Tag: میزائل

  • ترکی کا امریکا سے پیٹریاٹ میزائل خریدنے کا فیصلہ

    ترکی کا امریکا سے پیٹریاٹ میزائل خریدنے کا فیصلہ

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ ترکی کے لیے امریکی پیٹریاٹ میزائلوں کے حصول کے لیے صدر ٹرمپ سے گفتگو کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ترک صدر کے قریبی اور ذاتی نوعیت کا تعلق روسی میزائل خریدنے کے باعث پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

    برطانوی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں ترک صدر نے روسی ہتھیار خریدنے کے بعد سے امریکا اور ترکی کے مابین تناؤ کم کرنے کا عندیہ بھی دیا اور امریکی پیٹریاٹ میزائلوں کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

    صدر اردوان کا کہنا تھا کہ انہوں نے قریب دو ہفتے قبل صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی، ایس 400 کا جو بھی پیکیج ہم خریدیں، اس سے قطع نظر ہم آپ سے خاص تعداد میں پیٹریاٹ میزائل خرید سکتے ہیں،لیکن میں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ یہ میزائل کم از کم ایس چار سو سے مطابقت رکھتے ہوں۔

    روسی میزائل سسٹم کے سبب امریکی وزارت خزانہ کا ترکی کی عملی سرزنش پر غور

    انہوں (ٹرمپ) نے کہا، کیا آپ سنجیدہ ہیں، میں نے کہا جی ہاں۔ اردوان کے مطابق اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس معاملے پر باہمی ملاقات میں تفصیل سے گفتگو کی جائے گی اور اس کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن کے امکان اور فراہمی کی شرائط پر تبادہ خیال بھی کیا جائے گا۔

    ترک صدر نے کہا کہ میرے خیال میں امریکا جیسا ملک اپنے اتحادی ملک ترکی کو مزید نقصان نہیں پہنچانے چاہے گا کیوں کہ یہ عقلی رویہ نہیں ہے۔

    صدر اردوان کے مطابق ترک سرحد کے قریبی شامی علاقوں میں سیف زون کے قیام کے منصوبے پر بھی امریکی ہم منصب سے بات چیت جاری ہے۔

  • ہم نے انتہائی خطرناک میزائل مخفی رکھے ہیں، ایرانی نائب وزیر دفاع

    ہم نے انتہائی خطرناک میزائل مخفی رکھے ہیں، ایرانی نائب وزیر دفاع

    تہران : ایرانی نائب وزیر دفاع قاسم تقی زادہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’انتہائی پیچیدہ میزائلوں کی ہدف کو مار کرنے کی صلاحیت 1800 کلو میٹر تک ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے نائب وزیر دفاع قاسم تقی زادہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے انتہائی پیچیدہ نوعیت کے تباہ کن میزائل تیار کررکھے ہیں مگردشمن کو سرپر ائز دینے کے لیے انہیں منظرعام پرنہیں لایا گیا۔ ان میزائلوں کا حال ہی میں کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

    شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد میں خطاب کے دوران کہا کہ ایران اپنی تمام دفاعی کامیابیاں ذرائع ابلاغ کے سامنے نہیں لاتا، ہم بہت سی چیزیں چھپا کررکھتے ہیں تاکہ وقت آنے پر دشمن کو حیران کیا جاسکے۔

    قاسم تقی زادہ کا کہنا تھا کہ ایران نے انتہائی پیچیدہ میزائل تیار کررکھے ہیں، اگرچہ ان رینج زیادہ دور تک نہیں مگر وہ انتہائی تباہ کن ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مقامی سطح پر پیچیدہ میزائل تیار کرنے کے بعد مسلح افواج کے حوالے کردیے ہیں، ہم نے اپنا دفاعی اسلحہ میدان میں پہنچا دیا ہے۔

