Tag: میانوالی

  • میانوالی میں ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق

    میانوالی میں ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق

    میانوالی: صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں کار اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہارگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی میں موسیٰ خیل روڈ پر کار اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ حادثے میں اہلکارمحمد خان، اہلیہ ،2 بچے جاں بحق، 2 بچے زخمی ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق اہلکارمحمد خان چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے گھر پر تعینات تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فتح جنگ کے قریب راولپنڈی کوہاٹ روڈ پرآئل ٹینکراور وین میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق

    رواں سال 7 فروری کو خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    واضح رہے کہ 21 جنوری 2019 کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کراس کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے مابین ہونے والے تصادم کے باعث 26 افراد جاں بحق جبکہ17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج میانوالی کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج میانوالی کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج میانوالی کا دورہ کریں گے، اس موقع پر وہ نمل کالج کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج اپنے آبائی حلقے میانوالی کا دورہ کریں گے، اپنے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم نمل کالج کے کانووکیشن کی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔

    میانوالی دورے کے دوران ان کی مقامی شخصیات سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل ہے، واضح رہے کہ میانوالی عمران خان کا آبائی علاقہ ہے۔

    انہوں نے اس الیکشن میں میانوالی سے الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کی تھی۔ بعدازاں انہوں نے یہی سیٹ اپنے پاس رکھی۔

    عمران خان نے اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز بھی شہر میانوالی ہاکی اسٹیڈیم سے کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 2002ء میں اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج میں سیاست نہ کررہا ہوتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت علاقے کے لوگوں نے ہی مجھے پہلی بار قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا اور میانوالی کے نوجوانوں کی اسی محنت کی بدولت پی ٹی آئی آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا میانوالی میں سرگودھا یونیورسٹی کا کیمپس اپ گریڈ کرنے کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا میانوالی میں سرگودھا یونیورسٹی کا کیمپس اپ گریڈ کرنے کا اعلان

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ میانوالی میں سرگودھا یونیورسٹی کے کیمپس کواپ گریڈ کرکے یونیورسٹی کا درجہ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میانوالی میں ترقیاتی پروگراموں کے جائزے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

    سردار عثمان بزدار نے اجلاس کے دوران میانوالی میں سرگودھا یونیورسٹی کا کیمپس اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کیمپس کو اپ گریڈ کرکے یونیورسٹی کا درجہ دیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میانوالی میں جدید ٹرانسپورٹ کا جدید نظام متعارف کرائیں گے، پسماندہ علاقوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

    انہوں نے سنگال روڈ کی توسیع اور مرمت کے منصوبے کی انکوائری کے ساتھ میانوالی میں واٹر سپلائی اسکیموں کومکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    سردار عثمان بزدار نے نالہ بروچ کا رخ بدلنے کے معاملے کی انکوائری وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے کرانے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت امن وامان کی صورت حال سے متعلق بھی اجلاس ہوگا، اس حوالے سے ڈویژن محکموں کے سربراہان کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سردار عثمان بزدار 100 بیڈ پرمشتمل زچہ بچہ اسپتال کی تعمیراور وزیراعظم پاکستان کی 27 جنوری کے دورہ پر 5 ارب کے منصوبے کے سنگ بنیاد پلان کا جائزہ لیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میانوالی کے وفد سمیت تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل ملتان میں سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کے لیے علیحدہ سب سیکرٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے، اس سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل آئی جی اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز تعینات کیے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کے لیے تونسہ شریف میں 63 نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ تونسہ شریف میں سیوریج کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • انشاءاللہ پی ٹی آئی 27 جنوری کومیانوالی میں جلسہ کرےگی‘ نعیم الحق

    انشاءاللہ پی ٹی آئی 27 جنوری کومیانوالی میں جلسہ کرےگی‘ نعیم الحق

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عمران خان 27 جنوری کو میانوالی میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیرخصوصی برائے سیاسی امورنعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ انشاءاللہ پی ٹی آئی 27 جنوری کو میانوالی میں جلسہ کرے گی۔

    نعیم الحق نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان میانوالی میں جلسے سے خطاب کریں گے، حکومت بننے کے بعد پہلی بارعمران خان کا جلسے سے خطاب ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پنجاب حکومت کی 100 روزہ کارکردگی سے متعلق طلوع سحر کے 100 دن کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سب باتیں مان سکتے ہیں لیکن احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

