Tag: میجر اسحاق شہید

  • میجر اسحاق شہید کی اہلیہ نے بہترین "نشانے باز” کا اعزاز حاصل کرلیا

    میجر اسحاق شہید کی اہلیہ نے بہترین "نشانے باز” کا اعزاز حاصل کرلیا

    کراچی : شہید پاکستانی فوجی میجر اسحاق کی اہلیہ ڈاکٹر عائشہ نے اپنے شوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خدمت کیلئے پاک فوج میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور بہترین نشانے باز کا اعزاز حاصل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میجر اسحاق کی شہادت کے بعد ان کی اہلیہ ڈاکٹر عائشہ نے ہار نہیں مانی اور آرمی میڈیکل کورس کے لئے درخواست دی اور منتخب ہوگئیں۔

    ڈاکٹر عائشہ نے کامیابی کے ساتھ اسلام آباد اور کاکول اکیڈمی میں تمام مراحل کو مکمل کیا، انہوں نے جی تھری رائفل 200 میٹر کے فاصلے سے چلائی اور 16 میں سے 15 اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

    جس کے بعد انہیں کورس کی بہترین نشانے باز‘ کا اعزاز دیا گیا۔

    ایک بہت ہی خاص بات یہ ہے کہ یہ وہی بندوق تھی ، جس سے میجر اسحاق نے 40 راؤنڈ پر فائر کئے ، 20 راؤنڈ دائیں ہاتھ سے اور جب ان کا دائیں ہاتھ زخمی ہوا تو انہوں نے  باقی 20 راؤنڈ بائیں ہاتھ سے فائر کئے۔

    مزید پڑھیں : ڈی آئی خان میں کارروائی، قوم کا ایک اور سپوت میجراسحاق شہید

    یاد رہے کہ 22 نومبر 2017 میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی، جس میں میجر اسحاق نے دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا۔

    میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا۔

    میجر اسحاق کی شہادت پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم مادروطن کی محبت کی یہ قیمت چکارہےہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جانوں کےان نذرانوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

  • آرمی چیف کی شہید میجراسحاق کے گھر آمد، فاتحہ خوانی اور اہل خانہ سے ملاقات

    آرمی چیف کی شہید میجراسحاق کے گھر آمد، فاتحہ خوانی اور اہل خانہ سے ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف قمر باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گرد اپنے بزدلانہ اقدامات سے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے.

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے لاہور میں واقع میجرشہید اسحاق کے گھر پہنچ کر شہید کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا اور لواحقین سے ملاقات کی.

    آرمی چیف نے میجرشہید اسحاق کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور کچھ وقت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ گزارا جہاں اہل خانہ نے شہید میجر سے وابستہ یادوں کو تازہ کیا.

    آرمی چیف نے شہید میجر اسحاق کے اہل خانہ کے عزم و حوصلے کی تعریف کی اور پاک سرزمین کے دفاع میں شہیدوں کی لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شیروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.

    سپہ سالار پاک فوج نے کہا کہ ہر قیمت پر وطن کے دفاع کو ممکن بنائیں گے اور اس کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ کورکمانڈر لاہور عامر ریاض بھی موجود تھے.

    یاد رہے میجر اسحاق شہید نے 22 نومبر 2017 کو ڈیرہ اسماعیل خان کےعلاقے کلاچی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا.