Tag: میٹنگ

  • ’ابرار احمد کو اسکواڈ میں ہونا چاہیے تھا‘

    ’ابرار احمد کو اسکواڈ میں ہونا چاہیے تھا‘

    سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہماری ٹیم کے ساتھ ایک مین اور بہترین اسپنر  ہونا چاہیے تھا۔

    اے سپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں مصباح الحق سے صارف نے ایکس کے ذریعے سوال کیا کہ ’ کیا اسپنر ابرار احمد کو ریزور رکھنے کا فیصلہ صحیح تھا؟ جس پر سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ابرار احمد کو اسکواڈ میں ہونا چاہیے تھا۔

    سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میٹنگ میں یہ پوائنٹ اٹھایا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں ایک مین اسپنر ہونا چاہیے، کیوں کہ ہمارا مقابلہ ہر ایک ٹیم سے ہونا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ASports (@asportstv.pk)

    انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہم نے دیکھا ہمارے اسپنر کی اچھی پرفارمنس نہیں تھی اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ابرار احمد کو اسکواڈ میں ہونا چاہیے تھا۔

    ’’ لیکن یہ میری اور محمد حفیظ کی رائے تھی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے کرنا تھا، اس حوالے سے مینجمنٹ اور کپتان کیا سوچتے ہیں اس کی اہمیت زیادہ تھی‘‘۔

    آسٹریلیا کے خلاف اسامہ اور شاداب میں سے کون کھیلے گا؟ اہم خبر آگئی

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ میں بھی مسلسل ناکامی اور تنقید کے بعد پاکستان ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کو میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ڈراپ کر دیا گیا تھا انکی جگہ اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

    لیکن اسامہ میر بھی اپنے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، انہوں نے ایک اہم کیچ ڈارپ کیا ساتھ ہی مخالف ٹیم نے ان کی گیند پر چوکوں چھکوں کی برسات کی۔

  • نواز شریف کی 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز

    نواز شریف کی 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز

    اسلام آباد / لندن: حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نواز شریف نے 300 یونٹس تک صارفین کو مفت بجلی دینے کی تجویز دی ہے، نواز شریف نے کہا کہ ان صارفین کو سولر لگا کر دیں یا مفت بجلی دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کرنی ہے تو عوام کو ریلیف دیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے اجلاس میں کہا کہ اگست تک وقت دیں تو ڈالر 200 پر پہنچ جائے گا اور تیل و بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی۔

    اجلاس میں فضل الرحمٰن نے شکوہ کیا کہ بعض حکومتی معاملات ہم سے پوچھے بغیر ہو رہے ہیں جس پر نواز شریف نے کہا کہ آپ سے مشاورت ہونی چاہیئے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا اس طرح حکومت لوں گا، یہ حکومت لے کر بہت بڑی سیاسی قیمت ادا کی۔

    انہوں نے کہا کہ اب ڈٹ جاؤ اور دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کا خیال کرو۔

    ذرائع کے مطابق ایک پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ عوام پر جو بوجھ 6 ماہ میں ڈالنا تھا وہ مفتاح اسماعیل نے ایک ساتھ ڈال دیا۔

  • وزیر اعظم نے مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معاشی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال، عالمی مارکیٹ سے موازنے اور معاشی گروتھ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج شام ساڑھے 4 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    اجلاس میں اقتصادی ماہرین، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر منصوبہ اسد عمر و دیگر وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مہنگائی کی صورتحال، عالمی مارکیٹ سے موازنے اور معاشی گروتھ کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ ملکی معاشی اعشاریوں اور صنعتی و زرعی اہداف پر بریفنگ دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین ایف بی آر کے ٹیکس ریونیو اہداف اور آئی ایم ایف سے معاملات پر بریفنگ دیں گے، اجلاس میں دورہ روس کے دوران ہونے والے اقتصادی معاہدوں پر بھی مشاورت ہوگی۔

