Tag: میٹرک کے سالانہ امتحانات

  • میٹرک کا رزلٹ کب آئے گا ؟ طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    میٹرک کا رزلٹ کب آئے گا ؟ طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    لاہور : میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، اب طلبا کو مزید انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک کے امتحانات دینے والے طلباء اپنے نتائج کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں لیکن اب طلبا کو مزید انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    پنجاب تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخوں کو حتمی شکل دے دی اور اس حوالے سے اعلان بھی کردیا۔

    پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز کے نتائج کا اعلان 9 جولائی کو کیا جائے گا۔

    نتیجہ کیسے چیک کریں؟

    طلباء اپنے نتائج متعلقہ بورڈ کی ویب سائٹ پر یا اپنے موبائل فون کے ذریعے آن لائن چیک کرسکیں گے۔

    موبائل فون پر نتیجے کے لیے طلبہ اپنا رول نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے بورڈ کی طرف سے فراہم کردہ نمبر پر بھیج سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے نتائج حاصل کر سکیں۔

    فراہم کردہ نمبر یہ ہیں۔ فیصل آباد: 800240 ، ڈیرہ غازی خان: 800295 ، گوجرانوالہ: 800299 ، راولپنڈی: 800296 ، لاہور: 800291 ، بہاولپور: 800298 ، سرگودھا: 800290 ، ساہیوال: 800292 ، ملتان: 800293۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ

    میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ

    کراچی: میٹرک کے سالانہ امتحانات آج سے شروع ہوں گے، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج سے سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو رہے ہیں، ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ کا کہنا ہے کہ سندھ کے تمام ڈویژنوں میں 2 شفٹوں میں امتحان لیے جائیں گے، جب کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

    کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، اور میرپورخاص میں امتحانات ہو رہے ہیں، میٹرک امتحانات میں سندھ بھر سے 7 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

    صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کا کمپیوٹر کا پرچہ آج لیا جائے گا، ساڑھے نو بجے پرچہ شروع ہوگا، دورانیہ تین گھنٹے ہوگا، دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت جنرل گروپ کا پرچہ لیا جائے گا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کے مطابق کراچی میں 3 لاکھ 93 ہزار 264 طالب علم میٹرک کے امتحانات میں شرکت کریں گے، جن کے لیے شہر میں 524 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، لڑکیوں کے لیے 245 اور لڑکوں کے لیے 279 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔

    نویں اور دسویں کے امتحانات کا شیڈول 

    امتحانی مراکز میں اساتذہ اور طلبہ کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی ہوگی، جب کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ کاپی کلچر کو روکنے کے لیے امتحانی مراکزکے اندر اور باہر سیکیورٹی سخت کی جائے گی۔ بیرونی مداخلت پر پابندی اور امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رکھی جائیں گی۔

    سندھ حکومت، وفاق اور کے الیکٹرک سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات :  ایڈمٹ کارڈ سے محروم طلباء کے لئے اہم خبر

    میٹرک کے سالانہ امتحانات : ایڈمٹ کارڈ سے محروم طلباء کے لئے اہم خبر

    کراچی : میٹرک کے سالانہ امتحانات کے لئے تاخیر سے امتحانی فارم جمع کرانے والے طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ آج جاری کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز 8 مئی سے ہونے جارہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تاخیرسےامتحانی فارم جمع کرانے والے طلبہ کوآج ایڈمٹ کارڈجاری ہوں گے۔

    والدین نے شکایت کی تھی کہ ایڈمٹ کارڈ کے آن لائن اجرا میں بعض امیدوار کے امتحانی مراکز واضح نہیں ہو رہے ۔

    سینٹر سپرنٹڈنٹ نے بھی شکایت کی کہ بعض امتحانی مراکزپراضافی امیدوارموجود ہیں مطلوبہ فرنیچرفراہم نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب ناظم امتحانات نے ہفتہ وار تعطیل کے باوجود بورڈ کھلا رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کل اتوار کی تعطیل میں بورڈ کھلا رہے گا

    ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ آئندہ سال سے ایڈمٹ کارڈ پر امتحانی سیٹر بھی درج ہوگا۔

  • کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات : اساتذہ اور طلبا پر بڑی پابندی عائد

    کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات : اساتذہ اور طلبا پر بڑی پابندی عائد

    کراچی : میٹرک بورڈآفس کراچی نے سالانہ امتحانات 8 مئی سے لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا امتحانی مراکز میں اساتذہ اور طلبہ کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میٹرک کے سالانہ امتحانات 8مئی سے لینے کا اعلان کردیا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ نے بتایا کہ سندھ کے تمام ڈویژن میں دو شفٹوں میں امتحان لئے جائیں گے ،میٹرک کاامتحانی شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    شرف علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر سے 7 لاکھ سےزائدطلبہ و طالبات شرکت کریں گے، کراچی میں 524 متحانی مراکزقائم کیے گئے ہیں اور 3 لاکھ 93 ہزار 264 طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ کاپی کلچر کو روکنے کیلئے امتحانی مراکزکے اندراورباہر سیکیورٹی سخت کی جائے گی ، امتحانی مراکز میں اساتذہ اور طلبہ کےموبائل فونز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ تمام ڈویژن میں امتحانات کےدوران امتحانی مراکز کےاطراف دفعہ 144نافذہوگی، کراچی کی آبادی بڑھ رہی ہے اس لیےانرولمنٹ میں اضافہ ہوا، 79امیدوار جیل سے امتحانات میں شرکت کریں گے۔

  • کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے آغاز میں 4 دن باقی، طلباء تاحال ایڈمٹ کارڈ سے محروم

    کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے آغاز میں 4 دن باقی، طلباء تاحال ایڈمٹ کارڈ سے محروم

    کراچی: میٹرک کے سالانہ امتحانات کے آغاز میں چار دن باقی رہ گئے اور بیشتر نجی اسکولوں کے طلبا تاحال ایڈمٹ کارڈ سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں  میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز8مئی 2023سے ہورہا ہے ، امتحانات میں ساڑھے3لاکھ سے زائد طلباو طالبات شرکت کریں گے۔

    میٹرک بورڈ کی جانب سے ایڈمٹ کارڈ تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو پہلے ہی فراہم کئے جاچکے تاہم متعدد اسکولوں نے ایڈمٹ کارڈ طالبعلموں کو فراہم نہیں کئے گئے۔

    سرکاری اسکولوں کی جانب سے ایڈمٹ کارڈ کی تقسیم کا مرحلہ مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ متعدد نجی اسکولوں نے سالانہ چارجز کے نام پر ایڈمٹ کارڈ روکے ہوئے ہیں۔

    ذرائع میٹرک بورڈ نے بتایا کہ ایڈمٹ کارڈ کا اجرا فیس کی بقایاجات کی ادائیگی سے مشروط کردیا گیا، ایڈمٹ کارڈ کا اجرا آن لائن کیا جارہا ہے، جس کے لئے تمام اسکولوں کو آن لائن آئی ڈی اور پاس ورڈ فراہم کئے جاچکے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایڈ مٹ کارڈ ڈاؤن لوڈپرنٹ طالبعلموں کو فراہم کریں، سہولت کیلئے پہلی مرتبہ یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، طلبا کو بلا جواز پریشان کرنے سے گریز کیا جائے۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحان دینے والے طلبا کے لئے اہم خبر آگئی

    میٹرک کے سالانہ امتحان دینے والے طلبا کے لئے اہم خبر آگئی

    کراچی : میٹرک کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا گیا ، جس کے تحت سائنس گروپ کے امتحانات صبح کی شفٹ میں جبکہ جنرل گروپ کے امتحانات دوپہر کی شفٹ میں لئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے صوبائی محکمہ تعلیم اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ 8 مئی 2023 سے شروع ہونے والے نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا امتحانی شیڈول جاری کر دیا ہے۔

    صبح کی شفٹ میں سائنس گروپ جبکہ دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کے امتحانات لئے جائیں گے، چیئرمین سید شرف علی شاہ نے بتایا کہ طلباء و طالبات کے آن لائن ایڈمٹ کارڈ بھی جلد ہی تمام اسکولوں کو جاری کر دیئے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کئے جائیں گے۔

