Tag: میٹرک

  • میٹرک سائنس کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

    میٹرک سائنس کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

    ایبٹ آباد: میٹرک سائنس کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ، مجموعی طور پر پاس ہونے کا تناسب 81 فیصد تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) ایبٹ آباد نے میٹرک سائنس کے 2025 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

    اعلان کردہ نتائج کے مطابق، طالبات نے تینوں ٹاپ پوزیشنز حاصل کیں، سدرہ سعید نے شاندار 1,161 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن لی۔

    اریبہ جدون نے 1,159 نمبر لے کر دوسری پوزیشن اور ضوفشا احمد نے 1158 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    مجموعی طور پر 71,625 طلباء نے امتحانات میں شرکت کی جن میں مجموعی طور پر پاس ہونے کا تناسب 81 فیصد تھا۔

    مزید پڑھیں : ملتان میں میٹرک کے نتائج کا اعلان ، رزلٹ آن لائن چیک کرنے کا طریقہ

    اس سے قبل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) پنجاب میں مختلف بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔

    کلاس 10 کے نتائج ہر سال ہزاروں طلباء کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں، یہ نتائج ثانوی تعلیم کی تکمیل کی نشاندہی کرتے ہیں اور کالج میں داخلے کے لیے طلباء کی اہلیت کا تعین کرتے ہیں۔

  • میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان، آن لائن چیک کریں

    میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان، آن لائن چیک کریں

    نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے تعلیمی سال 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے امیدوار نتیجہ آن لائن بھی چیک کر سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیت اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے تعلیمی سال 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

    امیدواروں کو اپنے امتحانی نتائج معلوم کرنے کے لیے بورڈ یا متعلقہ اسکول جانے کی ضرورت نہیں، بلکہ وہ آن لائن یا بذریعہ ایس ایم ایس بھی اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں۔

    طالب علم فیڈرل بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ https://pakobserver.net/fbise-matric-result-2025-announced-check-by-sms-online/ پر اپنا رول نمبر کی انٹری کر کے اپنا رزلٹ معلوم کر سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ طلبہ کی سہولت کے لیے فیڈرل بورڈ نے ایک ایس ایم ایس سروس بھی متعارف کرائی ہے۔

    اس ایس ایم ایس سروس کے ذریعہ امیدوار اپنا پیغام اس ترتیب سے “FB [space] Roll Number” لکھ کر 5050 پر بھیجیں اور اپنا رزلٹ براہ راست اپنے موبائل فون پر حاصل کریں۔

    اس کے علاوہ ٹیلیفون ایکسچینج 051-9269555 سے 59 تک نمبر پر کال کر کے بھی نتیجہ معلوم کیا جا سکتا ہے۔

    سیکنڈری ایجوکیشن پاکستان کے تعلیمی سال میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور فیڈرل بورڈ ان امتحانات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے رزلٹ پروسیسنگ سسٹم کے ذریعہ طلبہ کی کارکردگی کو جانچتا ہے۔

    ملک بھر سے ہر سال طلبہ کی بڑی تعداد فیڈرل بورڈ کے تحت امتحانات میں شرکت کرتی ہے۔

  • امتحانات کا تیسرا روز، کس شفٹ میں‌ کس جماعت کا پرچہ ہے؟

    امتحانات کا تیسرا روز، کس شفٹ میں‌ کس جماعت کا پرچہ ہے؟

    کراچی: میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات کا آج تیسرا روز ہے، آج صبح کی شفٹ میں نویں جماعت سائنس گروپ کا حیاتیات (بائیولوجی) کا پرچہ لیا جائے گا۔

    میٹرک بورڈ کے مطابق امتحانات کا وقت صبح کی شفٹ میں ساڑھے 9 سے سہ پہر ساڑھے 12 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کا دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ لیا جائے گا، اور پرچے کا وقت 2.30 بجے سے 5.30 بجے تک وقت مقرر کیا گیا ہے۔

    نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے، 3 لاکھ 75 ہزار طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں شریک ہیں۔


    کراچی: میٹرک امتحانات میں لوڈشیڈنگ: طلبہ شدید گرمی میں پرچے حل کرنے پر مجبور


    امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا، امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی، کے الیکٹرک سے امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی گئی ہے۔

    ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میٹرک بورڈ میں غیر قانونی طور پر امتحانی مراکز تبدیل کیے گئے ہیں، جس پر امتحانی مراکز تبدیل کرنے والے 3 کلرکوں کو معطل کر دیا گیا ہے، کنٹرولر میٹرک بورڈ کے احکامات کے بعد آٸی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو تالے لگ گٸے، آٸی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو تاحال اگلے احکامات پر بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مشتعل افراد نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ پر پتھراؤ بھی کیا جس سے شیشے ٹوٹے، اور ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو زخمی ہوئے۔

  • میٹرک امتحانات کب شروع ہوں گے؟ فیصلہ ہو گیا

    میٹرک امتحانات کب شروع ہوں گے؟ فیصلہ ہو گیا

    کراچی سمیت سندھ بھر میں ہر سال میٹرک کے امتحانات کا انعقاد مارچ میں کیا جاتا ہے تاہم اس بار رمضان المبارک کے باعث نیا شیڈول مرتب کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے اور تحریری امتحانات سے قبل پریکٹیکل امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے طلبہ وطالبات کے والدین کی درخواست پر میٹرک امتحانات کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے اور اب یہ امتحانات عید کے بعد منعقد ہوں گے۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کے تحریری امتحانات 7 اپریل سے شروع ہوں گے اور 25 اپریل تک جاری رہیں گے۔

    اس سے قبل پریکٹیکل امتحانات کا انعقاد 10 مارچ سے ہوگا۔

    میٹرک امتحانات کے بعد فرست ایئر اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات کا سلسلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا

    اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے مطابق اس بار صوبے بھر میں نیا تعلیمی سال بھی اگست کے بجائے 7 اپریل سے شروع ہوگا۔

    ملک کے دیگر صوبوں میں میٹرک امتحانات درج ذیل شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

    فیڈرل بورڈ

    فیڈرل بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت امتحانات 18مارچ سے شروع ہوں گے، جبکہ 28 مارچ سے 3 اپریل تک امتحانات کی تعطیلات ہوں گی۔

    عیدالفطر کی چھٹیاں ہوں گی ، عید کے بعد پہلا امتحان 4 اپریل کوہوگا جبکہ پریکٹیکل 28اپریل سے شروع ہوں گے۔ فیڈرل بورڈ کے مطابق امتحانی مراکز میں موبائل فون اوراسمارٹ واچ لانے پر پابندی ہوگی۔

    پنجاب

    پنجاب میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 4 مارچ 2025 سے شروع ہونے والے ہیں۔ ڈیٹ شیٹ کے تحت پہلے گروپ کا پہلا پرچہ عربی جبکہ دوسرے گروپ کا پہلا پرچہ تاریخ کا ہوگا۔

    5 مارچ 2025 دونوں گروپ انگریزی لازمی کا پرچہ دیں گے۔ 6 مارچ 2025 کو اکنامکس، ہیلتھ اور فزیکل ایجوکیشن کے پرچے ہیں۔ اس کے بعد 7 مارچ 2025 کو دونوں گروپوں بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کا امتحان دیں گے۔

    اس سال میٹرک کے امتحانات رمضان المبارک میں ہیں۔ مہینوں کی تیاری کے بعد امیدوار نتائج دیکھنے اور دوسری کلاسوں میں منتقلی ہونے کیلیے بے تاب ہیں۔

    پنجاب بورڈز کی طرف سے 10ویں کلاس کی ڈیٹ شیٹ کے اجرا کے ساتھ طلبہ کو مطالعے کی مؤثر طریقے سے منصوبہ بندی کا موقع ملے گا۔

    خیبرپختونخوا

    خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پرپشاور بورڈ نے میٹرک امتحانات کا شیڈول تبدیل کر دیا تھا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پشاور بورڈ کے زیراہتمام امتحانات 8 اپریل کو عید کے بعد شروع ہوں گے۔ میٹرک کےامتحانات پہلے 15 مارچ سےشروع ہونے تھے۔

  • ملتوی شدہ پرچے سے متعلق اہم اعلان

    ملتوی شدہ پرچے سے متعلق اہم اعلان

    ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 28 مئی کو عام تعطیل کے باعث ملتوی ہونے والے پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

