Tag: میت

  • حمیرااصغر کی میت لاہور روانہ کردی گئی

    حمیرااصغر کی میت لاہور روانہ کردی گئی

    کراچی: ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ اداکارہ حمیرااصغرکی میت لاہورروانہ کردی گئی، ان کے اہلخانہ لاہور سے یہاں آئے تھے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ اداکارہ حمیرااصغر کی میت ایمبولنس کے ذریعے لاہور روانہ کردی گئی ہے، رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ نوید اصغر مجھ سے مستقل رابطے میں تھے، سوشل میڈیا پروپیگنڈا کیا گیا کہ حمیرا کے والدین اس سے ناراض ہیں۔

    رمضان چھیپا کا کہنا تھا کہ حمیرا میری بیٹی ہے، اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اصغر بھائی کراچی سے میت لاہور لے کر جارہے ہیں، اخراجات ہم برداشت کریں گے۔

    حمیرا اصغر کی لاش فلیٹ میں پڑی سڑ گئی! رونگٹے کھڑے کر دینے والے انکشافات

    ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تاثر دیا گیا کہ والدین بہن کو قبول نہیں کررہے جو افواہیں تھیں، ہم پہلے دن سے انتظامیہ اور پولیس سے رابطے میں ہیں۔

    نوید اصغر نے کہا کہ ایک ماہ قبل پھپھو کا انتقال ہوا والدین صدمے میں تھے، میں آنے آج آکر حمیرا کی لاش وصول کی، تدفین لاہور میں کی جائے گی۔

    اداکارہ کے بھائی کے مطابق ہمارا ایک سال سے حمیرا اصغر سے رابطہ منقطع تھا، والدہ کا 6 ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا، ان کے انتقال کا سن کر ہم اچانک صدمے میں چلے گئے۔

    https://urdu.arynews.tv/alizeh-shah-says-stop-using-humaira-death-using-for-likes/

  • کرونا سے جاں بحق مریضوں کی تدفین کے لیے اہم ہدایات آ گئیں

    کرونا سے جاں بحق مریضوں کی تدفین کے لیے اہم ہدایات آ گئیں

    کراچی: محکمہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق مریضوں کے غسل اور تدفین کے سلسلے میں اہم ہدایات آ گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا سے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ مساجد اور جنازہ گاہ میں ہوگی، جب کہ ان کی تدفین بھی عام قبرستان میں کی جائے گی۔

    محکمہ صحت نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ کرونا سے جاں بحق مریض کے غسل اور تدفین کے دروان احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، غسل کے بعد کرونا وائرس دیگر افراد میں منتقل نہیں ہو سکتا، تاہم غسل اور تدفین کے مراحل کو 6 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    اسپتال کی جانب سے میت کے ساتھ پی سی آر رپورٹ بھی فراہم کی جائے گی، میت کے جسم پر چسپاں تمام مشینوں کو اسپتال کا عملہ نکالے گا، میت کو کلیئر کرنے کے بعد پلاسٹک شیٹ میں لپیٹنا ضروری ہوگا، جب کہ میت کی منتقلی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہوگی۔

    کراچی، کرونا کے مریض کی لاش لے جانے سے روکنے پر لواحقین آپے سے باہر، اسپتال میں توڑ پھوڑ

    محکمہ صحت کے مطابق غسل اور کفن پہنانے کی ذمہ داری 3 رکنی ٹیم سر انجام دے گی، جب کہ یہ ٹیم غسل، کفن کے دوران پی پی ای کٹس پہن کر فرائض سر انجام دے گی۔

    بچوں اور 50 سال سے زائد عمر والے اور بیمار افراد کو میت والے گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • با اثر افراد نے 2 دن تک میت دفنانے نہیں دی

    با اثر افراد نے 2 دن تک میت دفنانے نہیں دی

    فیصل آباد: پاکستان کے گنجان آباد شہر فیصل آباد کے قدیم ترین قبرستان میں با اثر افراد نے 2 دن تک میت دفنانے نہیں دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے قدیم ترین قبرستان نور شاہ ولی قبرستان میں اوقاف ملازمین کی ملی بھگت سے مبینہ قبضے کے باعث شہریوں کو میت دفنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق با اثر افراد نے نور شاہ ولی قبرستان میں ایک خاندان کو میت دفنانے سے روک دیا، جس کے باعث 2 دن سے تدفین نہ ہو سکی، میت کے لواحقین نے قبضے اور محکمہ اوقاف کے خلاف احتجاج کیا۔

    خاندان کے ایک فرد نے بتایا کہ مرنے والا ان کا بھانجا تھا، گزشتہ روز ان کا انتقال ہوا، لیکن تدفین ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، کیوں کہ قبرستان پر با اثر افراد کا قبضہ ہے۔

