Tag: میجر جنرل

  • برطانیہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار حاضر سروس میجر جنرل کا کورٹ مارشل

    برطانیہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار حاضر سروس میجر جنرل کا کورٹ مارشل

    لندن: برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار ایک حاضر سروس میجر جنرل کا کورٹ مارشل کیا جارہا ہے، میجر جنرل نک ویلش کو بچوں کی تعلیم پر حد سے زائد اخراجات کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک حاضر سروس میجر جنرل کو کورٹ مارشل کا سامنا ہے، فراڈ کے جرم میں برطانوی فوج کے میجر جنرل نک ویلش کا کورٹ مارشل کیا جائے گا۔

    نک ویلش پر جمعہ کے روز فوجی عدالت نے فرد جرم عائد کی، میجر جنرل نک ویلش کو بچوں کی تعلیم پر حد سے زائد اخراجات کرنے کے جرم میں فوجی عدالت نے چارج لگا کر کورٹ مارشل کر دیا۔

    قانون کے مطابق بچے کی تعلیم پر سالانہ 23 ہزار پاونڈز سے زائد رقم خرچ نہیں کی جاسکتی تاہم نک ویلش پر اپنے زیر تعلیم بچے پر 50 ہزار پاونڈز خرچ کیے جانے کا الزام ہے۔

    نک ویلش برطانوی افواج اور وزارت دفاع کے اہم عہدوں پر فائض رہ چکے ہیں، وہ افغانستان میں برطانوی فوج کے سیکنڈ کمانڈ تھے اور امریکن فورسز کے ساتھ مشترکہ کاروائیوں میں حصہ بھی لے چکے ہیں۔

    شواہد کی روشنی میں نک ویلش کا اگلے سال باقاعدہ ٹرائل شروع کیا جائے گا۔

  • اتحادی طیاروں کی بمباری سے زخمی حوثی وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم ہلاک

    اتحادی طیاروں کی بمباری سے زخمی حوثی وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم ہلاک

    صنعاء : یمن کے ایران نواز حوثی باغی گروپ نے زخمی ہونے والے اپنے وزیر داخلہ کی لبنان کے ایک اسپتال میں موت کی تصدیق کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حوثی حکومت کے وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم الماوری کو حال ہی میں عرب اتحادی فوج کی بمباری میں زخمی ہونے کے بعد بیروت کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا، الماوری کی موت کو حوثی باغیوں کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

    حوثیوں کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ عبدالحکیم الماوری حال ہی میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کے طیاروں کی صنعاء میں بمباری میں زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انہیں حوثیوں کی طرف سے خفیہ طورپر اقوام متحدہ کے ایک طیارے کی مدد سے بیروت لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج گذشتہ روز انتقال کرگئے۔

    حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے وزیر داخلہ میجر جنرل عبدالحکیم احمد الماوری کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان کو ایک برقی تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا اپنے ایک قیمتی فوجی رہ نما سے محروم ہوگئی ہے۔ خیال رہے کہ حوثی وزیر داخلہ اور کئی دیگر سرکردہ باغی لیڈر گذشتہ برس مئی میں صنعاء میں عرب اتحادی طیاروں کی بمباری میں ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔

    بمباری کے بعد الماوری منظرعام پرنہیں آئے اور ان کی موت کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ تاہم حوثیوں کی طرف سے الماوری کی ہلاکت سے انکار کیاجاتا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب حوثیوںنے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

  • راحیل شریف کی تقرری ریاست کا فیصلہ ہے، میجر جنرل آصف غفور

    راحیل شریف کی تقرری ریاست کا فیصلہ ہے، میجر جنرل آصف غفور

    لندن: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کا غدار پاکستان میں نہیں رہ سکتا، دنیا میں اب ہمیں کوئی بائی پاس نہیں کرسکتا، راحیل شریف کی سعودی عسکری اتحاد میں تقرری ریاست کا فیصلہ ہے۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے کہی۔

    سینئر صحافی عامر غوری نے بتایا کہ آصف غفور نے صحافیوں سے ڈھائی گھنٹے تک مختلف معاملات پر بات چیت کی، گفت گو سے قبل ہم سے اپنے کیمرے آف کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر کیمرے آن رہے تو ممکن ہے میں آپ لوگوں سے وہ باتیں نہ کرسکوں جو کرنا چاہتا ہوں۔

