Tag: میرپور آزادکشمیر

  • نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے والے 10 ایجنٹ گرفتار

    نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے والے 10 ایجنٹ گرفتار

    میرپور: یونان کشتی حادثے کے بعد حکومت جاگ گئی، نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے والے 10 ایجنٹ گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزادکشمیر میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا گیا، یونان کے افسوس ناک کشتی حادثے نے انتظامیہ کو جاگنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد چوہان نے بتایا کہ نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے والے دس ایجنٹ گرفتار کر لیے گئے ہیں، جن کے خلاف تھانہ کھوئی رٹہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ حادثے کی شکار کشتی میں کھوئی رٹہ کے 24 سے 26 لوگ شامل تھے۔

    گزشتہ روز ایف آئی اے ایمیگریشن نے پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر روانہ کرنے میں ملوث انسانی اسمگلر ایجنٹ ساجد محمود کو بھی گرفتار کیا تھا، ساجد آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

  • عثمان بزدار کا نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح

    عثمان بزدار کا نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح

    میرپور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میرپور آزاد کشمیر بھونگ میں نہر اپر جہلم کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا جہاں انھوں نے اسپل وے کھولنے کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہیڈ ریگولیٹر پر پانی کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا، محکمہ آب پاشی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو زلزلے سے پہلے اور بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زلزلے سے نہر اپر جہلم کا ایک پل مکمل تباہ ہوا تھا جب کہ پانچ پلوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا، دو سائفن بھی زلزلے سے شدید متاثر ہوئے تھے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ نہر اپر جہلم سے 8 اضلاع کو آب پاشی کے لیے فراہمی کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے، اس نہر سے 18 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں شدید تباہی، سڑکوں پر گہرے شگاف

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا تو سب سے پہلے میں یہاں آیا، میں نے زلزلے سے تباہ ہونے والی نہر بھی دیکھی تھی، اور محکمہ آب پاشی کو فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کی ہدایت کی تھی۔

    انھوں نے کہا نہر اپر جہلم کی بحالی کے کام میں حصہ لینے والی ٹیم شاباش کی مستحق ہے جس نے 2 ہفتوں میں نہر میں پانی کی فراہمی کو بحال کیا۔

    یاد رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیش تر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیلی۔

    زلزلے سے میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے تھے اور سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئی تھیں، بتایا گیا تھا کہ نہر کو نقصان نہیں پہنچا۔