Tag: میٹھا

  • آج میٹھے میں بادام کا مزیدار حلوہ بنائیں

    آج میٹھے میں بادام کا مزیدار حلوہ بنائیں

    موسم سرما میں میٹھا کھانے کی اشتہا بڑھ جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر کھانے کے بعد میٹھا کھانا جسمانی صحت اور موڈ پر مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو بادام کا مزیدار حلوہ بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں۔

    اجزا

    بادام کا پیسٹ: 1 کپ

    گھی: 1 کپ

    سوجی: 250 گرام

    دودھ: 2 کپ

    چینی: آدھا کپ

    کھویا: 250 گرام

    آلمنڈ ایسنس: 1 چائے کا چمچ

    بادام: سجاوٹ کے لیے

    ترکیب

    گھی کو گرم کر کے اس میں سوجی ڈال کر بھون لیں یہاں تک کہ خوشبو آنے لگ جائے۔

    پھر دودھ، چینی اور بادام کا پیسٹ ڈال کر مکس کرلیں اور فرائی کرلیں۔

    اب کھویا اور آلمنڈ ایسنس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں یہاں تک کہ گھی اوپر آجائے۔

    سرونگ پلیٹر میں نکال کر بادام سے سجا کر پیش کریں۔

  • مزیدار جاپانی چاکلیٹ یوکان گھر پر بنائیں

    مزیدار جاپانی چاکلیٹ یوکان گھر پر بنائیں

    یوکان ایک روایتی جاپانی میٹھا ہے جو عام طور پر کافی بینز کو سمندری نباتات سے حاصل کردہ مرکب اگر اور چینی کے ساتھ پکا کر بنایا جاتا ہے۔ اس کیک کو تیار کرنے کے لیے چاکلیٹ کے آمیزے میں میدہ شامل کر کے اسے بھاپ دی جاتی ہے۔

    یہ ڈش یقیناً آپ کے گھر میں موجود بچے اور بڑے نہایت شوق سے کھائیں گے۔

    تو پھر سیکھیں اسے گھر میں کیسے بنایا جاتا ہے اور اسے بنا کر اہل خانہ سے داد وصول کریں۔


    اجزا

    کوکو پاؤڈر: 2 کھانے کے چمچ

    چینی: 3 کھانے کے چمچ

    مکھن: 15 گرام

    انسٹنٹ کافی: 1 چائے کا چمچ

    گرم پانی: 2 کھانے کے چمچ

    دودھ: آدھا کپ یا 100 ملی لیٹر

    میدہ: 5 کھانے کے چمچ


    ترکیب

    ایک پیالے میں کوکو پاؤڈر اور چینی ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ انسٹنٹ کافی کو گرم پانی میں حل کر لیں۔

    ایک ساس پین میں مکھن ڈال کر دھیمی آنچ پر گرم کر لیں۔ جب مکھن پگھل جائے تو چولہا بند کر کے اسی پین میں کوکو پاؤڈر اور چینی شامل کریں۔

    اچھی طرح ملانے کے بعد اس میں حل شدہ کافی ڈالیں اور چولہا جلا لیں۔ جب آمیزہ یکجان ہو جائے، تو چولہا بند کر دیں۔ اب چاکلیٹ تیار ہے۔

    چاکلیٹ میں ٹھنڈا دودھ ملائیں اور اچھی طرح حل کرلیں۔ ایک پیالے میں میدہ ڈالیں اور چاکلیٹ کے مرکب کو 3 حصوں میں تھوڑا تھوڑا کرکے اس میں ملائیں۔

    اچھی طرح ملانے کے بعد اسے ایک چھلنی سے چھان لیں۔ اب یوکان آمیزہ تیار ہے۔

    حرارت برداشت کر سکنے والے 14 سینٹی میٹر چوکور سانچے میں پلاسٹک کا ایک نم ٹکڑا پھیلا کر یوکان آمیزے کو اس میں انڈیل دیں۔

    ایک اسٹیمر میں گرم پانی کو ابالیں، اب اس کے اندر سانچہ رکھیں۔

    اسٹیمر اور اس کے ڈھکن کے درمیان میں ایک کپڑا پھیلا کر ڈھکن بند کر دیں۔ جب گرم پانی ابلنے لگے تو آنچ دھیمی کر کے 15 سے 20 منٹ تک دم دیں۔

    لکڑی کی ایک سلائی یوکان میں داخل کریں۔ باہر نکالنے پر اگر یہ صاف ہو تو چولہا بند کر دیں۔

    یوکان کو مشین سے باہر نکال کر پلاسٹک سے ڈھانپ دیں اور 30 منٹ کے لیے فریج میں ٹھنڈا کر لیں۔

    ٹھنڈا ہو جائے تو دل کی شکل کے ایک بسکٹ کٹر پر تھوڑا کوکو پاؤڈر چھڑک کر یوکان کاٹ لیں۔ انہیں ایک ٹرے میں رکھیں اور اوپر کوکو پاؤڈر چھڑک دیں۔

    چاکلیٹ یوکان تیار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آج کھانے کے ساتھ خوبانی کا میٹھا پیش کریں

    آج کھانے کے ساتھ خوبانی کا میٹھا پیش کریں

    کھانے کے بعد میٹھا کھانا نہ صرف سنت رسولﷺ ہے بلکہ طبی ماہرین بھی اس کی افادیت ثابت کر چکے ہیں۔ اسی لیے آج اپنے اہل خانہ کو کھانے کے بعد لذیذ خوبانی کا میٹھا پیش کریں۔


    اجزا

    سوکھی خوبانی: آدھا کلو، 2 کپ پانی میں بھیگی ہوئی

    لیموں کا جوس: 1 کھانے کا چمچ

    چینی: آدھا کپ

    جیلیٹن: ایک چائے کا چمچ، پانی میں بھیگا ہوا

    دودھ: ایک سیر

    چینی: 2 کھانے کے چمچ

    کسٹرڈ پاؤڈر: 4 کھانے کے چمچ

    کریم: 1 پیکٹ

    بادام: حسب ضرورت

    پستے: حسب ضرورت


    ترکیب

    ایک پین میں سوکھی خوبانی کو ڈال کر پکالیں۔

    اب اس میں لیموں کا جوس، آدھا کپ چینی اور جیلیٹن ڈال کر مزید پکا لیں۔

    پھر اس کو اتار کر بلینڈر میں بلینڈ کر لیں اس کے بعد مزید پکائیں۔

    اب اس کو ٹھنڈا کر کے ڈش میں نکال لیں۔

    ایک پین میں دودھ اور چینی کو ڈال کر ابال لیں۔ کسٹرڈ اور پانی کو بھی مکس کر لیں۔

    اب کسٹرڈ کو دودھ اور چینی کے آمیزے میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ ایک ابال آجائے۔

    جب کسٹرڈ تیار ہو جائے تو چولہا بند کر دیں اور ٹھنڈا کر لیں۔

    اب کسٹرڈ میں آدھی کریم ڈال کر مکس کر لیں۔

    اس کسٹرڈ کو ڈش میں نکالیں اور اس کے اوپر خوبانی کا آمیزہ، باقی کریم، بادام اور پستے ڈال کر پیش کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دفتر میں سالگرہ منانے کا نقصان

    دفتر میں سالگرہ منانے کا نقصان

    اگر آپ اپنے دفتر میں اپنی یا اپنے ساتھیوں کی سالگراہیں منانے اور ان میں شریک ہونے کے عادی ہیں تو جان جائیں کہ آپ اپنی صحت کو سخت نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    ماہرین طب نے خبردار کیا ہے کہ دفاتر میں ’کیک کلچر‘ موٹاپے اور دانتوں کی مختلف بیماریوں کا باعث بن رہا ہے۔ دفاتر میں اکثر ساتھیوں کی سالگراہیں، منگنی، شادی یا کسی کامیابی کی خوشی منانے کے لیے کیک کاٹا جاتا ہے اور ماہرین کے مطابق یہ صحت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

    cake-3

    ماہرین کے مطابق ایک دن کیک کاٹنا اور کھانا وزن کم کرنے پر کام کرنے والے افراد کی کوششوں کو ضائع کردیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کی جگہ پھلوں یا پنیر کا استعمال کیا جائے۔

    لندن کے رائل کالج آف سرجنز کے ایک پروفیسر کے مطابق دفاتر لوگوں میں شوگر، وزن میں اضافے اور دانتوں کی خراب صحت کی سب سے بڑی وجہ بن گئے ہیں۔

    cake-2

    پروفیسر کے مطابق کیک پر مکمل پابندی لگانا درست نہیں البتہ کم مقدار میں اور لنچ کے ساتھ کیک کھایا جائے۔

    واضح رہے برطانیہ میں ہر سال 65 ہزار افراد دانتوں کے مختلف امراض کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوتے ہیں۔

  • جھریوں سے بچانے والی حیرت انگیز شے

    جھریوں سے بچانے والی حیرت انگیز شے

    کون ہوگا جو ہمیشہ جوان رہنا اور بڑھاپے سے بچنا نہ چاہتا ہوگا۔ مرد ہو یا عورت، یہ خواہش طب کے پیشے اور کاسمیٹکس کی انڈسٹری میں بے شمار ایجادات کا سبب بنی۔

    لیکن ماہرین نے حال ہی میں ایک ایسی شے کو بڑھاپے سے بچانے والی شے قرار دیا ہے جسے عام طور پر مضر سمجھا جاتا ہے۔

    یہ شے کچھ اور نہیں بلکہ چینی ہے جو وزن میں اضافے اور شوگر جیسی بیماری پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔

    dessert-1

    دا نیچر آف بیوٹی نامی جریدے میں شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق چینی میں موجود اجزا ہمارے جلد کے خلیات کو نم رکھتے ہیں۔

    مضمون میں بتایا گیا ہے کہ بڑھاپے کا عمل اس وقت شروع ہوتا ہے جب جلد کے خلیات پانی اور مائع مرکبات کی کمی کی وجہ سے خشک ہونے لگیں تب آہستہ آہستہ جلد جھریوں زدہ ہونے لگتی ہے۔

    dessert-2

    تاہم چینی اس خشکی سے بچاتی ہے۔ یہ سرد موسم میں جلد کو خشکی سے محفوظ رکھتی ہے جبکہ خشک جلد والے افراد کے لیے بھی یہ بہترین خوراک ہے۔

    chocolates

    مضمون کے مطابق اس کے لیے خالص چینی کا استعمال ضروری نہیں البتہ چینی سے بنی مختلف اشیا، شہد، چاکلیٹ وغیرہ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    مزید مضامین پڑھیں:

    شہد اور دار چینی کا مرکب بے شمار بیماریوں سے بچائے

    کینڈیز کھانے کے فوائد

    سیاہ چاکلیٹ کے فوائد

    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