Tag: میرپور آزاد کشمیر

  • خاتون زیادتی کے بعد قتل، ملزمان نے دھوکے سے بلایا

    خاتون زیادتی کے بعد قتل، ملزمان نے دھوکے سے بلایا

    میرپور آزاد کشمیر : تھانہ اسلام گڑھ کی حدود میں خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی میرپور آزاد کشمیر خرم اقبال نے بتایا کہ تھانہ اسلام گڑھ کی حدو درڑاہ بڑجن سے ایک خاتون کی لاش ملی ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان نے خاتون سے زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

    خاتون کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، مقتولہ کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔

    ایس ایس پی خرم اقبال کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فون کرکے مقتولہ کو فیصل آباد سے اسلام گڑھ کے قریب بلایا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اطلاع ملنے کے 5 گھنٹے کے دوران دونوں ملزمان کو پلاہل سے گرفتار کرلیا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں زلزلے کے شدید  جھٹکے

    میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    میر پور: آزاد کشمیر کے شہر میرپور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کاکہنا ہے کہ زلزلہ کی شدت2.9 اور اورگہرائی35کلومیٹر ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز جنڈ سے 9 کلو میٹر شمال مشرق میں تھا۔

    تاحال زلزلے سے کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی دارلحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان میں تھا اور زلزلے کی گہرائی بتیس کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

    حالیہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے کے واقعات سامنے آئے، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔

  • آزاد کشمیر میں کرونا سے 3 خواتین جاں بحق

    آزاد کشمیر میں کرونا سے 3 خواتین جاں بحق

    میرپور: آزاد کشمیر میں کرونا وائرس میں مبتلا 3 خواتین انتقال کر گئیں۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں کرونا کی دوسری لہر شدید ہے، اس لیے عوام احتیاط کریں، آج تین خواتین کا کو وِڈ نائنٹین کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، جب کہ 100 علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

    دریں اثنا، میرپور آزاد کشمیر میں کرونا صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع میرپور میں داخل ہونے اور باہر جانے کے لیے معقول وجہ بتاناہوگی۔

    ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 25 مریض جاں بحق

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق میرپور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی جائیگی، جس کے لیے پولیس افسران اور مجسٹریٹ تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ میرپور میں کرونا کی پہلی لہر کے دوران پہلا کیس  مارچ میں سامنے آیا تھا، جب کہ پہلے مریض کا انتقال 23 مارچ کو ہوا تھا۔ تاہم اب دوسری لہر کے دوران ایک بار پھر کرونا نے شدت پکڑ لی ہے، چند دن قبل 2 ماہر ڈاکٹروں اور 2 حقیقی بھائیوں سمیت 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • مودی ناجائز طریقے سے کشمیر کا تشخص مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر خارجہ

    مودی ناجائز طریقے سے کشمیر کا تشخص مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر خارجہ

    میرپور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نریندر مودی ناجائز طریقے سے کشمیر کا تشخص مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میر پور میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر عالمی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میرپور کے لوگوں نے پاکستان کے لیے بہت قربانیاں دیں، جو میرپور میں ترقی ہے وہ ولوگوں کی اپنی محنت ہے کسی حکومت کی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، ہمیں آپس میں نظریاتی مسئلے میں نہیں الجھنا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ آج میرپور کے پنڈال میں دنیا کشمیر کا پرچم دیکھ رہی ہے، آج دنیا دیکھ رکھ رہی ہے میرپور میں پاکستان کا پرچم بھی لہرا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی ناجائز طریقے سے کشمیر کا تشخص مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، مودی کو پیغام دے دیں یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہے ہو۔

    شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ آزاد وجموں کشمیر کے لوگوں،کیا تم مودی کو تشخص مٹانے کی اجازت دوگے؟ کیا مودی کشمیریوں کا تشخص مٹا سکتا ہے؟

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نقشے میں کھینچی گئی لکیریں دلوں کو جدا نہیں کرسکتیں، وقت،تاریخ،کشمیریوں کا لہو بتائےگا یہ مٹ سکتے ہیں مگر جھک نہیں سکتے۔