    میڈیا نے ان کی بات مانتے ہوئے کیمرے آف کردیے،آصف غفور نے میڈیا کو اجازت دی کہ جو چیزیں آپ سمجھتے ہیں کہ وہ بہتری کی طرف جاتی ہیں انہیں رپورٹ کریں۔

    آپریشن رد الفسار پر بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آپریشن کے تحت مختلف اہداف حاصل کرلیے ہیں، رد الفساد کے تحت مدرسہ اصلاحات کا کام جاری ہے،  مختلف مدرسوں اور تعلیمی اداروں پر ہماری نظر ہے کہ وہاں لوگ کیا کررہے ہیں، انہیں پکڑنا زیادہ مشکل ہےاس لیے ان پر ہماری نظر زیادہ سخت ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مغربی اور شرقی سرحدوں کی حفاظت کا عمل جاری ہے جس میں کامیابیاں ملی ہیں، پاکستان کے دشمن جہاں جہاں ملیں گے ان کے خلاف وہاں وہاں کارروائی کریں گے۔

    راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوجی اتحاد میں راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے، پاکستانی سعودی عرب اور ایران سے بہتر تعلقات کا خواہش مند ہے۔


    A traitor cannot live in Pakistan, We doesn’t… by arynews
    مسئلہ کشمیر پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ جو مسئلے ہیں وہ بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوں گے ، نہ کشمیر وہ ہم سے لے سکتے ہیں اور نہ ہم ان سے لے سکتے ہیں لیکن یہ مسئلہ تو حل ہونا ہے۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے ، اگلی جنگیں پانی پر ہوں گی،انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم بے شک مشکل دور سے گزر رہے ہیں لیکن ہمیں منزل نظر آرہی ہے۔

  • ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر خاموش نہیں رہتے بھرپور جواب دیتے ہیں،سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں سے 3 گنا زائد ہے، بھارت ہلاکتیں چھپاتا ہے لیکن ہم اپنی شہادتیں نہیں چھپاتے۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے 7 جوان لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے، یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت ستمبر میں شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے، قبل ازیں بھی ہمارے دو فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

    یہ پڑھیں: بھمبر میں بھارتی فائرنگ سے 7 فوجی جوان شہید، دفتر خارجہ کا احتجاج


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہم نے ہمیشہ جواب دیا اور کبھی خاموش نہیں رہے، سال 2016ء میں بھارت نے اب تک ایل او سی پر 199 بار اور ورکنگ بائونڈری پر 38 بار فائرنگ کی، جارحیت میں ستمبر کے بعد انتہائی تیزی آئی، ورکنگ بائونڈ پر اکتوبر سے قبل صرف ایک بار لیکن اکتوبر سے اب تک 37 بار فائرنگ ہوئی۔

     یہ پڑھیں: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف راحیل شریف

    انہوں نے بتایا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر زبردست خطاب کیا جس کے بعد سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے ساتھ ہی کشمیر میں تحریک آزادی زوروں پر ہے جو کہ بھارت سے اب کنٹرول نہیں ہورہی۔

    اسی سے متعلق: پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعظم

    انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں تحریک آزادی زور پکڑتی ہے تو سرحدوں پر بھارتی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈرامہ رچایا جس پر پوری دنیا نے یقین نہیں کیا اور سوالات کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: دفترخارجہ کی بھمبرسیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    عاصم باجوہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں فائرنگ اور جوابی فائرنگ کے دوران مارے گئے بھارتی فوجیوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں کی تعداد سے تین گنا زائد ہے لیکن بھارتی ہلاکتیں چھپاتا ہے اور ہم اپنے فوجیوں کی شہادتیں نہیں چھپاتے جب کہ بھارتی ہلاکتوں کی تعداد کم کرکے بتاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 13 برس کے بعد پہلی بار بھارتی فوجیوں نے جارحیت کے دوران آرٹلری بھی فائر کیا، جب بھی یہ فائرنگ کرتے ہیں تو شروعات گاؤں سے کرتے ہیں ۔