Tag: میزائل تجربہ

  • جاپان کا 80 سال میں پہلا کامیاب میزائل تجربہ

    جاپان کا 80 سال میں پہلا کامیاب میزائل تجربہ

    ٹوکیو : جاپان نے 80 سال میں پہلی بار اپنی سر زمین پر میزائل کا تجربہ کیا ہے، جس کی رینج 62 میل ہے۔

    خبر رساں ایجنسی اے پی کی ایک رپورٹ کے مطابق ہوکائیڈو جزیرے پر زمین سے جہاز تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق جاپانی فوج اپنے فوجی ڈھانچے کو مضبوط بنا رہی ہے، جاپان نے گزشتہ میزائل تجربات امریکہ اور آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کیے تھے۔

    یہ تجربہ جاپان کے شمالی علاقے ہوکا ئیڈو میں کیا گیا، جہاں "ٹائپ 88” نامی ایک میزائل کو ایک خالی کشتی پر داغا گیا جو ساحل سے 40 کلومیٹر دور تھی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ میزائل زمین سے سمندر میں مار کرنے والا ہے اور اس کا فاصلہ تقریباً 100 کلومیٹر (62 میل) ہے۔

    اس حوالے سے جاپان کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ کامیاب رہا اور آئندہ اتوار تک ایک اور میزائل تجربہ بھی متوقع ہے۔

    اس تجربے کے خلاف درجنوں افراد نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے تجربات سے ایشیا میں کشیدگی بڑھے گی اور جاپان جنگ میں شامل ہوسکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ قدم جاپان کی نئی دفاعی پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد چین کی بڑھتی ہوئی سمندری سرگرمیوں کو روکنا ہے۔ جاپان کو چین اور روس کی مشترکہ فوجی مشقوں پر بھی تشویش ہے جو جاپانی سمندری علاقوں کے قریب ہو رہی ہیں۔

  • شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کرلیا

    شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ کرلیا

    شمالی کوریا کی جانب سے مشرقی سمندر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فائر کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ شمالی کوریا کا اس سال کا پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ ہے۔ میزائل تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی وزیرِ خارجہ جنوبی کوریا کے دورے آئے ہوئے ہیں۔

    امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کی گئی ہے۔

    اس سے قبل شمالی کوریا نے روس کیساتھ دفاعی معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے 11 ہزار فوجیوں کو یوکرین کیخلاف روس میں تعینات کر دیا۔ معاہدے کے مطابق شمالی کوریا یا روس پر حملہ ہوتا ہے تو دونوں ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔

    ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان بڑھے فوجی تعاون پر واشنگٹن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے تربیت کے لیے 1500 خصوصی فوجی دستے روس بھیج دیے ہیں، اور ممکنہ طور پر ان کو یوکرین کی جنگ میں لڑنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، 200 فلسطینی شہید

    جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلیجنس سروس نے کہا کہ وہ یوکرین کی انٹیلیجنس سروس کے ساتھ کام کر رہی ہے، اور انھوں نے مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونیٹسک میں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے شمالی کوریائی فوجیوں کے چہروں کی شناخت کی ہے، یہ فوجی روسی میزائل بردار افواج کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

  • شمالی کوریا کا نئے سولڈ فیول ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ

    شمالی کوریا کا نئے سولڈ فیول ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا نے درمیانی فاصلے کے حامل نئے سولڈ فیول ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

    شمالی کوریائی خبر ایجنسی KCNA کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔

    کم جونگ ان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مختلف فاصلے کے تمام ٹیکٹیکل، آپریشنل اور اسٹریٹجک گریڈ میزائلوں کو مکمل سولڈ فیول میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل شمالی کوریا نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل کا بھی تجربہ کیا تھا۔

