Tag: میچ

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاک، بنگلا دیش کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

    ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاک، بنگلا دیش کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

    ڈھاکہ(20 جولائی 2025): پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ آج  ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ آج ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں ہوگا، سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جبکہ گرین شرٹس نے تیاریاں بھی فائنل کرلیں۔

    ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ریکارڈ کافی شاندار رہا ہے، پاک ٹیم کو بنگال ٹائیگرز کے خلاف 19 جبکہ حریف کو 3 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔

    پاکستان نے گذشتہ باہمی سیریز میں بنگلا دیشی سائیڈ کو لاہور میں ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کیا تھا، اب جوابی سیریز میں بھی اسی کھیل کا سلسلہ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/wcl-2025-pak-india-match-canceled/

    پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ بنگلا دیش ہوم گراؤنڈ اور اپنی کنڈیشنز میں اچھی ٹیم ہے، چیلنجز کے بارے میں علم ہے، پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

    واضح رہے کہ آج بارش کی پیش گوئی کی گئی جبکہ سیریز کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس سے قبل ہفتہ کو ڈھاکہ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔

    یاد رہے کہ سیریز کے تینوں میچ 20، 22 اور 24 جولائی کو ڈھاکہ کے مشہور شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

  • چیمپئنز ٹرافی: آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ بارش کے باعث منسوخ

    چیمپئنز ٹرافی: آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ بارش کے باعث منسوخ

    راولپنڈی: چیمپئنز ٹرافی میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

    راولپنڈی میں بارش کے باعث جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے میچ کا ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقا کی ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

    میچ منسوخ ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے تین تین پوائنٹس ہوگئے۔

    گروپ بی میں جنوبی افریقا پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر موجود ہے، انگلینڈ کا تیسرا اور افغانستان کا چوتھا نمبر ہے۔

    اس وقت بھی جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آج دن بھر بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی میں شامل مذکورہ دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ جیت رکھا ہے۔ آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ جب کہ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دی۔ آج جو بھی ٹیم فتح حاصل کرے گی وہ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو قوی کرے گی۔

    واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے گروپ ون سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ دفاعی چیمپئن ومیزبان پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔

    اب پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 27 فروری کو لاہور میں کھیلا جانے والا میچ محض ایک رسمی کارروائی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    میگا ایونٹ کے سیمی فائنل 5 اور 6 مارچ کو دبئی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ میچ دبئی بصورت دیگر فائنل میچ 9 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

  • پاک بھارت ٹاکرا: اڈیالہ جیل میں میچ دکھانے کے خصوصی انتظامات

    پاک بھارت ٹاکرا: اڈیالہ جیل میں میچ دکھانے کے خصوصی انتظامات

    لاہور: پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو پاک بھارت کرکٹ میچ دکھانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا جاری ہے اسی سلسلے میں ملک کے کئی شہروں میں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    اسی سلسلے میں پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو پاک بھارت کرکٹ میچ دکھانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اڈیالہ جیل میں بھی پاک بھارت میچ دکھایا جارہا ہے۔

    اڈیالہ جیل کے سپرینڈنٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قیدیوں کو آج کا میچ خصوصی طور پر دکھایا جارہا ہے، اڈیالہ جیل کی ہربیرک میں اسکرین نصب کی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ پنجاب کی تمام جیلوں میں بھی قیدی کرکٹ میچ سے محظوظ ہونگے، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے آئی جی جیل خانہ جات کو خصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

  • چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ کے دوران بارش کا کتنا امکان ہے؟ اہم خبر آگئی

    چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ کے دوران بارش کا کتنا امکان ہے؟ اہم خبر آگئی

    دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کل روایتی حریف ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، دونوں ٹیموں نے تیاریاں تیز کردیں۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 کے 5واں میچ 23 فروری بروز اتوار دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے خلاف ہوگا، دبئی میں ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔

