Tag: میٹرو سروس

  • ’ابوظبی: جدید ترین میٹرو سروس کا آغاز‘

    ’ابوظبی: جدید ترین میٹرو سروس کا آغاز‘

    ابوظبی ٹرانسپورٹ سینٹر نے عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید ترین سمارٹ میٹرو بس سروس کا تجرباتی طور پر آغاز کر دیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی ٹرانسپورٹ سینٹر کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹیموں نے مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی خاطر اعلٰی معیار کا مکمل بنیادی ڈھانچہ تیار کیا ہے۔

    ابوظبی ٹرانسپورٹ سینٹر کے مطابق اس کی بدولت ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کا نیا منفرد مرحلہ شروع ہو گا، پروجیکٹ کا تجرباتی مرحلہ ’ریلوے ٹریک‘ کے بغیر ٹرانسپورٹ سسٹم سے چلنے والی بسوں سے کیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر تجرباتی مرحلے میں 27 کلو میٹر طویل ٹریک پر 25 اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    پہلی بس ریم مال سے مارینا مال تک جائے گی یہ زاید سٹریٹ اول اور جزیرہ ابوظبی میں کورنیش سٹریٹ سے ہوکر گزرے گی،یہ سروس جمعہ سے اتوار تک تجرباتی مرحلے میں مہیا ہو گی۔

    واضح رہے کہ ابوظبی میں سمارٹ ٹرانسپورٹ حکمت عملی کا مقصد پائیدار اور موثر نئے طرز کا ٹرانسپورٹ سیکٹر قائم کرنا نیز معاشرے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہے۔

  • میٹرو بس میں خاتون کے ساتھ واردات ہوگئی

    میٹرو بس میں خاتون کے ساتھ واردات ہوگئی

    راولپنڈی: میٹرو بس میں خاتون مسافر لٹ گئی، ملزمان پرس، نقدی اور زیورات چوری کر کے فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ صادق آباد کی حدود میں پیش آیا جہاں میٹرو میں سفر کرنے والی خاتون کو چوروں نے بھری بس میں لوٹ لیا۔

    متاثرہ خاتون نے واقعے کے خلاف متعلقہ تھانے میں شکایت کی جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    خاتون نے درخواست میں بتایا کہ وہ میٹرو بس میں سفر کر رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے اس کا پرس، زیورات اور نقدی چوری کر لیے اور فرار ہوگئے۔

    واقعے پر ایس پی راول نے اےایس پی نیوٹاؤن سرکل کی زیرنگرانی اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہے، ایس پی راول آصف مسعود کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہیں جس کے ذریعے ملزمان کی شناخت کر کے ان کی تلاش شروع کی جائے گی۔