Tag: میدان عرفات

  • میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کیلیے میدان عرفات کو جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں درخت لگائے گئے ہیں۔

    سعودی میڈیا کے مطابق میدان عرفات جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ شیڈز لگائے گئے ہیں، علاوہ ازیں وادی مزدلفہ اور دیگر مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق میدان عرفات اور وادی منیٰ کے مختلف مقامات پر ہر 500 میٹر بعد سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

    ترقیاتی منصوبے کے تحت 15 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ لگایا گیا ہے جن میں پودے اور گھاس وغیرہ شامل ہے جس سے ماحول خوشگوار ہو سکے گا۔مختلف مقامات پر 240 پھوار والے ٹاور، 12 بڑی چھتریاں اور 14 تجارتی مراکز تعمیر کیے گئے ہیں۔

    میدان عرفات سے مزدلفہ جانے کے لیے لچکدار راستے بنائے گئے ہیں،جسے گزشتہ برس تجرباتی طورپر بنایا گیا تھا تاہم اس سال اس کے دوسرے مرحلے کو مکمل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کیلیے دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے روزانہ کی بنیاد پر مقدس سرزمین کا رخ کررہے ہیں۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 24 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 665 تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 35 ہزار 478 عازمین مملکت پہنچے جبکہ بحری ذرائع سے آنے والے عازمین کی تعداد دو ہزار 822 رہی۔ سب سے زیادہ عازمین فضائی راستے سے مملکت پہنچے جن کی تعداد 7 لاکھ 82 ہزار358 ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر عازمین کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب میں غیر قانونی حج روکنے کیلئے ڈرونز کا استعمال

    یاد رہے کہ مملکت کے تمام بین الاقوامی پورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

  • میدان عرفات میں پاکستانی خاتون کے ہاں بیٹے کی ولادت

    میدان عرفات میں پاکستانی خاتون کے ہاں بیٹے کی ولادت

    میدان عرفات میں پاکستانی خاتون کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔

    حج کا رکن اعظم وقوف عرفات گزشتہ روز ادا کر دیا گیا، حجاج کرام نے کل میدان عرفات میں رکن اعظم کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ کا رخ کیا جہاں رات کھلے آسمان تلے اللہ تعالیٰ کی عبادات اور مناجات کرتے ہوئے گزاری۔

    دوسری جانب میدان عرفات میں پاکستانی خاتون کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی، پاکستانی خاتون وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات میں موجود تھی، خاتون کو جبل رحمت اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ لایا گیا۔

    سعودی ڈاکٹرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ماں اور بیٹا دونوں خیریت سے ہیں،انہیں مزید معائنے کے لیے زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔

  • لاکھوں عازمین آج میدان عرفات میں حج کا رُکن اعظم ادا کریں گے

    لاکھوں عازمین آج میدان عرفات میں حج کا رُکن اعظم ادا کریں گے

    لاکھوں عازمین آج میدان عرفات میں حج کا رُکن اعظم ادا کریں گے۔

    لبیک اللٰہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ عازمین حج منیٰ سے عرفات کی جانب رواں دواں ہیں، عازمین کو بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ٹرین پر سوار ہونے والے عازمین کے لیے خصوصی ٹکٹ کے بینڈ دیے گئے ہیں، عازمین حج کی میدان عرفات کے لیے روانگی دن گیارہ بجے تک جاری رہے گی، جہاں وہ حج کا رُکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

    عازمین آج رب کے حضور اپنی مناجات پیش کریں گے، مسجد نمرہ اور میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز قصر کر کے پڑھیں گے، خطبہ حج کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب تک وقوف عرفہ کرینں گے۔

    غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے، حجاج کرام مزدلفہ میں آرام کریں گے اور 70 عدد کنکریاں جمع کریں گے۔

    حجاج کرام وقوف مزدلفہ کے بعد 10 ذی الحج کو رمی جمرات کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال 20 لاکھ سے زائد افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

  • لوگوں کو معاف کردیا کرو، انسانیت کی قدر اور احترام مسلمانوں پر لازم ہے: خطبہ حج

