Tag: میسنجر

  • انسٹاگرام اور میسنجر ایک ہونے کے قریب

    انسٹاگرام اور میسنجر ایک ہونے کے قریب

    سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے اپنے پلیٹ فارمز کو ایک کرنے کے لیے ایک اور قدم بڑھایا ہے، انسٹاگرام نے بھی ایک نیا فیچر واچ ٹو گیدر متعارف کروایا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے انسٹا گرام اور میسنجر میں چیٹ سسٹمز کو اکٹھا کرنے کی جانب ایک اور اہم پیشرفت کی ہے۔

    گزشتہ سال کمپنی نے میسنجر اور انسٹاگرام میں کراس میسجنگ کو متعارف کرایا تھا اور اب کراس ایپ گروپ چیٹ کا فیچر بھی پیش کردیا گیا ہے، یعنی اب میسنجر اور انسٹا گرام کانٹیکٹس سے گروپ چیٹس کرنا ممکن ہوگا۔

    اسی طرح میسنجر اسٹائل پولز کو بھی انسٹا گرام ڈائریکٹ میسجز اور کراس ایپ گروپ چیٹس کا حصہ بنایا جاسکے گا۔

    کمپنی کی جانب سے کراس ایپ گروپ چیٹس کے لیے ٹائپنگ انڈیکٹرز کے ساتھ ساتھ نئی چیٹس تھیمز بھی میسنجر اور انسٹا گرام ڈائریکٹ میسجز میں متعارف کرائی ہیں۔

    علاوہ ازیں انسٹا گرام نے ایک نیا فیچر واچ ٹو گیدر بھی متعارف کروایا ہے۔

    اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے انسٹا گرام میں ویڈیو چیٹ اسٹارٹ کرکے جس سے شیئر کرنا چاہتے ہیں اس کا انتخاب کرکے شیئر بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ فیس بک کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے تمام میسجنگ پلیٹ فارم کو ایک کرنے پر کام کیا جارہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے صارفین کو ایک دوسرے کو پیغامات بھیجنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

  • میسنجر میں نئے فیچرز کا اضافہ

    میسنجر میں نئے فیچرز کا اضافہ

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے میسنجر میں کچھ نئے فیچرز کو شامل کیا جارہا ہے، یہ فیچرز بتدریج تمام صارفین کے لیے متعارف کروائی جائیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک کی مین ایپ میں میسنجر کے چند اہم فیچرز کو شامل کیا جارہا ہے۔

    فیس بک نے میسنجر کے اہم ترین فیچرز یعنی وائس اور ویڈیو کالنگ کو اپنی مین ایپ کا حصہ بنا دیا ہے اور یہ یقیناً فیس بک صارفین کے لیے بہت بڑی سہولت ہوگی۔

    فی الحال محدود صارفین کو وائس یا ویڈیو کالز کی سہولت فیس بک ایپ میں دستیاب ہوگی جو بتدریج تمام صارفین کے لیے متعارف کروائی جاسکتی ہے۔

    میسنجر کے پراڈکٹ منیجمنٹ ڈائریکٹر کونر ہیز نے بتایا کہ فیس بک ایپ کا یہ نیا فیچر تو فی الحال ٹیسٹ ہے مگر اس سے صارفین کو فیس بک کی مین ایپ اور میسنجر سروس کو بار بار کھولنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    فیس بک نے مسینجر کو الگ کر کے صارفین کو اپنے موبائل فون میں پرائیوٹ میسنجر کے لیے ایک نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ اب وائس اور ویڈیو کالز کی آزمائش کمپنی کی جانب سے فیس بک ایپس اور سروسز کو مدغم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

    کونر ہیز نے بتایا کہ فیس بک نے میسنجر کو خود مختار ایپ کی بجائے ایک سروس کے طور پر دیکھنا شروع کردیا ہے۔

    یعنی میسنجر ٹیکنالوجی پر مبنی وائس اور ویڈیو کالز فیس بک کے دیگر پلیٹ فارمز بشمول انسٹاگرام، اوکیولس اور پورٹل ڈیوائسز کا بھی حصہ بن سکے گی۔