    بعد ازاں 8مئی کو (صبح) نہم جماعت کمپیوٹر اسٹیڈیز(نظری)، (دوپہر) دہم جماعت جنرل گروپ جنرل سائنس، 9مئی کو (صبح) دہم جماعت کمپیوٹر اسٹیڈیز (نظری)، (دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت اردو (لا زمی) نارمس کورس، سندھی نارمل کورس(لازمی)،انگریزی ادب، جغرافیہ آف پاکستان پرچہ اول ہوگا۔

    10مئی (صبح) نہم و دہم جماعت حیاتیات (نظری)، (دوپہر) جنرل گروپ دہم جماعت انگریزی (لازمی) پرچہ دوم، 11مئی (صبح)انگریزی (لازمی) پرچہ دوم، (دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت علم شہریت، علم بدن وحفظان صحت، تاریخ ہندو پاکستان، غذا اور تغزیہ نظری، کمپیوٹر اسٹیڈیز (اختیاری، نظری)، 12مئی(صبح) نہم و دہم جماعت کیمیا (نظری)، (دوپہر) جنرل گروپ دہم جماعت مطالعہ پاکستان کا پرچہ ہوگا۔

    13مئی(صبح) دہم جماعت ریاضی (پرچہ دوم)، (دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت انگریزی (لازمی) پرچہ اول،15مئی (صبح) نہم و دہم جماعت طبیعات (نظری)، دوپہر (جنرل گروپ)دہم جماعت ریاضی، 16مئی(صبح)دہم جماعت حیاتیات نظری(پرچہ دوم)، (دوپہر) جنرل گروپ نہم جماعت جنرل سائنس کا امتحان ہوگا۔

    17مئی (صبح) نہم جماعت ریاضی(پرچہ اول)، (دوپہر) جنرل گروپ دہم جماعت سندھی سلیس (لازمی)، اردو سلیس (لازمی)، اردو متبادل کورس، جغرافیہ آف پاکستان پرچہ اول، 18مئی (صبح) دہم جماعت کیمیا نظری (پرچہ دوم)،دوپہر (جنرل گروپ) نہم جماعت کا اسلامیات (لازمی) اور مذہبی مطالعہ ، انگلش لٹریچر کا پیپر ہوگا۔

    19مئی (صبح) نہم و دہم جماعت ا ردو نارمل کورس (لازمی)، سندھی سلیس نارمل کورس (لازمی) جغرافیہ آف پاکستان پرچہ اول، (دوپہر)دہم جماعت تجارتی جغرافیہ،(پرچہ دوم)، جغرافیہ اختیاری (پرچہ دوم)، ملبوسات و پرچہ بافی (پرچہ دوم) جبکہ 20مئی(صبح) دہم جماعت طبیعات نظری (پرچہ دوم)،(دوپہر)جنرل گروپ نہم ودہم جماعت تجارتی جغرافیہ (پرچہ اول)، جغرافیہ (اختیاری (پرچہ اول)،ملبوسات و پارچہ بافی ہوگا۔

    اسی طرح 22 مئی کی (صبح) نہم و دہم جماعت انگریزی پرچہ اول (لازمی)، (دوپہر) جنرل گروپ دہم جماعت معاشیات (پرچہ دوم)، انتظام برائے اصلاح خانہ، تاریخ اسلام، اسلامک اسٹیڈیز (پرچہ دوم) ہوگا۔

    23مئی کی (صبح) دہم جماعت سندھی سلیس(لازمی)، اردو سلیس (لازمی)، اردو متبادل کورس، جغرافیہ آف پاکستان پرچہ دوم، (دوپہر) جنرل گروپ نہم ودہم جماعت ریاضی (پرچہ اول) جبکہ 24مئی (صبح) نہم و دہم جماعت اسلامیات (لازمی)، مذہبی مطالعہ، (دوپہر)جنرل گروپ دہم جماعت جیومیٹریکل اینڈ ٹیکنیکل ڈرائنگ، بچے کی نشوونمااور خاندانی زندگی، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ پرچہ دوم (نظری) کا پرچہ ہوگا۔

