Tag: مینار پاکستان جلسہ

  • مینار پاکستان جلسہ: "ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو روکا جائے”

    مینار پاکستان جلسہ: "ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو روکا جائے”

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکمران اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں آنے سے روکا جائے اور اس لیے یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

     

    لاہور میں پی ٹی آئی کے "حقیقی آزادی” جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ہماری زندگی میں ذلت ہی رہے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ ابھی ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں تو پھر اکتوبر میں کہاں سے پیسے آئیں گے؟

    انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ الیکشن سے بھاگیں۔ اگر آئین توڑنا پڑتا ہے تو آئین توڑو لیکن کسی طرح عمران خان الیکشن میں جیت کر اقتدار میں نہ آ جائے۔ یہ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔

    ان کے بقول ہم نے الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ پاکستانی عوام نے اب سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

    اپنے خطاب میں سابق وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ جو ہمارے لوگوں کو پکڑ کر برہنہ کر رہے ہیں انہیں ماہر نفسیات کو دکھانا چاہیے۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں آج جو ہورہا ہے وہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہمارے دو ہزار لوگوں کو اٹھا لیا گیا ہے۔

    اس جلسے کا انعقاد مینار پاکستان پر کیا گیا جہاں پی ٹی آئی کے ہزاروں ورکرز اور حامیوں نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی جلسہ گاہ میں موجود تھی۔۔

    عمران خان کے خطاب سے قبل مینار پاکستان کے اطراف موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جبکہ متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

     چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک سے مینارپاکستان کیلئے روانہ تو سیکیورٹی اقدامات کے تحت عمران خان کی گاڑی پرلوہے کی گرل لگائی گئی ،کارکنان کی بڑی تعداد عمران خان کی گاڑی کےساتھ موجود رہی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بذریعہ رنگ روڈ مینارپاکستان پہنچے۔

    اس سے قبل پی ٹی ۤآئی رہنما سینیٹر ولید اقبال نے جلسہ گاہ سے اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں حصہ لیا،انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج صبح سے ہی مینار پاکستان کے راستوں کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا گیا تھا،مینارپاکستان جلسےمیں فیملیاں بھی آرہی ہیں،بزرگ بچے بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے نون لیگ کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کہتی ہےکہ دو ہزارلوگ آئے ہیں توالیکشن کرالیں آزماکردیکھ لیں، دو ہزار لوگ تو میرے اردگرد موجود ہیں۔

    اسپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان اور چوہدری پرویزالٰہی مینارپاکستان جلسہ گاہ پہنچ گئے

  • جلسے کے شرکا خود کو 14 دن تک قرنطینہ کر لیں: یاسمین راشد

    جلسے کے شرکا خود کو 14 دن تک قرنطینہ کر لیں: یاسمین راشد

    لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے پنجاب میں کرونا وائرس کے خطرناک پھیلاؤ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جلسے کے شرکا خود کو قرنطینہ کر لیں۔

    وزیر صحت پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ پنجاب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی مکمل ذمہ داری پی ڈی ایم کی قیادت کے سر پر ہوگی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا مینار پاکستان جلسے میں شرکت کرنے والا ہر شخص اپنے اہل خانہ کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے خود کو اگلے 14دن کے لیے قرنطینہ میں محدود کر لے۔

    انھوں نے مزید کہا حکومت کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پی ڈی ایم کی قیادت کو جلسہ کرنے سے روکتی رہی، لیکن اپوزیشن نے اپنے کارکنان کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں۔

    وزیراعظم عمران خان :‌ ’پی ڈی ایم جو بھی کرلے، این آر او نہیں دوں گا‘

    ڈاکٹر یاسمین نے کہا پی ڈی ایم نے سیاست چمکانے اور کرپشن چھپانے کے لیے کارکنان کی صحت پر جان لیوا حملہ کیا ہے، صحت کی دشمن پی ڈی ایم کو عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔

    واضح رہے کہ آج مینار پاکستان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ منعقد ہوا، تاہم گیارہ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن بھی جلسہ گاہ کو بھرنے میں ناکام رہی، اور لاہوریوں نے پی ڈی ایم کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔

  • پی ڈی ایم جلسے میں شدید بدنظمی، متعدد اہم رہنماؤں کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا

    پی ڈی ایم جلسے میں شدید بدنظمی، متعدد اہم رہنماؤں کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا

    لاہور: مینار پاکستان میں جاری پی ڈی ایم جلسے میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آ رہی ہے، متعدد اہم رہنماؤں کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا، جس پر وہ ناراض ہو کر واپس جانے لگے تو رضاکاروں نے ان سے معافی مانگی۔

    روکے جانے کے بعد ڈاکٹرعبد المالک بلوچ نے اسٹیج پر جانے سے ہی انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا 3 بار پنڈال میں جانے کی کوشش کی لیکن اندر نہ جا سکا، اب تقاریر پنڈال پر نہیں بلکہ نیچے کھڑے ہو کر سنوں گا۔

    ادھر پی پی سینئر رہنما ثمینہ خالدگھرکی کو بھی اسٹیج پر جانے نہیں دیاگیا، جس پر وہ بھی ناراض ہو کر واپس روانہ ہو گئیں، ان کا کہنا تھا اس قدر بدنظمی اور بد تمیزی ہے کہ اوپر بھی نہیں جا سکی، بلاول اسٹیج پر ہیں اس لیے بدنظمی پر بات نہیں کرنا چاہتی۔

    پی ڈی ایم جلسے میں کتنے لوگ شریک؟

    دوسری طرف پی ڈی ایم جلسہ شروع ہو چکا ہے، میاں افتخار حسین خطاب کرتے ہوئے جلسے میں قراردادیں پیش کیں، قرارداد میں کہا گیا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کسی صورت نہ چھیڑی جائے، صوبائی خودمختاری کو یقینی بنایا جائے، دوبارہ الیکشن ہوں جو مداخلت سے پاک ہو، لاپتا افراد کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