    کونر ہیز کے مطابق وقت کے ساتھ آپ زیادہ تبدیلیوں کو دیکھیں گے اور میسنجر سب کو جوڑنے کا کام کرنے والی ایپ ہوگی۔

  • میسنجر اور انسٹاگرام میں دلچسپ نئے فیچرز

    میسنجر اور انسٹاگرام میں دلچسپ نئے فیچرز

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی ایپس میسنجر اور انسٹاگرام میں متعدد نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں، فیس بک کی جانب سے میسنجر اور انسٹاگرام میں 2 نئی چیٹ تھیمز کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی میسجنگ ایپس میسنجر اور انسٹاگرام کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں۔ ان میں سے ایک فیچر انسٹاگرام میں کیا جانے والا نیا اضافہ ان باکس سین ہے۔

    اس میں ان باکس میں دیکھنے سے صارفین کو علم ہوجاتا ہے کہ حال ہی میں جن افراد کو انہوں نے ڈائریکٹ میسج کیا ہے، وہ پیغام کو دیکھ چکے ہیں۔

    ایک اور کارآمد فیچر میسنجر میں متعارف کروایا گیا ہے اور فیس بک نے پرانی چیٹس کو آسانی سے ہائیڈ کرنے کے لیے سوائپ لیفٹ کا آپشن دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان ہائیڈ کی جانے والی چیٹس تک رسائی کے لیے مینیو میں آپشن دیا گیا ہے۔

    فیس بک کی جانب سے اس وقت آڈیو فیچرز پر کافی کام کیا جارہا ہے اور اب میسنجر میں صارف وائس میمو دوستوں کو بھیج سکتے ہیں۔ اس کے لیے بٹن دبا کر رکھنے کی ضرورت نہیں بلکہ مائیک آئیکون کو کلک کرکے یہ کام کیا جاسکتا ہے۔

    فیس بک کے مطابق یہ فیچر جلد انسٹا گرام میں بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    اسی طرح آئی او ایس میں صارفین فوٹوز اور ویڈیوز پر اپنی تصاویر اور کلپس کے ساتھ رپلائی بھی کرسکیں گے۔

    فیس بک کی جانب سے میسنجر اور انسٹا گرام میں 2 نئی چیٹ تھیمز کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے، جن میں سے ایک اسٹار وارز کے مداحوں کے لیے جبکہ دوسری نیٹ فلکس کے ایک شو سے متعلق ہے۔

    دونوں میں لائٹ اور ڈارک تھیمز کا آپشن بھی موجود ہے اور ان کو چیٹ سیٹنگز میں جاکر ان ایبل کیا جاسکتا ہے۔

  • کیا میسنجر اور واٹس ایپ ایک ہوجائیں گے؟

    کیا میسنجر اور واٹس ایپ ایک ہوجائیں گے؟

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک میسنجر اور واٹس ایپ کو اکٹھا کرنے میں مزید پیشرفت کی گئی ہے، حال ہی میں میسنجر میں ایک خفیہ تبدیلی دریافت ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے کافی عرصے سے اپنی تمام میسجنگ ایپس یعنی میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو ایک پلیٹ فارم میں ضم کرنے پر کام کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے انسٹاگرام اور میسنجر میں چیٹ سسٹمز کو اکٹھا کرنے میں کافی پیشرفت ہوچکی ہے اور اب واٹس ایپ اور میسنجر کے ساتھ ایسا کیا جارہا ہے۔

    واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ کے مطابق حال ہی میں فیس بک میسنجر میں ایک خفیہ تبدیلی دریافت ہوئی ہے جو واٹس ایپ چیٹ ہے۔

    دونوں سروسز کو آس میں ضم کرنا تو ابھی تک ممکن نہیں ہوا مگر رپورٹ کے مطابق میسنجر میں جو پیشرفت سامنے آئی ہے اس سے عندیہ ملتا ہے کہ مستقبل میں یہ فیچر کیسے کام کرے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ اور میسنجر کے درمیان کنکشن آپشنل ہوگا جیسا ابھی انسٹاگرام اور میسنجر کے درمیان ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ متعدد ایسے فیچرز پر پہلے عملدر آمد ہوچکا ہے جن سے فیس بک میسنجر ہی واٹس ایپ کی شکل اختیار کرلے گا۔

