Tag: مین ہٹن

  • 3 سالہ بچہ 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک

    3 سالہ بچہ 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک

    امریکی شہر نیویارک میں ایک 3 سالہ بچہ ہائی رائز بلڈنگ کی 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگیا، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اندوہناک حادثہ نیویارک کے علاقے مین ہٹن کی ایک بلند و بالا عمارت میں پیش آیا، 3 سالہ بچہ 29 ویں منزل کی کھڑکی سے پھسلا اور تیسری منزل پر موجود ایک شیڈ پر جا گرا۔

    بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچے کی ماں کو چیختے چلاتے ہوئے سیکیورٹی بوتھ کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جس کے بعد انہیں حادثے کا علم ہوا، اس وقت وہاں موجود ہر شخص تیسری منزل پر بچے تک پہنچنا چاہتا تھا۔

    ایک پڑوسی کے مطابق حادثے سے چند لمحے قبل انہوں نے والدین کو آپس میں بحث و تکرار میں الجھے سنا تھا، بچے کے والدین کے درمیان بحث روزانہ کا معمول تھی۔

    پولیس حادثے کی مزید تفتیش کر رہی ہے، اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا یہ محض حادثہ تھا یا پھر واقعے کے وقت کوئی بالغ شخص بچے کے قریب کھڑا تھا۔

  • امریکا کے کس شہر میں گوگل 2 ارب ڈالرز سے بھی مہنگا آفس بنانے جا رہا ہے؟

    امریکا کے کس شہر میں گوگل 2 ارب ڈالرز سے بھی مہنگا آفس بنانے جا رہا ہے؟

    نیویارک: گوگل امریکی شہر نیویارک میں‌ نیا آفس بنانے جا رہا ہے جو 2 ارب ڈالر سے زائد قیمت کا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سرچ انجن گوگل نے 2.1 ارب ڈالرز میں اپنا نیا دفتر خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

    گوگل اربوں روپے کی مالیت کا آفس امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں خرید رہا ہے، مین ہیٹن کے ویسٹ سائیڈ پر نئی عمارت کی خریداری کا یہ معاہدہ کرونا کی عالمی وبا کے آغاز کے بعد سے بڑا معاہدہ ہے جو کہ امریکی تاریخ کی سب سے مہنگی ڈیل بھی ہے۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ وہ 2023 کے وسط تک مین ہیٹن میں سینٹ جان ٹرمینل کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے، یہ آفس نیویارک ہیڈکوارٹر کے طور پر کام کرے گا۔

    گوگل کے مطابق نیویارک سٹی میں گوگل کے ملازمین کی تعداد 12 ہزار ہے، جو کیلیفورنیا آفس کے بعد گوگل کی دوسری سب سے بڑی افرادی قوت ہے۔

    ایک طرف کمپنی کرونا کے بعد ملازمین کے لیے نئی عمارت خرید رہی ہے، وہیں کمپنی مبینہ طور پر ان ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنے پر غور بھی کر رہی ہے، جو مستقل طور پر آن لائن کام کرنے کا انتخاب کرتے ہیں، تاہم گوگل نے اپنے کارکنوں کی دفتر میں واپسی اگلے جنوری تک مؤخر کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ گوگل، فیس بک، ایپل، ایمازون ڈاٹ کام اور دیگر ٹیک کمپنیاں حالیہ برسوں میں امریکا میں سب سے مہنگی جگہوں کو کرائے پر لیتی یا انھیں خریدتی دکھائی دی ہیں۔