    ناظم امتحانات کے مطابق میٹرک بورڈ کا 28 مئی کو ملتوی ہونے والا پرچہ 2 جون اتوار کو لیا جائےگا۔ نہم جماعت کا ملتوی ہونے والا اردو کاپرچہ اتوار کو ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ یکم جون سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں اس لیے بیک وقت میٹرک اور انٹر کے امتحانات لینا ممکن نہیں، صبح کی شفٹ میں نہم جماعت سائنس گروپ کا اردو لازمی کا پرچہ لیا جائےگا اور دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ دہم جماعت کا پرچہ لیا جائےگا۔

    ہیٹ ویو کے باعث ملتوی ہونے والے میٹرک امتحانات آج سے دوبارہ شروع ہوگئے، صبح میں سائنس گروپ اور دوپہر میں جنرل گروپ کے طلبہ کا امتحان لیا گیا۔

    دسویں جماعت سائنس گروپ کے ایک لاکھ 60 ہزار 842 طلبہ امتحان میں شرکت کررہے ہیں اور نویں جماعت جنرل گروپ کے 16 ہزار سے زائد طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔

    طلبا و طالبات کے لیے مجموعی طور پر 505 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں ، گورنمنٹ اسکول کے امتحانی مراکز کی تعداد 148 ہے ہیں جبکہ نجی اسکولوں کے امتحانی مراکز کی تعداد 357 ہے۔

    مجموعی طور پر میٹرک امتحانات میں 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد طلباء کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔

    دوسری جانب شدید گرمی میں کراچی کے متعدد امتحانی مراکز لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں، جن سرکاری اسکولوں بجلی موجود ہے تو وہاں الیکٹرک سسٹم خراب ہیں ، جس کی وجہ سے طلبہ شدید گرمی میں پرچے دینے پر مجبور ہیں۔

  • رواں سال میٹرک کے امتحان دینے والے طلبا کیلئے بڑی خبر آگئی

    رواں سال میٹرک کے امتحان دینے والے طلبا کیلئے بڑی خبر آگئی

    لاہور: میٹرک کے سالانہ امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی گئی، جس کے تحت یکم اپریل سے میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک کے امتحان کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی گئی۔

    یکم اپریل سے میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگا ، پہلا پیپرعربی اور سوکس کا ہوگا۔

    ڈیٹ شیٹ کے تحت میٹرک کا آخری پیپر 17 اپریل کو مطالعہ پاکستان کا لیا جائے گا۔

    اس کے ساتھ نہم کے پیپرز کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا، پہلا پیپر ہوم اکنامکس کا لیا جائے گا۔

    نہم کے امتحانات 10 مئی تک جاری رہیں گے جبکہ پریکٹیکل امتحانات کا آغاز12مئی سے ہوگا۔

  • میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کراچی سمیت ملک بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جدید طرز پر لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ کے تحت ملک بھر کے ناظمین امتحانات کی دوسری کانفرنس ہوئی جس میں میٹرک اور انٹرمیڈٰیٹ کے امتحانات جدید طرز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تعلیمی بورڈز نے ’اسٹوڈنٹ لرننگ آؤٹ کم‘ کے تحت کام شروع کردیا ہے، مارک شیٹ میں گریڈنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور نمبروں کی جگہ گریڈ لکھا جائے گا۔

    کانفرنس میں فیصلہ ہوا کہ طلبہ کے امتحانات صرف ٹیکسٹ بک بورڈ سے نہیں ہوں گے اور نئی طرز پر پیپر لینے سے طلبا میں رٹے کی عادت ختم ہو جائے گی۔

  • سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع

    سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع

    کراچی: سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں، صوبہ بھر میں 1312 امتحانی مراکز قائم کر دیے گئے، ادھر کراچی بورڈ نے ایک ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، طلبہ کو غلط رول نمبر سیریز جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سکھر سمیت سندھ بھر میں آج سے نویں دسویں کے امتحانات کا آغاز ہو رہا ہے، 7 لاکھ 26 ہزار 979 طلبہ و طالبات امتحان میں شرکت کریں گے، امتحانات 17 مئی سے 25 مئی تک جاری رہیں گے۔