    25مئی کی (صبح) دہم جماعت مطالعہ پاکستان، (دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت معاشیات (پرچہ اول)، انتظام برائے اصلاح خانہ (پرچہ اول)،اسلامک اسٹیڈیز، تاریخ اسلام پرچہ اول جبکہ 26مئی (دوپہر) دہم جماعت (جنرل گروپ) علم شہریت (پرچہ دوم) علم و بدن و حفظان صحت (پرچہ دوم)، تاریخ ہندو پاکستان (پرچہ دوم)، غذا اور تغذیہ نظری (پرچہ دوم) صرف طالبات کیلئے)، کمپیوٹر اسٹیڈیز (اختیاری)، (پرچہ دوم) نظری کا ہے۔

    27مئی کی (دوپہر) نہم و دہم جماعت بریل نظری(پرچہ اول)، عربی (پرچہ اول)، فارسی (پرچہ اول)، حسابات خانہ داری اور متعلقہ مسائل جبکہ 29مئی کی (دوپہر) جنرل گروپ دہم جماعت بریل نظری (پرچہ دوم)، عربی پرچہ دوم، فارسی پرچہ دوم اور 30 مئی کی (دوپہر)جنرل گروپ نہم و دہم جماعت اردو ادب ختیاری(پرچہ دوم)، سندھی ادب اختیاری (پرچہ دوم)، انگریزی ادب اختیاری (پرچہ دوم)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ عملی (پرچہ دوم) ہوگا۔

    31 مئی(دوپہر) جنرل گروپ دہم جماعت اردو ادب ختیاری(پرچہ دوم)، سندھی ادب اختیاری (پرچہ دوم)، انگریزی ادب اختیاری (پرچہ دوم)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ عملی (پرچہ دوم) اور یکم جون (دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت جیو میٹریکل اینڈ ٹیکنیکل ڈرائنگ (پرچہ اول)، بچے کی نشوونما اور خاندانی زندگی (پرچہ او) صرف طالبات کیلئے)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ نظری (پرچہ اول) کے امتحانات لئے جائیں گے۔

  • کراچی :میٹرک کے سالانہ امتحانات: سینکڑوں طالبات زمین پر بیٹھ  کر امتحان دینے پر مجبور

    کراچی :میٹرک کے سالانہ امتحانات: سینکڑوں طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبور

    کراچی :شہر قائد میں سینٹرسپر ٹنڈنٹ کی غفلت کے باعث میٹرک کی سینکڑوں طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبور ہوگئیں، ناظم امتحانات نے امیدواروں کو مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات جاری ہے ، سینٹر سپر ٹنڈنٹ کی غفلت کے باعث سینکڑوں طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبورہیں۔

    ملیر کے علاقے مراد میمن گورنمنٹ اسکول میں طالبات کے بیٹھنے کی گنجائش ساڑھے چار سو سے پانچ سو ہے جبکہ میٹرک بورڈ نے آٹھ سو سے زائد طالبات کا سینٹر اس اسکول میں قائم کردیا۔

    جگہ کی کمی کے باعث تین سو سے زائد طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبور ہیں جبکہ گرمی کے موسم میں پچاس بچوں پر صرف ایک پنکھا ہے، جس پر طالبات کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات نہ ہونے کی پریشانی میں پرچہ بھی ٹھیک نہیں ہو پاتا۔

    اس حوالے سے ناظم امتحانات طارق عمران کا کہنا ہے کہ صورت حال کا فوری نوٹس لیں گے امتحانی مرکز پر ذمہ داری سینٹر سپرٹنڈنٹ کی ہوتی ہے ، امیدواروں کو مشکلات پر افسوس ہوا ہے۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات2021 کے نتائج کا اعلان

    میٹرک کے سالانہ امتحانات2021 کے نتائج کا اعلان

    اسلام آباد:فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات2021 کے نتائج کااعلان کردیا، امتحانات میں مجموعی طور پر1 لاکھ11 ہزار 306 طلبا کامیاب قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات2021 کے نتائج کااعلان کردیا، سائنس گروپ میں محمدصارم حسین نے 1098نمبر لیکر پہلی پوزیشن جبکہ رابعہ سرفراز اور زویا احمد نے بھی 1098نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    نتائج کے تحت سائنس گروپ میں کائنات سلیمان، زینب اورعاصمہ نے1096نمبرلیکردوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ہیومینٹیزگروپ کی گلشن فاطمہ نے 1092نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

