Tag: میرحاصل بزنجو

  • آج پارلیمنٹ ہارگئی، یہاں بیٹھتے ہوئے شرم آتی ہے، میرحاصل بزنجو

    آج پارلیمنٹ ہارگئی، یہاں بیٹھتے ہوئے شرم آتی ہے، میرحاصل بزنجو

    اسلام آباد : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ اس ایوان میں بیٹھتے ہوئے مجھے شرم آتی ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں آج پارلیمنٹ ہارچکی ہے، مبارکباد کس چیز کی دوں؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ الیکشن کے بعد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے پہلے اجلاس میں ایوان کا ماحول کافی گرم رہا۔

    حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی، اس دوران میر حاصل بزنجو اور مولابخش چانڈیو میں تلخ کلامی بھی ہوئی، چیئرمین سینیٹ نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کروایا۔

    اجلاس سے انتہائی جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے میرحاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ تالیاں بجانے کی ضرورت نہیں میں سمجھتاہوں آج پارلیمنٹ ہارچکی ہے، اس ایوان میں بیٹھتےہوئے مجھےشرم آتی ہے، آج عملی طور پر ثابت ہوچکا ہے کہ بالادست طبقے پارلیمنٹ سے بالاتر ہیں۔

    ان کی تقریر کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ان سے کہا کہ آج صرف مبارکباد کا دن ہے لہٰذا صرف مبارکباد دیں جس پر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ مبارکباد کس چیزکی دوں؟ آج اس ہاؤس کا منہ کالا ہوگیا ہے، آج اس طبقے نے ثابت کردیا کہ ایوان بالا کو ہم منڈی بناسکتے ہیں، بلوچستان اور کے پی اسمبلی کو بھی منڈی بنا دیا گیا۔

    میر حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ آج پیپلزپارٹی یا ذوالفقارعلی بھٹو نہیں جیتا بلکہ بالادست طبقہ جیتا ہے، اس سے قبل جب میاں رضاربانی جیتے تھے تو بینظیر بھٹو اور ذوالفقارعلی بھٹو جیتے تھے، تقریر کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین صاحب آپ کو اور سلیم مانڈوی والا کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اراکین سے ووٹ مانگیں تو کہتے ہیں کہ ہم اچھے لوگ ہیں، پھر بعد میں کہتے ہیں کہ ہم مجبور ہیں، ملک کو جمہوریت کی راہ پر چلنے دیں، بین الاقوامی طور پر ہم اکیلے ہورہے ہیں، ہم باہم دست وگریباں ہونے جارہے ہیں، فیڈریشن کا جو حال بننے جارہا ہے وہ تاریخ کے بدترین دن ہونگے۔


    مزید پڑھیں: اپوزیشن اتحاد کے امیدوارمیرصادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب


    واضح رہے کہ ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات کے حتمی نتائج میں اپوزشن کے امیدوار میر صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل راجا ظفر الحق 46 ووٹ لے سکے۔ دوسری جانب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے سلیم مانڈوی والا 54 ووٹ لے کر کامیاب قرا پائے، ان کے مد مقابل عثمان کاکڑ 44 اراکین کا ووٹ حاصل کرپائے۔

  • وزیراعظم استعفیٰ نہ دیں حالات کا ڈٹ کرمقابلہ کریں، میرحاصل بزنجو

    وزیراعظم استعفیٰ نہ دیں حالات کا ڈٹ کرمقابلہ کریں، میرحاصل بزنجو

    کراچی: نیشنل پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میرحاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ بد دیانتی پر مبنی ہے، وزیر اعظم نوازشریف استعفیٰ نہ دیں اورحالات کا ڈٹ کرمقابلہ کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    حاصل بزنجو نے کہا کہ کچھ قوتیں اٹھارہویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہیں اور یہ وہی قوتیں ہیں جو وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ18ویں ترمیم کو رول بیک نہیں ہونے دینگے اس وقت پاکستان کیخلاف نئی پالیسیاں بن رہی ہیں، ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کھرے انسان ہیں وہ نواز شریف کا ہمیشہ ساتھ دیں گے، سب نواز شریف کو چھوڑ سکتے ہیں لیکن چودھری نثار نہیں۔

     انہوں نے کہا کہ پاناما کرپشن کا نہیں سیاسی کیس ہے اس لیے جے آئی ٹی رپورٹ بد نیتی پر مبنی ہے جو نواز شریف پر کرپشن کا ایک دھیلا بھی ثابت نہیں کر سکی، ایسی جے آئی ٹی سے تو نااہل ہی ہونا ہے، اب صادق اور امین کے مطلب ہی بدل چکے ہیں اگر مطلب سمجھ آجائے تو سب نااہل ہوجائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے یقین دلایا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے، ملک میں جمہوریت کو خطرہ ہوا تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔

    میر حاصل بزنجو نے کہا کہ چند پارٹیوں کے علاوہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں نواز شریف کے ساتھ ہیں وزیر اعظم پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں۔

  • ملک میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے، میرحاصل بزنجو

    ملک میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے، میرحاصل بزنجو

    چمن : نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں (را) اور ( خاد) کے ملوث ہونے کی باتیں فضول ہیں ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کیوں کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغر اچکزئی کے بھائی شہید عسکر خان اچکزئی ایڈوکیٹ کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    میر حاصل بزنجو نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ناقابل برداشت واقعہ ہے، یہ ہم سب کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دیگر ممالک کے لیے بھی بڑا مسئلہ ہے۔

    سانحہ کوئٹہ نے ہماری ریڑھ کی ہڈی توڑ کر رکھ دی۔ حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہم یکسو ہوکر فیصلہ نہیں کریں گے، ہمارا خون بہتا رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسی کوئی جگہ نہیں، جہاں دہشت گرد نہیں مگر کارروائی نہیں ہوتی۔

     

  • کرپشن ناسور ہے، ہرقسم کےاحتساب کیلئے تیارہیں، میرحاصل بزنجو

    کرپشن ناسور ہے، ہرقسم کےاحتساب کیلئے تیارہیں، میرحاصل بزنجو

    کوئٹہ : نیشنل پارٹی کےرہنما میرحاصل بزنجو نے کہا ہے کہ ہم ہرقسم کےاحتساب کیلئے تیارہیں۔ ایم پی ایز کے فنڈز کی جانچ کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔ کرپٹ لوگوں کوبرداشت نہیں کرینگے.

    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خزانہ کی گرفتاری کے بعدبلوچستان میں بھونچال آگیا، کرپشن کے الزامات کاجواب دینے کیلئے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میڈیا کے سامنے آگئے۔

    کوئٹہ میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبد المالک بلوچ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نینشنل پارٹی کے صدرمیر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ کرپشن کو ایک ناسورسمجھتے ہیں.

    میر حاصل بزنجو نے اپنے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی چھان بین کیلئے تین رکنی کمیٹی بنانے اور میگا کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں نیب سے تعاون کرنے کا اعلان کر دیا۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن اسکینڈل کےبعد خالد لانگو کواستعفے کی ہدایت کی تھی، ایک سوال کے جواب میں حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کل یا پرسوں نیب کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔ کسی کیخلاف کرپشن ثابت ہوئی توسب سےپہلےپارٹی ایکشن لےگی۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ریکوڈک کوکس نے فروخت کیا اس کا فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا۔

    عبدالمالک بلوچ کاکہنا تھا کہ ریکوڈک کیلئےلڑرہےہیں اس کی حفاظت کریں گے۔ نیب کی مدد کیلئےتیارہیں، اپنےاثاثےاگلے ہفتےمیں ظاہرکردیں گے۔