Tag: میڈیا ٹاک

  • کسی گروہ، سیاست اور سیاسی جماعت سے نیب کا تعلق نہیں: چیئرمین نیب

    کسی گروہ، سیاست اور سیاسی جماعت سے نیب کا تعلق نہیں: چیئرمین نیب

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کسی گروہ، سیاست اور سیاسی جماعت سے نیب کا تعلق نہیں۔ نیب کا تعلق صرف پاکستان سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، ملک میں بدعنوانی دیمک سے بڑھ کر ناسور کی صورت اختیار کرچکی ہے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لوٹی گئی اور منی لانڈرنگ سے بھیجی گئی رقوم کو واپس لایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ نیب کا کسی گروہ، سیاست اور سیاسی جماعت سے تعلق نہیں۔ نیب کا تعلق صرف پاکستان سے ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران 503 افراد کو گرفتار کیا گیا، 440 افراد کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس عدالتوں میں ہیں، احتساب عدالتوں میں ایک سال اتنے ریفرنس دائر نہیں کیے گئے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ 900 ارب کے بدعنوانی کے 1211 ریفرنسز زیر سماعت ہیں، وائٹ کالر میگا کرپشن مقدمات کو انجام تک پہنچانے کے لیے 10 ماہ کا وقت مقرر کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    اس سے قبل چیئرمین نیب نے بتایا تھا کہ نیب لاہور میں 181 انکوائریاں اور 43 انویسٹی گیشنز جاری ہیں۔ 347 بدعنوانی کے ریفرنسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

    ان کے مطابق نیب کراچی میں 295 انکوائریاں، 136 انویسٹی گیشنز جاری ہیں جبکہ کراچی کی عدالتوں میں 267 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ اسی طرح نیب خیبر پختونخواہ میں 148 انکوائریاں اور 26 انویسٹی گیشنز جاری ہیں۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ عدالتوں میں 188 بدعنوانی کے ریفرنس زیر سماعت ہیں۔

  • اورنج لائن ٹرین منصوبہ سفید ہاتھی ہے، مجبوری میں چلائیں گے: علیم خان

    اورنج لائن ٹرین منصوبہ سفید ہاتھی ہے، مجبوری میں چلائیں گے: علیم خان

    لاہور: صوبائی وزیر برائے بلدیات علیم خان کا کہنا ہے کہ اورنج لائن بالکل بند نہیں ہو رہی، ٹرین چلانے پر سالانہ 120 ارب روپے دینا پڑیں گے۔ منصوبہ سفید ہاتھی ہے، مجبوری میں چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قصور وار ہیں تو قومی ادارہ احتساب (نیب) کو ڈکلیئر کرنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں قصور وار ہوں تو بھی نیب کو ڈکلیئر کرنا چاہیئے، میں نے ایسا کیا تیر مارا ہے جو 4 سال سے کیس جاری ہے، کرپشن الزامات کی تحقیقات مقررہ مدت کے دوران ہونی چاہیئے۔ نیب آزادانہ طور پر کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ 2015 سے 2019 تک میرے خلاف انکوائری مکمل نہ ہوسکی، میرے خلاف جو بھی معاملہ ہے کلیئر ہو کر سامنے آنا چاہیئے، اگر قصور وار نہیں ہیں تو کیس کو بند کر دینا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ اورنج لائن بالکل بند نہیں ہو رہی، ہمارے بادشاہ خود تو چلے گئے لیکن اس منصوبہ پر عوام کا پیسہ ضائع ہوگا۔ اورنج لائن منصوبہ جون جولائی منصوبہ سفید ہاتھی ہے، مجبوری میں چلائیں گے۔ منصوبہ سفید ہاتھی ہے، مجبوری میں چلائیں گے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کے باعث زرعی زمین متاثر ہو رہی ہے، سالڈ ویسٹ سب سے بڑا ایشو ہے۔ سالڈ ویسٹ کو توانائی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔

  • لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عام آدمی کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، معاشرے کے پسے ہوئے افراد کا خیال رکھنا ہماری ذمے داری ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، ذاتی طور پر پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔ لاہور میں پناہ گاہوں کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے خود دورہ کر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں، لاہور میں تعمیر ہونے والی پناہ گاہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گی۔ عارضی پناہ گاہ بنا کر سڑکوں پر سونے والوں کو چھت فراہم کر دی۔ پناہ گاہوں میں مفت علاج کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیام کرنے والوں کو رات کا کھانا اور ناشتہ فراہم کیا جاتا ہے، عارضی پناہ گاہوں تک ٹرانسپورٹ بھی شروع کی گئی ہے۔

  • کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا: فیاض الحسن چوہان

    کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا، کرپشن کی بارات مفاہمت کی ٹرین میں سوار تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بلیک میلنگ میں آنے والے نہیں، عمران خان شاہین صفت رہنما ہیں۔ عمران خان کبھی پاکستان کا نام ڈوبنے نہیں دے گا۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کو پوری دنیا میں عزت و وقار دلائے گا، وہ پاکستان کا مستقبل سنوارنے آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا، کرپشن کی بارات مفاہمت کی ٹرین میں سوار تھی۔ چور، ڈاکو اور نو سر بازوں کی دھمکیوں میں آنے والے نہیں۔

  • تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفیٰ مانگ لیا

    تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفیٰ مانگ لیا

    کراچی: جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان کا نام جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بھی ہے۔ مراد علی شاہ نے بطور وزیر اعلیٰ سہولت کاری کی ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں حکومت بنانے جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے 5 سال کا انتظار نہیں کریں گے، ہم حکومت بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اربوں روپے کی کرپشن کی۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد سندھ حکومت کے پاس جواز نہیں۔ سندھ حکومت خاموش رہی ان کا کام صرف کرپشن تھا، ثابت ہو چکا ہے ان کے دور میں یہ سب ہوا ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ایک سال پہلے تحریک التوا جمع کروائی تھی، تحریک انصاف سندھ میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ جے آئی ٹی میں جن کے نام آئے ان کے خلاف الیکشن کمیشن جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ علیمہ خان آج تک کسی سرکاری عہدے پر نہیں رہی ہیں، تحریک انصاف کے کسی عہدیدار پر کرپشن ہو اسے بے نقاب کریں گے۔ فریال تالپور کے نام پر زمینیں بھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں 10 سال سے غریب عوام پر تیر برسائے گئے، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور سامنے آچکے ہیں۔ جن کے نام ای سی ایل میں ہیں ان کے اکاؤنٹ سیل ہونے چاہئیں۔ وائٹ کالر چور وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ لیں گے۔

  • اپیل ہمارا حق ہے، تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے: شاہد خاقان عباسی

    اپیل ہمارا حق ہے، تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے: شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جس ریفرنس میں سزا دی گئی اس میں ثبوت ہیں نہ گواہ، اپیل اور عوامی احتجاج ہمارا حق ہے لیکن تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کو کرپشن ریفرنسز میں سزا سنا دیے جانے کے بعد سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو ایک ریفرنس میں بری ایک میں سزا دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جس ریفرنس میں سزا دی گئی اس میں ثبوت ہیں نہ گواہ۔ مل کے لیے کوئی قرضہ لیا گیا نہ کوئی کرپشن کی گئی۔ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں فیصلوں کو مانتے ہیں لیکن عوام اور تاریخ نہیں مانیں گے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ دروازے بند کر کے، پولیس کھڑی کر کے دروازے بند کر کے سنایا گیا۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا فیصلہ ہے جو 6 گھنٹے تاخیر سے سنایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ اپیل ہمارا حق ہے، ماضی میں بھی اس قسم کے ریفرنس فائل ہوچکے ہیں۔ عوامی احتجاج ہمارا حق ہے لیکن تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے۔ احتجاج ایسا کریں گے جس سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہ ہو۔

    خیال رہے کہ آج سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنا دیا گیا، نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید با مشقت کی سزا، ڈھائی کروڑ ڈالر کا ایک جرمانہ جبکہ ڈیڑھ ارب ڈالر کا جرمانہ الگ سے عائد کیا گیا ہے۔

    عدالت نے نواز شریف کی پاکستان میں موجود تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو ناکافی شواہد کی بنا پر باعزت بری کردیا گیا ہے۔