    متحدہ عرت امارات کی محکمہ موسمیات کے مطابق دبئی میں اتوار کو بارش کا امکان ہے، کہا جارہا ہے کہ رات کے وقت کھیل کے ختم ہونے کے دوران بارش ہوسکتی ہے جس سے میچ متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔

    یووراج سنگھ نے بھارت کے بجائے پاکستان کو ’فیورٹ‘ قرار دے دیا

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دبئی میں اتوار کی رات اور پیر کی صبح جزوی طور پر موسم ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ اس وقت 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دبئی میں اتوار کے روز دن کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو کمزور ڈیتھ بولنگ اور اسٹار بلے باز ناکامی کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 60 رنز کے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    دوسری جانب بھارت نے اپنے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی، اس میچ میں بھارتی ٹیم کے بیٹر اور بولرز کی مشترکہ امتزاج نے انہیں جیت سے ہمکنار کیا تھا۔

  • ’بھارت سے میچ ہار جاؤ تو گھر والے بھی فون نہیں کرتے‘

    ’بھارت سے میچ ہار جاؤ تو گھر والے بھی فون نہیں کرتے‘

    چیمپئنز ٹرافی کے پاک بھارت میچ کا بخار سابق کرکٹرز پر بھی سوار ہو گیا ہے دونوں ممالک کے سابق کرکٹرز نے دلچسپ گفتگو کی ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں۔ 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔

    تاہم شائقین کرکٹ کو سب سے زیادہ انتظار 23 فروری کو دبئی میں ہونے والے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا ہے۔ اس بڑے مقابلے کا وقت جیسے جیسے قریب آ رہا ہے۔ عام شائقین پر کرکٹ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے سابق کرکٹرز بھی اس بخار کا شکار ہو رہے ہیں۔

    ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دونوں ممالک کے سابق کرکٹرز شاہد خان آفریدی، انضمام الحق، نوجوت سنگھ سدھو اور یوراج سنگھ شریک تھے اور موضوع گفتگو پاکستان اور بھارت میچز تھے۔

    پاکسان کے سابق کپتان اور اور ون ڈے میں پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچوں میں سنسنی اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ اگر ہم بھارت سے میچ ہار جاتے تو گھر والے بھی فون نہیں کرتے تھے۔

    سابق بھارتی اوپنر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاک بھارت میں اتنا کرکٹ ٹیلنٹ موجود ہے کہ اگر ساتھ مل کر کھیلیں تو دنیا فتح کر لیں، اس پر یوراج سنگھ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ پھر تو ہمیں جگہ ہی نہیں ملتی۔

    سابق قومی کپتان شاہد خان آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے دونوں ممالک کے اسکواڈز کا تقابل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارتی ٹیم میں میچ ونرز زیادہ ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-unveiling-ceremony-to-be-held-in-lahore-today/

  • پاک نیوزی لینڈ پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    پاک نیوزی لینڈ پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    سیریز میں نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف دو، ایک کی برتری حاصل ہے۔لاہور میں بارش کے باعث مہمان ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن ممکن نہ ہو سکا۔

    واضح رہے کہ چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

    قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 179 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناسکی تھی۔

    فخر زمان کی 61 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی، صائم ایوب 20، کپتان بابر اعظم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

    عثمان خان 16 رنز بناسکے، شاداب خان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد نے 23 رنز بناسکے، عباس آفریدی ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اسامہ میر کو 5 رنز پر جمی نیشم نے بولڈ کیا۔عماد وسیم 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    پہلا ٹی 20: ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان کو ایک رن سے ہرا دیا

    نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بین سیئرز دو اور مائیکل بریسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

  • پی ایس ایل: لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ بارش کے باعث منسوخ

    پی ایس ایل: لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ بارش کے باعث منسوخ

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا 17واں میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    راولپنڈی میں مسلسل بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہوسکا، میچ منسوخ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج دوپہر 2 بجے پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز کا مقابلہ ہونا تھا جبکہ شام 7 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شیڈول ہے۔

    لیکن محکمہ موسمیات نے پنڈی میں آج دن بھر بارش کی پیشگوئی کی ہے، گزشتہ روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش ہوئی تھی۔

