لاہور: رسول پارک شاہدرہ میں کئی فٹ بارش کی پانی کی وجہ سے شہری کھلے مین ہول میں گرگیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ایکسین واسا کو معطل کردیا ہے، متعلقہ کنٹریکٹر کےخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے، نورالامین مینگل نے کہا کہ حفاظتی کوتاہیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، سخت کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب
تمام تعمیراتی مقامات پر حفاظتی پروٹوکولز کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے، ترجمان نے بتایا کہ حادثہ بارشی پانی کی نکاسی کےلیے گٹر کھولنے کے باعث پیش آیا۔
محکمہ ہاؤسنگ نے بتایا کہ گٹر کھولنے کے بعد وارننگ بورڈ نصب نہیں کیا گیا تھا، سائٹس پر بیریئرز، وارننگ بورڈز اور لائٹس نہ لگانا مجرمانہ غفلت ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی اقدامات کا نوٹیفکیشن 23 جون کو جاری کیا جاچکا ہے، تمام واسا زونز اور کنٹریکٹرز کو ہدایات پر عملدرآمد کا حکم جاری کردیا گیا۔