Tag: میران شاہ

  • شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

    شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

    شمالی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ نے میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ کردیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک نافذ رہے گا۔ کرفیو کے دوران تمام مین شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران عوام گھروں میں رہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 13 جوان شہید ہوگئے تھے جوابی کارروائی میں 14 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 جوان شہید ہوئے تھے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال،حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی شہدا میں شامل ہیں۔

    بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی میں دو بچے اور خاتون شدید زخمی ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خودکش بم بار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی تھی، جوابی کارروائی میں 14 خوارج مارے گئے۔

    سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 11فتنہ الخوارج ہلاک

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

  • میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    میران شاہ: وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، ميران شاہ ميں وزير داخلہ کو علاقے کے مسائل پر بريفنگ دی گئی۔

    وزير داخلہ نے علاقے کے لیے نادرا کی 2 موبائل وین فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

    اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے شہری موبائل وین سے مستفید ہوسکیں گے، انگور اڈہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پاسپورٹ آفس بنائيں گے، پاسپورٹ، نادرا دفاتر ميں ميرٹ پر مقامی لوگ بھرتی کريں گے، خواتین کو بھی تربيت دے کر بھرتی کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ نے قبائلی عمائدین اور معززین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا ہے، آپ نے پاکستان کے بقا کی جنگ لڑی، قوم کو آپ پر ناز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا، جرگہ منعقد کرنے کے لیے بھی وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ جرگے کی روایت کا حامی ہوں، اس علاقے میں اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیئے، جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے سماجی خدوخال بہت منفرد ہیں، علاقائی قوانین کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے، علاقائی رسم و رواج کے مطابق قوانین بنانے کے لیے بات کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کر دیا ہے، پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر میں مقامی اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا، نادرا رجسٹریشن کے لیے 2 موبائل وینز فوری فراہم کریں گے۔ شناختی کارڈز کے فوری اجرا کے لیے انتظامات کر رہا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لیے امیگریشن کو آسان بنایا جائے گا، جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، شمالی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائے گی۔ علاقے کو ترقی دینے کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

  • امریکی سینیٹرکرس وین آج آزاد کشمیرکا دورہ کررہے ہیں

    امریکی سینیٹرکرس وین آج آزاد کشمیرکا دورہ کررہے ہیں

    اسلام آباد: امریکی سینیٹرکرس وین ہولین دورہ پاکستان پرموجود ہیں وہ آج مظفرآباد آزاد کشمیرجائیں گے، کرس ہولین نے گزشتہ روز میران شاہ کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹر کرس ہولین کشمیر کے اصل حالات جاننے کے لیے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب وادی کا دورہ کرنا چاہتے تھے تاہم بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان آئے ، حکومت ِ پاکستان نے انہیں آزاد کشمیر کا دورہ کرنے کے لیے انتظامات کرکے دیے۔

    امریکی سینیٹر کرس ہولین کا کہنا ہے کہ کشمیر سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مسلسل رپورٹس مل رہی ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا جائزہ لینے کے لیے مقبوضہ کشمیر جانا چاہتا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی حکومت کشمیر کے معاملات کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔،

    امریکی سینیٹر آج اسلام آباد سے ملتان پہنچے تھے جہاں انہوں نے صوفی بزرگ بہا الدین زکریا کے مزار پر حاضری دی۔ سینیٹر کرس نے امریکی سفیر پال جونز کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، پاکستان آکر خوشی ہوئی۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹرکاملتان آمد پرشکریہ ادا کیا، کرس وین آج مظفرآباد آزاد کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں ۔سینیٹر کرس نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ کےعرصے سے کرفیو جاری ہے اور وہاں اشیائے خوردو نو ش اور دواؤں کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے ، وادی کے اسکول بھی بند پڑے ہیں جس کے سبب طلبہ کا بھاری نقصان ہورہا ہے۔

    بھارت نے دو ماہ قبل اگست کے مہینے میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی درجہ دینےوالے آرٹیکل 370 اے کو منسوخ کرکے اسے اپنے میں ضم کرلیا تھااور وہاں آنے والے ممکنہ ردعمل کو روکنے کے لیے کرفیو نافذ کررکھا ہے ۔

  • پی ٹی ایم رہنما محسن داوڑ شمالی وزیرستان سے گرفتار

    پی ٹی ایم رہنما محسن داوڑ شمالی وزیرستان سے گرفتار

    اسلام آباد: پشتون تحفظ موومنٹ کے مفرور رہنما محسن داوڑ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، خڑ کمر چیک پوسٹ واقعے کے دن محسن داوڑ انسانی ڈھال کو استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مخالف پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ کو پاک افغان سرحدی علاقے شمالی وزیرستان سے ایک بڑے آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