  • اروشی روٹیلا پاک بھارت میچ میں سونے کا فون کھو بیٹھیں

    اروشی روٹیلا پاک بھارت میچ میں سونے کا فون کھو بیٹھیں

    بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا پاک بھارت میچ کے دوران اپنا قیمتی ترین سونے کا فون کھو بیھیں ہیں۔

    فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے درخواست کی ہے۔

    جاری کردہ پوسٹ میں اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ ’ نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں میرا 24 قیراط گولڈ والا آئی فون کھو گیا‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Urvashi Rautela (@urvashirautela)

    اداکارہ اروشی روٹیلا نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’ اگر کسی کو یہ فون نظر آجائے تو برائے مہربانی میری مدد کرتے ہوئے مجھ سے جلد از جلد رابطہ کرے‘۔

    واضح رہے کہ 14 اکتوبر بروز ہفتے کو بھارت کے احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں بھارت نے ٹاس جیتا اور بولنگ کا فیصلہ کیا۔

    ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    مقابلہ انتہائی یکطرفہ ثابت ہوا، پہلے پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، بعدازاں بھارتی بلے باز پاکستان پر اپنی دھاک بٹھاتے رہے۔

  • ویڈیو: پاک بھارت میچ کیلئے ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں

    ویڈیو: پاک بھارت میچ کیلئے ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں

    احمدآباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے بڑے ٹاکرے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ہوٹل سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم پہنچ گئی۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان میگا ایونٹ میں میچ سے قبل تقریب منعقد ہوگی، جس میں بھارتی اداکاروں سمیت بھارتی گلوکار بھی سروں کا جادو جگائیں گے۔

    دوسری جانب پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے نریندر مودی اسٹیڈیم کے باہر گہما گہمی ہے، مداحوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کے باہر موجود ہے۔

    آج کے میچ کے لیے فینز کو پاک بھارت ٹاکرے کا شدت سے انتظار ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہر طرف نیلی جرسیاں پہنے بھارتی شائقین نظر آرہے ہیں اس کے علاوہ چند پاکستانی فینز بھی اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔

  • ایشیاکپ: سپر 4 مرحلے میں بارش 5 ویں ٹیم بن گئی، آج کا میچ بھی متاثر ہونے کا امکان

    ایشیاکپ: سپر 4 مرحلے میں بارش 5 ویں ٹیم بن گئی، آج کا میچ بھی متاثر ہونے کا امکان

    ایشیا کپ 2023 کا سپر فور مرحلے کے سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے میچز کا آغاز آج سے ہوگا جہاں سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں ٹکرائے گی۔

    کولمبو میں سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا، سپر فور کے پہلے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔

    تاہم اس سپر فور مرحلے میں بارش 5 ویں ٹیم بن گئی جس کے باعث سری لنکا اور بنگلادیش کا میچ  بھی متاثر ہونے کا امکان ہے، سری لنکا کی محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ آج کوئی ریزرو ڈے نہیں ہوگا۔

    اگر آج کے میچ میں 5ویں ٹیم(بارش) کی جیت ہوئی تو واش آؤٹ پر ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ ملے گا، آج کے میچ میں گراؤنڈز مین کا بھی کڑا امتحان ہوگا کھیل رکا تو تیزی سے گراؤنڈ کو بھی خشک کرنا ہوگا۔

    بنگلادیش سپر فور کا اپنا پہلا میچ پاکستان سے ہارا تھا، بنگال ٹائیگرز آج کا میچ بھی ہار گئے تو ان کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 50 ون ڈے کھیلے گئے ہیں جس میں سے 33 آئی لینڈرز نے جیتے جبکہ 9 میں بنگال ٹائیگرز نے میدان مارا اور  4 بے نتیجہ رہے۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کے اگلے مرحلے کی چاروں ٹیمیں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش اس وقت کولمبو میں موجود ہیں، جہاں ایونٹ کے باقی تمام میچز کھیلے جانے ہیں۔