Tag: میاں بیوی قتل

  • گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

    گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

    کراچی (29 جولائی 2025): گجرانوالہ سے بھاگ کر کراچی آنے والے مقتول جوڑے ساجد مسیح اور ثنا آصف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ساجد اور ثنا کی کلفٹن کے علاقے چائنا پورٹ سے گولیاں لگیں لاشیں ملی تھیں، دونوں کو چہروں پر قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

    چائنا پورٹ پر اس دہرے قتل کے معاملے میں بوٹ بیسن تھانے میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق کلفٹن اتوار بازار کے عقب میں ایک کلو میٹر کے فاصلے پر مرد اور خاتون کی لاشیں پڑی ہوئی ملی تھیں، لاشیں ساحل سمندر کی جانب ٹیلوں کے درمیان کھڈوں کے اندر موجود تھیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں لاشیں چھیپا سرد خانے منتقل کر دی گئی ہیں، رپورٹ کے مطابق مرد اور خاتون کے سروں میں گولیاں لگی ہوئی تھیں، عورت کے سر پر پیچھے کی جانب سے گولیاں ماری گئیں جو گردن سے نکلی، مرد کے سر پر پچھلی جانب سے گولی داخل ہوئی اور جبڑے سے باہر نکلی۔

    دونوں متوفیوں کی موت گولیاں لگنے سے ہوئی، اور ان کی شناخت تلاش ایپ کے ذریعے معلوم کی گئی۔

    اس کیس کی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ مقتول لڑکے ساجد مسیح پر مقتولہ لڑکی ثنا آصف کے بھائیوں نے گجرانوالہ میں اغوا کا مقدمہ درج کرا رکھا تھا، پولیس کے مطابق مقتول ساجد کے خلاف گجرانوالہ کے تھانے تتلی میں مقتولہ ثنا کو اغوا کرنے کا مقدمہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں 10 روز قبل درج کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساجد اور ثنا کب کراچی پہنچے، کہاں رہائش پذیر تھے، اور کن سے ملاقاتیں کیں، تفتیش جاری ہے، ساوٴتھ زون پولیس نے گجرانوالہ پولیس سے رابطہ کر کے لڑکی کے بھائی مدعی مقدمہ وقاص کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے واقعے کے متعلق مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

    گوجرنوالہ میں درج 356 بی مقدمے کے مطابق 17 سالہ ثنا آصف کو زبردستی اغوا کیا گیا تھا، یہ مقدمہ ساجد مسیح سمت دیگر افراد کے خلاف رواں ماہ 15 جولائی کو درج ہوا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ لڑکا کرسچن اور لڑکی مسلمان ہے، دونوں کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔

    ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کے مطابق ثنا کے بھائی وقاص کو گوجرانوالہ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

  • بلوچستان : میاں بیوی کے قتل میں ملوث قبیلے کے سردار سمیت 11 گرفتار

    بلوچستان : میاں بیوی کے قتل میں ملوث قبیلے کے سردار سمیت 11 گرفتار

    کوئٹہ : بلوچستان میں میاں بیوی کے بہیمانہ قتل میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار شدگان میں ساتکزئی قبیلے کا سربراہ بھی شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ ان تک میاں بیوی کے قتل میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن مؤثر طریقے سے جاری ہے، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، تمام ملوث ملزمان کو کیفردار تک پہنچایا جائے گا۔

    دوسری جانب میاں بیوی کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلیے کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ساتکزئی ہاؤس پر چھاپہ مار کر قبیلے کے سربراہ سردار شیرباز ساتکزئی کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کی جانب سے سردار شیرباز ساتکزئی کی گرفتاری پر سراوان قبیلے کے سرداروں کا ردعمل سامنے آیا ہے ان کا کہنا ہے کہ واقعے کو جواز بنا کر قبیلے کے سربراہ کی گرفتاری درست نہیں۔

    مزید پڑھیں : میاں بیوی کے قتل کی ویڈیو وائرل، حکومتی مدعیت میں مقدمہ درج

    واضح رہے کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر میاں بیوی کے قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکومتی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لئے ڈیٹا نادرا بھیجا گیا جس میں متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہو گئی ہے جسے فی الحال ظاہر نہیں کر رہے۔