    کچھ بھی ہوجائے احتساب کا عمل نہیں رکے گا‘ عمران خان

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ شخص کیسے ملک سے وفادار ہوگا جب اس کی اربوں روپے کی دولت پاکستان سے باہر ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن میں حکومت نہیں عوام کا پیسہ چوری ہوتا ہے اور عوام کو ہی اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، جو بھی معاشرہ آگے بڑھتا ہے وہ کرپشن کو پنپنے نہیں دیتا۔

  • کالا باغ : خوشحال خان ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں‘ 15 افراد زخمی

    کالا باغ : خوشحال خان ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں‘ 15 افراد زخمی

    میانوالی : خوشحال خان ایکسپریس کا انجن اور 7 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خوشحال خان ایکسپریس کراچی سے براستہ میانوالی، اٹک پشاور جارہی تھی کہ مسان ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی سات بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق خوشحال خان ایکسپریس کوصبح 5 بجے حادثہ پیش آیا جس کے باعث ریلوے ٹریک کو بند کردیا گیا ، حادثے میں 15 مسافر زخمی ہوئے۔

    کندیاں اسٹیشن سے امدادی کرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی تاہم ریلوے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس 10 جون کو پاکستان ریلوے کی مال بردار ٹرین سکھر کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی تھی، 27 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔

    مہرایکسپریس کا انجن گنےکی ٹرالی سےٹکرا گیا‘ 2 افراد زخمی

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 23 دسمبر کو صوبہ پنجاب کے علاقے شاہ عالم میں مہرایکسپریس کا انجن گنے کی ٹرالی سے ٹکرا کر پٹری سے اترگیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • عمران خان کا این اے 95 میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ

    عمران خان کا این اے 95 میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، عمران خان نے 5 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے این اے 95 میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وہ لاہور، اسلام آباد، بنوں اور کراچی کی نشستیں چھوڑ دیں گے۔

    عمران خان نے 5 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

    عمران خان کو سب سے زیادہ ووٹ اپنے آبائی حلقے میانوالی سے ہی ملے ہیں جبکہ بعض پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کو لاہور کی سیٹ نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کی سیٹ چھوڑنے پر ضمنی انتخاب جیتنا مشکل ہوگا، لاہور کی نشست چھوڑنے پر سعد رفیق کی واپسی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، حتمی فیصلہ حکومت سازی سے متعلق اعداد و شمار پورے ہوتے ہی کیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں :  الیکشن 2018: عمران خان کی پانچوں حلقوں پر کامیابی، نیا ریکارڈ بنادیا


    یاد رہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عمران خان نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 53، لاہور کے حلقہ این اے 131، بنوں کے حلقہ این اے 35 اور کراچی کی نشست این اے 243 اور میانوالی کے حلقے  حلقے این اے 95 سے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔

    این اے 53 میں عمران خان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، این اے 131 میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق، این اے 35 میں جے یو آئی (ف) کے اکرم درانی اور این اے 243 میں ایم کیو ایم پاکستان کے رضا علی عابدی کو شکست دی۔

    عمران خان میانوالی میں اپنے آبائی حلقے این اے 95 سے بھی کامیاب قرار پائے اور مسلم لیگ ن کے عبید اللہ شادی خیل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • امیدواروں کو ٹکٹ میرٹ پر دیئے گئے، اقتدار میں آکر ملک کو بدل دیں گے، عمران خان

    امیدواروں کو ٹکٹ میرٹ پر دیئے گئے، اقتدار میں آکر ملک کو بدل دیں گے، عمران خان

    میانوالی : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں ٹکٹ میرٹ پر دیئے گئے ہیں، جن امیدواروں کوٹکٹ نہیں ملا ان سے معذرت چاہتا ہوں، اقتدار میں آکر پورے ملک کو بدل دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میانوالی میں انتخابی مہم کے پہلے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا پودا میانوالی میں لگا تھا اسی لیے الیکشن 2018کی انتخابی مہم میانوالی سے شروع کررہاہوں، میانوالی تب میرے ساتھ کھڑا تھا جب کوئی ساتھ نہ تھا،2002کےالیکشن میں ایک سیٹ جیتا تھا جو کبھی نہیں بھول سکتا، ساتھ کھڑے رہنے پرمیانوالی کےکارکنوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی وہ جماعت بننے جارہی ہے جہاں صرف میرٹ پر ٹکٹ ملیں گے، ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بہت دباؤ تھا، میرے گھر کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں ٹکٹ نہیں ملے، ہم نے پوری کوشش کی کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیئےجائیں، ابھی بھی ٹکٹوں کے معاملے پر نظرثانی کررہے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ ٹکٹ نیک نیتی سے دیئے گئے جن کو نہیں مل سکے اس نے معذرت خواہ ہوں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے شریف برادران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یاد ہے ناں کس نے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ 3ماہ میں ختم نہ ہوئی تو میرانام بدل دینا، نوازشریف جہاں جاتا تھا کہتا تھا میں موٹر وے بنادوں گا، شہبازشریف کہتا ہے بجلی بنادی ہے اب نگراں حکومت جانے اورآپ جانیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کیا بجلی بنا کر جاتے ہوئے اپنے ساتھ شاپنگ بیگ میں ڈال لے کر گئے؟

