سری نگر: حریت پسند کشمیری لیڈر میر واعظ عمر فاروق نے عمران خان کی تقریر پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کا حل بات چیت سے نکالنے کا بیان خوش آئند ہے۔
کشمیری رہنما نے سوشل رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان نے کشمیریوں کے درد و کرب کو محسوس کیا ہے، پی ٹی آئی لیڈر کا بیان خوش آئند ہے۔
میر واعظ عمر فاروق نے روایتی ہٹ دھرمی کے لیے مشہور بھارت سے امید وابستہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’امید ہے بھارتی حکومت ان کے بیان کا مثبت جواب دے گی۔‘
کشمیری عوام کے درد و کرب کو محسوس کرتے ہوئے اس دیرینہ مسلۂ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان صاحب کا بیان خوش آئیند -کشمیری عوام اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت ہند اسکا مثبت جواب دے گی-
— Mirwaiz Umar Farooq (@MirwaizKashmir) July 26, 2018
حریت رہنما میر واعظ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے سلسلے میں عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
عمران خان کا خطاب، متوقع پالیسیوں پر اظہار خیال، دھاندلی الزامات کی تحقیقات کی پیش کش
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خطاب کو عالمی میڈیا نے نمایاں طور پر نشر کیا اور ان کی تقریر کو پاکستان کے اگلے متوقع وزیرِ اعظم کی طرف سے ایک مثبت تقریر قرار دیا جارہا ہے تاہم بھارتی میڈیا اپنی روایتی شر انگیزی برقرار رکھتے ہوئے اس پر تنقید کر رہا ہے۔
کیا عمران خان خارجہ پالیسی میں ’تبدیلی‘ لاسکیں گے
دوسری طرف عمران خان نے اپنی تقریر میں بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا عندیہ دیا اور بھارت کے ساتھ بالخصوص تجارتی تعلقات بڑھانے کی بات کی، تاہم انھوں نے آگے بڑھنے کے لیے کشمیر کے پُر امن حل کی بھی بات کی جو شاید بھارت کے لیے قابل قبول نہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