Tag: میر پور آزاد کشمیر

  • میر پور آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی

    میر پور آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی

    مظفر آباد: دو روز قبل کے زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 اور گہرائی 12 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز جہلم سے 6 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ یہ گزشتہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس تھے اور ان کا سلسلہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    حالیہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میر پور آزاد کشمیر کے مضافاتی علاقوں میں مکانات گرنے کے واقعات سامنے آئے، مکانات گرنے سے مزید 50 افراد زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں میں زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • عمران خان نے غدار اور لوٹے پی ٹی آئی میں جمع کرلئے، راجہ پرویز اشرف

    عمران خان نے غدار اور لوٹے پی ٹی آئی میں جمع کرلئے، راجہ پرویز اشرف

    میر پور آزاد کشمیر : پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نےکہاہے کہ عمران خان کا دل بڑا ہے جو سارے جہاں کے لوٹےاور بھگوڑوں کوپارٹی میں شامل کرلیا۔

    ان خیالات کا اظہار پی پی رہنماؤں نے میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا ۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقیدکی، ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کھڑے ہوکر کشمیر کی بات نہ کرنا غداری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سارے ملک کے غدار اور لوٹے اپنی پارٹی میں جمع کرلئے ہیں۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کی بات کرنے والے اب مذاکرات کے منکر ہیں۔

    پارٹی رہنماؤں کاکہنا تھاکہ اقوام متحدہ کو اپنی ساکھ بچانے کیلئے کشمیر کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔

  • کراچی میں جلسہ کرکے الطاف حسین کو شکست دوں گا، عمران خان

    کراچی میں جلسہ کرکے الطاف حسین کو شکست دوں گا، عمران خان

    میر پور آزاد کشمیر : عمران خان نے کہا ہے کہ آج میر پور کے جلسہ میں لوگوں کی تعداد دیکھ کر الطاف حسین کا جلسہ یاد آگیا،لیکن ان جلسوں میں زندہ لاشیں بیٹھی ہوتی ہیں کیونکہ جلسوں میں عوام کو زبردستی لایا جاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر پور آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اگلا جلسہ کراچی میں کر کے الطاف حسین کو شکست دوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا،عمران خان نے نواز شریف، آصف زرداری اور الطاف حسین پر بھرپور حملے کئے۔

    کہتے ہیں دونوں بھائیوں کی پارٹنر شپ توڑدی اوراب فرعون کی طرح الطاف حسین کا بھی وقت آ گیاہے، ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی کراچی میں بھی جلسہ کرکے الطاف حسین کو شکست سے دو چار کروں گا۔

    عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائیوں کا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہے،اور یہ پیسہ عوام کی جیبوں سے نکالا گیا۔

    انہوں نے میر پور آزاد کشمیر کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرسٹر سلطان کو ووٹ دے کر تحریک انصاف کو مظبوط کریں۔