Tag: میڈیا ٹاک

  • نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے پنجاب بدلنے جا رہا ہے: علیم خان

    نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے پنجاب بدلنے جا رہا ہے: علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر بلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے پنجاب بدلنے جا رہا ہے، تحریک انصاف اپوزیشن کی وکٹیں اڑانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات علیم خان سے چیئرمین میونسپل کمیٹی صفدر آباد، خالد محمود بھٹی نے ملاقات کی۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی صفدر آباد کی کونسلرز کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔

    علیم خان سے پی پی 143 سے صوبائی اسمبلی کی نشست کے رنر اپ سردار سرفراز ڈوگر نے بھی ملاقات کی۔ علیم خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا۔

    اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ ملکی سیاست ٹی 20 یا ون ڈے نہیں، ٹیسٹ میچ ہے۔ عمران خان کے چوکوں چھکوں سے اپوزیشن چاروں شانے چت ہوگی۔ تحریک انصاف اپوزیشن کی وکٹیں اڑانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ 10 سال پنجاب میں اندھیر نگری والوں کو آج بہت کچھ یاد آرہا ہے۔ ملک کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، بڑے آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔ بے دردی سے ملکی خزانہ لوٹنے والے آج ہمدردی جتا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی عمران خان کا راستہ روکنے کی کوشش ناکام جائے گی، نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے پنجاب بدلنے جا رہا ہے۔

  • وزیر اعظم نے مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے: شیخ رشید

    وزیر اعظم نے مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریمانڈ کے اندر پروڈکشن آرڈر دینا غیر آئینی ہے۔ لوگ بے گناہ کیسز میں مرجاتے ہیں، آپ کو پروڈکشن آرڈر اور ڈیل چاہیئے۔ وزیر اعظم نے ریاض فتیانہ کی جگہ مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مشورہ لیا پھر بتایا گیا وزیر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن بن سکتا ہے، وزیر اعظم نے ریاض فتیانہ کی جگہ مجھے پی اے سی رکن نامزد کیا ہے۔ 2 پبلک اکاؤنٹس کمیٹیاں ہوں گی ایک شہباز کی اور ایک شیخ رشید کی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ تمام اسٹیشنوں کے جائزے کے لیے کل روانہ ہوں گا، وزیر اعظم نے وزارت ریلوے کا چارج دے کر مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزارت ریلوے میں بھرپور کفایت شعاری کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 55 بلین کے چیک باؤنس ہوئے ہیں، خسارے کے باعث کچھ لوگوں پر بوجھ پڑے گا۔ نالہ لئی سے متعلق آج 5 بجے میٹنگ ہے۔ جس دن یہ دونوں پروجیکٹ مکمل ہوں گے اس شہر کو خدا حافظ کہوں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ منصوبہ جہاں چھوڑ کر گئے تھے انہوں نے ہاتھ نہیں لگایا، مسلم لیگ ن نے کچھ نہیں کیا۔ چاروں ریلوے کے ٹریک ٹینڈر میں ڈالنے جارہا ہوں۔ نالہ لئی ایکسپریس وے اور ایم ایل ون میری زندگی کا مقصد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف گھبرائیں نہیں بدنیتی کے ارادے سے پی اے سی میں نہیں آرہا، ہماری والدہ مر گئیں ہمیں پروڈکشن آرڈر نہیں دیا گیا۔ ریمانڈ کے اندر پروڈکشن آرڈر دینا غیر آئینی ہے۔ ’لوگ بے گناہ کیسز میں مرجاتے ہیں، آپ کو پروڈکشن آرڈر اور ڈیل چاہیئے‘۔

  • اٹھارویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا: بلاول بھٹو

    اٹھارویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا: بلاول بھٹو

    گمبٹ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اٹھارویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا، ہمارے ملک میں بہت سی مشکلات ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گمبٹ وہ واحد ادارہ ہے جہاں 3 اعضا کا ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے، ادارے میں جگر اور گردے کے ٹرانسپلانٹ ہوتے ہیں، ملک بھر سے آنے والے غریب عوام گمبٹ میں مفت علاج کروا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے اور ادارے بنائیں گے جہاں عوام کو مفت علاج مل سکے، چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان گمبٹ جیسا ادارہ پختونخواہ میں نہیں بنا سکتے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ جے پی ایم سی میں عالمی معیار کی طبی سہولتیں مہیا کی ہیں، این آئی سی وی ڈی کی شاخیں سندھ بھر میں قائم کی ہیں، وفاق کو سندھ کے اسپتال چھیننے نہیں دیں گے، اسپتالوں کی حوالگی کے لیے سندھ حکومت میں ریویو پٹیشن دائر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تیار ہوں، 18 ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا، جو بھی قانونی راستہ ہوگا وہ اختیار کریں گے۔ ہمارے ملک میں بہت سی مشکلات ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہے، میں نے ڈاکٹروں کے احتجاج کو بھی دیکھا ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کا پیشہ بہت محترم ہوتا ہے، بہتر ہوتا ڈاکٹر سندھ حکومت سے بات کرتے۔ بات چیت ہوتی تو ڈاکٹرز کے مسائل کا حل نکالتے۔ احتجاج کے باعث غریب عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے اپنی سیاست کے عروج پر آمر کے خلاف جدوجہد کی، خیر پور میں ایگریکلچر اور میڈیکل یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ ہماری معیشت کو جو نقصان پہنچایا گیا وہ بہت افسوس ناک ہے۔ سندھ سے فنڈز کے معاملے پر ناانصافی ہو رہی ہے۔

  • افغان امن عمل مشترکہ ذمہ داری ہے، امن کا فائدہ سب کو یکساں ہوگا: وزیر خارجہ

    افغان امن عمل مشترکہ ذمہ داری ہے، امن کا فائدہ سب کو یکساں ہوگا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، افغانستان میں امن کا فائدہ سب کو یکساں ہوگا۔ حالات خراب ہوئے تو خطے کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغان امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والی نشست اور پاکستان کی سوچ سے آگاہ کیا، روسی وزیر خارجہ کے گرمجوشی سے استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ خطے کے ممالک سے روابط کا فروغ چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، افغانستان میں امن کا فائدہ سب کو یکساں ہوگا۔ حالات خراب ہوئے تو خطے کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ خوشی محسوس ہو رہی ہے ہماری اور روس کی سوچ قریب تر ہے، باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سینیٹر لنڈسے گراہم کچھ دن پہلے میری دعوت پر تشریف لائے تھے، سینیٹر کی وزیر اعظم عمران خان سے اچھی نشست ہوئی، ان کے خیالات کا اظہار سب کے سامنے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کل سینیٹر لنڈسے گراہم سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، افغانستان سے متعلق نئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ توقع ہے کہ اگلے چند دن میں مزید اچھی پیش رفت ہوگی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک اور معتبر ادارے ایک پیج پر ہیں، سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی امور خارجہ کے ارکان کو بھی اعتماد میں لیا۔