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں نے کرپشن چھپانے کیلئے40ارب روپے کے اشتہار دیئےگئے، اشتہاروں میں بجلی بن رہی ہے اور وہی ترقی ہورہی ہے، اشتہاروں میں قائداعظم سولرپارک، نندی پور بن گیا، ملک پر کبھی اتنا قرضہ نہیں چڑھا جتنا ان دو بھائیوں کے دور میں چڑھا دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ،2013میں پاکستان کا قرضہ 13ہزار ارب روپے تھا جو اب بڑھ کر5سالوں میں27ہزار ارب روپے پر پہنچ گیا ہے جبکہ پچھلے60سالوں میں پاکستان پر قرضہ 6ہزار ارب روپے تھا، اسحاق ڈار، نوازشریف اور شہبازشریف کے بچے اربوں پتی بن گئے جبکہ ہر پاکستانی پر قرضہ چڑھ گیا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جون 2013میں ایک ڈالر 100روپے کا تھا، آج2018میں ایک ڈالر 125روپے پرپہنچ گیا ہے، اگرآپ کے بینک میں 125روپے پڑے تھے تو وہ آج صرف100روپیہ رہ گیا ہے، گزشتہ پانچ سال میں ملک کا36ہزارارب روپے کا نقصان کیا گیا، یہ 36ہزار ارب کی قیمت عوام مہنگائی اور غربت سے ادا کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عمران خان کا میانوالی سے ملگ گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان

    عمران خان کا میانوالی سے ملگ گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کریں گے.

    پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے ایک بیان میں‌ کہا کہ میں اتوار کو میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سےانتخابی مہم کا آغاز کروں گا.

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میانوالی سے انتخابی مہم شروع کرنے کے پیچھے ایک خاص مقصد ہے، 2002 میں میانوالی کے عوام نے پہلی بارمجھے ایم این اے منتخب کیا تھا.

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میانوالی کے نوجوانوں کی محنت سے پی ٹی آئی بڑی جماعت بن چکی ہے، میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے، تو شاید آج سیاست نہ کررہا ہوتا.

    عمران خان نے کہا کہ انشااللہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہوگی، پی ٹی آئی نئے پاکستان کے خواب کو انشااللہ پورا کرے گی.

    انھوں نے کہا کہ میانوالی کےعوام کو تاریخی اجتماع میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، ہم جلد نیا پاکستان بنائیں‌ گے.

    یاد رہے کہ آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ ن لیگ کی ساری ترقی اشتہارات تک ہی محدود رہی، نگران حکومت قوم کو ملکی معیشت کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے۔


    ن لیگ کی ساری ترقی اشتہارات تک محدود رہی: عمران خان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم نے عیسیٰ خیل میں گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے عیسیٰ خیل میں گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کردیا

    میانوالی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نےعیسیٰ خیل اور اس سے ملحقہ علاقوں کو گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میانوالی کے قریب سے گزرنے والا موٹر وے کاغذی منصوبہ نہیں۔ عوام نے 2013 میں جو فیصلہ کیا تھا اس کے ثمرات مل رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی میانوالی پہنچے جہاں انہوں نے عیسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں کو گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ گیس فراہمی منصوبے کی مجموعی لاگت 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    گیس فراہمی منصوبے سے ایک لاکھ 80 ہزار کی آبادی مستفید ہوگی جبکہ گیس کی فراہمی کے لیے 58 کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو سوئی گیس کے منصوبے نہیں تھے، آج سوئی گیس کی فراہمی ہر جگہ کی جارہی ہے۔ ’عیسیٰ خیل کو گیس فراہمی پنجاب کا سب سے بڑا منصوبہ ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ہر جگہ سڑکیں، بجلی، گیس کے منصوبے نظر آرہے ہیں۔ تمام منصوبے ن لیگ اور نواز شریف کی جانب سے آپ کے لیے تحفہ ہیں۔ آئندہ بھی ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے لیے جو کچھ کیا اس کی مثال نہیں۔ یہ تمام ترقیاتی منصوبے آپ کے 2013 کے صحیح فیصلے کا نتیجہ ہیں۔ ’آج عیسیٰ خیل میں بھی موٹر وے زیر تعمیر ہے۔ عوام نے 2013 میں جو فیصلہ کیا تھا اس کے ثمرات مل رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ بھی ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ ’خیبر پختونخواہ اور پنجاب کو دیکھ لیں اور بتائیں کہاں ترقی ہوئی۔ شہباز شریف نے پنجاب کو ترقی کے عروج پر پہنچا دیا‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تعلیم اور صحت کے شعبے پر توجہ دینا تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، عمران خان