  • عثمان بزدار کا نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح

    عثمان بزدار کا نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح

    میرپور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اسپل وے کھولنے کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میرپور آزاد کشمیر بھونگ میں نہر اپر جہلم کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا جہاں انھوں نے اسپل وے کھولنے کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہیڈ ریگولیٹر پر پانی کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا، محکمہ آب پاشی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو زلزلے سے پہلے اور بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زلزلے سے نہر اپر جہلم کا ایک پل مکمل تباہ ہوا تھا جب کہ پانچ پلوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا، دو سائفن بھی زلزلے سے شدید متاثر ہوئے تھے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ نہر اپر جہلم سے 8 اضلاع کو آب پاشی کے لیے فراہمی کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے، اس نہر سے 18 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں شدید تباہی، سڑکوں پر گہرے شگاف

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا تو سب سے پہلے میں یہاں آیا، میں نے زلزلے سے تباہ ہونے والی نہر بھی دیکھی تھی، اور محکمہ آب پاشی کو فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کی ہدایت کی تھی۔

    انھوں نے کہا نہر اپر جہلم کی بحالی کے کام میں حصہ لینے والی ٹیم شاباش کی مستحق ہے جس نے 2 ہفتوں میں نہر میں پانی کی فراہمی کو بحال کیا۔

    یاد رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیش تر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیلی۔

    زلزلے سے میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے تھے اور سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئی تھیں، بتایا گیا تھا کہ نہر کو نقصان نہیں پہنچا۔

  • میرپور آزاد کشمیر میں کنٹینر میں ریڈیو پاکستان کے دفتر کا قیام

    میرپور آزاد کشمیر میں کنٹینر میں ریڈیو پاکستان کے دفتر کا قیام

    میر پور : معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا میرپور میں ریڈیو پاکستان کا دفترکنٹینر میں شفٹ کیا جا رہا ہے، ریڈیوپاکستان مقبوضہ کشمیر میں قید بہن بھائیوں تک آواز پہنچاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میر پور آزاد کشمیر ریڈیو پاکستان کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

    حالیہ زلزلے میں میرپور آزاد کشمیر ریڈیو کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا اور ریڈیو میر پور نے کنٹینر میں اپنی نشریات جاری رکھیں ہوئی ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے میرپور میں کنٹینرمیں ریڈیو پاکستان کے قیام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا میرپور میں ریڈیو پاکستان کا دفترکنٹینر میں شفٹ کیا جا رہا ہے، ریڈیو پاکستان سےہماری آواز سری نگر اور مقبوضہ کشمیر تک جاتی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ریڈیوپاکستان مقبوضہ کشمیر میں قید بہن بھائیوں تک آواز پہنچاتا ہے، بھارت نےکشمیری بہن بھائیوں کی میڈیا تک رسائی بند کر رکھی ہے، کشمیری اپنے خون سے آزادی کی تاریخ لکھ رہے ہیں ہمیں ان پر فخر ہے۔

  • گھریلو جھگڑے کے بعد خاتون کا بچیوں سمیت اقدام خود کشی، دو جاں بحق

    گھریلو جھگڑے کے بعد خاتون کا بچیوں سمیت اقدام خود کشی، دو جاں بحق

    میرپور آزاد کشمیر : شوہر سے جھگڑے کے بعد خاتون نے پانچ بچیوں سمیت زہریلی گولیاں کھالیں، دو بچیاں دوران علاج دم توڑ گئیں باقی کی حالت تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے علاقے چوکی سماھنی میں شوہر اور بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا، اس دوران بات اتنی بڑھی کہ خاتون ناہید اختر نے دلبرداشتہ ہوکر5بچیوں سمیت زہریلی گولیاں کھالیں۔

    جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی، متاثرین کو فوری طور پر میرپوراسپتال منتقل کیاگیا، جہاں دو بچیاں دوران علاج دم توڑ گئیں۔

    جاں بحق ہونے والی بچیوں میں8سال کی حمیدہ،6سال کی تھیلیسیمیا کی مریضہ تحریم شامل ہے، جبکہ دیگر زخمیوں میں دس سال کی ماہ نور،پانچ سال کی عائشہ اوردو ماہ کی حریم کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

  • میر پور آزاد کشمیر میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    میر پور آزاد کشمیر میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    میر پور آزاد کشمیر: آزاد کشمیر کے علاقے میر پور میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ مزید 2 بچے اور ان کے ماں باپ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ میرپور کے علاقے مجاہد ٹاؤن بن خرماں میں پیش آیا جہاں ایک مکان کی چھت گر پڑی۔ حادثے میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمر 3 سے 13 سال تک تھی۔ واقعے میں بچوں کے ماں باپ اور 2 مزید بچے زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد اہل علاقہ نے جاں بحق بچوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں کے بعد چھت گرنے کے بھی بے شمار واقعات پیش آئے۔ شدید بارش اور برفباری سے اوتھل میں مکان کی چھت گرگئی جس سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور 7 بچے زخمی ہوگئے۔