  • شہباز شریف کو پی اے سی کا سربراہ نہیں، جیل میں ہونا چاہیئے: فواد چوہدری

    شہباز شریف کو پی اے سی کا سربراہ نہیں، جیل میں ہونا چاہیئے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو وزیر اعظم کا احترام کرنا ہوگا، شہباز شریف کو پی اے سی کا سربراہ نہیں، جیل میں ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1965 تک پاکستان ایک بہترین ملک رہا، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں 4 کیٹگریز ہیں، پاکستان میں نئی ویزا پالیسی متعارف کروا رہے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لیے جنت ہے، 175 ممالک کو ای ویزہ سہولت دے دی گئی۔ 50 ممالک کو ویزہ آن ارائیول سہولت دے دی گئی۔ 50 ملکوں کو ایئر پورٹ لاؤنج پر ہی ویزہ دیا جائے گا۔ بزنس ویزے کی سہولت 96 ملکوں تک بڑھا دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک کارڈ کی مدت 3 سال تک بڑھا دی گئی ہے۔ اسٹوڈنٹس کے لیے ویزہ مدت 2 سال بڑھا دی گئی ہے، سیاحوں کو کنٹونمنٹ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے لیے این او سی کی ضرورت نہیں۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ایک طرف کہتی ہے وزیر اعظم ایوان میں نہیں آتے، میں نے کسی کو برا نہیں کہا یا گالی نہیں دی۔ یہاں تو ذاتیات پر فقرے کسے جاتے ہیں، اپوزیشن کو وزیر اعظم کا بھی احترام کرنا ہوگا۔ حیران ہوں شہباز شریف نے کل سلیکٹڈ وزیر اعظم کہا، جن کی کوئی حیثیت نہیں تھی وہ کہیں آپ کہاں سے آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو امریکا کے ساتھ تعلقات کیا تھے، 12 سال بعد متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پاکستان آئے، پاکستان پھر افغانستان کے استحکام میں کردار ادا کر رہا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا سربراہ بنانے کا مخالف تھا، صولی طور پر ان کو جیل میں ہونا چاہیئے، جن کے چہروں پر خون لگا ہے وہ ساہیوال واقعے پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم ویزے جاری کریں گے، آج ہم یورپ اور مشرق وسطیٰ پر کہاں کھڑے ہیں۔ کوئی 5 ماہ میں ایسا کردار ادا نہیں کر سکتا تھا، ماڈل ٹاؤن میں منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا گیا، ساہیوال واقعہ تو غلطی سے ہوا۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ساہیوال سانحہ پر گرفتاریاں بھی کی ہیں، شہباز شریف دور میں زیادہ ماورائے عدالت قتل کیے گئے۔ تھوڑی شرم ہوتی تو 2، 3 سال ٹی وی سے غائب رہتے، ہم بحیثیت حکومت اس ایوان کو مچھلی منڈی بننے نہیں دیں گے۔ پاکستان کو نہیں سندھ کے غداروں کو خطرہ ہے۔

  • تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے: وزیر خارجہ

    تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سندھ میں حکومتی پارٹی کے وائس چیئرمین پر فائرنگ لمحہ فکریہ ہے۔ پولیس حد سے تجاوز کرتی ہے تو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے، پولیس حد سے تجاوز کرتی ہے تو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخواہ پولیس کو بہتر کیا، سندھ اور پنجاب کی پولیس میں بھی بہتری لائیں گے۔ پولیس کا مقصد تحفظ دینا اور جان اور مال کا تحفظ کرنا ہے۔ پولیس میں بھی کالی بھیڑیں ہیں جو سیاسی اثر سے آئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ایسی کالی بھیڑوں اور سیاسی پرچیوں کے خلاف ہے، پولیس میں اچھے افسر بھی موجود ہیں ان کو موقع ملنا چاہیئے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکا کی ضرورت ہے، امریکی صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات میں اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ہم معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔

    گزشتہ رات تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ رمضان گھانچی کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سندھ میں حکومتی پارٹی کے وائس چیئرمین پر فائرنگ لمحہ فکریہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی چاہتی ہے ان کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھائے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوحا میں وزیر اعظم کے ساتھ گیا، کرتار پور راہداری کھولنے کے لیے سکھ برادری شکریہ کے لیے آئی، کرتار پور راہداری پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ فیز 1 اور فیز 2 کے لیے زمین حاصل کرلی گئی ہے۔ کرتار پور راہداری کے لیے دریا پر پل بنانے کا کام جاری ہے، پاکستان منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے سنجیدہ اور تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کو امن کے لیے قدم بڑھانے کی دعوت دی تھی، کسی حکومت میں جرات نہیں ہوئی موجودہ حکومت نے آغاز کیا، موجودہ حکومت کا اگلا قدم کھوکھرا پار ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کل حکومت نے بہت بڑا فیصلہ کیا ہے، پاکستان آنے کی خواہش رکھنے والے کو ای ویزہ جاری ہوگا، ہم نے 173 ممالک کو ای ویزہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پانی کے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، ملک میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے والی ہے۔ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب متاثر ہو سکتے ہیں، 10، 10 سال حکومت کرنے والے بتائیں پانی کے لیے کیا کیا؟

    انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں بہترین زمین ہے لیکن یہاں پانی نہیں، یہاں کے ایم پی اے اور وزیر خود پانی چوری کرتے ہیں، سندھ میں ڈی پی او اور ایس پی آپ کے ذاتی لگے ہوئے ہیں۔ یہ جھوٹے پرچے کاٹتے ہیں اور تبادلے کرتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کیے، معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ماضی میں جن سے تعلقات خراب کیے گئے ان سے اچھے تعلقات بنائے۔ فروری کے مہینے میں کراؤن پرنس پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ قطر نے 4 مراعات کا اعلان کیا ہے 2 کا مزید کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ برف پگھل گئی ہے تعلقات بہتر ہوئے، یورپی یونین کا نیا باب کھل رہا ہے۔

  • آئین میں ہونے کے باوجود گیس فراہم نہیں کی جارہی: مرتضیٰ وہاب

    آئین میں ہونے کے باوجود گیس فراہم نہیں کی جارہی: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جس صوبے میں گیس دریافت ہوتی ہے پہلا حق ان کا ہوتا ہے، آئین میں ہونے کے باوجود گیس فراہم نہیں کی جارہی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بجلی منقطع کی گئی ہے اس کو بحال کیا جائے، بجلی کی بندش سے پانی کا مسئلہ اور بڑھے گا۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جس صوبے میں گیس دریافت ہوتی ہے پہلا حق ان کا ہوتا ہے، آئین میں ہونے کے باوجود گیس فراہم نہیں کی جارہی۔ وفاقی حکومت نعروں سے باہر نکلے اور کام پر توجہ دے، جو وعدے کیے تھے وفاقی حکومت وہ وفا کرے۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر خود سی این جی اسٹیشن گئے تھے کھلوانے، خالی ہاتھ لوٹے۔ ’کہیں تو سندھ والوں کے ساتھ انصاف کرو‘۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے واجبات ادائیگی کی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی ہے، یقین دہانی کروائی گئی تھی اسکرونٹی کے واجبات کلیئر کیے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایم پی اے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، کل واقعے میں 2 گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔ پولیس ایک بار تفتیش مکمل کرلے معاملہ سامنے لائیں گے، کل کے واقعے کے بعد ایس ایچ او معطل کیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔

    سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 109 سے منختب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی کو سول اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    واقعے کا مقدمہ رمضان گھانچی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ نیپئر تھانے میں درج مقدمے میں 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں سے 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

  • امل عمر بل، شکر ہے ہماری بیٹی کی قربانی رائیگاں نہیں گئی: والدہ

    امل عمر بل، شکر ہے ہماری بیٹی کی قربانی رائیگاں نہیں گئی: والدہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والی 10 سالہ امل کی والدہ کا کہنا ہے کہ اگر ہماری بچی کی قربانی سے بہتری آنی ہے تو یہی ہمارے لیے تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں امل عمر کے نام سے منسوب بل پیش کیے جانے کے بعد امل کے والدین نے سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔

    امل کی والدہ کا کہنا تھا کہ جو واقعہ پیش آیا اس کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہی بنتی ہے لیکن اگر حکومت اپنی غلطی تسلیم کر رہی ہے اور اسے بہتر کرنا چاہ رہی ہے تو ہم اس کے حق میں ہیں۔

    انہوں نے کہا واقعے کے بعد سندھ حکومت کے رویے پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

    امل کی والدہ کا کہنا تھا کہ اگر ہماری بچی کی قربانی سے بہتری کا آغاز ہونے جارہا ہے تو ہمارے لیے یہ تسلی بخش بات ہے۔

    اس سے قبل سندھ اسمبلی میں زخمیوں کے علاج سے متعلق ایکٹ کا مسودہ پیش کیا گیا۔ مجوزہ قانون میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی و سرکاری اسپتالوں کے لیے زخمی کا فوری علاج لازم ہوگا، کوئی نجی یا سرکاری اسپتال زخمی کے علاج سے انکار نہیں کر سکے گا۔