    تعلیم اور صحت کے شعبے پر توجہ دینا تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، عمران خان

    میانوالی : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب ارادہ کرلیں تو پیچھے نہیں ہٹنا جس سے کامیابی قدم چومے گی کیوں کہ جب آپ اپنے مقصد سے پیچھے ہٹتے ہیں تو ہار جاتے ہیں.

    عمران خان میانوالی میں نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا انسان کا خواب ہوتا ہے اتنا ہی آپ کا مذاق اڑایا جاتا ہے بس نہ ہمت ہارنے والے ہی جیتتے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ لیڈر اپنے لئے نہیں بلکہ عوام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں شوکت خانم اسپتال کا خواب دیکھا تو پہلا جھٹکا الیکشن میں شکست سے لگا جس کے بعد فنڈز بھی رک گئے تھے اور میرے بورڈ آف گورنرز نے مشورہ دیا تھا کہ آپ سیاست چھوڑ دیں لیکن میں نے ایسا نہیں کیا.

    عمران خان نے کہا کہ اگر میں اس وقت تھریک انصاف چھوڑ دیتا تو آج بھی عوام 2 پارٹیوں کےغلام ہوتے اس سے قبل کرکٹ کیریئر کے آغاز میں بہترین کھلاڑی بننے کا خواب دیکھا تو پہلے ناکامی ہوئی لیکن ہمت نہ ہاری یہاں تک کہ ورلڈ کپ جیت کر لایا چنانچہ یہ جان لیں کہ انسان جتنا آگے جانے کی جدوجہد کرتا ہے اتنی مشکلات آتی ہیں.

    انہوں نے طالب علموں کو اپنے تجربات اور مشاہدات کی بناء پر مشورہ دیا کہ جب کسی خواب کے پیچھے جائیں تو کشتیاں جلا کرجائیں اور یہ بات ذہن میں رکھیں کہ جتنا بڑا انسان کا خواب ہوگا اتنا لوگ آپ کا مذاق اڑائیں گے لیکن جو ہار نہیں مانتا اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا اور انسان کے ارادے کی پختگی ہی کامیابی دلاتی ہے.

    عمران خان نے کہا کہ انضمام الحق جب کرکٹ کھیلنے آیا تو کہا کہ پیٹ میں درد ہے اس لیے میچ نہیں کھیل سکتا لیکن میں اس سے کہا اگر اسٹریچر پر بھی آنا پڑے تو بھی میچ کھیلنا پڑے گا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ بہترین بلے باز دنیائے کرکٹ پر چمکا جس نے ریکارڈ توڑ اننگز کھیلیں.

    انہوں نے کہا کہ افسوس ہے تعلیم کے شعبے پر ہماری توجہ ہی نہیں ہے تاہم خوشی ہے کہ آج ایک چھوٹے دیہات میں بنی پرائیویٹ سیکٹر کی پہلی یونیورسٹی نے اپنے پانچویں کانووکیشن کے بعد مشکل وقت گزار دیا اور اب مزید کامیابیاں سمیٹے گی اور ہمارا مشن پاکستان کےدیہی علاقوں میں اعلیٰ تعلیمی ادارےبناناہیں.

    عمران خان نے گریجویشن کرنیوالے طلبہ وطالبات اور ان والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کو شہروں کی طرف بھاگنے سے روکنا ہے کیوں کہ معاشرے کو آگے بڑھانے کا طریقہ اعلیٰ تعلیم سے گزرتا ہے اور اب تحریک انصاف میانوالی میں جدید اسپتال اور میڈیکل کالج بھی بنائیں گے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