    قاسم تقی زادہ کا کہنا تھا کہ ایران کا جدید دفاعی نظام اپنی مثال آپ اور دنیا میں اس کی مثل کوئی دوسرا دفاعی نظام نہیں، یہ نظام کسی دوسرے ملک کی مدد یا غیرملکی اسلحے کی نقل میں تیار نہیں کیا گیا بلکہ اس کا سارا کام مقامی سطح پر ہوا ہے۔

    ایرانی نائب وزیردفاع نے کہا کہ انتہائی پیچیدہ میزائلوں کی ہدف کو مار کرنے کی صلاحیت 1800 کلو میٹر تک ہے۔آنے والے وقت ہیں ایران پیچیدہ نوعیت کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کرے گا۔

  • شمالی کوریا کا مزید 2 میزائلوں کا تجربہ

    شمالی کوریا کا مزید 2 میزائلوں کا تجربہ

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنی مضبوط دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران چوتھے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے دو میزائل جنوبی صوبہ ہانگ ہائے سے مشرق کی جانب سے سمندر میں داغا گئے ہیں۔

    شمالی کوریا نے گزشتہ روز امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان شروع ہونے والی فوجی مشقوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    شمالی کوریا کے مطابق یہ مشقیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔

    جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق گزشتہ جمعے شمالی کوریا نے کم فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والی نئی قسم کے میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔

    جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے حکام کے مطابق یہ دو میزائل بحیرہ جاپان میں جا گرے۔

    جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق ان میزائلوں نے انتہائی سست روی سے تقریباََ 220 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق میزائل بظاہر غیرمعمولی طور پر تیز رفتار تھے۔

  • عرب اتحادی فوج نے رہائشی آبادی پر داغا گیا میزائل مار گرایا

    عرب اتحادی فوج نے رہائشی آبادی پر داغا گیا میزائل مار گرایا

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ دفاع کےحکام نے سرحدی علاقےخمیس مشیط کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے خمیس مشیط میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا ایک مسلح ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہاکہ یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 10 بج کر34 منٹ پر خمیس مشیط میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم ایران نواز حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

    کرنل ترکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے، اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے جب کہ عرب اتحادی فوج اور سعودی محکمہ دفاع حوثیوں کی دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہے۔

    خیال رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ڈرون حملے روز کا معمول بن چکے ہیں۔ حالیہ ایام میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

  • روس سے میزائل کیوں خریدے؟ امریکا نے ترک پائلٹس کو ملک بدر کردیا

    روس سے میزائل کیوں خریدے؟ امریکا نے ترک پائلٹس کو ملک بدر کردیا

    واشنگٹن : امریکا نے ترکی کو روس سے ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے سے منع کیا تھا ٹرمپ انتظامیہ کی بات نہ ماننے پر امریکا نے ترکش پائلٹس کو ملک بدر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے روس سے ایس 400 میزائل سسٹم خریدنے پر نالاں امریکا نے صدر طیب اردگان کے ساتھ کیے گئے ایف35 طیاروں کے معاہدے کو منسوخ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ترک پائلٹس کو ملک بدر کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور ترکی کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا ہے، ترکی امریکی دھمکیوں کے باوجود روس سے جدید میزائل سسٹم ایس 400 کی خریداری پر قائم ہے جس پر امریکا نے ترکی کے ساتھ ایف35 ڈیل جزوی طور پر منسوخ کردی۔

    امریکا نے ترکی کی ثابت قدمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ترک امریکا ایف35 ڈیل خاتمے کا آغاز کردیا ہے، اس معاہدے کے تحت امریکا ترکی کو ایف35 طیارے فراہم کرے گا اور ان طیاروں کے لیے ترک پائلٹس کو تربیت بھی فراہم کرنی تھی۔

    اس حوالے سے امریکا نے ترکی کو لکھے گئے خط میں ایف-35 ڈیل سے علیحدگی سے آگاہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر روس سے ایس 400 دفاعی نظام خریدے گئے تو امریکا بھی ترکی کو ایف 35 طیارے نہیں دے سکتا۔