    مسودے کے مطابق کوئی ڈاکٹر یا اسپتال زخمی کے علاج کے لیے میڈیکل لیگل کا تقاضہ نہیں کرے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی بچی کو واپس نہیں لاسکتے مگر بل کو اس کا نام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلے ہوا تھا، مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ 10 سالہ امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی جو جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی تھی۔

  • ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر لگانا درست نہیں: مرتضیٰ وہاب

    ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر لگانا درست نہیں: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر لگانا درست عمل نہیں ہے۔ اپوزیشن کے بیانات کو درست سمت میں لیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس کے بعد صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح کا اجلاس امن و امان کے حوالے سے ہوا، اس ہفتے کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کو کورنگی والے واقعے پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ پولیس نے 70 ہزار لیٹر ڈیزل تحویل میں لیا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس افسران کو کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت دیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں جگہ جگہ ناکوں اور چیک پوائنٹس پر بھی گفتگو کی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریفک کی روانی متاثر نہ کرنے کی ہدایت کی۔ فینسی نمبر پلیٹس سے متعلق فوری کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی، ایکسائز ڈپارٹمنٹ میں ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب نمبر پلیٹس تیار ہیں۔

    مشیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک منی بجٹ کا بم گرایا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کے دوستوں سے گزارش ہے عوام کا احساس کریں، اپوزیشن کے بیانات کو درست سمت میں لیں۔ سیف سٹی سے متعلق پروپوزل تیار ہو رہا ہے، جلد کام شروع ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی بھی ایک حد ہوتی ہے، سب کچھ نہیں بولنا ہوتا۔ فواد چوہدری کا تعلق جمہوریت یا عوام سے نہیں طاقت سے ہے۔ ان کا کام صرف بیانات کی حد تک ہے۔ ہر چیز کا الزام ماضی کی حکومتوں پر لگانا درست عمل نہیں ہے۔

  • وفاقی حکومت سنجیدہ ہے تو سندھ حکومت کی مدد کرے: سعید غنی

    وفاقی حکومت سنجیدہ ہے تو سندھ حکومت کی مدد کرے: سعید غنی

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کے سی آر منصوبے کو سندھ حکومت نے زندہ رکھا۔ منصوبے میں وفاقی حکومت کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وفاقی حکومت سنجیدہ ہے تو سندھ حکومت کی مدد کرے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص پر الزام ہے تو وہ مجرم ثابت نہیں ہوتا، مہنگائی بڑھ رہی ہے، پیٹرول، بجلی اور گیس مہنگی کردی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک میں بڑے بڑے منصوبوں کو شامل کروایا، کے سی آر منصوبے کو سندھ حکومت نے زندہ رکھا۔ منصوبے میں وفاقی حکومت کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وفاقی حکومت سنجیدہ ہے تو سندھ حکومت کی مدد کرے۔

    سعید غنی نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر پورا ملک سوگوار ہے، عمران خان نے وعدے کیے تھے 90 دن میں تبدیلی لے کر آؤں گا۔ وفاقی حکومت کی ترجیحات کچھ اور ہیں کراچی کے مسائل حل کرنا نہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ہدایت ہے بلدیاتی مسائل کا حل نکالا جائے، کہیں نہیں لکھا کہ پورے ملک میں بلدیاتی نظام ایک جیسا ہو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بلدیاتی نظام بنانا صوبائی حکومت کی صوابدید ہے، وفاق صوبوں کو بلدیاتی نظام کے معاملے پر ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔

    سعید غنی نے کہا تھا کہ جب خدمت کرتے ہیں تو اعزازیہ بھی ملنا چاہیئے، ہم نے منتخب نمائندوں کو اعزازیہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، یقین دلاتا ہوں جہاں پی پی نہیں جیتی وہاں بھی کام ہوگا، ماضی کے مقابلے میں زیادہ کام ہوگا اور پورے سندھ میں ہوگا۔

    وزیرِ بلدیات کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے، ایس بی سی اے (سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) اور دیگر اداروں کے بورڈز میں تبدیلی زیرِ غور ہے، اداروں کے بورڈز میں ماہرین کا شامل ہونا ضروری ہے۔