    خیال رہے کہ فیصل آباد کے تقریباً ایک ہزار سال پرانے قبرستان میں مٹی کی ڈھیریوں کو قبریں ظاہر کر کے جگہ پر قبضہ کرنے کا سلسلہ بہت پرانا ہے، ماضی میں عوامی شکایات پر یہاں تحقیقات بھی کی گئی تھیں، جس سے پتا چلا کہ محکمہ اوقاف کے عملے کی ملی بھگت کے ساتھ قبرستان میں جگہ جگہ قبر کی صورت میں مٹی کی ڈھیریاں بنا کر قبضہ کیا گیا ہے۔

  • سانحہ تیزگام: حادثے میں جاں بحق شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی

    سانحہ تیزگام: حادثے میں جاں بحق شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گزشتہ روز ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی، آج دوپہر کو تدفین کی جائے گی، تدفین کےاخراجات ایدھی فاونڈیشن اٹھائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی، 45 سالہ محبوب مسیح سیون اپ پھاٹک کا رہائشی تھا۔

    ایدھی انفارمیشن بیورو کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی آج دوپہر کو تدفین کی جائے گی، تدفین کےاخراجات ایدھی فاونڈیشن اٹھائے گا۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • سجاول: نہرپر پل نہ ہونے کی وجہ سے میت کی تدفین امتحان بن گئی

    سجاول: نہرپر پل نہ ہونے کی وجہ سے میت کی تدفین امتحان بن گئی

    سجاول: نہرپر پل نہ ہونے کی وجہ سے میت کی تدفین امتحان بن گئی، چارسال کی بچی کا جنازہ المیے کی شکل اختیار کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سجاول کے علاقے چوہڑ جمالی میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، چار سالہ  شہزادی بنت غلام مصطفیٰ کونجائی کی میت کو نہر کے پار لے جانے کے لیے لواحقین کو تھرموپول استعمال کرنا پڑا.

    اس افسوس ناک واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل آیا.

    یاد رہے کہ ایک سال پہلے بھی ایک ایسا ہی جنازہ نہرسے گزرا تھا، یہ خبر میڈیا کی زینت بنی، تو حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا.

    اس واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے نہر پر پل بنانےکاوعدہ کیا تھا، لیکن یہ وعدہ پورا نہ ہوا.

    واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے نصرت سحرعباسی نے کہا ہے کہ سندھ نےصرف کتابوں میں ترقی کی ہے.

    پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کا اپنا کوئی نہیں مرے گا، سندھ میں ترقیاتی کام نہیں ہوگا.

  • بھارتی قیدیوں کا تشدد: شہید پاکستانی شاکراللہ کی میت آج پاکستان آئے گی

    بھارتی قیدیوں کا تشدد: شہید پاکستانی شاکراللہ کی میت آج پاکستان آئے گی

    نئی دہلی: بھارتی جیل میں ہجوم کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاکستانی کی میت آج وطن واپس لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی جیل میں ہجوم کے ہاتھوں شہید شاکراللہ کی میت آج بھارت کے حکام واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کریں گے۔

    بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شاکراللہ کو ساتھی قیدیوں نے بہیمانہ تشدد کر کے 20 فروری کو قتل کردیا تھا۔

    سینٹرل جیل کے بیرک میں موجود ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی شہری کے سر پر وار کیے جس کی وجہ سے گہرے زخم آئے اور شکور اللہ جیل میں ہی شہید ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا نے پاکستانی قیدی کی شہادت کا ذمہ دار جے پور جیل کی انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق سفیر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ بھارتی حکومت کا مؤقف ہی دہشت گردی اور انتہاپسندی پر مبنی ہے۔

    سابق سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کو جے پور کی جیل میں قید شاکراللہ کے قتل میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرنا چاہیے اور اسلام آباد میں موجود بھارتی سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کرنا چاہیے۔

    پلواما حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    یاد رہے کہ بھارت کے شہر جے پور میں واقع سینٹرل جیل میں قید پاکستانی شہری کو ہجوم نے پلواما حملے کے بعد تشدد کر کے شہید کردیا تھا۔

  • بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر شہباز شریف آج پاکستان روانہ ہوں گے

    بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر شہباز شریف آج پاکستان روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : شہبازشریف آج بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے، میت کل صبح پاکستان پہنچے گی جبکہ کلثوم نوازکی نماز جنازہ بعد آج ریجنٹ پارک مسجد لندن میں اداکی جائےگی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت آج پاکستان کے لئے روانہ ہوں گی،  میت پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے اورگرین سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔

    حسن اور حسین نواز والدہ کاآخری دیدارلندن میں ہی کریں گے۔

    پاکستان روانگی سے قبل کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی جائے گی، جس میں شہباز شریف ، حسین اور حسن نواز سمیت خاندان کے دیگراراکین شرکت کریں گے ۔