  • کراچی : نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو قتل کردیا

    کراچی : نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو قتل کردیا

    کراچی : سہراب گوٹھ میں گھر میں گھس کر نامعلوم ملزمان نے میاں بیوی کو سروں پر گولیاں مار کر قتل کردیا، واقعہ ذاتی دشمنی کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب کچی آبادی میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے سروں پر گولیاں ماری گئی، مقتول کی شناخت محمد اعظم اور خاتون کی شناخت گل بی بی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کی عمریں 45 سے 50 سال کے درمیان ہیں۔

    حکام نے کہا کہ مقتولین کو گھر میں نامعلوم افراد گولیاں مار کر گئے ہیں، ذاتی دشمنی پرمحمد اعظم اور گل بی بی کو گھر میں قتل کیا گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول نے دو شادیاں کر رکھی تھی اور پہلی بیوی افغانستان گئی ہوئی ہے، مقتول اعظم گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا ہے۔

    حکام نے دعوی کیا ہے کہ افغانستان میں موجودپہلی بیوی نے اپنے شوہر اور سوتن کو قتل کرایا اور قتل کی واردات مکمل منصوبہ بندی سے کی گئی۔

    پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور کرائم سین یونٹ کی جانب سے شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔

  • کراچی میں ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو قتل کرنے والے کو سزائے موت سنا دی گئی

    کراچی میں ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو قتل کرنے والے کو سزائے موت سنا دی گئی

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو قتل کرنے والے کو سزائے موت سنادی گئی اور 15 سال قید کی سزا کا حکم بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم نواز خورشید کو سزائے موت سنادی۔

    عدالت نے ملزم نواز خورشید کو مجموعی طور پر 15 سال قید کی سزا کا حکم بھی دیتے ہوئے ملزم پر مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

    دوران سماعت وکیل مدعی محمد فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت میں کہا کہ ملزم نے گھر میں ڈکیتی کے دوران بے رحمی سے میاں بیوی کو قتل کیا ، ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    پولیس کے مطابق 21 مئی 2020 کو ملزم ڈیفنس کے گھر میں داخل ہوا ملزم نے میاں جاوید افتخار اور بیوی سلما جاوید کا گلہ کاٹ کر قتل کردیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے ڈکیتی کے دوران وہاں موجود عمر فاروق کو زخمی بھی کیا اور گھر سے سونے کے زیورات اور نقدی لیکر فرار ہوگیا تھا۔

    بعد ازاں پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم نواز خورشید کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نواز کے خلاف درخشاں تھانے میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے۔

  • کراچی میں غیرت کے نام پر قتل، میاں بیوی کو دعوت پر بلا کر فائرنگ کر دی

    کراچی میں غیرت کے نام پر قتل، میاں بیوی کو دعوت پر بلا کر فائرنگ کر دی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پہلوان گوٹھ میں پسند کی شادی کرنے پر بھائی نے فائرنگ کر کے بہن کو زخمی اور بہنوئی کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے صفدر نامی ایک شخص جاں بحق ہو گیا جب کہ اس کی بیوی عذرا شدید زخمی ہو گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا معلوم ہوتا ہے، فائرنگ کرنے والا لڑکی کا بھائی ہے، ملزم عباس فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گیا، جب کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    زخمی لڑکی کو سر پر گولی لگی ہے جس کے باعث وہ شدید زخمی ہے، عذرا کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جو جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول صفدر کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ ہوٹل میں ویٹر کا کام کرتا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ ایک ماہ قبل شادی کرنے والے میاں بیوی کو لڑکی کے گھر والوں نے دعوت پر بلایا تھا، جہاں لڑکی کے بھائی عباس نے بہن اور بہنوئی پر فائرنگ کی، جس سے مقتول صفدر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ عذرا سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی، فائرنگ کے بعد عباس موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور کے 3 خول ملے ہیں، ملزم عباس رکشہ ڈرائیور ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