    محسن داور اتوار کے روز خڑ کمر کےعلاقے میں پاک فوج کی چوکی پر حملے میں عوام کو اکسانے اور مسلح حملہ کرنے میں ملوث تھا۔ واقعے کے ردعمل میں فوج نے گرفتاریاں شروع کیں تو یہ موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

    پاک فوج کی چوک پوسٹ پر حملے کے ردعمل میں فوج نے پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر سمیت آٹھ شرپسندوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار شدگان پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملے اور وہاں موجود سپاہیوں کو زخمی کرنے میں کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ نشر و اشاعت کے مطابق میران شاہ کے علاقے میں بویا میں واقع خارکمر چیک پوسٹ پر اتوارکے روز حملہ کیا گیا تھا، حملے کا مقصد ایک روز قبل حراست میں لیے گئے مشتبہ دہشت گردوں کو رہائی دلانا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چوکی پر حملہ آور گروہ کی فائرنگ کے سبب 5فوجی اہلکارزخمی ہوئے ہیں جنہیں سی ایم ایچ ایچ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔فائرنگ کےتبادلےمیں 3حملہ آورمارےگئے جبکہ 10 زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل پی ٹی ایم رہنما علی وزیرنے جلسے میں کچھ عرصہ پہلے قومی اداروں کوکھلے عام دھمکیاں بھی دی تھیں کہ میں تمہیں ماروں گا، دوسری جانب محسن داوڑ نے روپوشی کے دوران ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے انٹرویو میں پاک فوج سے وزیرستان چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی اصلیت ظاہر کردی تھی۔

    شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے اس واقعے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کیا ہے کہ معصوم پی ٹی ایم کارکنوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چند افراد پی ٹی ایم کے معصوم کارکنوں کو استعمال کررہے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا تھا کہ مٹھی بھر افراد ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔

  • چیک پوسٹ حملہ ، سیکرٹری دفاع کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

    چیک پوسٹ حملہ ، سیکرٹری دفاع کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں سیکرٹری دفاع اکرام الحق نے قبائلی علاقے میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے سے متعلق بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطاب آج بروز منگل سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں دی گئی بریفنگ میں سیکرٹری دفاع اکرام الحق کا کہنا تھا کہ دوگا گاؤں سےہماری چیک پوسٹ پرگزشتہ ماہ دوبارحملہ ہوا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے 25 مئی کو 2مشتبہ افراد گرفتار کیے۔

    سیکرٹری دفاع کا کہناتھا کہ 26 مئی کو محسن داوڑ اوراس کے ساتھیوں نے دھرنا دے دیا، جس کے بعدمشران سے ملاقات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک مشکوک شخص کوچھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی جس کے بعد دھرنا ختم ہونے کا فیصلہ کیا گیا ۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مذاکرات کے بعد علی وزیر اورمحسن داوڑ نےفون کر کے دھرنا ختم نہ ہونے دیا، دونوں ایم این ایز وہاں پہنچے اورسیکیورٹی فورسز سےجھگڑا کیا۔دونوں کی سربراہی میں پہلےچیک پوسٹ پرپتھراؤ کیا گیا ، پھرفائرنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے5 جوان زخمی ہوئے لیکن افواج کی جانب سے تحمل کامظاہرہ کیا گیا۔

    اکرام الحق نے مزید بتایا کہ کچھ دیر بعد گروہ نے چیک پوسٹ پرحملہ کر دیا جس کا جواب دینا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    اس موقع پر سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئر مین ولید اقبال نے چیک پوسٹ پر حملے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں امن کے لیے صرف فوج نہیں قبائلیوں کی بھی قربانیاں ہیں،چندافراد کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فورسز کےساتھ ہیں کسی کوقبائلی علاقوں کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے،فاٹا کا دورہ کریں گے اور وہاں کے لوگوں سے ملیں گے۔

    اجلاس کے دوران سینیٹ کمیٹی کے اراکین نے مسلح افواج سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور محسن داوڑاورعلی وزیر کی ساتھیوں سمیت مسلح افواج پرحملے کی بھرپور مذمت کی۔

    یا درہے کہ 26 مئی کو پاک فوج کی چوکی پر حملہ آور گروہ کی فائرنگ کے سبب 5فوجی اہلکارزخمی ہوئے تھے۔فائرنگ کےتبادلےمیں 3حملہ آورمارےگئے جبکہ 10 زخمی بھی ہوئے تھے ۔

