Tag: میٹنگ

  • سمندر200 کلو میٹر تک زمین کونگل رہا ہے: سینیٹر عثمان کاکڑ

    سمندر200 کلو میٹر تک زمین کونگل رہا ہے: سینیٹر عثمان کاکڑ

    اسلام آباد: سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ترقیات کے اجلاس میں سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا تھا کہ سمندر200 کلو میٹر تک زمین کونگل رہا ہے ٹھٹھہ اور بدین کی جانب سمندر آگے بڑھ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ترقیات کا سینیٹر عثمان کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ چیف سیکریٹری کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی محکموں نے بریفنگ دی۔

    اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ اور مختلف محکموں کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ وفاقی حکومت بہت ناانصافیاں کر رہی ہے، وفاق کی جانب سے صوبوں کو فنڈز پورے نہیں دیے جا رہے۔ 200 کلو میٹر تک سمندر زمین نگل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ اور بدین کی جانب سمندر آگے بڑھ رہا ہے، گیس فراہم کرنے والا صوبہ سندھ گیس سے محروم ہے۔

    سینیٹر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے مل کر سندھ کے مسائل سمجھنا چاہتے تھے، وزیر اعلیٰ کے پاس وقت نہیں وہ شاید ہمیں بھی نیب سمجھ رہے ہیں۔

  • عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں: مراد سعید

    عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ناقص منصوبہ بندی پر اعلیٰ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں، کسی شاہراہ کو قابل استعمال بنانے کے لیے منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی زیر صدارت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز حکام کا اجلاس منعقد ہوا۔ دوران اجلاس وزیر مواصلات ناقص منصوبہ بندی پر اعلیٰ حکام پر برہم ہوگئے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ انتہائی عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں، کسی شاہراہ کو قابل استعمال بنانے کے لیے منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

    وزیر مواصلات نے غیر ضروری گاڑیوں کی ڈیمانڈ کو پی سی ون سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف سڑک کافی نہیں، مواصلاتی نظام اور دیگر سہولتیں بھی دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی تمام توجہ اور وسائل سڑکوں کی تعمیر میں جھونکے گئے، سڑکوں کو سفر کے قابل بنانے کے لیے 14 ہزار پولیس اہلکار درکار ہیں، گزشتہ حکومت کی متعارف بدترین روایات بدلنا ہوں گی۔

    مراد سعید نے ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی منصوبے کی تعمیر سے قبل منصوبہ بندی یقینی بنائیں۔

    خیال رہے کہ مراد سعید کو چند روز قبل ہی وزیر مملکت سے وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

    مراد سعید کے مطابق حکومت کے ابتدائی 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی گئی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

    وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سہولتوں کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی فتح پر مبارکباد دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی کے نو منتخب صدر اور ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی میں فیڈریشن کے کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں، ملکی معاشی ڈھانچے میں انقلابی اصلاحات کے عمل کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ پرامید ہوں فیڈریشن اقتصادی مسائل کے حل میں دست و بازو بنیں گے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے جبکہ مختلف تقرریوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 26 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

    اجلاس میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے والے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت 172 افراد کی فہرست پر کمیٹی سفارشات زیر غور لائی جائیں گی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کی تعیناتی، پاکستان ٹوبیکو کے ڈائریکٹر کی توسیع، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی عمان اور پاکستان کے درمیان ایم او یو، سیکریٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ، سیکریٹری بی آئی ایس پی کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں نئے چیئرمین سی ڈی اے کی تقرری، کراچی شپ یارڈ کے ایم ڈی کی ڈیپوٹیشن پر تقرری مختلف اداروں کے سربراہان اور سیکریٹریز اور اسلام آباد اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔

    اجلاس میں ترک شہری کی ڈیپوٹیشن یا گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 2 جنوری کو طلب کیا گیا تھا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 172 افراد کے نام فی الحال ای سی ایل سے نہیں نکالے جائیں گے اور فرداً فرداً تمام افراد کی اسکیننگ کی جائے گی۔

  • سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس: مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

    سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس: مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

    کراچی: سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا جس میں مدارس کی فنڈنگ اور نصاب کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر ناصر شاہ، مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب، ایڈووکیٹ جنرل، ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔

    اجلاس میں گزشتہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور نیشنل ایکشن اور پراسیکیوشن پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ امن کی صورتحال ہے لیکن 3 واقعات چینی قونصلیٹ حملہ، لانڈھی اور گلستان جوہر میں دھماکہ افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔

