Tag: میرعلی

  • شمالی وزیرستان میں ایک اور گرلز  اسکول کوبارودی مواد سے اڑا دیا گیا

    شمالی وزیرستان میں ایک اور گرلز اسکول کوبارودی مواد سے اڑا دیا گیا

    میر علی‌ : شمالی وزیرستان میں ایک اور گرلز اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا، دھماکے سے قریبی گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں میرعلی کے گاؤں زیرکی میں گورنمنٹ گرلزمڈل اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے دھماکے سے قریبی گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعہ گزشتہ رات پیش آیا تھا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے میرعلی شمالی وزیرستان میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کو دھماکے سے اڑانے کا نوٹس لےلیا۔

    فیصل ترکئی نے بتایا کہ اسکول میں 255 طالبات زیرتعلیم تھیں، 7 کمرے مکمل منہدم ہوگئے ہیں تاہم ڈائریکٹر ایجوکیشن اورمتعلقہ ڈپٹی کمشنرکو تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسکول کودوبارہ جلد فعال کیا جائے گا، قبائلی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں، ایسے واقعات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوتے، تعلیمی اصلاحات جاری رہیں گی۔

    وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم اولین ترجیح ہے، کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

  • شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران لانس نائیک جمشید شہید

    شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران لانس نائیک جمشید شہید

    شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران لانس نائیک جمشید خان شہید ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کےعلاقے میرعلی میں دہشت گردوں سے جھڑپ ہوئی جس میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    دوران جھڑپ لانس نائیک جمشید خان دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ علاقےمیں ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

  • میرعلی میں  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،  2 دہشت گرد ہلاک

    میرعلی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ، 2 دہشت گرد ہلاک

    پشاور:سی ٹی ڈی بنوں ریجن، پولیس اورحساس اداروں نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تاہم دیگر دہشت گرد فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں ریجن، پولیس اورحساس اداروں نے میرعلی کے گاؤں بوب علی سپین وام کے حدود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے چھاپہ مارٹیموں پراچانک فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے ایس ایم جی، ہینڈگرنیڈ، میگزین اورکارتوس برآمد ہوئے تاہم دیگر دہشت گرد رات کے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    حکام کے مطابق فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری ،بم دھماکوں،فورسزپرحملوں میں ملوث تھے ، دہشت گردوں کاتعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے لوکل کمانڈر سے ہے۔