    بعد ازاں پاک فوج کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوج پر حملے کے الزام میں پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کو ان کے 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لیا گیا ہے جبکہ محسن داوڑ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ معصوم پی ٹی ایم کارکنوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چند افراد پی ٹی ایم کے معصوم کارکنوں کو استعمال کررہے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا تھا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل پی ٹی ایم رہنما علی وزیرنے جلسے میں کچھ عرصہ پہلے قومی اداروں کوکھلے عام دھمکیاں دی تھیں کہ میں تمہیں ماروں گا۔

  • میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ محمود خان

    میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ محمود خان

    میران شاہ: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے، میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔ لیویز اور خاصہ فورس کے مسائل پہلے اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں جلسے سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں آپ کے لیے کچھ کرنے آیا ہوں، لیویز اور خاصہ فورس کے مسائل پہلے اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے، میران شاہ میں بجلی کا مسئلہ حل کر رہے ہیں۔ بجلی کے مسائل کے حل کے لیے پیسکو سے بات کر رہے ہیں۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ میران شاہ کے لوگوں کو ملازمتیں دی جائیں گے، میران شاہ میں اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت بہتر کریں گے اور یہاں پر نوجوانوں کو سود سے پاک قرضہ دیں گے۔

    جلسے سے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد شخص تھے جنہوں نے افغانستان پر امریکی حملے کی مخالفت کی، عمران خان کا نظریہ ہے کہ افغانستان کا مسئلہ جنگ نہیں مذاکرات سے حل ہوگا۔

    مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے وزیرستان کے لوگوں سے کیے وعدے پورے کیے، وزیر اعظم عمران خان کا میران شاہ سے خصوصی رشتہ ہے۔ آج وزیرستان کے عوام کے لیے بہترین پیکج لے کر آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیرستان کے عوام کا درد رکھتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان وزیرستان کے مسائل کے حل کے لیے پر عزم ہیں۔

  • قبائلی عوام کے مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

    قبائلی عوام کے مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے، میجرجنرل آصف غفور

    میران شاہ : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں، عوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے، تمام معاملات مذاکرات سے حل کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا میں جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی ہدایت پر شمالی وزیرستان ایجنسی کےعلاقے میران شاہ میں جرگے کا انعقاد کیا گیا، شمالی وزیرستان میں تاجروں کے مالی نقصانات کے ازالے کے حوالے سے جرگہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے خصوصی شرکت کی۔

    اس موقع پر فاٹا حکام ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا، پولیٹیکل ایجنٹ اور تاجر نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ جرگے میں قبائلی عمائدین نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    جرگے سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں جو بات چیت سےحل نہ ہوسکے، قبائلی عوام نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں، ان ہی قربانیوں کے باعث آج فاٹا میں امن قائم ہوا، اب بہتر امن اور روزگار کے مواقع دے کر آگے بڑھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل میں ریاست، حکومت، فورسز سے زیادہ کسی کو فکر نہیں، دہشت گردوں کیخلاف آپریشنز مربوط پلاننگ کے تحت کئے گئے، آپریشنز کے ذریعے علاقوں کو دہشت گردی سے پاک کیا گیا۔

    جلسے، جلوسوں اور نعروں سے بہتر ہے کہ ہم اپنے علاقوں میں امن کو آگے لے کر بڑھیں، ہمیں ان مسائل کےحل کو ملک دشمن کی نذرنہیں ہونے دینا، اپنے علاقوں میں رہ کر حل کرنا ہے۔

    علاوہ ازیں جرگے میں تاجروں کے نقصانات کے تخمینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، نقصانات کاسروے مکمل ہونے کےبعد انتظامیہ فوری طور پر اس کا ازالہ کرے گی۔

    پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق نقصان کے ازالے تک کمیٹی ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی، میران شاہ، میرعلی بازاروں کیلئے دو کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، کمیٹیاں مقررہ مدت میں دکانداروں کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گی، عمائدین اور مشیران کے ساتھ مل کرعلاقے کا امن بحال رکھیں گے۔

    اس موقع پر تاجر رہنما صدر میران شاہ مارکیٹ محمد صدیق اور اجمل بلوچ کا انتظامیہ اورجرگے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے شکر گزار ہیں۔

    ہمارے مسائل مقامی نوعیت کے ہیں جسے حکومت ہی حل کرسکتی ہے، مسائل باہر سے نہیں بلکہ آپس میں مل بیٹھ کر حل ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہے تو ہم ہیں، علاقے میں قیام امن کی بحالی کے مخالفین کے ہاتھوں میں نہیں کھیلیں گے اور نہ ہی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم میں شریک ہوں گے۔