    چین میں طوفانی بارشوں سے متعدد ہلاک ۔۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا میزائل اور جوہری ہتھیار بنانے میں مصروف ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹھوس ایندھن والے میزائل مائع ایندھن کی مختلف حالتوں کے مقابلے میں تیزی سے لانچ کئے جاسکتے ہیں۔

  • ناکام میزائل تجربے پر جنوبی کورین فوج نے معافی مانگ لی

    ناکام میزائل تجربے پر جنوبی کورین فوج نے معافی مانگ لی

    سیول: امریکا اور جنوبی کوریا نے مل کر حریف شمالی کوریا کو میزائل تجربے کے ذریعے بڑا جواب دے دیا، تاہم ایک ناکام میزائل تجربے پر جنوبی کورین فوج نے معافی مانگ لی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد امریکا اور جنوبی کوریا نے جاپان کے سمندر میں زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل فائر کیے ہیں۔

    گزشتہ روز شمالی کوریا نے جاپان کے اوپر سے 4 بیلسٹک میزائل داغ دیے تھے، 2017 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب پیانگ یانگ نے جاپان پر سے میزائل داغے۔

    پیانگ یانگ کے میزائل تجربات کے بعد امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی طرف سے بھی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا اور مشترکہ فوجی مشقیں کی گئیں، اتحادیوں کی جانب سے غیر معمولی رد عمل دکھاتے ہوئے ایک امریکی سپر کیریئر نے شمالی کوریا کے مشرق میں نئی پوزیشن سنبھالی، اور میزائل داغے گئے۔

    تاہم، اس دوران جنوبی کوریا کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل ناکام ہو کر گر کر تباہ ہو گیا، بی بی سی کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے مشترکہ مشق کے دوران ناکام میزائل تجربے کے بعد ساحلی شہر گنگنیونگ کے رہائشیوں میں خطرے کی گھنٹی بجانے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔

    جنوبی کورین فوج نے اس واقعے کو 7 گھنٹوں کو تسلیم نہیں کیا، تاہم بعد میں فوج نے میزائل لانچ کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے معافی مانگی، اور کہا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، فوج کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کے ساتھ لانچ کیے گئے میزائلوں سے الگ تھا۔

  • شمالی کوریا کے اخبار نے میزائل تجربے کی تصدیق کر دی

    شمالی کوریا کے اخبار نے میزائل تجربے کی تصدیق کر دی

    پیانگ یانگ: شمالی کوریائی میڈیا نے تصدیق کر دی ہے کہ ملک نے آواز سے کئی گنا تیز رفتار میزائل تجربہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے حکمران ورکرز پارٹی کے اخبار رودونگ سنمُن نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ اس کے ملک نے نئے تیار کردہ، آواز سے کئی گنا تیز رفتار میزائل کا منگل کی صبح پہلی مرتبہ تجربہ کیا۔

    خبر کے مطابق شمالی کوریا نے ‘ہواسونگ 8’ میزائل شمالی صوبے جاگانگ سے لانچ کیا تھا، جس سے قبل پارٹی کے ایک اعلیٰ عہدے دار اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کِم جونگ اُن کے قریبی مشیر پاک جونگ چون نے میزائل لانچ کا مشاہدہ کیا۔

    دفاعی سائنس دانوں نے میزائل کی پرواز کے راستے کے کنٹرول اور استحکام کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا، انھوں نے میزائل کی رہنمائی کرنے والے نظام کی پینترے بازی اور الگ ہو کر گلائیڈ کرنے والے وارہیڈ کی خصوصیات، اور دیگر تکنیکی تفصیلات کی جانچ بھی کر لی۔

    شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل تمام مطلوبہ معیارات پر پورا اترا ہے، اور میزائل تجربہ ملکی دفاعی صلاحیت کی مزید بہتری میں اسٹریٹیجک اہمیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ جاپان کے دفاعی وہائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ ہائپرسونک میزائل ایک ایسا ہتھیار ہے، جو ماک فائیو سے زیادہ تیز رفتاری سے پرواز کرتا ہے، یہ آواز کی رفتار سے 5 گنا زیادہ تیز رفتار ہے۔

  • شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    پیانگ یانگ: جنوبی کوریا کی جانب سے آب دوز لانچ ہونے کے چند ہی گھنٹے بعد شمالی کوریا کی طرف سے بھی ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادھر اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر نے میزائل تجربات کے خلاف امریکی پالیسی کو مسترد کیا، اور ادھر شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا۔

    جنوبی کوریا کی ملٹری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج نے ملک کے مشرقی ساحل کی جانب ایک ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ داغا ہے، جب کہ جاپانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔

    میزائل کا تجربہ کرنے سے کچھ دیر پہلے ہی شمالی کوریا کے سفیر کم سانگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ان کے ملک کو قانونی دفاع کے حق سے کوئی بھی محروم نہیں رکھ سکتا، اور ان کے ملک کو میزائل تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔

    ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا میزائلوں کا یہ تیسرا تجربہ ہے، اس سے قبل اس نے ایک کروز میزائل اور دو بیلسٹک میزائلز کا تجربہ کیا تھا، واضح رہے کہ اقو ام متحدہ نے شمالی کوریا پر میزائلوں کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    میزائل کے تجربے کے فوراً بعد جنوبی کوریا کی حکومت نے قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ طلب کی اور میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ ایک کم فاصلے تک پہنچنے والا میزائل تھا اور شمالی کوریا نے ایسے وقت اس کا تجربہ کیا ہے جب کوریا جزیرہ نما میں سیاسی استحکام کی صورت حال بہت نازک ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ نے بھی میزائل تجربے کی مذمت کی ہے اور پیانگ یانگ سے مذاکرات کی اپیل کی ہے۔

  • شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ، امریکا کا ردعمل

    شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ، امریکا کا ردعمل

    واشنگٹن: امریکا نے شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کو عالمی برادری کے خطرہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ اسے شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے کے تعلق سے اطلاع موصول ہوئی ہے اور وہ اس طرح کی سرگرمیوں کو عالمی برادری کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔

    کورین سینٹرل نیوز ایجنسی ( کے سی این اے) نے پیر کی صبح کو بتایا کہ شمالی کوریا نے ہفتے کے آخر میں طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحت رکھنے والے ایک نئی طرح کے کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

    امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگون‘ نے کہا کہ ہم ڈی پی آر کے کروز میزائل لانچ ہونے کی رپورٹ سے آگاہ ہیں، ہم صورت حال پر نظر رکھیں گے اور اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

    پینٹاگون نے شمالی کوریا کی عسکری سرگرمیوں کو ’اپنے پڑوسیوں اور عالمی برادری کے لیے خطرے‘ کو بڑھانے والا قرار دیا اور کہا کہ امریکا جنوبی کوریا اور جاپان کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔

    کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا نے ہفتے اور اتوار کو نئے میزائلوں کا تجربہ کیا، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ان کروز میزائلوں نے ہدف کو نشانہ بنانے سے پہلے 1500 کلومیٹر (932 میل) اڑان بھری، دو سال کی تیاری اور تحقیق کے بعد کیا گیا یہ تجربہ کامیاب رہا۔

