Tag: میڈیا گفتگو

  • بھارت کے پیچھے ہٹنے پر افسوس ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

    بھارت کے پیچھے ہٹنے پر افسوس ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

    دوحا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے پیچھے ہٹنے پر افسوس ہوا، دونوں ممالک کے تصفیہ طلب مسائل کا حل بات چیت میں ہے بات چیت سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا روانگی سے قبل قطر میں میڈیا سےغیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا بھارت کے پیچھے ہٹنے پر افسوس ہوا، سفارت آداب کی دھجیاں اڑائی گئیں، دونوں ممالک کے تصفیہ طلب مسائل کا حل بات چیت میں ہے ، بات چیت سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

    وزیرخارجہ شاہ کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں اقوام عالم کے سامنے مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر بھرپورطریقے سے موقف پیش کریں گے جبکہ دیگراجلاسوں اورملاقاتوں میں بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا مائیک پومپیوسے ملاقات باہمی تعلقات میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

    اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان سے امریکا روانہ ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی امریکا روانہ

    وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نیوریارک روانگی کیلئے بغیر پروٹوکول اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے اور عام مسافروں کی طرح قطار میں لگ کربورڈنگ پاس لیا۔

    اس موقع پراسلام آبادائیر پورٹ پر موجود مسافروں نےوزیرخارجہ کےساتھ سیلفیاں بنوائیں۔

    ۔شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ سشما سوراج سے ملاقات بھارتی سیاست کی نذرہوگئی، پاکستان خطے میں امن واستحکام چاہتا ہے مگربھارت نہیں۔

    خیال رہے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پرپاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع تھی لیکن بھارت نے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی حامی بھرنے کے بعد ملاقات منسوخ کردی تھی۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی کے پروگرام میں شرکت کریں گے جبکہ وہ واشنگٹن میں 2 دن قیام کے بعد نیویارک جائیں گے، جہاں وہ 24 ستمبرسے نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    وزیرخارجہ 26 ستمبر کو سارک وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور 29 ستمبرکو پاکستانی وزیرخارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

    دفترخارجہ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی وزیرخارجہ امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے اور یہ ملاقات یکم اکتوبر کے بعد ہوگی۔

    امریکی وزیرخارجہ نے پاکستانی وزیرخارجہ کو امریکا کے دورے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کی تھی۔

  • رکن اسمبلی کی گرفتاری کیلئے اسپیکر کی اجازت ضروری نہیں، راؤ انوار

    رکن اسمبلی کی گرفتاری کیلئے اسپیکر کی اجازت ضروری نہیں، راؤ انوار

    کراچی: معطل شدہ ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے کہا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی اجازت ضروری نہیں صرف اطلاع دی جاتی ہے، خواجہ اظہار گرفتار ہیں سوائے عدالت کے انہیں کوئی رہا نہیں کرسکتا، کسی کی گرفتاری کے لیے آئی جی کے حکم کی ضرورت نہیں، میری معطلی غیر قانونی ہے ممکن ہے پولیس ڈپارٹمنٹ کو خیر باد کہہ دوں۔

    میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے رائو انوار نے کہا کہ کسی بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لیے اسپیکر کی اجازت لینا ضروری نہیں صرف اطلاع دی جاتی ہے، ایم پی اے شیراز وحید کو بھی گرفتار کیا گیا تھا لیکن اس کی صرف اطلاعی خط لکھا جاتا ہے، رینجرز نے 22اگست کو ایم کیو ایم کے کئی رہنمائوں کو حراست میں لیا اور ایک رات کے بعد رہا کیا تو انہیں کیوں معطل نہیں کیا گیا؟

    انہوں نے کہا خواجہ اظہار کی گرفتاری غیر قانونی نہیں، ان کے خلاف دو ایف آئی آرز درج ہیں جنہیں ان کے وکیل نے بھی تسلیم کیا ہے، فی الحال وہ گرفتار ہیں اور سوائے عدالت کے کسی کے حکم پر نہیں چھوٹ سکتے اور ان کی رہائی کے احکامات صرف ہائی کورٹ یا انسداد دہشت گردی کی عدالت کا جج ہی دے سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خواجہ اظہار کے خلاف ایف آئی آرز وزیراعلیٰ بھی فوری طور پر واپس نہیں لے سکتے اس کے لیے سمری ارسال ہوتی ہے باقاعدہ طریقہ کار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے معطل کرنا غیر قانونی ہے، میں نے قانون کے مطابق کام کیا،مجھے اس گرفتاری کے لیے کسی خفیہ ادارے نے نہیں کہا ، خواجہ اظہار کے خلاف ایف آئی آرز درج ہیں،ملک کے خلاف نعرے بازی کی گئی، فوج اور ملک کے خلاف غلط زبان استعمال ہوئی، یہ ساری ایف آئی آرز غداری کے زمرے میں آتی ہیں، جو گاڑیاں جلی ہیں اس میں لڑکے گرفتار کیے ہیں، متحدہ نے سائوتھ افریقا سے ٹیمیں بلائی ہیں یہ لوگ مزید کارروائیاں کریں گے۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے کسی بھی گرفتاری کے لیے آئی جی سندھ سے پوچھنے کی کوئی ضرورت نہیں؟ ایک سب انسپکٹر کو بھی اجازت ہے، میں بھی مجاز ہوں، اگر اجازت کے چکر میں پڑے تو شہر کا امن پھر خراب ہوجائے گا۔