  • جب غریب کا پیسہ کھایا جا رہا تھا اس وقت زرداری کا دل کیوں نہیں دکھا؟ علی زیدی

    جب غریب کا پیسہ کھایا جا رہا تھا اس وقت زرداری کا دل کیوں نہیں دکھا؟ علی زیدی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ آصف زرداری آپ کہتے ہیں غریب کا حق مارا جاتا ہے تو مجھے دکھ ہوتا ہے، جب غریب کا پیسہ کھایا جا رہا تھا اس وقت دل کیوں نہیں دکھا؟

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ خرم شیر زمان نے آصف زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کیا، 2004 سے آج تک جتنی جائیدادیں فروخت ہوئیں ان کی تفصیل موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپارٹمنٹ آصف زرداری کے نام پر ہے وہ پھنس گئے ہیں، ایک دور میں سیب کا مربہ گھوڑوں کو کھلایا جاتا تھا۔ ’حد تو یہ ہے کہ کتوں کا کھانا بھی کمپنی کے کھاتے میں ڈالا گیا‘۔

    علی زیدی نے کہا کہ سندھ بینک سے جتنا قرضہ لیا گیا اتنا تو اس کے پاس پیڈ اپ کیپٹل نہیں۔ اومنی اور زرداری گروپ کے تمام اثاثے ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ’میری درخواست ہے کہ اثاثے ان کے ہاتھ سے لیے جائیں لیکن چلائے جائیں، سپریم کورٹ سے اپیل ہے شوگر ملوں میں جانے والے کسانوں کا خیال کیا جائے‘۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دو سال سے سندھ میں 3 جے آئی ٹیز پر دھکے کھا رہے ہیں۔ یہ بہت اہم ہے کہ ان جے آئی ٹیز کی رپورٹ میں کیا لکھا ہے۔ عذیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ کی رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ 2 سال سے ہائیکورٹ میں 3 جے آئی ٹیز پبلک کرنے پر سماعت ہو رہی ہے۔ چیف جسٹس از خود نوٹس لیں کن لوگوں نے کن کے ناموں پر قتل کیے۔ آصف زرداری آپ کہتے ہیں غریب کا حق مارا جاتا ہے تو مجھے دکھ ہوتا ہے، ذرا پوچھیں اپنے پارٹنر حسین لوائی اور عبد المجید سے، غریب کا پیسہ کھایا جا رہا تھا اس وقت دل کیوں نہیں دکھا‘؟

    علی زیدی نے نواز شریف کے بارے میں کہا کہ ان کا یوٹرن راؤنڈ اباؤٹ ہے، خواجہ سعد رفیق کو اب آصف زرداری پر ترس آرہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی سندھ کے بہت سے ایم پی ایز مجھ سے رابطے میں ہیں، ایم پی ایز سے کہتا ہوں ڈریں نہیں، زرداری کے خوف سے نکلیں۔

  • تبدیلی ٹرین کے انجن خریدنا نہیں ٹریک اور سفری سہولتیں دینا ہے: شیخ رشید

    تبدیلی ٹرین کے انجن خریدنا نہیں ٹریک اور سفری سہولتیں دینا ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ٹریک کے 70 سال کے ڈھانچے کو تبدیل کریں گے۔ تبدیلی انجن خریدنا نہیں ٹریک اور سفری سہولتیں دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل تاریخی دن ہوگا، رحمٰن بابا ایکسپریس کا افتتاح کرنے آئے ہیں۔ سب سے کم کرایہ 1350 رکھا ہے، 6 گھنٹے کم وقت میں کراچی پہنچیں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ نوجوانوں کو ریلوے میں روز گار دیں گے۔ کراچی سے پشاور کے ڈبل ٹریک کا معاہدہ کرنے والے ہیں۔ ٹریک کے 70 سال کے ڈھانچے کو تبدیل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تبدیلی انجن خریدنا نہیں ٹریک اور سفری سہولتیں دینا ہے، ملک میں برے لوگوں کو کبھی سزا نہیں ہوئی۔ ’میری ماں کا انتقال ہوا، کسی نے ہمارا پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیا‘۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا ہے، سب سے بڑے چور کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی بنا دیا۔ ایسی اسمبلی نہیں دیکھی جو دوران ریمانڈ پروڈکشن آرڈر جاری کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل شیخ رشید نے کہا تھا کہ پچھلے ہفتے آمدن 26 کروڑ 12 لاکھ تھی، اس ہفتے آمدن 45 کروڑ ہے، ساڑھے 6 لاکھ لیٹر تیل بچایا ہے۔ 31 دسمبر تک لاہور کراچی میں تمام ٹکٹیں ختم ہو چکی ہیں۔ قبل از وقت ٹکٹوں کی فروخت عوام کا اعتماد ہے۔