  • 200 ڈالر سے کم قیمت موبائل فون کی اسمبلنگ پاکستان میں ہو رہی ہے: میک ان پالیسی پر اجلاس

    200 ڈالر سے کم قیمت موبائل فون کی اسمبلنگ پاکستان میں ہو رہی ہے: میک ان پالیسی پر اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کی زیر صدارت میک ان پالیسی پر اجلاس میں بتایا گیا کہ 200 ڈالر سے کم قیمت موبائل فون کی اسمبلنگ اب پاکستان میں ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کی زیر صدارت میک ان پالیسی پر اجلاس ہوا، اجلاس میں مقامی طور پر تیار موبائل فونز کی برآمد میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں 80 سے 85 فیصد موبائل 200 ڈالر یا اس کم کے ہیں، موبائل مینو فیکچرنگ پالیسی کے تحت پیداوار بڑھانے کے لیے مراعات دی گئیں۔ 200 ڈالر سے کم قیمت موبائل فون کی اسمبلنگ اب پاکستان میں ہو رہی ہے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ پی ٹی اے نے ڈی آئی آر بی ایس کے تحت موبائل فون کی اسمگلنگ کو روکا، مینو فیکچرنگ پالیسی کے تحت تیار سی بی یوز کی درآمد میں کمی آرہی ہے۔ موبائل فون کے پارٹس کی درآمد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی تا نومبر سی بی یوز کی درآمد 73 فیصد کم ہو کر 179 ملین امریکی ڈالر ہوگئی۔ موبائل مینو فیکچرنگ پالیسی سے غیر ملکی زرمبادلہ میں 410 ملین ڈالر کی بچت ہوئی۔

    بریفنگ کے مطابق مقامی اسمبلنگ کے لیے موبائل پارٹس کی درآمد گزشتہ سال 133 ملین ڈالر کی تھی، رواں مالی سال موبائل فون پارٹس کی درآمد 674 ملین امریکی ڈالر ہوگئیں۔

    مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اسمارٹ فون ضرورت بن چکے اب ایس ایم ایز موبائل پر کاروبارچلاتے ہیں، جب ہماری حکومت آئی تو پاکستان موبائل فون کا درآمد کنندہ تھا۔ اب صورتحال مختلف ہے شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موبائل فون مینو فیکچرنگ اور ایکسپورٹ کا مرکز بنانا ہے، موبائل فونز کی برآمد جلد شروع ہوگی جس سے زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

  • کرونا وائرس کیسز کی مثبت شرح سندھ میں سب سے زیادہ، پنجاب میں سب سے کم: این سی او سی

    کرونا وائرس کیسز کی مثبت شرح سندھ میں سب سے زیادہ، پنجاب میں سب سے کم: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 14.1 فیصد اور سب سے کم پنجاب میں 4.2 فیصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور ایس او پیز پر عملدر آمد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی مجموعی شرح 8.16 فیصد ہے، ملک میں کرونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی کل تعداد 2 ہزار 469 ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح سب سے زیادہ 14.1 فیصد ہے، بلوچستان میں 12.5 فیصد اور آزاد کشمیر میں 11.9 فیصد ہے۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 4.7 فیصد، اسلام آباد میں 6.6 فیصد اور خیبر پختونخواہ میں 5.6 فیصد ہے۔

    بریفنگ کے مطابق ملک میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی کم ترین شرح پنجاب میں 4.2 فیصد ہے، لاہور میں مثبت کرونا کیسزکی شرح 5.69، راولپنڈی میں 4.95 فیصد اور فیصل اآباد میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح 6.81 فیصد ہے۔

    اسی طرح کراچی میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 20.12 فیصد، حیدر آباد میں 18.43 فیصد، پشاور میں 9.17 فیصد، سوات میں 7.32 فیصد، ایبٹ آباد میں 14.53 فیصد، کوئٹہ میں 9.91 فیصد، مظفر آباد میں 11.48 فیصد، میر پور میں 10.57 فیصد اور گلگت میں 4.76 فیصد ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 301 مریض وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں، لاہور میں 80، ملتان میں 40، راولپنڈی میں 19، کراچی میں 75، راولپنڈی میں 41 اور اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 40 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔

  • ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

    ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں ایس او پیز کی 10 ہزار 439 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، 24 گھنٹے میں 937 مارکیٹس، دکانیں اور 22 انڈسٹریز سیل کی گئیں اور ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو صوبوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق مخصوص مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک میں 24 گھنٹے میں ایس او پیز کی 10 ہزار 439 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، 24 گھنٹے میں 937 مارکیٹس، دکانیں اور 22 انڈسٹریز سیل کیے گئے اور ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 11 سو 17 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 249 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 78 ہزار آبادی کو کنٹرول کیا گیا، سندھ میں 28 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 17 لاکھ آبادی کو کنٹرول کیا گیا، پختونخواہ میں 601 لاک ڈاؤن سے 1 لاکھ 97 ہزار آبادی کو کنٹرول کیا گیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 10 لاک ڈاؤن سے 90 ہزار اور گلگت بلتستان میں 14 لاک ڈاؤن سے 15 ہزار آبادی کو کنٹرول کیا گیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں آزاد کشمیر میں ایس او پیز کی 804 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، آزاد کشمیر میں 134 دکانیں سیل اور 254 گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے۔

    اسی طرح 24 گھنٹے میں گلگت بلتستان میں ایس او پیز کی 185 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، گلگت بلتستان میں 42 دکانیں اور ایک انڈسٹری سیل کی گئی جبکہ 27 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے۔

    بریفنگ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں پختونخواہ میں ایس او پیز کی 5 ہزار 326 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد 178 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 105 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے۔

  • سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم

    سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب نے سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، لہٰذا پختونخواہ حکومت سیاحت پر خصوصی توجہ دے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ اراکین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، چیف سیکریٹری، آئی جی اور دیگر افسران موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد دیگر علاقوں کی طرح سہولتیں دینا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں قبائلی علاقے کے عوام کو نظر انداز کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ انضمام کو کامیابی سے آگے بڑھانا تحریک انصاف حکومت کی بڑی کامیابی ہے، حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مہیا کیے۔ انضمام شدہ علاقوں میں روزگار فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں کاروبار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، پختونخواہ حکومت خصوصی توجہ دے تاکہ سیاحت کی استعداد بروئے کار لائی جاسکے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہمارے اوپر زیادہ ذمے داری ہے کہ عوام کی بھرپور خدمت کریں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم آج غیر متوقع طور پر پشاور میں موجود ہیں۔ وہ گزشتہ رات کراچی کے مختصر دورے کے بعد واپس دارالحکومت کے لیے روانہ ہوئے تاہم موسم خرابی کی وجہ سے اسلام آباد میں طیارہ لینڈ نہ کیا جاسکا اور طیارے کو پشاور کی جانب موڑ دیا گیا۔

    وزیر اعظم گزشتہ رات پشاور میں رہے جبکہ آج وہ گورنر، وزیر اعلیٰ اور صوبائی ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

  • پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس

    پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس

    اسلام آباد: پاکستان اور روس میں بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے دوران روسی وزیر تجارت نے کہا کہ گیس پائپ لائن اور جیالوجیکل سروے کی صلاحیت میں دلچسپی ہے، ہوائی جہاز سازی سمیت صنعتی شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس میں بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر برائے اقتصادی امور اور روسی وزیر تجارت نے سیشن کی مشترکہ صدارت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، روس سے تعلقات تزویراتی شراکت داری میں بدلنے کے خواہاں ہیں۔ ایس سی او کے رکنیت کے عمل میں روس کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ وفود کے تبادلے میں اضافے سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔ پاکستان اور روس کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا۔ دونوں ملکوں نے حال ہی میں تجارتی تنازعہ حل کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارتی تعلقات اور عوامی روابط میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کاروبار کے لیے سازگار ماحول پر 10 بہترین ممالک میں شامل ہوگیا۔ موڈیز نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی کو منفی سے مستحکم کیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ کامیاب پالیسیوں سے تجارتی اور جاری کھاتوں کے خساروں پر قابو پایا۔

    حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان اور روس توانائی کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں، امید ہے گیس پائپ لائن منصوبے پر پیشرفت کی رفتار تیز ہوگی۔ معدنیات، ریلوے، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی بحالی میں روس کے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہیں، پاکستان روس سے ریلوے کے شعبے میں جوائنٹ وینچرز کے لیے تیار ہے۔ کوئٹہ تافتان ریلوے سیکشن کی اپ گریڈیشن پر مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ زراعت میں تعاون سمیت زرعی تجارت کو بھی بڑھانا چاہتے ہیں۔ خصوصی اقتصادی زونز میں بھی روس سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

    وزیر اقتصادی امور نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس میں سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون سے خطہ ترقی کرے گا، سیاحت کے شعبے کی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ امید ہے آئی جی سی اجلاس تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

    اجلاس میں روسی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں، پاکستان روس کا قابل اعتماد شراکت دار ہے۔ مؤثر فنانشل مارکیٹ سے تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ گیس پائپ لائن اور جیالوجیکل سروے کی صلاحیت میں دلچسپی ہے، پیشہ وارانہ تربیت میں تعاون بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہوائی جہاز سازی سمیت صنعتی شعبے میں تعاون بڑھائیں گے، ریلوے ڈھانچے اور ریل کی مقامی تیاری میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ گاڑی سازی میں تعاون کے فروغ کے خاطرخواہ مواقع ہیں۔ پاکستان اسٹیل ملز کو روس کے ماہرین کے تعاون سے بنایا گیا۔ پاکستان اسٹیل کی بحالی اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے تعاون کریں گے۔

    روسی وزیر کا کہنا تھا کہ روس جدید ادویات اور بائیو مشینری کی تیاری میں مہارت رکھتا ہے۔ روسی کمپنیاں بائیو ٹیکنالوجی مصنوعات سپلائی کر سکتی ہیں۔

    بعد ازاں دونوں وزرا نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا، روس سے بجلی گھر فرنس آئل سے کوئلے پر منتقلی سے متعلق بات چیت ہوئی۔

  • بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں معاشی ٹیم کے ارکان اور اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔

    اجلاس میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت اقتصادی ترقی کے معاملات کا جائزہ کیا گیا۔ اب تک کے حکومتی فیصلوں پرعملدر آمد کی رپورٹ بھی وزیر اعظم کو پیش کردی گئی۔

    اجلاس کو مختلف حصوں میں قائم خصوصی اقتصادی زونز کی صورتحال اور صنعتوں کے لیے سہولتوں کی فراہمی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی نے خصوصی اقتصادی زونز پر بریفنگ دی۔

    بریفنگ کے دوران صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی زونز کو جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے، خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور صنعتی عمل کو تیز کیا جائے۔ اقتصادی زونز کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ہنر مندوں کے لیے روزگار پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    اجلاس میں متعلقہ اداروں کے لیے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا، زبیر گیلانی سہولتوں کی دستیابی کا ٹائم فریم مقرر کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔

  • ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

    ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

    کراچی: ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، اجلاس بعد نماز عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔

    مفتی منیب الرحمٰن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اجلاس بعد نماز عصر میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ذوالحج کے چاند کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ذوالحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، عید الضحیٰ 13 اگست کو ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند آج 8 بج کر 12 منٹ پر پیدا ہونا شروع ہوجائے گا، اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، 7 بج کر 17 منت پر سورج طلوع ہوجائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کل غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جا سکے گا، چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہوگی۔

    گزشتہ روز حکومت پاکستان نے عید الضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق 12 سے 15 اگست تک تعطیلات ہوں گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق پیر 12 اگست سے 15 اگست جمعرات تک تمام سرکاری و نجی کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی دفاتر 16 اگست بروز جمعہ سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