Tag: میڈیکل انشورنس

  • ابو ظہبی: معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف

    ابو ظہبی: معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف کروا دیا گیا ہے، اس سے قبل نجی کمپنیوں کی انشورنس خاصی مہنگی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ صحت نے معمر افراد کے لیے سالانہ 750 درہم میں میڈیکل انشورنس پیکج متعارف کروا دیا۔

    ابو ظہبی میں مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ انشورنس کمپنیاں 60 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج جاری کرنے کے سلسلے میں پریشان کر رہی ہیں۔

    ابو ظہبی میں مقیم غیر ملکیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ میڈیکل انشورنس کمپنیوں کو سستے پیکج جاری کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ پیکج ایسے ہوں جنہیں معمولی آمدنی والے بھی برداشت کرسکیں یا خاندانوں کی آمدنی سے مطابقت رکھتے ہوں۔

    انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ میڈیکل انشورنس پیکج میں کئی چیزیں اہم ہوتی ہیں، عمر، مریضوں کا ریکارڈ، صحت سہولیات، میڈیکل نیٹ ورک، علاج کے اخراجات میں شراکت کی شرح اور کوریج کا دائرہ کار وغیرہ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل انشورنس پیکج کی طرف سے رقم ماہرین کی جانب سے متعین کی جاتی ہے جو وہ پیشہ ورانہ بنیاد پر رقم متعین کرتے ہیں۔

    ابو ظہبی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی میں مقیم معمر افراد کے لیے انشورنس کمپنیاں جو میڈیکل پیکج جاری کر رہی ہیں وہ کئی طرح کے ہیں، چار قسم کے میڈیکل انشورنس پیکج پیش کیے جارہے ہیں۔

    سب سے سستا پیکج 750 درہم کا ہے، اس کا اہتمام حال ہی میں کروایا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: 18 مزید سہولتوں کے ساتھ نئی میڈیکل انشورنس اسکیم کا اعلان

    سعودی عرب: 18 مزید سہولتوں کے ساتھ نئی میڈیکل انشورنس اسکیم کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں نئی میڈیکل انشورنس اسکیم کا اعلان کردیا گیا جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

    سعودی گزٹ کے مطابق سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل یکم اکتوبر 2022 سے نئی میڈیکل انشورنس اسکیم کا آغاز کر رہی ہے۔

    میڈیکل انشورنس اسکیم میں مزید 18 سہولتوں کا اضافہ ہوگا جبکہ پہلے سے موجود 10 سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

    ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان ناصر الجہنی نے بتایا کہ ویکسین اور ممکنہ امراض کے پیشگی ٹیسٹ کے حوالے سے متعدد سہولتیں میڈیکل انشورنس پروگرام میں شامل ہیں، خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ ہوگی۔ حد سے زیادہ موٹاپے کے آپریشن اور گردے کی پیوند کاری بھی میڈیکل انشورنس پروگرام کا حصہ ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیکل انشورنس پروگرام میں ذہنی صحت اور اس کا علاج شامل ہوگا، لاعلاج اور شدید قسم کے ذہنی امراض سے متعلق کوریج کا دائرہ 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار ریال تک ہوگا۔

    نئی اسکیم میں گردے کی صفائی سمیت دیگر سہولتوں کی کوریج کی حد بھی بڑھا دی گئی ہے۔

    ڈاکٹر ناصر کے مطابق میڈیکل انشورنس پروگرام میں نئی سہولتوں کے اضافے کے بعد مستقبل قریب میں میڈیکل انشورنس اسکیم فیس میں معمولی سا اضافہ ہوگا۔

    نئی سہولتیں لازمی میڈیکل انشورنس اسکیموں میں ان تمام زمروں کے لیے ہیں جنہیں میڈیکل انشورنس کروانا ضروری ہے، علاوہ ازیں پرائیوٹ سیکٹر کے ملازمین اور ان کے رشتے داروں کی میڈیکل انشورنس اسکیموں میں بھی نئی سہولتوں کا اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس، بلڈ پریشر، دل کے امراض اور موٹاپے جیسی 5 بیماریاں شامل ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نئی میڈیکل انشورنس اسکیم میں عصری تقاضوں کو پورا کرنے پر زور دیا گیا ہے، اب کم لاگت والی ادویات صحت خدمات کے حوالے سے بنیادی ضرورت بن گئی ہیں۔