  • ترکی: میزائل کا کامیاب تجربہ، امریکا کو تشویش لاحق

    ترکی: میزائل کا کامیاب تجربہ، امریکا کو تشویش لاحق

    انقرہ: ترکی نے روس سے حاصل کردہ ’ایس 400‘ فضائی دفاعی نظام کے تحت ایک دیسی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، جس کے بعد ترکی کا دفاعی نظام اور مستحکم ہو گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز ترک وزارتِ دفاع نے بحر اسود کی فضا میں ایک میزائل تجربہ کیا جو کامیاب رہا، یہ میزائل روس کے ’ایس 400‘ دفاعی نظام کے تجربے کا حصہ ہونے کی وجہ سے امریکا نے اس پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں وائٹ ہاؤس سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ ترک اعلیٰ قیادت نے میزائل سسٹم کو آپریشنل نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس کی خلاف ورزی پر سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ روس سے حاصل کردہ ایس 400 دفاعی نظام پر ترکی اور امریکا کے درمیان سخت کشیدگی رہی ہے، اس سلسلے میں امریکا کی جانب سے یہ مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ نیٹو کے کسی رکن ملک کا روس سے جدید ترین اسلحہ خریدنا نیٹو ممالک کے لیے خطرہ ہے۔

    ترک صدر کا آذربائیجان کی مدد کے حوالے سے دو ٹوک اعلان

    روس سے اس میزائل سسٹم کی خریداری کے سبب امریکا نے ایف 35 جنگی طیارے تیار کرنے کے ایک مشترکہ منصوبے کے لیے ترکی کے ساتھ ڈیل بھی منسوخ کر دی تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رجب طیب اردوان کو روس سے دفاعی نظام خریدنے پر پابندیاں لگانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

  • شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، خطے میں سنسنی، جاپان کی مذمت

    شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، خطے میں سنسنی، جاپان کی مذمت

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرکے خطے میں سنسنی پھیلادی، جاپان نے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا ہے، شمالی کوریا نے بدھ کو اپنے مشرقی ساحل پر کم از کم ایک میزائل فائر کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میزائل نے 450 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور زمین سے 910 کلومیٹر کی اونچائی تک گیا۔ جس کے بعد خطے میں سنسنی پھیل چکی ہے۔

    دوسری جانب جاپانی وزیراعظم شنزو آبے نے اس تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) کے پانیوں میں گرا، جو ساحل سے 370 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، شمالی کوریا میزائل تجربات بند کرے۔

    شمالی کوریا کے میزائل تجربات نے سنسنی پھیلا دی، امریکا کا سخت ردعمل

    دوسری جانب جوائنٹ چیفس اسٹاف جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ میزائل شمالی کوریا کے علاقے وونسان سے فائر کیے گئے، مزید تجربات کے پیش نظر فوج نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کئی شارٹ رینج میزائل تجربات کیے تھے۔

  • میزائل تجربات کے باوجود امریکا شمالی سے مذاکرات کے لیے پُرامید

    میزائل تجربات کے باوجود امریکا شمالی سے مذاکرات کے لیے پُرامید

    واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے میزائل تجربے کے باوجود شمالی کوریا سے مذاکرات کی امید کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکا کو تاحال امید ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ تجربے کے باوجود جوہری مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکا، شمالی کوریا کی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے لیکن اگلے چند ہفتوں میں مذاکرات کے ایک نئے دور کو جاری رکھنے کی منصوبہ بندی ہوری ہے۔

    مائیک پومپیو نے کہا کہ حالیہ تجربے درمیانی فاصلے کے میزائلوں کے ہوئے ہیں لیکن جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ منتخب ہوکر آئے تھے تو شمالی کوریا طویل فاصلے پر مار کرنے والے راکٹ اور جوہری ہتھیاروں کے تجربے کر رہا تھا۔

    امریکی سیکرٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک روز قبل ہی شمالی کوریا نے مختصر فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے والے 2 میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔

    شمالی کوریا کا مزید 2 میزائلوں کا تجربہ

    شمالی کوریا نے اس سے قبل بھی 2 تجربے کیے تھے جس کے بعد ایک ہفتے میں یہ چوتھا میزائل تجربہ تھا جبکہ امریکی صدر نے ان تجربوں کو جاپان اور جنوبی کوریا کے لیے کوئی خطرہ قرار نہیں دیا تھا۔

    خیال رہے کہ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے واشنگٹن اور سیؤل کے درمیان جاری مشترکہ مشقوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے چند منٹ بعد ہی اپنے ملک کے میزائل تجربے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