    اس ضمن میں ابتدائی طور پر امریکی وزارت دفاع نے ایف 35 طیاروں کے لیے تربیت لینے والے ترک پائلٹس کو رواں ماہ کے آخر تک امریکا چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ترکی باز نہ آیا تو ایف35 ڈیل مکمل طور پر منسوخ کردی جائے گی۔

  • امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت والے میزائل خرید رہے ہیں، ہنگری

    امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت والے میزائل خرید رہے ہیں، ہنگری

    بڈاپسٹ : ہنگری امریکا سے درمیانے فاصلے پر مار کرنے والے فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل فضائی دفاعی میزائل خرید رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہنگری کی وزیر اعظم وکٹوریہ اوربان فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری سے متعلق تفصیلات جلد بتائیں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے دورے پر متعدد دیگر علاقائی اور عالمی امور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ریڈیو پر اپنے بیان میں اوربان نے بتایا کہ ان کی حکومت جدید فوج کے تیاری کا عمل جاری رکھے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری سے متعلق تفصیلات وہ جلد بتائیں گے، اوربان نے اپنے بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس کے دورے پر انہوں نے متعدد دیگر علاقائی اور عالمی امور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی۔

    ہنگری کی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم چین اور روسیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے بہتر تعلقات کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ امریکا ہمارا فوجی اتحادی ہے جو امریکا اور ہنگری کے مضبوط تعلقات کا باعث ہے۔

  • پاک بحریہ کا سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک بحریہ کا سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

    کراچی:  پاک بحریہ نے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا، یہ تجربہ شمالی بحیرہ عرب میں کیا گیا.

    ترجمان پاک بحریہ کے  مطابق شمالی بحیرہ عرب میں سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس چیف نیول اسٹاف نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پی این ایس معاون سے مشاہدہ کیا.

    بحریہ کے فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پرمیزائل فائر کیا، مقامی سطح پر تیارمیزائل نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا.

    میزائل سمندرسے سمندر اور سمندرسے زمین پر مار کی صلاحیت رکھتا ہے، تجربہ پاکستان کی جدید اسلحہ سازی کی استعداد کاثبوت ہے.

    مزید پڑھیں: ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ تجربہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، وائس چیف آف نیول اسٹاف نے آپریشنل تیاریوں پراطمینان کا اظہار کیا.

    ترجمان بحریہ کے مطابق اس موقع پر وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے انجینئرزاور ریسرچرز کی خدمات کو سراہا.

  • بھارت کے خلاف بھٹو نے ایٹمی مارچ اور بے نظیر نے میزائل مارچ کیا: مولا بخش چانڈیو

    بھارت کے خلاف بھٹو نے ایٹمی مارچ اور بے نظیر نے میزائل مارچ کیا: مولا بخش چانڈیو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف بھٹو نے ایٹمی مارچ، بے نظیر نے میزائل اور جے ایف تھنڈر مارچ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وفاقی وزیر اطلاعات کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے الزامات اب نہیں چلیں گے، بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ سے حکمران پریشان ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکمرانوں سے بھی حساب لیں گے، الزام لگا کر معاملہ ختم نہیں ہو سکتا، خیبر پختون خوا میں ہونے والی تباہی کا حساب دینا پڑے گا۔

    مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو جو مطالبہ کر رہے ہیں اس پر عمل دآرمد میں کیا رکاوٹ ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے حکومت کیوں کترا رہی ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا مطالبہ کیوں جائزنہیں، کرپشن کی باتیں 50 سال سے سن رہے ہیں، ہم احتساب سے بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم پر تنقید کرنے والوں نے کرپشن بچاؤ تحریکوں کا آغاز کردیا، افتخار درانی