    شہباز شریف، نواز شریف کی صاحبزادی اسماء نواز اور خاندان کے دیگر افراد میت کے ساتھ پاکستان آئیں گے۔

    بیگم کلثوم نواز کی میت جمعے کی صبح پاکستان پہنچے گی، جہاں شام پانچ بجے میڈیکل سٹی میں مولانا طارق جمیل نمازجنازہ پڑھائیں گے جبکہ ان کی تدفین جاتی امراء میں ہوگی۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ کے لیے شریف میڈیکل سٹی میں انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ کلثوم نواز کا سوئم اتوار کو عصر سے مغرب تک جاتی اُمرا میں ہوگا۔

    مزید پڑھیں : پے رول پر رہائی کی درخواست پر نواز شریف اور مریم کا دستخط سے انکار: شہبازشریف

    لندن پہنچنے پرمیڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام بیگم کلثوم نواز کیلئے دعا کریں، نوازشریف اہلیہ کی وفات کے باعث دکھی ہیں، پے رول پر رہائی کی درخواست پر نوازشریف، مریم نے دستخط سے انکار کیا تھا ، رہائی کی درخواست پرانہوں نے خود دستخط کیے ، اللہ تعالیٰ کی عدالت میں سب کو پیش ہونا ہے۔

    دوسری جانب کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کے لئے لوگوں کی جاتی عمرہ آمد کا سلسلہ جاری ہے، نوازشریف سے آج شام 4سے 6بجے تک لوگ تعزیت کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی پے رول پر رہائی میں توسیع کرتے ہوئے مدت پانچ دن کر دی تھی، توسیع بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے کی گئی۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز برطانیہ میں طویل عرصے تک زیرِ علاج رہنے کے بعد لندن میں انتقال کرگئیں تھیں ، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

  • ٹیکساس اسکول فائرنگ میں  جاں بحق سبیکا شیخ کی میت آج شب کراچی پہنچے گی

    ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق سبیکا شیخ کی میت آج شب کراچی پہنچے گی

    کراچی : ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق ہونے والی سبیکا شیخ کی میت آج شب کراچی پہنچے گی، نماز جنازہ کل بیت المکرم مسجد گلشن اقبال اورتدفین عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل کالونی میں ہوگی، سبیکہ کے والد کا کہنا ہے کہ میری بیٹی سبیکہ شہید ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی سبیکہ کے گھر میں اداسیوں کے ڈیرے ہیں اور لواحقین غم سے نڈھال ہیں جبکہ گھر میں تعزیت کرنے والوں کاتانتا بندھا ہوا ہے،

    سبیکا شیخ کی میت استنبول کے راستے آج شب کراچی پہنچے گی۔

    سبیکا کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ سبیکہ کی نماز جنازہ کل بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل کالونی میں ہوگی۔

    اہلخانہ کا مزید کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں 5گھنٹے فلائٹ تاخیرکاشکار ہوئی ، استنبول سے کراچی آنے والی پرواز مس ہونے کا خدشہ ہے، سبیکہ کی میت منگل اوربدھ کی درمیانی شب وطن پہنچ جائےگی، بدھ کی صبح 9بجے سبیکہ کی نمازجنازہ اداکی جائے گی۔

    میری بیٹی سبیکہ شہید ہے، والد عبدالعزیزشیخ

    سبیکہ شیخ کے والد کا کہنا تھا کہ طیارےمیں تاخیرنہ ہوتی توسبیکہ کی میت آچکی ہوتی، فیملی کے ساتھ مشاورت کرکے سبیکہ کی تدفین کااعلان کریں گے۔

    عبدالعزیزشیخ نے کہا کہ میری بیٹی سبیکہ شہیدہے، امریکا میں پاکستانی سفارتی اہلکاروں نے بہت مدد کی۔


    مزید پڑھیں : ہیوسٹن اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق سبیکا شیخ کا جسد خاکی پاکستان روانہ


    میت پاکستان روانہ کرنے سے پہلے ہیوسٹن میں نمازجنازہ اد کی گئی، جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ہوسٹن کے میئر اور اہم امریکی اور پاکستانی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

    میئرہوسٹن نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا سبیکا ایک شیچ فیملی کی بچی تھی لیکن وہ ہماری بھی بچی تھی، بالکل ان بچوں کی طرح جو اس واقعے میں اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

    یاد رہے کہ 19 مئی کو امریکی ریاست ٹیکساس میں شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سانتافے ٹیکساس میں ایکسچینج ایئر پروگرام کی طالبہ تھی، وہ 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھیں۔

    سبیکا کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی رہائشی تھی اور بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں