لاڑکانہ: سندھ کے شہر لاڑکانہ کے کچے میں مبینہ پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق، اور 7 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے نوڈیرو کے علاقے مٹھو ڈیرو میں مبینہ پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ سے غلام علی کھکھرانی اور اس کی اہلیہ سسئی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کی فائرنگ سے 2 بچوں اور 4 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے ہیں، دیہاتیوں کے مطابق پولیس نے کارروائی ڈرون کے ذریعے کی، تاہم ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ پولیس نے نوڈیرو میں کوئی کارروائی نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دیہاتی دشمنی اور دو طرفہ فائرنگ کا نتیجہ ہے، دوسری طرف ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی چند روز قبل گڑھی خدا بخش بھٹو میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے جواب میں کی گئی ہے۔
بدنام زمانہ اشتہاری ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
دریں اثنا، پنجاب کے شہر ساہیوال میں بدنامِ زمانہ ڈاکو بلا سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں زخمی حالت میں پکڑا گیا ہے۔ سی سی ڈی کی ٹیم اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر گرفتاری کیلئے جارہی تھی، راستے میں 3 ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، زخمی گرفتار ڈاکو کی شناخت محمد بلال عرف بلا کے نام سے ہوئی۔
ساہیوال کی پولیس ٹیم کا گرفتار ڈاکو سے متعلق کہنا تھا کہ اشتہاری ڈاکو تقریباً 40 مقدمات میں ملوث ہے۔