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیاکہ وہ بھارت کے معاملے پر ٹرین مارچ کریں، ابو بچاؤ مہم تو کافی دیر تک چلنے والی ہے، مولانا فضل الرحمان اور خورشید شاہ کو پاکستان کی معیشت کا بڑا دکھ ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بلاول بھٹو کو مارچ کے لیے مفت ٹرین فراہم کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ’پی پی چیئرمین اگر کرپشن کے خلاف مہم چلاتے تو وہ قومی ہیرو کے طور پر سامنے آتے۔‘

  • روسی میزائل دفاعی سسٹم کی خریداری سے امریکا کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا: ترکی

    روسی میزائل دفاعی سسٹم کی خریداری سے امریکا کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا: ترکی

    انقرہ: ترکی نے امریکا کو باور کرایا ہے کہ روس سے ایس 400 میزائل دفاعی سسٹم کی خریداری سے امریکا کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی اور روس کے درمیان معاہدہ طے ہے جس کے تحت روس ترکی کو ایس 400 میزائل دفاعی نظام فروخت کرے گا، جس پر امریکا نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوگان نے اپنے ایک خطاب میں امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ مذکورہ سسٹم کی خریداری سے امریکی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شام میں عسکریت پسند تنظیم داعش کے خاتمے اور ان کی نقل حرکت سمیت دہشت گرد حملوں سے نمٹے کے تناظر میں دفاعی سسٹم خرید رہے ہیں۔

    اردوگان کا مزید کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے روسی میزائل نظام کی خریداری کا مقصد بالکل واضح ہے اور اسی طرح وہ طریقہ بھی جس کے مطابق ہم اسے استعمال کریں گے۔

    روس سے میزائل سسٹم نہ خریدیں، امریکا نے ترکی کو خبردار کردیا

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جون میں امریکی وزارت خارجہ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ جب تک انقرہ روس سے ایس 400 میزائل دفاعی سسٹم کی خریداری کے منصوبے سے دستبردار نہیں ہوتا اس وقت تک ترکی کا ایف 35 لڑاکا طیاروں کی خریداری کا معاملہ خطرے میں رہے گا۔

    امریکی وزارت خارجہ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ترکی نے روس سے یہ نظام خریدا تو وہ امریکی قانونی بل کے تحت پابندیوں کا شکار ہوگا، بل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 میں دستخط کیے تھے۔

  • میزائلوں کی تنصیب میں پہل کی تو امریکا روسی میزائلوں کے نشانے پر ہوگا، پیوٹن

    میزائلوں کی تنصیب میں پہل کی تو امریکا روسی میزائلوں کے نشانے پر ہوگا، پیوٹن

    ماسکو : روسی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگرامریکا نے یورپی ممالک میں جوہری میزائل نصب کرنے کی غلطی کی تو امریکا بھی میزائلوں کا ہدف ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ماسکو نے اپنے روائتی حریف واشنگٹن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی پالیسی سازوں نے یورپی حدود میں کم فاصلے پر مار کرنے والے میزائل نصب کیے تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پارلیمنٹ میں اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس عالمی امن کو خراب نہیں کرنا چاہتا اسی لیے جوہری میزائلوں کی تنصیب میں پہل نہیں کررہا لیکن اگر امریکا نے ایسا کیا تو بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادیمیرپیوٹن کا کہنا تھا کہ امریکا کو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے جوہری میزائل نصب کرنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔

    ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا کہ امریکی پالیسی سازوں کو میزائل کی تنصیب کے باعث پیدا ہونے والے حالات و خطرات کا جائزہ لے لینا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: امریکا کا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

    آئی این ایف معاہدے کے مطابق زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پرپابندی ہے، یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹرہے۔

    امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا روس کو ان ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا، روس برسوں سے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔

    امریکی صدر کے آئی این ایف معاہدے سے انخلاء کے اعلان کے پر رد عمل دیتے ہوئے روس نے بھی ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے 2007 میں اعلان کیا تھا کہ یہ معاہدہ اب روسی مفادات میں نہیں ہے۔