    اس سے قبل بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • پاکستان میزائل ٹیکنالوجی میں تیسرے نمبرپرہے، ڈاکٹرثمرمند مبارک

    پاکستان میزائل ٹیکنالوجی میں تیسرے نمبرپرہے، ڈاکٹرثمرمند مبارک

    میرپور آزاد کشمیر : ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مند مبارک نے کہا ہے کہ امریکہ اور روس کے بعد پاکستان کامیزائل سسٹم جدت کے لحاظ سے تیسرے نمبرپرہے، دنیا نہیں جانتی کہ ہم اقبال کے شاہین ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور آزاد کشمیر میں کامسٹ یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جدید نیوکلیئر میزائل نصر ہے جو امریکہ کے پاس بھی نہیں ہے۔ میڈیا پر دکھایا جانے والا چہرہ اصل نہیں پاکستانی قوم کا اصل چہرہ باصلاحیت نوجوان ہیں۔

    ڈاکٹرثمر مند مبارک نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت فوج تھی نہ وسائل مگر اس وقت بھی پاکستان دنیا کی چھٹی ایٹمی اور پہلی اسلامی ایٹمی طاقت تھا۔ دشمن پاکستان کےخلاف کسی مہم جوئی سے پہلے ہزار مرتبہ سوچتا ہے۔

    مغرب حیران ہے کہ غربت ناخواندگی اور مسائل میں جکڑی قوم میزائل ٹیکنالوجی میں تیسرے نمبر پر ہے، عراق دنیا میں تیل کی تیسری بڑی منڈی ہونے کے باوجود اپنا دفاع نہ کرسکا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے لائن آف کنٹرول پر ایک بھی کشمیری شہید ہوتا ہے تو ہمارے دل غمزدہ ہوجاتے ہیں۔

  • ملک وزیراعظم کے بغیر چل سکتا ہے تو اس عہدے کی کیا ضرورت ہے، بلاول

    ملک وزیراعظم کے بغیر چل سکتا ہے تو اس عہدے کی کیا ضرورت ہے، بلاول

    بھمبھر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ملک وزیر اعظم کے بغیر چل سکتا ہے تو پھر اس عہدے کی کیا ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداردی نے میرپور آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ چند سیاست دان کہتے ہیں کہ سیاست بلاول بھٹو کے بس کی بات نہیں ہے، جو لوگ مجھے سیاست میں تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں میں ان کے چیلنج کو قبول کرتا ہوں ‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج 21 جون کے روز اللہ نے اسلامی دنیا کو ایسی خاتون دی جو مکمل بے نظیر تھی، آج کے دن سورج زیادہ دیر تک چمکتا ہے اور اپنے بے نظیر ہونے کا ثبوت دیتا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا بطور ماں، بیوی، بہن، بیٹی اور سیاسی کردار میں وہ بے نظیر ہی تھی، بی بی شہید نے اسلامی دنیا میں پہلی خاتون وزیر اعظم بن کر اُن لوگوں کو پیغام دیا جو عورت کی حکمرانی کے مخالف ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ میں سیاست کو عبادت کا درجہ دیتا ہوں، میری جدوجہد غریبوں، کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں اور مظلوموں کے لیے ہے اور یہی بھٹو کا نظریہ بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا پر خبریں نشر کی جارہی ہیں کہ پیپلزپارٹی ختم ہونے والی ہے مگر جلسوں میں عوامی تعداد سے اندازہ لگائیں کہ حقیقت کیا ہے؟ میں سندھ کے جس صوبے میں بھی گیا عوام نے میرا شاندار استقبال کیا، ابھی تو ٹریلر ہے اب پیپلزپارٹی کے پی کے ، بلوچستان اور پنجاب کے اضلاع میں بڑے جلسے کرے گی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف نے میثاق جمہوریت کے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا اگر اس کا نفاذ ہوتا تو اداروں کی صورتحال قدرے مختلف ہوتی۔

    مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’ تخت شریف جمہوریت کا نام نہیں ہے بلکہ ان کا رویہ بادشاہت کی عکاسی کرتا ہے۔