    لوگوں کو معاف کردیا کرو، انسانیت کی قدر اور احترام مسلمانوں پر لازم ہے: خطبہ حج

    ریاض / مکہ مکرمہ: دین اسلام کے اہم ترین رکن حج 2022 کا خطبہ میدان عرفات میں دیا گیا، رواں برس حجاج کرام کو جمعے کے روز حج اکبر کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 1443 ہجری کے حج اکبر کے اراکین ادا کیے جانے کے بعد خطبہ حج میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا، رواں برس خطبہ حج کے لیے ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ خطیب مقرر کیے گئے ہیں۔

    رواں برس خطبہ حج میدان عرفات سے براہ راست 14 زبانوں میں نشر کیا گیا جو ڈیڑھ کروڑ افراد تک پہنچے گا۔

    جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے حج کا خطبہ انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، روسی، چینی، بنگالی، ترکی، ملاوی، ہندی، اسپینی، تامل اور سواحلی زبانوں میں پیش کیا گیا۔

    خطبہ حج

    خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا کہ، اے ایمان والو! اللہ کی عبادت کرو، اللہ ہی واحد معبود ہے، اسی کی عبادت کریں۔ مسلمانوں۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرو، بے شک اللہ رب العزت ہر چیز سے واقف ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، وہ تمام عبادات کی جائیں جس کا حکم اللہ نے اپنے نبی ﷺ کے ذریعے دیا۔ اللہ سب کچھ جانتا ہے جو تم کرتے ہو، اللہ نے زکوٰة ادا کرنے کا حکم دیا ہے، اللہ نے نماز اور روزے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تقویٰ اختیار کرنے والا اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، اسلام کی دعوت عام کرنے کی طرف جائیں، اللہ رب العزت نے فرمایا، لوگوں کو معاف کردیا کرو۔ رسول ﷺ نے فرمایا جن کے اخلاق اچھے ہوں گے وہ قیامت کے دن میرے زیادہ قریب ہوں گے۔ خیر کے کاموں میں مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

    خطبہ حج میں کہا گیا، مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ لوگوں کو نفع پہنچائیں، انسانیت کی قدر اور احترام کرنا مسلمانوں پر لازم ہے۔ سب سے بڑی نعمت توحید کی ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، اسلامی اقدار کا تقاضہ ہے جو چیز نفرت کا باعث بنے اس سے دور ہوجاؤ، اللہ نے فرمایا متقی کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔ سارے انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں، اور آدم علیہ السلام مٹی سے بنے ہیں۔

    خطبہ حج میں کہا گیا، نیکی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرو، مصیبت اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی دور نہیں کرسکتا۔

  • عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا: خطبہ حج 2021

    عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا: خطبہ حج 2021

    مکہ مکرمہ: دین اسلام کے اہم ترین رکن حج 2021 کا خطبہ میدان عرفات میں دیا گیا، خطبہ حج کے بعد حجاج کرام نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں سال 1442 ہجری کے حج کا خطبہ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا۔ خطبہ حج مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ بندر بن عبد العزیز دیا۔

    شیخ بندر بن عبد العزیز نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا، اللہ کے سوا کسی اور کو نہ پکارو، اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ اپنی نمازوں کی حفاظت کرو۔ ایسے عبادت کرو جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، اللہ نے لوگوں کے ساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے، قرآن میں ہے جس نے تمہیں اللہ کے آگے جھکایا وہ محسن ہے۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو، ایمان کا تقاضہ یہ بھی ہے کہ زکوٰة کی ادائیگی کرو۔

    خطبے میں کہا گیا، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، اللہ نے انسانوں کی اعلیٰ معیارکی تخلیق کی اور دنیا میں بھیجا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا زمین پر فساد نہ پھیلاؤ، بے شک اللہ فساد پھیلانے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا والدین کے ساتھ احسان کا معاملہ کرو، بے شک اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