    اس کے علاوہ دیگر عناصر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو فیس بک میسنجر کو واٹس ایپ صارفین جیسے بلاک کرنا، پش نوٹیفکیشن فرام واٹس ایپ اور چیٹ کرنے والی کی تفصیلات سمجھنے میں مدد دیں گے۔

  • پاکستان میں واٹس ایپ سروس بری طرح متاثر ہونے کے بعد بحال ہونا شروع

    پاکستان میں واٹس ایپ سروس بری طرح متاثر ہونے کے بعد بحال ہونا شروع

    پاکستان میں واٹس ایپ سروس بحال ہوناشروع ہوگئی، پاکستان میں واٹس ایپ سروس کچھ دیر متاثررہی۔

    واٹس ایپ متاثرہونے کےدوران صارفین کو مشکلات کا سامنارہا، واٹس ایپ سروس کیوں بندہوئی، اس کی وجہ اب تک نہیں بتائی گئی ہے۔

    واٹس ایپ سروس امریکا، جاپان ،کولمبیا میں بھی متاثر ہوئی جبکہ بھارت،ملائیشیا میں بھی واٹس ایپ صارفین کومشکلات درپیش رہیں۔

    دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی رابطوں کا سب سے بہترین ذریعہ واٹس ایپ کو مانا جاتا ہے لیکن پاکستان میں اس وقت لاکھوں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب واٹس ایپ سروس مکمل طور پر ڈاؤن ہوگئی۔

    واٹس ایپ سروس ایک گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی لیکن اس کی وجوہات سامنے نہیں آئی تاہم اس کی وجہ سے صارفین کو جہاں رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پاکستان میں لاکھوں صارفین اسمارٹ فون کے ذریعے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے ناصرف ٹیکسٹ میسیج کرتے ہیں بلکہ وڈیوز بھی شیئر کرتے ہیں۔

  • واٹس ایپ صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    واٹس ایپ صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    کیلیفورنیا : دنیا بھر میں موجود واٹس ایپ صارفین کے لئے انتظامیہ کی جانب سے بڑا اعلان کردیا گیا، اب اپنے عزیز و اقارب کو واٹس ایپ پر میسج بھیجنے کے لئے مخصوص فون کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے کمپیوٹر میں بھی باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

     تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب واٹس ایپ میسنجر کو کسی بھی کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ میں ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے ذاتی میسنجر کو باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے یہ ایپلی کیشن ونڈوز 8 اور میک 10.9 پر چلنے کے لئے میسر ہوگی، ایک محتاط اندازے کے مطابق فیس بک سے الحاق کے بعد واٹس ایپ پر صارفین کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر دنیا بھر کے صارفین تقریباً بیالیس ارب میسجز جبکہ دوسو پچاس ملین کے قریب ویڈیوز ہر ہفتے صارفین ایک دوسرے کو بھیجتے ہیں۔

    واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے ایک بلاگ میں اس بات کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ کمپیوٹر ایپلی کیشن کو متعارف کرادیا گیا ہے، اب کوئی بھی واٹس ایپ صارفین اپنے دوستوں سے ہر جگہ آسانی سے رابطے میں رہ سکتا ہے۔

    بنیادی طور پر یہ ایپلی کیشن آنے والے نوٹیفیکشن کو بھی دکھائے گی، اس کی مزید بہتری کے لئے کام کئے جارہے ہیں۔

    whats-post

    اگر صارف اس سہولت کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ واٹس ایپ کی ویب سائٹ سے اس ایپلی کیشن سافٹ وئیر کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

    اس سہولت کو استعمال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کمپوٹر میں آنے والے کیو آر کوڈ کو فون کے کیمرے کے ذریعے اسکین کیا جائے۔

    اسکین کرنے کے لئے صارف واٹس ایپ سیٹنگ میں موجود واٹس ایپ ویب آپشن کے ذریعے ایک مرتبہ اسکین کر کے محفوظ بنا سکتا ہے۔

    واضح رہے اس سے قبل واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے ویب سروس کی سہولت متعارف کروائی گئی تھی، جو صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے واٹس ایپ کمپیوٹر کی سروس کو متعارف کروایا گیا ہے۔