ہیں۔ تاہم بیشتر ٹیوب ویل خستہ حال اور ناکارہ ہیں جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی بے حد کم ہوگئی ہے۔

    انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو اگلے سال گرمیوں کے موسم میں پانی کی شدید کمی واقع ہوجائے گی جب پانی کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: پانی کو مضر صحت اجزا سے پاک کرنے کا آسان طریقہ

    اسلام آباد میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ڈپٹی میئر ذیشان نقوی نے ہر دو یونین کونسلز کے درمیان ربڑ ڈیم بنانے کا خیال بھی پیش کیا۔ یہ ربڑ کے بڑے بڑے پائپ ہوتے ہیں جو آبی ذرائع جیسے دریا، ندی یا بہر میں بچھا دیے جاتے ہیں اور یہ پانی کی رسد فراہم کرتے ہیں۔

    دوسری جانب دارالحکومت میں نکاسی آب کی خراب صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے میئر شیخ انصر عزیز کا کہنا تھا کہ وہ شہر میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔

  • فلپائن: جیل میں قید میئر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک

    فلپائن: جیل میں قید میئر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک

    منیلا: فلپائنی شہر کے ایک میئر کو دوران قید جیل پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا، فائرنگ سے ایک اور قیدی بھی جان کی بازی ہار گیا، وہ دو ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والے دوسرے میئر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات کی تجارت سے منسلک ایک میئر کو فلپائن پولیس نے جیل میں گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایک دوسرا قیدی بھی فائرنگ میں ہلاک ہوا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق وسطی شہر البیورا کے میئر رونالڈو ایسپینوسا نے ان پولیس افسران کو گولی ماری تھی جو اسلحے کے لیے ان کی تلاشی لے رہے تھے۔

    mayor-post-01

    رونالڈو ایسپینوسا کی موت کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ جیل میں ان کے سیل میں اسلحہ کیسے آیا اور فائرنگ کیوں ہوئی۔

    ایسپینوسا دو ہفتے میں ہلاک ہونے والے دوسرے میئر ہیں۔ اس سے قبل جنوبی فلپائن میں شمس الدین دیموکوم مبینہ طور پر ایک تصادم میں مارے گئے تھے۔ ایسپینوسا نے اگست میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا لیکن انہیں رہا کردیا گیا اورپھر بعد میں منشیات اور اسلحے رکھنے کے الزامات میں انھیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ فلپائن میں ‘منشیات کے خلاف جنگ’ میں اب تک تقریبا چار ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

  • وسیم اختر کی2مقدمات میں ضمانت منظور

    وسیم اختر کی2مقدمات میں ضمانت منظور

    کراچی :انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور میئر کراچی وسیم اختر کی 2مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم بانی کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے حوالے سے وسیم اختر پر قائم 2مقدمات کی سماعت ہوئی۔

    وسیم اختر کےوکیل خواجہ نوید نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کا الزام ہے لیکن جس تقریرکے حوالے سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے وہاں وسیم اختر موجود نہیں تھے۔

    خواجہ نوید نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات ہیں لہذا انہیں ضمانت دی جائے۔عدالت نے وسیم اختر کی دومقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ہر واقعے پر 2،2 مقدمات قائم کر رکھے ہیں،مجھ پر 7 ایف آئی آرز ایک جیسی دفعات کے تحت ہیں اور اسی واقعہ کی ایک اور ایف آئی آر میں ضمانت بھی دی جا چکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اختر پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تھانوں میں 39 مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں سے 36مقدمات میں انہوں نے ضمانت کروائی ہوئی ہے اور آج مزید2 مقدمات میں بھی ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اب میئر کراچی وسیم اختر پردہشت گردوں کے علاج معالجے میں معاونت کا ایک مقدمہ ہے جس میں ان کی ضمانت ہوناباقی ہے۔