    فیڈرل بورڈ کے امتحانات میں مجموعی طور پر1لاکھ11ہزار306 طلبا کامیاب ہوئے اور پاس ہونے والوں کی شرح99.85فیصد رہی ۔

  • کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج آخری پرچہ، امتحانی مراکز پر پرچوں کی ترسیل مکمل

    کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج آخری پرچہ، امتحانی مراکز پر پرچوں کی ترسیل مکمل

    کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آج آخری پرچہ ہے، اس حوالے سے تمام امتحانی مراکز پر پرچوں کی ترسیل مکمل کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈسید شرف علی شاہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹرک سائنس گروپ کے تحت آج ریاضی کے پرچے کا انعقادکیا جارہا ہے اور تمام امتحانی مراکز پر پرچوں کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ شہر میں11حب امتحانی مراکز کی تعداد اب18کردی گئی ہے ، کراچی کے ہر ٹاون میں اب ایک حب امتحانی مرکز قائم کردیا گیا ہے، حب امتحانی مرکز سے ٹاون کے تمام اسکولوں کو پرچے کی ترسیل یقینی بنائی گئی ہے۔

    میٹرک کے امتحانات میں 3 لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں،اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس سال صرف اختیاری مضامین کے پرچوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے میٹرک امتحانات میں واٹس ایپ سے امتحانی پرچہ آؤٹ ہونے اور نقل کے معاملے پر مشیر تعلیمی بورڈ سندھ نثار کھوڑو نے امتحانی عملے کے موبائل، انٹرنیٹ ڈیوائس کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

    واضح رہے کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے پہلے روز ہی فزکس کا پرچہ آغاز کے چند منٹ کے بعد ہی آؤٹ ہوا تھا اور حل شدہ پرچہ سوشل میڈیا پر آگیا تھا۔

  • کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز

    کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز

    کراچی : میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوچکا ہے، چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ نقل کی روک تھام کیلئے ٹیموں کو فعال کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں اور دسویں کے امتحانات آج سے شروع ہوگئے ہیں، صبح کی شفٹ میں جنرل جبکہ دوپہر میں سائنس گروپ کے امتحانات ہوں گے۔

    آج صبح کی شفٹ میں نویں اور دسویں جماعت کے جنرل گروپ کا سائنس کا پرچہ ہوگا جبکہ دوپہر میں نویں اور دسویں جماعت کے سائنس گروپ کا پاکستان اسٹیڈیز کا پرچہ ہوگا۔

    امتحانات میں ساڑھے3لاکھ سے زائد طلبا وطالبات شریک ہوں گے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل اور خصوصی ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، جس میں کمشنر اسٹنٹ کمشنر سمیت اساتذہ بھی شامل ہیں ۔

    چیئرمین بورڈ کی درخواست پر انتظامیہ نے امتحانی مراکز پر دفعہ 144نافذ کردی ہے جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ امتحانات کوایک ایونٹ بنانانہیں چاہتے، کمشنرکراچی،کےالیکٹرک کوخطوط لکھےہیں، طلبا کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلا پیپرآج ہوا ہے،ابھی تک کوئی شکایت نہیں ملی، موبائل فونز پر پابندی لگا سکتے ہیں، مکمل روک تھام ممکن نہیں، واٹس ایپ کے ذریعے نقل کی کوششوں کو بھی روکیں گے۔

    دوسری جانب لاڑکانہ میں جاری میڑک امتحانات میں آج دوسرے روز دسویں جماعت کے اردو کا پرچہ لیا جا رہا ہے، جہاں گورنمنٹ پائیلیٹ ہائیر سیکنڈری اسکول اور گورنمنٹ میونسپل اسکول کے امتحانی سینٹر میں دھڑلے سے نقل جاری ہے۔

    اندرونِ سندھ نقل مافیا خُوب سرگرم ہے، وقت سے پہلے پرچے آؤٹ ہونا اور سرِعام نقل معمول کی بات بن گئی ہے ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