    طلبہ اور اساتذہ کو موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی، تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کے اجلاس میں نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اندر اور باہر سخت سیکیورٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے، 112 ویجیلنس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    کراچی بورڈ نے ایک ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، طلبہ کو غلط رول نمبر سیریز جاری کر دی گئی ہے، بورڈ آفس میں رات گئے تک والدین، طلبہ اور اسکول نمائندگان کا رش لگا رہا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی شرف علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس سال تین لاکھ 65 ہزار طلبہ امتحانات دیں گے، امتحانی مراکز کی تعداد 448 ہے، انھوں نے بتایا کہ میٹرک بورڈ آفس سے امتحانی مراکز پر پرچے منتقل کیے جا رہے ہیں۔

    سکھر سیکریٹری بورڈ رفیق پلھ کا کہنا ہے کہ رواں برس 90 ہزار 459 سے زائد طلبہ و طالبات امتحانات دیں گے، خیرپور اور گھوٹکی میں 187 امتحانی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔ سیکریٹری بورڈ نے بتایا کہ امتحانی مراکز میں سے 49 طلبہ اور 36 طالبات کے لیے مختص ہوں گے، نقل روکنے کے لیے بھی 27 سے زائد چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    سیکریٹری بورڈ کے مطابق امتحانات کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کے لیے وزارت داخلہ سے سفارش کی گئی ہے، اور امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

  • میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بد انتظامی کا خدشہ

    میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بد انتظامی کا خدشہ

    لاہور: میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بد انتظامی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات قریب ہیں، تاہم پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز میں چئیرمین، کنٹرولر اور سیکریٹری سمیت اہم عہدے خالی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے 9 میں سے 7 تعلیمی بورڈز میں اس وقت 11 اہم عہدے عرصہ دراز سے خالی پڑے ہیں، لاہور بورڈ میں کنٹرولر کی سیٹ خالی ہے، جب کہ سیکریٹری کی سیٹ پر اضافی چارج سے کام چلایا جا رہا ہے۔

    ملتان بورڈ میں چیئرمین، سیکریٹری اور کنٹرولر کے عہدے خالی پڑے ہوئے ہیں، گوجرانوالا بورڈ میں سیکریٹری کا عہدہ خالی ہے، ڈیرہ غازی خان بورڈ میں کنٹرولر امتحانات کا عہدہ خالی پڑا ہوا ہے۔

    بہاولپور بورڈ میں سیکریٹری اور کنٹرولر کے عہدے خالی پڑے ہیں، فیصل آباد بورڈ میں کنٹرولر امتحانات اور راولپنڈی بورڈ میں سیکریٹری کا عہدہ خالی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اہم ترین عہدے خالی ہونے سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بد انتظامی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

  • سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا گیا جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ بھی طے کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یکم فروری سے تمام اسکول ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے ہوں گے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 28 جولائی سے ہوں گے۔

    امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ تمام امتحانی بورڈز 90 دن میں نتائج دینے کے پابند ہوں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس گرمیوں کی چھٹیاں صرف ایک ماہ کے لیے جولائی میں ہوں گی۔

    اجلاس میں وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے لیے سلیبس کو 40 فیصد کم کیا تھا، اسکول پھر بند ہوگئے 60 فیصد نصاب مکمل کروانا بھی مشکل ہوگیا۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ یکم سے 15 جولائی تک ہونے والے نویں دسویں کے امتحانات کے نتائج 15 ستمبر کو جاری کر دیے جائیں گے جبکہ 28 جولائی سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 اکتوبر کو کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پریکٹیکل جون میں اسکول اور کالجز میں ہوں گے، سندھ میں نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا، کمیٹی نے پرچے کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے کا کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے، پرچے کا معروضی حصہ 40 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کردیا گیا، مختصر سوالات کا حصہ 40 سے کم کر کے 20 فیصد اور تفصیلی سوالات کا حصہ بھی 40 سے کم کر کے 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے پہلے کوئی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج داخلے شروع نہیں کرے گا، رواں سال کسی بھی بچے کو بلا امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ جن کالجز میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں انہیں کچھ عرصے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یکم فروری سے پرائمری اسکول اور یونیورسٹیز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 21-2020 کا کیلنڈر بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا جبکہ موسم گرما کی چھٹیاں کم کر کے ایک ماہ کی کر دی گئی ہیں۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق موسم گرما کی چھٹیاں 2 سے 31 جولائی 2021 تک ہوں گی جبکہ پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک اور پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں کے امتحانات یکم سے 15 جون تک ہوں گے۔