    پولیس افسران کے ہنگامی اجلاس کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر خواجہ اظہار کو رہا کرنا ہوتا تو حکم آجاتا، ہائی کورٹ یا اے ٹی سی کا جج ہی ان کی ضمانت دے سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج ہیں ان سب کو گرفتار ہونا چاہیے چاہے وہ کسی بھی پارٹی کے ہوں، فاروق ستار پر مقدمات ہیں انہیں بھی گرفتار ہونا چاہیے

    رائو انوار نے کہا کہ میں نے اپنے اختیار ات کا کوئی ناجائز استعمال نہیں کیا،مجھے مجرم پکڑنے پر معطل کردیا گیا، اسے معطل نہیں کیا جاتا جو مجرم نہیں پکڑتا، مجھے سندھ حکومت دھمکی دے رہی ہے کہ ایف آئی آر کاٹی جائے گی مجھے بتائیں میں نے کیا جرم کیا ہے؟

    انہوں نے مزید کہا کہ میرے ساتھ ایسا ہی ہوتا رہا تو ممکن ہے پولیس کو خیرباد کہہ دوں،پولیس افسران کا ایک گروپ حاوی ہوگیا ہے، جو لوگوں کو کام کرنے نہیں دیتا، میں ان پولیس افسران کو پیغام دیتا ہوں کہ میں نہ ڈاکٹر جمیل ہوں اور نہ ڈاکٹر فاروق مجھے انڈر اسٹیمیٹ نہ کیا جائے، میری معطلی کے سائیڈ افیکٹس نظر آئیں گے۔

    معطلی  کا نوٹی فکیشن چیلنج کرنے کا فیصلہ

    نمائندہ اے آر وائی نذیر شاہ کے مطابق رائو انوار نے اپنی معطلی کا نوٹی فکیشن چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے  اور کہا ہے کہ ملوث پولیس افسران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا،میری معطلی غلط ہے ، چیلنج کرنے کا حق رکھتا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتاری غیر قانونی ہے، وزیراعظم

    آئی جی سندھ کا خواجہ اظہار کو رہا کرنے کا حکم

    پولیس کے ہاتھوں خواجہ اظہار کی گرفتاری، ایس ایس پی راؤ انوار معطل

  • وفاقی صوبوں‌ سے زیادتی بند کرے، کے پی کے اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ‌ متحد

    وفاقی صوبوں‌ سے زیادتی بند کرے، کے پی کے اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ‌ متحد

    کراچی: سندھ اور خیبر پختون خوا کی حکومتیں‌ وفاق کے خلاف متحد ہوگئیں، وزرائے اعلیٰ سندھ اور خیبر پختون خوا نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ وفاق صوبوں سے زیادتی بند کرے، بجلی کے معاملے پر وفاق کو ہمارا حق دینا ہوگا۔

    یہ بات دونوں وزرائے اعلیٰ نے کراچی میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہی اور وفاق پر اظہار ناراضی کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نے وزیر اعلیٰ‌ سندھ سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاق صوبوں سے زیادتی کرہا ہے، بجلی کے معاملے پر ہمارا حصہ کم دیا جارہا ہے، آئین و قانون کے تحت احتجاج کرنا سب کا حق ہے، ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام احتجاج کرتے ہیں تو کوئی بھی اسلام آباد نہیں جاتا، عوام صوبوں سے ہی اپنے حقوق کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں بنیادی سہولتیں دی جائیں،وفاق ہماری نہیں سنتا، بات کرنے پر غصہ کرتا ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ بجلی کے معاملے پر سندھ اور کے پی کے کا موقف ایک ہے، سندھ کی ایک ہزار میگا واٹ اور خیبر پختون خوا کی 600 میگا واٹ بجلی وفاق چوری کرتا ہے،  ترقیاتی کاموں اور وسائل کی تقسیم میں ہمیں حصہ نہیں دیا جارہا،وفاق کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا تاہم لائحہ عمل کا اعلان پارٹی کی قیادت کرے گی جس کا فیصلہ عمران خان کی واپسی پر ہوگا۔

    سانحہ ماڈل ٹائون پر پرویز خٹک نے کہا کہ اتنا ظلم کوئی انسان نہیں کرسکتا، یہ کسی حیوان کا کام ہے۔انہوں نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کی سفارش کریں گے۔