    قرارداد کے مطابق پی ڈی ایم وفاقی اور صوبائی نظام پر کمپرومائز نہیں کرے گا، پمز اسلام آباد کے ملازمین کی برطرفی کی مذمت کرتے ہیں، گوادر شہر میں لگائی گئی باڑھ کی مذمت کرتے ہیں اسے فوراً ہٹایا جائے۔

    واضح رہے کہ جلسے کی تعداد کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق جلسے میں 8 ہزار سے ساڑھے 8 ہزار لوگ موجود ہیں، اسپیشل برانچ کے مطابق ساڑھے 9 ہزار سے 10 ہزار لوگ موجود ہیں، جب کہ آزاد ذرائع کے مطابق جلسے میں 9 ہزار سے 10 ہزار افراد موجود ہیں۔

  • پشاور میں ناکام ٹی ٹی پی دہشت گرد لاہور کو نشانہ بنا سکتے ہیں: نیکٹا تھریٹ الرٹ جاری

    پشاور میں ناکام ٹی ٹی پی دہشت گرد لاہور کو نشانہ بنا سکتے ہیں: نیکٹا تھریٹ الرٹ جاری

    اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) نے خبردار کیا ہے کہ 13 دسمبر کو کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گرد پاکستان میں کارروائی کر سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیکٹا نے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے کہ 13 دسمبر کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد کارروائی کر سکتے ہیں تاہم دہشت گردی کہاں ہو سکتی ہے اس کی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

    نیکٹا نے خبردار کیا ہے کہ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کا مینار پاکستان پر جلسہ بھی ہو رہا ہے، پشاور میں ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے اپنے منصوبے میں رد و بدل کیا، دہشت گردوں کا ممکنہ حملہ لاہور میں بھی ہو سکتا ہے۔

    نیکٹا نے ہدایت کی ہے کہ سیکورٹی کے سخت انتظامات اور مشکوک عناصر پر نظر رکھی جائے۔

    پی ڈی ایم جلسہ تھریٹ الرٹ، مریم نواز سمیت دیگر قیادت کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے

    یاد رہے کہ گزشتہ روزلاہور پولیس نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے لاہور جلسے میں دہشت گردی ہو سکتی ہے، الرٹ میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز سمیت دیگر قیادت کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    پولیس سیاسی لیڈر شپ کو بھی ممکنہ حملے کے خطرے سے آگاہ کر چکی ہے، تھریٹ الرٹ میں کہا گیا تھا کہ دوران سفر سیاسی قیادت بلٹ پروف گاڑی کا استعمال کریں، گاڑی کے سن روف سے ہرگز باہر نہ نکلیں، دوران جلسہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سےگریز کیا جائے۔

  • پاکستان تحریک انصاف آج لاہورمیں مینارپاکستان پرسیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    پاکستان تحریک انصاف آج لاہورمیں مینارپاکستان پرسیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف آج پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مینارپاکستان پرسیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف لاہور میں مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرے گی جس سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگرپارٹی رہنما خطاب کریں گے۔

    جلسے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جلسہ گاہ میں 120 فٹ لمبا، 32 فٹ چوڑا اور 24 فٹ اونچا اسٹیج بنا دیا گیا جبکہ پنڈال میں 10 اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے ٹائیگرز کی جانب سے لاہور کی شاہراوں کو عمران خان کی تصاویر، بینرز اورپینا فلیکسز سے سجا دیا گیا، جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلوں کی صورت میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    پی ٹی آئی کے مطابق شرکاء کے بیٹھنے کے لیے گراؤنڈ میں 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ آج کے جلسےمیں میوزک کا تڑکا لگانے کے لیے دو نئے گانے بھی تیار کرلیے گئے ہیں۔

    دم مست قلندر پاکستان کے نامور گلوکار اور موسیقار راحت فتح علی خان کی آواز میں ہے جبکہ دوسرے گانے کے بول ہیں چاروں صوبوں کی پہچان عمران خان، اس گیت کے تیار کرنے میں خواجہ آصف کے خلاف کیس جیتنے والے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارنے کلیدی کردار ادا کیا۔


    تحریک انصاف کے جلسے کے لیے سیکورٹی انتظامات

    مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی پرمامور ہوں گے، جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔

    جلسہ گاہ جانے کے لیے 2 داخلی دروازے بنائے گئے ہیں، خواتین کے لیے الگ راستہ بنایا گیا ہے۔


    پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ‘ ٹریفک پلان

    پاکستان تحریک انصاف کے مینارپاکستان پرجلسے کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ اور رنگ روڈ ہرقسم کی ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق شاہدرہ چوک سے پرانا راوی پل بھی ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا، شہری آمدورفت کے لیے رنگ روڈ کو زیادہ استعمال کریں، مال روڈ سے شاہدرہ جانے والی ٹریفک آؤٹ فال روڈ، سگیاں پل سے جاسکے گی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت لیے آنے والی گاڑیاں گریٹراقبال پارکنگ، ناصرباغ، موچی گیٹ اور کشمیری گیٹ میں پارک کی جاسکیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مینار پاکستان پرہونے والی جلسے میں شرکت کے لیے لاہورپہنچے اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے گھر پر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔


    انتیس اپریل کو مینار پاکستان پر سالگرہ کا جشن منائیں گے، عمران خان

    یاد رہے کہ 25 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کے بائیسویں یوم تاسیس پرعمران خان نے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ انتیس اپریل کو مینار پاکستان پرسالگرہ کا جشن منائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