    خطبے میں کہا گیا کہ اللہ ہمیشہ اچھائی کا درس دیتا ہے، گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اللہ نے فرمایا میری رحمت سب کے لیے وسیع ہے۔ رمضان المبارک کے روزے مسلمانوں پر فرض کیے گئے ہیں، اللہ نے فرمایا، اے ایمان والو، اپنے وعدوں اور حقوق کو پورا کرو۔ رشتے داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ احسان کرو، آپس میں مساوات اور اخوت سے رہیں۔

    خطبے میں کہا گیا، اللہ نے فرمایا یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ احسان کرو، اللہ نے فرمایا تمام مخلوقات کے ساتھ احسان کا معاملہ کرو۔ اللہ کی اطاعت کرو اور اسی سے ہی مدد مانگو، اللہ تعالیٰ ہمارے ہر عمل کے مطابق حساب لے گا، عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو استطاعت رکھتا ہے وہ حج کرے۔

    خطبے میں کہا گیا کہ جب جانور کو ذبح کرو تو اچھے سے کرو تاکہ اسے تکلیف نہ ہو، معاشرے اور معاشرتی معاملات میں احسان قائم کرو، اللہ تعالیٰ نے فرمایا، تقویٰ اختیار کرنے والے ہمیشہ جنت میں رہیں گے۔ قرآن میں حکم ہے اپنی بیویوں کے ساتھ اچھا رویہ رکھو، دنیا میں جو احسان کرے گا تو آخرت میں اس کا بھلا ہوگا، اللہ نے توبہ کا دروازہ بندوں کے لیے ہمیشہ کھول رکھا ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، لوگوں کی طرف سے آنے والی تکالیف اور مسائل پر صبر کرو، تم احسان کرو اللہ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، اللہ کی رحمت بہت قریب ہے۔ موت اور زندگی کو اس لیے پیدا کیا گیا تاکہ آزمایا جا سکے کون اچھے عمل کرتا ہے۔

    خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کر کے پڑھی جائیں گی اور پھر غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں برس کرونا وائرس کی وجہ سے صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

  • رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی، عازمین میدان عرفات پہنچنا شروع

    رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی، عازمین میدان عرفات پہنچنا شروع

    ریاض : فریضہ حج ادا کرنے والے 20 لاکھ عازمین حج رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی کے لیے میدان عرفات میں جمع ہونا شروع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والے لاکھوں حجاج کرام رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے میدان عرفات میں پہنچنا شروع ہوگئے۔

    میدان عرفات میں وقوف عرفہ کی ادائیگی کے دوران مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل شیخ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے جس کے بعد نماز ظہرین (ظہر و عصر) ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

    20 لاکھ کے قریب عازمین حج غروب آفتاب ہوتے ہی مزدلفہ کی جانب روانہ ہوجائیں جہاں وہ نماز مغربین (مغرب اور عشاء) ایک ساتھ قصر ادا کریں، عازمین کرام آج (9 ذوالحج) کو کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں ہی قیام کریں گے اور رمی جمرات کے لیے کنکریاں بھی جمع کریں گے۔

    حجاج کرام 10 ذوالحج کو طلوع آفتاب کے بعد دوبارہ منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور رمی جمرات کے بعد حجاج کرام قربانی کریں۔

    حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی جانے والے عازمین کرام قربانی کے بعد مکۃالمکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت کریں گے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی سعادت حاصل کریں گے جس کے بعد واپس منیٰ آجائیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے 20 لاکھ مسلمان سعودی عرب پہنچے ہیں، عازمین کرام میں 1 لاکھ 84 ہزار افراد پاکستانی ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکام نے حجاج کرام کی سہولت اور کے لیے ایک ہیلپ لائن 8004304444 متعارف کروائی گئی ہے جس پر کال کرکے شکایت یا معلومات درج کروائی جاسکتی ہے۔

    سعودیہ جانے والے سافٹ ویئرز ماہرین میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے دو ایشیائی طالب علموں کے ساتھ مل کر ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی ہے جو دوران حج انسانوں کے سمندر میں لاپتہ ہونے والے عازمین حج کا پتہ لگائے گی۔