  • پاکستان الیون نےیوکےمیڈیا الیون کو133رنزسےشکست دے دی

    پاکستان الیون نےیوکےمیڈیا الیون کو133رنزسےشکست دے دی

    میران شاہ : شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیراہتمام ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان الیون نے یو کےالیون کو133رنزسے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں یونس خان اسٹیڈیم میں خیرسگالی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان الیون کے خلاف یوکے الیون نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

    پاکستان الیون نے یوکے الیون کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 253 رنز بنائے اور جیت کے لیے 254رنز کا ہدف دیا۔

    پاکستان الیون کی جانب سے دیے جانے والے ہدف کے تعاقب میں یوکے الیون کی پوری ٹیم 120 رنز پرڈھیر ہوگئی اور پاکستان الیون نے ٹی یہ ٹوئنٹی میچ 133 رنز سے جیت لیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یونس خان اسٹیڈیم میں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد، ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفورسمیت جی او سی وزیرستان اظہر اقبال عباسی بھی موجود ہیں۔

    یوکے الیون کے خلاف پاکستان الیون ٹیم میں شاہد آفریدی ، مشتاق احمد،انضمام الحق، کامران اکمل ، یونس خان ، جنید خان ،عمر گل، وجاحت اللہ واسطی اور ریاض آفریدی شامل ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ امن کپ سے ثابت کریں گے پاکستان پرامن ملک ہے۔

    واضح رہے کہ میران شاہ میں کھیلے جارہے اس نمائشی میچ کو دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں مقامی اسکولوں کے طالب علموں سمیت قبائلی عمائدین بھی موجود ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان اوریوکے میڈیا الیون کل میران شاہ میں مدمقابل ہونگی

    پاکستان اوریوکے میڈیا الیون کل میران شاہ میں مدمقابل ہونگی

    راولپنڈی : ورلڈ الیون ٹیم کے دورے بعد یو کے میڈیا الیون کی ٹیم بھی پاکستان آئیگی۔ پاکستان الیون کے خلاف خیر سگالی کرکٹ میچ کا میلہ کل میران شاہ میں سجے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے بعد وزیرستان کے کرکٹ کے میدان بھی آباد ہونگے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل میجر آصف غفور نے قوم کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے بعد یو کے میڈیا الیون کی ٹیم میران شاہ میں میچ کھیلےگی۔

    انہوں نے بتایا کہ میچ براہ راست نشر کیا جائےگا۔ خیر سگالی کرکٹ میچ میں پاکستان الیون اور یو کے میڈیا الیون کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میران شاہ میں امن میلہ سجے گا ،امن کپ کے ذریعے ہم ثابت کریں گے پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

    امن اورخوشحالی ہماری منزل ہے، کرکٹ میچ آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر منعقد کیا جارہا ہے۔ آرمی چیف نے فاٹا کے بہادر شہریوں کے ساتھ میچ کاوعدہ کیاتھا۔ میران شاہ کے یونس خان اسٹیڈیم میں خیر سگالی میچ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے ہورہا ہے۔

    پاکستان الیون میں انضمام الحق، یونس خان اورشاہد آفریدی جیسے اسٹارز ان ایکشن ہوں گے۔ میچ میران شاہ سے براہ راست نشر کیا جائےگا۔

  • فاٹا سے دہشت گرد نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا، آرمی چیف، شمالی و جنوبی وزیرستان کا دورہ

    فاٹا سے دہشت گرد نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا، آرمی چیف، شمالی و جنوبی وزیرستان کا دورہ

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے فاٹا سے دہشت گرد نیٹ ورک کا ہمیشہ کے لیے  خاتمہ کردیا،ہم اپنے مستقبل کی نسلوں کوایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دیں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور پاک فوج کے تحت مکمل کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے لئیق الرحمان کے مطابق آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب اور متاثرین کی بحالی کے آپریشن پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ متاثرین کی واپسی رواں سال مکمل کرلی جائے گی جس پر آرمی چیف نے متاثرین کی واپسی اور بحالی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    army-chief-post-1

    آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا فاٹا سےخاتمہ کردیا ہے اور ضرب عضب سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔

    آرمی چیف نے اپنے خطاب کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ نسلوں کو محفوظ اورمستحکم پاکستان دیں گے جہاں دہشت گردی کے بجائے تعلیم اور مہارت عام ہو گئی۔

    قبل ازیں آرمی چیف نے فاٹا میں پاک فوج کی جانب سے مکمل کرائے گئے مختلف ترقیقاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا اور اہلِ علاقہ کو تعمیراتی پروجیکٹس کی تکمیل پر مبارک باد دی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز احسان خٹک نے بتایا کہ آرمی چیف نے غلام خان تا افغانستان تجارتی شاہراہ اور یونس خان اسٹیڈیم کا افتتاح کیا جہاں دو مقامی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ بھی کھیلا گیا،اس موقع پرآرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