  • عمارت میں آگ لگے تو صرف وہاں پر رکھا ریکارڈ جل جاتا ہے: وزیر داخلہ

    عمارت میں آگ لگے تو صرف وہاں پر رکھا ریکارڈ جل جاتا ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ لگے تو صرف وہاں پر رکھا ریکارڈ جل جاتا ہے، اب ایسا نہیں ہوگا کہ آگ لگے اور صرف سرکاری ریکارڈ جلے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک عظیم قوم بننے جا رہے ہیں، ملک کا پیسہ عوام پر لگے گا کسی کی جیب میں نہیں جائے گا۔ نئے پاکستان میں صرف ایک چیز چلے گی وہ ہے قانون و آئین کی پاسداری۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں کہ روز حشر کے دن ہم پر فخر کیا جائے۔ ایران اور چین کو دیکھ لیں ان کا ٹارگٹ نوجوان ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمارت میں آگ لگے تو صرف وہاں پر رکھا ریکارڈ جل جاتا ہے، اب ایسا نہیں ہوگا کہ آگ لگے اور صرف سرکاری ریکارڈ جلے۔ تمام واقعات جن میں سرکاری ریکارڈ جلا اس کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ ایسے تمام واقعات کی انکوائری کروائی جائے گی، پہلے سول ڈیفنس کے 20 نمبر ہوتے تھے، ٹریننگ دی جاتی تھی۔ اب ایسانہیں ہوتا جو کسی بھی طرح ٹھیک نہیں۔

  • سیاسی منزل حاصل کر چکے، اب مستحکم معاشی نظام کی جانب گامزن ہیں: وزیر اطلاعات

    سیاسی منزل حاصل کر چکے، اب مستحکم معاشی نظام کی جانب گامزن ہیں: وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے معیشت کی بہتری چیلنج ہے۔ سیاسی منزل ہم حاصل کر چکے ہیں، مستحکم سیاسی نظام کے ساتھ مستحکم معاشی نظام کی جانب گامزن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ہمارے لیے چیلنج نہیں، ہمارے لیے معیشت کی بہتری چیلنج ہے۔ حکومت ملی تو ڈیفالٹ کی طرف جا رہے تھے اسی لیے دوست ممالک کے پاس گئے۔ ڈیفالٹ سے نکل گئے اب کوشش ہے معیشت کو بہتر کریں۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ اور معاشی ٹیم نے محنت کی اور معیشت کے لیے کام کیا، اس مرتبہ ٹیکس ریٹرنز میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکس دینے والوں پر مزید ٹیکس لگانے سے معیشت بہتر نہیں ہوگی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اپنے زر مبادلہ ذخائر بڑھالیں گے تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے، منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ کرتار پور بارڈر کھول کر ہم نے 70 سال کی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا۔ کرتار پور بارڈر کھولنے کا مقصد مذہب کے ساتھ معاشی بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری ریڈ سے گرین کردی ہے، جرمنی بھی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کرنے کا سوچ رہا ہے۔ جرمنی کے بعد امریکا بھی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے گا۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج سے ہمیں فائدہ ہو رہا ہے، پاکستان کے شفاف امیج کی وجہ سے معیشت پر بھی مثبت اثر پڑ رہا ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے بھی پاکستان کوششوں میں مصروف ہے، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک پہلے صرف سڑکوں تک محدود تھا، سی پیک کے ذریعے انفرا اسٹرکچر پر بھی توجہ دی جارہی ہے، سی پیک کے تحت روس کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، سی پیک میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی منصوبے دیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہماری منزل معاشی ہے، سیاسی منزل تو ہم حاصل کر چکے ہیں، مستحکم سیاسی نظام کے ساتھ مستحکم معاشی نظام کی جانب گامزن ہیں۔