راولپنڈی: عسکری قیادت نے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدرکو 67 ویں یومِ شہادت کے موقع پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے عظیم سپوت، میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کا 67 واں یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے، اس موقع پر مسلح افواج نے ان کی عظیم قربانی اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر چیف نے مشترکہ پیغام میں میجر طفیل محمد شہید کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میجر طفیل شہید نے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی دلیری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کی افواج پر جرات مندانہ حملے کی قیادت کی اور شدید زخمی ہونے کے باوجود اپنے مشن کو کامیابی سے مکمل کیا، ان کی اس بے مثال بہادری پر انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز "نشانِ حیدر” سے نوازا گیا۔
مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق میجر شہید کی قربانی جرات، حب الوطنی اور عزم کی روشن مثال ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہی وطن کے امن، استحکام اور خودمختاری کی ضمانت ہیں۔
قوم ان ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کے لیے لازوال قربانیاں دیں، ان کی ہمت اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