Tag: میڈیکل بورڈ

  • ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک بھیجنے کی تجویز

    ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک بھیجنے کی تجویز

    کراچی: پیپلز پارٹی کراچی کے اسیر صدر ڈاکٹر عاصم کو ان کے میڈیکل بورڈ نے علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کی تجویز دے دی۔

    ڈاکٹر عاصم کے میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں۔ ان کی ہائیڈرو تھراپی عارضی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کی کمر کی فوری سرجری کروانا ہوگی۔

    میڈیکل بورڈ کے مطابق ان کا علاج امریکا، جاپان یا یورپ میں ہی ممکن ہے۔

    اس سے قبل 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی تو ڈاکٹر عاصم کو پیش نہیں کیا گیا۔ جج کے استفسار پر انہیں ساڑھے دس بجے بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم آ رہے ہیں۔ عدالت نے انہیں فوری پیش کرنے کا حکم دیا۔

    پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم کو اس سے قبل بھی سینے میں درد کی شکایت پر قومی ادارہ برائے امراض قلب میں داخل کیا گیا تھا جہاں ای سی جی کے درست نہ آنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

    ڈاکٹر عاصم حسین کمر درد، بلند فشار خون اور ذیابیطس کے امراض میں مبتلا ہیں جن کے علاج کے لیے عدالتی حکم کے تحت انہیں جناح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ 2 ماہ سے زائد زیر علاج رہے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو گزشتہ برس اگست میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہیں دہشت گردوں کو علاج مہیا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    گزشتہ ماہ پیپلز پارٹی نے انہیں پارٹی کے کراچی ڈویژن کا سربراہ بھی مقرر کردیا تھا۔

  • طیبہ تشدد کیس، راجا خرم علی کی عبوری ضمانت منظور

    طیبہ تشدد کیس، راجا خرم علی کی عبوری ضمانت منظور

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں تشدد کا شکار ہونے والی کم سن ملازمہ طبیہ پر تشدد کیس میں ایڈیشنل سیشن جج راجاخرم علی کی عبوری ضمانت منظورکر لی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق او ایس ڈی بنائے گئے ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی ضمانت 30 ہزار کےمچلکوں کےعوض 27 جنوری تک کے لیے منظور کی گئی ہے تاہم معزز عدالت کی جانب سے انہیں آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔


    *طیبہ تشدد کیس: تحقیقاتی رپورٹ میں جج کی اہلیہ ذمہ دارقرار


    واضح رہے طیبہ تشدد کیس کی مرکزی ملزمہ اور اہلیہ راجا خرم علی، ماہین ظفرکی ضمانت پہلے ہی منظور ہوچکی ہے جب کہ ایڈیشنل سیشن جج کی ذمہ داری نبھانے والے راجا خرم علی کو اس واقعہ کے بعد کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔


    *طیبہ تشدد کیس، ایڈیشنل سیشن جج کو کام سے روک دیا گیا


    یاد رہے دو ہفتے قبل کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ پر بہیمانہ تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کا ذمہ دار بچی کی مالکن اور ایڈیشنل سیشن جج کی اہلیہ ماہین ظفر کو قرار دیا گیا تھا تا ہم طیبہ کے والدین کی جانب سے راضی نامہ سامنے آکے بعد مقدمہ دم توڑتا نظر آرہا تھا کہ چیف جسٹس کے سوموٹو ایکشن نے اس مقدمے کو دوبارہ سے کھول دیا۔


    *تشدد کیس: طیبہ کے حقیقی والدین مل گئے


    یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والے میڈیکل بورڈ نے طیبہ پر تشدد کی تصدیق کرتے ہوئے بچی کو سوئیٹ ہوم بھجوانے کی تجویز دی تھی جب کہ طیبہ کے دو سے زائد والدین ہونے کے دعویداروں کے سامنے آنے پر ان کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیے گئے اس طرح طیبہ اپنے حقیقی والدین سے مل پائی تھی۔

  • کیڈٹ کالج لاڑکانہ، طالب علم کو علاج کے لیے امریکا بھیجنے کی تجویز

    کیڈٹ کالج لاڑکانہ، طالب علم کو علاج کے لیے امریکا بھیجنے کی تجویز

    کراچی : استاد کے مبینہ تشدد کا شکار کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالب علم محمد احمد حسین کو دس رکنی میڈیکل بورڈ نے علاج کی غرض سے امریکا بھیجنے کی سفارش کر دی ہے،رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے دس رکنی میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ مرتب کرکے محکمہ صحت، حکومتِ سندھ کو ارسال کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق طالب علم پر بھاری چیز سے ضرب لگنے کے شواہد ملے ہیں جس کی وجہ سے وہ آکسیجن کی کمی کا شکار ہوگیا ہے اور دماغ کو آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث وہ ذہنی استعداد کھو رہا ہے جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں اس لیے طالب علم کو علاج کی غرض سے امریکا بھیجا جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسر جنید اشرف کی سربراہی میں دس رکنی میڈیکل بورڈ نےطالب علم کا مکمل طبی معائنہ کیا اور اب تک طالب علم کے کیے جانے والے مختلف ٹیسٹ سمیت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج رہنے کے دوران بنائی گئی تفصیلی میڈیکل رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔

    میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھاری چیز کی ضرب لگنے سے طالب علم کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور دماغ کی مختلف رگیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے دماغ کو آکسیجن مقررہ مقدار تک نہیں پہنچ پا رہی ہے ایسے مریض کو ہائی پو آکسی کا مریض کہا جاتا ہے۔


    واضح رہے طالبعلم محمد احمد حسین اس وقت جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو کے آئیسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے بیرون ملک علاج کے لیے بھیجے جانے تک طالب علم جناح اسپتال میں ہی زیر علاج رہے گا۔

    یاد رہے محمد احمد حسین لاڑکانہ کیڈٹ کالج کا طالب علم ہے جسے شدید علالت کے باعث پہلے مقامی اسپتال داخل کیا گیا تھا طالب علم کے والد نے موقف اختیار کیا تھا کہ بچے کی علالت کی وجہ کالج کے استاد کا مبینہ تشدد ہے۔

    واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حقائق جاننے کے لیے پروفیسر جنید اشرف کی سربراہی میں دس رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

  • پرویزمشرف کی میڈیکل ٹیم 6جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی

    پرویزمشرف کی میڈیکل ٹیم 6جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی

    سابق صدر پرویز مشرف کے آج صبح پھر خون کے نئے نمونے معائنے کیلئے لیب بھجوا دیئے گئے، میڈیکل بورڈ چھ جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرے گا، پرویز مشرف سے ملاقات کی تاحال کسی کو اجازت نہیں دی گئی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے، گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کو اسٹنٹ ڈالنے یا بائی پاس کرنےاور علاج کیلئے دبئی یا برطانیہ بھیجنے پر بھی غور کیا گیا۔

    میڈیکل بورڈ کی ٹیم نے بیرون ملک ڈاکٹروں سے بھی رابطے کئے، سابق صدر کے پہلے دن لئے جانے والے خون کے نمونوں کی رپورٹ بھی آگئی ہے، مشرف کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

    پرویزمشرف کے علاج کیلئے سات رکنی میڈیکل ٹیم کام میں مصروف ہے، اطلاعات کے مطابق ڈاکٹروں سے امور طے ہونے پر عدالت کو سابق صدر کی صحت کے بارے میں آگاہ کرکے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

    سابق صدر کے بیرون ملک جانے کی ضرورت کے پیش نظر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے وزارت داخلہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کرے۔