    سیکریٹری داخلہ کبیر قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن، اداروں کی مانیٹرنگ اور ورکنگ گروپ کا قیام ہوچکا، یہ گروپ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم ہوا ہے۔ کمیٹی میں سیکریٹری مذہبی امور، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 5 دسمبر 2018 کو ہو چکا ہے جس میں مدارس رجسٹریشن اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ 3 چیزوں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مانیٹرنگ میں سورس آف فنڈنگ، نصاب کا جائزہ اور بیرون ممالک زیر تعلیم طلبا کی اسناد شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ دہشت گردی میں بڑے تعلیمی اداروں کے طلبا بھی ملوث رہے ہیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کا ڈرافٹ تیار ہے لا ڈیپارٹمنٹ جائزہ لے گا۔ جو مدارس اہم شاہراہوں پر ہیں ان کی منتقلی کے لیے بات کی جائے۔

    اجلاس میں کور کمانڈر نے کہا کہ سائبر کرائم کا سسٹم ہمارا اپنا ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے آرمی چیف سے درخواست کی جائے گی۔ درخواست ہوگی کہ آرمی سائبر سیکیورٹی ونگ سے مدد فراہم کی جائے۔

    اجلاس میں سیف سٹی پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ علاقائی پولیس اور دیگر سیکیورٹی کے ادارے مل کر فیصلہ کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے بھوت کو اب ختم کرنا ہے، اس پر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں، بہتر انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے لیے ادارے مل کر کام کریں۔

    اجلاس میں نئے پراسیکیوٹرز کی ٹریننگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بانی ایم کیو ایم کے نام سے 62 عمارتیں اور دیگر ادارے تھے، عمارتوں اور اداروں پر سے بانی ایم کیو ایم کا نام تبدیل کر دیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ 1899 درگاہوں کی سیکیورٹی آڈٹ بھی کی گئی۔ سندھ پولیس اور رینجرز نے پورے صوبے کی سیکیورٹ آڈٹ کی۔ 15 اضلاع کی آڈٹ ہوچکی اور کمزور مقامات کی نشاندہی کی گئی، باقی اضلاع کا سیکیورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔

    اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں 110 تھانے، 50 چیک پوسٹ اور 3112 اہلکار تعینات ہیں۔ اجلاس میں کچے کے علاقوں پر مزید توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کے تحت کچے کے علاقوں کی ترقی پر کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی میں چیئرمین پی اینڈ ڈی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور آئی جی پی شامل ہوں گے۔ کمیٹی کچے کے علاقوں کے لیے پیکج دینے کی سفارش مرتب کرے گی۔

    اجلاس میں بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نان سی پیک اور سی پیک منصوبوں کی بھی آڈٹ ہوچکی ہے۔ نان سی پیک کے 93 منصوبوں پر 952 غیر ملکی کام کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 2859 سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔

    بریفنگ کے مطابق سی پیک کے 10 منصوبوں پر 2878 غیر ملکی کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کی مینجمنٹ کو ہدایت کریں 2843 پرائیوٹ گارڈز رکھیں۔ ’فیصلہ ہوا تھا جتنی سیکیورٹی سرکاری ہوگی اتنی پرائیویٹ ہائر کی جائے گی‘۔

    آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 12 ہزار 733 ملزمان اور 601 گینگ کے کارندوں کو گرفتار کیا۔ 97 ملزم مختلف مقابلوں میں مارے گئے۔ 2 راکٹ لانچرز، اسنائپر رائفل، 2 ایل ایم جی، 4 جی تھری رائفل، 181 ایس ایم جی اور 8457 پستول برآمد کیے۔

    آئی جی نے بتایا کہ کراچی ریجن نے 205 بم یا دستی بم برآمد کیے۔ نومبر 2018 تک 47 قتل ہوئے،2017 میں تعداد 55 تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملےمیں ملوث تینوں حملہ آور مارے گئے۔ 23 دہشت گردوں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت پھانسی کی سزا دی گئی۔ اینٹی ٹیرر ازم فنانسنگ یونٹ میں 2281 افراد پر کام کیا گیا۔ یونٹ میں 1457 فورس اہلکار کام کر رہے ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا

    وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا، اجلاس میں وزیر اعظم 100 روزہ کارکردگی کی تفصیلات بیان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اگلا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر ملک کی معاشی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں 100 روزہ پلان پر عملدر آمد کا بھی مکمل جائزہ لیا جائے گا جبکہ کابینہ ارکان کی کارکردگی پر بھی غور ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان جمعرات کو ہی 100 روزہ کارکردگی کی تفصیلات بیان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدر آمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے جبکہ کابینہ مختلف اداروں میں تقرریوں کی بھی منظوری دے گی۔

    خیال رہے اس سے قبل 23 نومبر کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور یادداشتوں کی منظوری دی گئی تھی۔ اجلاس میں نیشنل بینک کے صدر کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات اور متحدہ عرب امارات اور ملائشیا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر کابینہ کو بریفنگ بھی دی تھی۔

  • پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزرائے اعلیٰ نے نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں، ہم اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم نے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ صوبوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کردار جاری رکھیں گے۔

  • رواں برس سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد صفر

    رواں برس سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد صفر

    کراچی: انسداد پولیو کی صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق مشترکہ کاوش سے سندھ میں اس سال پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، رواں برس 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد بچوں کے والدین نے ویکسینیشن سے انکار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مشترکہ کاوش سے سندھ میں اس سال پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا، ہماری حکومت کی کمٹمنٹ ہے کہ پولیو کا خاتمہ کریں۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ ستمبر میں کراچی کے 11 مقامات سے نمونے لیے گئے، ستمبر میں سکھر سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اپریل سے ستمبر تک کراچی میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن نہ ہوسکی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ 18 ہزار557 بچوں کے والدین نے ویکسی نیشن سے انکار کیا، 96 ہزار 906 بچوں کی گھر پر نہ ہونے کے باعث ویکسی نیشن نہ ہوسکی۔ دیہی سندھ میں 88 ہزار 464 بچے گھروں پر نہ ہونے کے سبب ویکسی نیشن سے محروم رہ گئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام اسکولوں میں ٹیم بھیج کر بچوں کی ویکسی نیشن کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف افغانستان اور پاکستان ہی دو ممالک ہیں جہاں پولیو پایا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کاوشیں مزید تیز اور بہتر کر کے پولیو کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ رواں برس اب تک ملک میں پولیو کے صرف 4 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 3 بلوچستان اور ایک خیبر پختونخواہ میں ہے۔

    سنہ 2017 میں پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہوئے، سنہ 2016 میں 20، سنہ 2015 میں 54 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اینڈ پولیو پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پولیو کیسز کی بلند ترین شرح سنہ 2014 میں دیکھی گئی جب ملک میں پولیو وائرس کے مریضوں کی تعداد 306 تک جا پہنچی تھی۔

    یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔ اس کے بعد پاکستان پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی گئیں تھی۔ اسی سال پڑوسی ملک بھارت پولیو فری ملک بن گیا۔

  • شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

    شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کے کیسز اور جوڈیشل پروسیسنگ میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے تلاوت قرآن پاک کے دوران سب سے چھوٹی سورت سورۃ الکوثر پڑھنے کی کوشش کی لیکن آخر میں چند الفاظ بھول گئے جس کے بعد اسے ایسے ہی ادھورا چھوڑ دیا۔

    اجلاس میں نواز شریف کے کیسز اور جوڈیشل پروسیسنگ میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن میں ہونے والے مبینہ دھاندلی پر کمیشن بنانے کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین نیب کی ملاقات کو مفادات کا ٹکراؤ قرار دیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی کا کہنا تھا کہ جس کا خود نیب میں کیس ہو وہ کیسے نیب کے چیئرمین سے مل سکتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے اجلاس میں تارکین وطن کی ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا معاملہ مسترد کردیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بجلی مہنگی کرنے کی تجویز پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

    پارلیمانی کمیٹی کا کہنا تھا کہ سی پیک کے فنڈز کی بندش اور مغربی روٹ پر کام روک دیا گیا۔

    پارلیمانی کمیٹی نے لوکل گورنمنٹ نظام ختم کرنے کے اعلان پر کنونشن کا فیصلہ بھی کیا۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو آئینی مدت پوری کرنی چاہیئے۔

    کمیٹی نے خارجہ پالیسی پر حکومتی اقدامات کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا تھر میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے کا حکم

    وزیر اعلیٰ سندھ کا تھر میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے کا حکم

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھر کے دیہاتوں میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے اور غیر فعال آر او پلانٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ کے قحط زدہ علاقوں میں ریلیف کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر میں 443 آر او پلانٹس فعال، 147 غیر فعال ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تھر میں غیر فعال آر او پلانٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ تھر میں پانی کی فراہمی کے 81 اسکیمیں ہیں جن میں 43 فعال ہیں۔ باقی اسکیمیں برقی و دیگر مسائل کے باعث بند پڑے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے ایس ایم بی آر کو تھر کے دیہاتوں میں ٹینکرز سے پانی پہنچانے کا حکم بھی دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پانی فراہمی کے لیے اینگرو کول مائننگ کمپنی سے مدد چاہیئے تو طلب کریں۔ تھر کے عوام و دیگر قحط زدہ علاقوں میں عوام کی بھرپور مدد کی جائے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قحط زدہ علاقوں میں جانوروں کے چارے کا بھی بندوبست کیا جائے۔