امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو بہت زیادہ سراہا ہے اور کہا ہے کہ خود صدر ٹرمپ سے زیادہ روس میلانیا ٹرمپ کا احترام کرتا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ سلووینیا میں پیدا ہوئی تھیں جو ماضی میں یوگوسلاویہ کاحصہ تھا۔
امریکی صدر نے خاتون اول سے متعلق بات وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
یہ تقریب ‘Take it Down Act,’ پر دستخط کیلئے منعقد کی گئی تھی جس کا خیال میلانیا نے پیش کیا تھا۔ یہ ایکٹ فحش تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا سے ہٹانے سے متعلق ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ بندی مذاکرات فوری شروع نہ ہوئے تو پیچھے ہٹ جاؤں گا۔
روسی اور یوکرینی صدور سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کرنے کے بعد واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے گفتگو بہت مثبت رہی۔
اس حوالے سے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن کے درمیان یوکرین میں جنگ بندی کی کوششوں کے سلسلے میں فون پر دو گھنٹے سے زائد طویل گفتگو ہوئی ہے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق پوتن نے کہا ہے کہ روس یوکرین کے ساتھ ایک یادداشت پر کام کرنے کے لیے تیار ہے، جس کا مقصد جنگ بندی کا قیام ہے۔
جبکہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ان کا ملک روس کے ساتھ مذاکرات کے لیے ترکیہ، سوئٹزر لینڈ یا ویٹی کن میں بات چیت کرنے کو تیار ہے۔ اس موقع پر زیلنسکی نے ایک بار پھر مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا ہے
صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس یوکرین جنگ بندی مذاکرات فوری شروع ہوں گے، جنگ بندی کی شرائط دونوں فریقین آپس میں طے کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روس اس جنگ کے خاتمے کے بعد امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارتی تعلقات چاہتا ہے۔
امن معاہدہ، پیوٹن نے ٹرمپ کے ساتھ اتفاق کر لیا
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ویٹی کن نے روس، یوکرین جنگ بندی مذاکرات کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جرمنی، فرانس، اٹلی اور فن لینڈ کو بھی اس پیشرفت سے آگاہ کردیا گیا ہے۔