  • طبی غلطیوں پر عملے کے لیے ضوابط جاری

    طبی غلطیوں پر عملے کے لیے ضوابط جاری

    ریاض: سعودی سینٹرل بینک نے طبی غلطیوں پر بیمہ پالیسی کا لائحہ عمل جاری کردیا ہے، طبی عملے کے لیے بیمہ پالیسی کا نفاذ آئندہ برس سے کیا جائے گا۔

    سعودی مرکزی بینک ساما نے طبی عملے سے ہونے والی غلطیوں کے تدارک کے لیے بیمہ پالیسی متعارف کرتے ہوئے ضوابط کا اعلان کردیا۔

    پالیسی کے حوالے سے ساما کا کہنا ہے کہ انشورنس پالیسی کا قانون تمام ڈاکٹروں جن میں ڈینٹیسٹ بھی شامل ہیں پر لاگو ہوگا، بیمہ پالیسی کا نفاذ آئندہ برس یکم جنوری 2022 سے کیا جائے گا۔

    پالیسی کا مقصد طبی غلطی ہونے کی صورت میں طبی عملے کو بیمے کی سہولت فراہم کرنا ہے، طبی غلطی سے ہونے والے مشکل صورتحال میں بیمہ پالیسی طبی عملے کی جانب سے معاوضہ ادا کرنے کی پابند ہوگی۔

    مرکزی بینک کی جانب سے جاری ضوابط میں کہا گیا ہے کہ طبی غلطی کے باعث مریض کی موت واقع ہونے یا جسمانی و ذہنی معذوری و دیگر نوعیت کی مشکلات پیش آنے پر بیمہ پالیسی کارگر ہوگی۔

    جاری کردہ ضوابط کی شق نمبر 13 میں کہا گیا ہے کہ طبی غلطی ہونے پر عدالتی حکم کی روشنی میں بیمہ کمپنی معاوضہ ادا کرنے کی پابند ہوگی، مقررہ نکات کے مطابق بیرون مملکت دائر کیا گیا دعویٰ بیمہ پالیسی پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

    بیمہ پالیسی کی کوریج کی حد مختلف مقرر کی گئی ہیں جن میں سالانہ 1 لاکھ ریال سے 5 لاکھ ریال تک انشورنس کلیم کی مد میں مختص کیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب: ملازمین کے لیے میڈیکل انشورنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب: ملازمین کے لیے میڈیکل انشورنس کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کا کہنا ہے کہ جس دن سے کارکن کسی ادارے یا کمپنی میں کام شروع کرتا ہے اس دن سے ہی آجر کی جانب سے اس کے لیے میڈیکل انشورنس لاگو ہو جاتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کا کہنا ہے کہ تجرباتی مدت کے دوران آجر کارکن کو میڈیکل انشورنس کی سہولت دینے کا پابند ہے۔

    کونسل آف کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کی جانب سے کہا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کونسل سے انشورنس اسکیم کے حوالے سے 5 ہزار 200 استفسارات کیے گئے جن میں سے بیشتر کارکنوں کو فراہم کی جانے والی میڈیکل سہولتوں کے بارے میں تھے۔

    کیے جانے والے استفسارات میں سب سے اہم سوال تجرباتی مدت کے دوران کارکن کو میڈیکل انشورنس کی فراہمی سے متعلق تھا جس میں دریافت کیا گیا تھا کہ کیا آجر ایسے کارکن کو میڈیکل انشورنس فراہم کرنے کا پابند ہے جو تجرباتی مدت کے دوران اس کے پاس کام کر رہا ہو؟

    اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کونسل کی جانب سے وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ جس دن سے کارکن کسی ادارے یا کمپنی میں کام شروع کرتا ہے اس دن سے ہی اس کے لیے میڈیکل انشورنس لاگو ہو جاتی ہے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا، اقدام کا مقصد عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کیے۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات میسر ہوں۔ عمرہ زائرین کی یہاں آمد سے لے کر روانگی تک نگہداشت کی جاسکے گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ یہ عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ پروگرام ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والے حاصل کرسکیں گے۔

    انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم کم قیمت اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔ انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا۔

    دوسری جانب انشورنس کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ زائر کو انشورنس پیکج پر 1 لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہے، یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والوں کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