Tag: میکسیکو

  • عدالت میں ملزم پر مدعی خاندان کا زبردست حملہ، جج اور وکلا بھاگ گئے، ویڈیو وائرل

    عدالت میں ملزم پر مدعی خاندان کا زبردست حملہ، جج اور وکلا بھاگ گئے، ویڈیو وائرل

    البکرکے: امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ایک عدالت میں اس وقت نہایت دل چسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب قتل کے ایک ملزم پر متاثرہ خاندان والوں نے ہلہ بول دیا، اور جج اور وکلا عدالت سے بھاگ گئے۔

    رپورٹس کے مطابق نیو میکسیکو میں عدالت میں ایک کیس کی سماعت کے دوران کورٹ روم میدان جنگ بن گیا، قتل کے ملزم پر متاثرہ خاندان نے ہلہ بول دیا، اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    ملزم پر حملہ ہوتے ہی جج اور وکلا بھاگ گئے، اور حملہ آور افراد نے ملزم کو لاتوں، گھونسوں اور تھپڑوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے صورت حال جلد کنٹرول کر لی۔

    الیگزینڈر اورٹیز پر گزشتہ سال اپنی سابق گرل فرینڈ الیانا فرفن کو قتل کرنے کا الزام ہے، وہ 31 جنوری کو البکرکے میں ڈسٹرکٹ جج کے سامنے کھڑا تھا، جب جھگڑا شروع ہو گیا۔

    بے ہوش مالک کی بے قابو گھومتی کشتی خوفناک حادثے سے کیسے بچی؟ ویڈیو وائرل

    سماعت کے دوران فرفن کے چچا کارلوس لوسیرو اور پیٹ یساسی نے اورٹیز پر حملہ کیا تھا، ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کمرہ عدالت کے ایک افسر پر بھی حملہ کیا گیا جب اس نے ملزم کو بچانے کی کوشش کی۔

    لوسیرو نے کہا کہ اس نے میری بھانجی کو ایک بزدل کی طرح جان سے مارا۔ اس جھگڑے میں حملہ آور دونوں افراد خود زخمی ہو گئے تھے، جن کو علاقے کے اسپتال میں علاج کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

  • تجارتی جنگ: کینیڈا اور میکسیکو نے امریکا پر بڑا جوابی وار کر دیا

    تجارتی جنگ: کینیڈا اور میکسیکو نے امریکا پر بڑا جوابی وار کر دیا

    اوٹاوا: ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی تجارتی جنگ چھیڑے جانے پر کینیڈا اور میکسیکو نے بھی امریکا پر بڑا جوابی وار کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا اور میکسیکو نے ٹرمپ کے اقدام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکا پر جوابی اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کے صدر کلاڈیا شین بام دونوں نے ہفتے کی رات جوابی ٹیرف کا اعلان کیا۔ کینیڈا اور میکسیکو امریکی ٹیرف کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

    کینیڈا نے 155 بلین ڈالر تک کی امریکی درآمدات پر 25 فی صد جوابی اضافی ٹیرف عائد کر دیا ہے، جب کہ میکسین صدر کلاڈیاشین بام نے بھی کہا کہ ہم نے بھی پلان بی پر عمل کرتے ہوئے جوابی اضافی ٹیرف لگا دیا ہے۔ تاہم چین کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے خطاب میں کہا کہ کینیڈا اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، وہ ہر صورت اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انھوں نے کہا تیل، قدرتی گیس اور بجلی سمیت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی توانائی پر بھی 10 فی صد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر منگل سے 25 فی صد اور چین پر 10 فی صد ٹیرف نافذ کر دیا ہے، تاہم تیل، قدرتی گیس اور بجلی سمیت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی توانائی پر 10 فی صد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ کینیڈا نے بھی اتنا ہی ٹیرف اور ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

    کینیڈا کی جانب سے امریکی الکحل اور پھلوں کی تجارت میں 30 ارب کینیڈین ڈالر پر ڈیوٹی منگل کو اس وقت لاگو ہوگی جب امریکی ٹیرف شروع ہوگا، جب کہ بقیہ 125 ارب کینیڈین ڈالر کی تجارت پر ڈیوٹی 21 دنوں میں لاگو ہوگی۔

    ٹرمپ نے عالمی تجارتی جنگ چھیڑ دی، چین، کینیڈا، میکسیکو پر اضافی ٹیرف عائد

    جسٹن ٹروڈو نے اپنی تقریر کا آغاز امریکی صارفین کو مخاطب کر کے کیا، انھوں نے کہا ’’امریکی عوام! اس کے حقیقی نتائج آپ پر مرتب ہوں گے، اس کے نتیجے میں گروسری اور دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ ٹروڈو نے امریکیوں کو یاد دلایا کہ کینیڈین فوجی افغانستان میں ان کے شانہ بشانہ لڑے اور کیلیفورنیا میں جنگل کی آگ اور کترینہ طوفان سمیت دیگر بحرانوں میں ان کی مدد کی۔

    دوسری طرف میکسیکو کی صدر شین بام نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انھوں نے اپنے اقتصادی وزیر کو میکسیکو کے مفادات کے دفاع کے لیے ٹیرف اور نان ٹیرف اقدامات کو لاگو کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انھوں نے میکسیکو حکومت کا مجرمانہ سرگرمیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کا امریکی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ’’اگر امریکی حکومت اور اس کی ایجنسیاں اپنے ملک میں فینٹینائل کی سنگین کھپت کو ختم کرنا چاہتی ہیں، تو وہ اپنے بڑے شہروں کی سڑکوں پر منشیات کی فروخت اور منی لانڈرنگ سے لڑیں۔‘‘

  • ٹرمپ کی کینیڈا اور میکسیکو کو ٹیرف لگانے کی دھمکی

    ٹرمپ کی کینیڈا اور میکسیکو کو ٹیرف لگانے کی دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممنوعہ اودویات کی ترسیل اور مہاجرین کی آمد نہ روکی تو پچیس فیصد ٹیرف لگا دوں گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو کو ایک اور ٹیرف لگانے کی دھمکی دیدی، ٹرمپ کی جانب سے دونوں ممالک پر تیل کی درآمدات پر ٹیرف آج ہی لگائے جانے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل واشنگٹن میں مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے ٹکرانے کے واقعے پر امریکا کے نئے صدر ٹرمپ کا بیان سامنے آیا تھا، جس میں انھوں نے کسی مسافر کے زندہ نہ بچنے کی تصدیق کی ہے، ٹرمپ نے کہا کہ میری انتظامیہ ایوی ایشن سیفٹی کیلئے قابل افراد کو نامزد کرے گی۔

    ٹرمپ نے کہا کہ موسم بالکل صاف تھا، لائٹس بھی جل رہی تھیں، امریکا اور امریکی شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ میں نے حفاظت کو اولین ترجیح دی، اوباما، بائیڈن اور ڈیموکریٹس نے پالیسی کو اولین ترجیح دی۔””وہ دراصل ہدایات کے ساتھ آئے تھے جبکہ ہم اہل لوگوں کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔

    مسافر طیارہ حادثے سے متعلق ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مسافرطیارے کے دریا میں گرنے سے پہلے دو ٹکڑے ہوگئے تھے، ہیلی کاپٹر کے بلیڈ نے حادثے میں طیارے کو دو ٹکڑوں میں تباہ کردیا تھا۔

    میٹا نے ہار مان لی، ڈونلڈ ٹرمپ کو 25 ملین ڈالر ادا کرنے پر رضا مند

    واضح رہے کہ یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ طیارے میں اسکیٹنگ ورلڈ چیمپئن روسی جوڑا بھی موجود تھا، فائر چیف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دریائے پوٹومیک سے 28 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ مزید مسافروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

  • میکسیکو میں بار پر فائرنگ سے 7 افراد جان سے گئے

    میکسیکو میں بار پر فائرنگ سے 7 افراد جان سے گئے

    شمالی امریکی ملک میکسیکو میں نامعلوم ملزمان نے ایک بار میں فائرنگ کر کے7 افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

    بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی میکسیکو کے شہر ولاہرموسا کے بار میں نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی زد میں آ کر 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی وجہ ابھی واضح نہیں ہوئی ہے جبکہ افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ میکسیکو میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

    اس سے قبل امریکا میں گاڑی ہجوم پر چڑھانے کے واقعے میں مرنے والے افراد کی تعداد 15 ہوگئیں۔

    رپورٹس کے مطابق امریکا کے شہر نیو اورلینز میں گاڑی ہجوم پر چڑھانے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 35 افراد شدید زخمی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق 15 افراد کی جان لینے والے شخص کی شناخت کو بھی ظاہر کردیا گیا ہے، جس کا نام شمس الدین جبار بتایا گیا ہے۔

    ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ڈرائیور امریکا میں پیدا ہوا تھا اور فوج میں ملازم رہ چکا تھا، جس کی گاڑی سے داعش کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی نے واقعہ کو اب دہشت گردی قرار دیدیا ہے۔ ملزم ٹیکساس میں پلا بڑھا تھا، شمالی کیرولائنا میں بھی رہ چکا ہے۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت، 200 فلسطینی شہید

    ملزم نے سال نو کے آغاز پر گاڑی سے اتر کر پولیس پر بھی فائرنگ کی تھی، ملزم پولیس کے دوران ملزم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

  • میکسیکو میں طیارہ گر کر تباہ، متعدد ہلاک

    میکسیکو میں طیارہ گر کر تباہ، متعدد ہلاک

    میکسیکو میں طیارہ کریش ہونے کے نتیجے میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی مغربی ریاست جالسکو میں چھوٹا طیارہ حادثے شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    جالسکو سول پروٹیکشن کے مطابق حادثہ جالسکو کے دور دراز جنگلاتی اور مشکل رسائی والے علاقے میں پیش آیا۔

    ریسکیو حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت فی الحال نہیں ہوسکی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد طیارے میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیمیں موقع پہنچ گئی ہیں۔

    اس سے قبل برازیل میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے، واقعے کے بعد تباہی کے منظر پر مبنی ایک ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو برازیل کے سیاحتی جنوبی شہر گراماڈو کے وسطی علاقے میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام دس افراد ہلاک ہو گئے۔

    طیارہ پہلے ایک عمارت کی چمنی سے ٹکرایا، اور اس کے بعد ایک مکان کی دوسری منزل سے ٹکرا گیا، اور پھر فرنیچر کی دکان پر جا گرا۔

    ریاستی سول پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی کہ طیارے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے، طیارے نے سیاحتی شہر کینیلا کی میونسپلٹی سے اڑان بھری تھی، گراماڈو برازیل کا ایک مشہور سیاحتی شہر ہے، جہاں کرسمس کے موسم میں سیاحوں کی خاصی آمد ہوتی ہے۔

    ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے کا مالک اور پائلٹ لوئیز کلاڈیو گیلیزی دیگر 9 مسافروں کے ساتھ ہلاک ہو گیا، یہ تمام مسافر ان کے خاندان کے افراد تھے۔ حادثے کی وجہ سے زمین پر موجود 17 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 12 اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

    طیارہ 1990 میں بنا تھا، اور یہ جڑواں انجن والا پائپر PA-42-1000 تھا، جس نے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد قریبی کینیلا ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور ناموافق موسمی حالات میں ساؤ پالو ریاست کے جنڈیائی کی طرف جا رہا تھا۔

    خطرناک ویڈیو: مسافر طیارہ رن وے پر ٹکرانے سے بال بال بچ گیا

    طیارے کی تباہی کے بعد اس کا ملبہ دور تک بکھر گیا تھا، شہر میں اس کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں، کہ شہر میں ایسے مصروف وقت میں یہ حادثہ پیش آیا۔

  • میکسیکومیں مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد ہلاک

    میکسیکومیں مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد ہلاک

    شمالی میکسیکو میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست گواناجواتو کے قصبے اپاسیو دیل گراندے میں ایک کھوکھے اور اس کے گاہکوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملے میں 9 افراد موقع پرہی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے کھوکھے پر موجود لوگوں پر اور پھر آس پاس کے گاہکوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی میکسیکو کے ایک بار پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس میں 6 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔

    فائرنگ کا واقعہ میکسیکو کے ساحلی صوبے تاباسکو کے ایک بار میں پیش آیا جو ان دنوں بڑھتے ہوئے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

    ریاستی اٹارنی جنرل کے دفتر کے ڈپٹی پراسیکیوٹر گلبرٹو میلکیڈیس مرانڈا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پانچ افراد جائے وقوعہ پر مردہ حالت میں ملے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

    خواتین کے لیے سب سے خطرناک جگہ اُن کا گھر ہے، اقوام متحدہ

    ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلح افراد کا گروپ ایک شخص کی تلاش میں نائٹ کلب میں داخل ہوا اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔

  • میکسیکو : مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ 6 ہلاک

    میکسیکو : مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ 6 ہلاک

    سان جوان : میکسیکو کے ایک بار پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ صبح میکسیکو کے ساحلی صوبے تاباسکو کے ایک بار میں پیش آیا جو ان دنوں بڑھتے ہوئے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

    ریاستی اٹارنی جنرل کے دفتر کے ڈپٹی پراسیکیوٹر گلبرٹو میلکیڈیس مرانڈا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پانچ افراد جائے وقوعہ پر مردہ حالت میں ملے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلح افراد کا گروپ ایک شخص کی تلاش میں نائٹ کلب میں داخل ہوا اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔

    ایک حکومتی عہدیدار نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ یہ حملہ ولاہرموسا میں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکام مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس جرم کی تفتیش اور اس سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور فائرنگ کے محرکات بھی واضح نہیں ہو سکے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو بار سے بھاگتے ہوئے اور کچھ کو زخمیوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ اسی ماہ کے آغاز میں مرکزی میکسیکو کے بار میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 10 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ تاریخی شہر کریٹارو کے مرکز میں ہوا جو حالیہ دنوں تک ہمسایہ ریاستوں میں بڑھتے ہوئے تشدد سے محفوظ سمجھا جاتا تھا۔

  • میکسیکو میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، 19 افراد ہلاک

    میکسیکو میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، 19 افراد ہلاک

    میکسیکو میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

    حکام کے مطابق بس کو حادثہ وسطی ریاست زکاٹیکاس میں پیش آیا، بس مکئی لے جانے والے ٹریکٹر سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری، حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا دیا گیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، امدادی ٹیموں نے گہری کھائی میں گرنے والی لاشوں کو نکالنے کے لئے کا م شروع کیا۔

    سوشل میڈیا پرپوسٹ کی گئی تصاویر میں حکام اور امدادی ٹیموں کو علاقے کو محفوظ بنانے اور لاشیں نکالنے کے لئے مل کر کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

  • میکسیکو کے میئر قاتلانہ حملے میں ہلاک

    میکسیکو کے میئر قاتلانہ حملے میں ہلاک

    میکسیکو کے صوبے گویریرو کے صدر مقام چلپان جیگو کے میئر الیہاندرو آرکوس قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان کی موت کی تصدیق اس وقت کی گئی جب سوشل میڈیا پرایک میسیج زیر گردش تھا جس میں ایک پک اپ ٹرک کے اوپر ایک کٹا ہوا سر رکھ کر دکھایا گیا تھا۔

    صوبائی اٹارنی کا کہنا ہے کہ تقریبا ایک ہفتہ قبل میکسیکو بلدیہ کے میئر نے حلف اٹھایا تھا جن کے قتل کی تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

    انقلابی پارٹی کے رہنماء الیہاندرو مورینو نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    فرانس سے انگلینڈ جاتے ہوئے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، متعدد ہلاک

    مورینو کا کہنا تھا کہ تین روز قبل اسی بلدیاتی اسمبلی کے رکن اور سیکریٹری فرانسیسکو تاپیا کو بھی قتل کر دیا گیا تھا جو کہ ایک بہتر معاشرے کی کوشش کرنے والے نوجوان اور محنتی سرکاری عہدیدار تھے۔

  • کلاڈیا شینبام میکسیکو کی پہلی خاتون صدر منتخب

    کلاڈیا شینبام میکسیکو کی پہلی خاتون صدر منتخب

    میکسیکو: کلاڈیا شینبام میکسیکو کی پہلی خاتون صدر منتخب ہو گئیں، شینبام یکم اکتوبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلاڈیا شینبام میکسیکو کے تاریخی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ملک کی پہلی خاتون صدر منتخب ہو گئی ہیں۔

    حالیہ انتخابات کو میکسیکو کے سب سے بڑے انتخابات قرار دیا گیا ہے، الیکٹورل اتھارٹی کے مطابق انتخابات میں کلاڈیا شینبام نے 58.3 تا 60.7 فی صد ووٹوں کے ساتھ صدارت جیت لی ہے، اور یہ میکسیکو کی جمہوری تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹوں کا تناسب ہوگا۔

    شینبام نے اپوزیشن اتحاد کے شوکائٹل گالویز کو شکست دی ہے، میکسیکو میں ووٹ ڈالنے کے لیے 98 ملین سے زیادہ ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔

    انتخابات میں اپنی کامیابی پر شینبام نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’میں آپ کو ناکام نہیں ہونے دوں گی۔‘ شین بام توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی سائنس دان ہیں اور وہ میکسیکو سٹی کی میئر بھی رہ چکی ہیں۔ شین بام یکم اکتوبر کو حلف اٹھا کر میکسیکو کا صدارتی منصب سنبھالیں گی۔

    شینبام کو سیکیورٹی، منظم جرائم، توانائی اور امیگریشن سمیت کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، اسی طرح امریکا میکسیکو کے دوطرفہ تعلقات کا معاملہ بھی ان کے لیے ایک اہم چیلنج ہوگا۔