Tag: میکسیکو

  • میکسیکو میں فائرنگ،24 افراد ہلاک، 7 زخمی

    میکسیکو میں فائرنگ،24 افراد ہلاک، 7 زخمی

    میکسیکو: میکسیکو میں نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 24 افراد کو ہلاک اور 7 کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی وسطی ریاست گیانا جوٹو میں غیر قانونی طور پر قائم نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز میں فائرنگ سے 24 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ فائرنگ کے دوران بحالی مرکز میں موجود افراد زمین پر لیٹ گئے تھے۔

    گورنر ڈیا گو سنہو روڈریگز ویلجیو کا کہنا ہے کہ حملے کا اب تک مقصد سامنے نہیں آیا، تاہم لگتا ہے کہ اس میں منشیات کے گروہ ملوث ہیں۔

    میکسیکو کے منشیات کے گروہوں نے ماضی میں بھی ایسی سہولیات میں پناہ دینے والے حریف گروہوں کے مشتبہ ڈیلروں کو ہلاک کیا ہے۔

    یاد رہے کہ 2010 میں شمالی میکسیکو کے شہر چی ہوا ہوا میں بحالی مرکز پر حملے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس کے بعد سے اس طرح کے مراکز پر ایک درجن سے زائد حملے ہوچکے ہیں۔

  • سڑک پار کرنے والے جوڑے کی پولیس پر اچانک فائرنگ، ویڈیو دیکھیں

    سڑک پار کرنے والے جوڑے کی پولیس پر اچانک فائرنگ، ویڈیو دیکھیں

    میکسیکو: شمالی امریکا میں واقع ملک میکسیکو کے ایک علاقے میں دن دہاڑے چلتی ٹریفک کے دوران نا معلوم افراد نے اچانک پولیس افسران پر فائر کھول دیا، جس سے افسران کے اوسان خطا ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی وسطی میکسیکو میں 4 مسلح افراد نے سڑک کے بیچ اچانک رک کر گاڑی میں بیٹھے پولیس افسران پر فائرنگ کھول دی، تاہم وہ اس خطرناک حملے میں محفوظ رہے۔

    حملہ آور دو جوڑوں کی شکل میں سامنے آئے تھے، وہ ایسے ظاہر کر رہے تھے جیسے میاں بیوی ہوں، یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو گودالوپ کے علاقے زکاٹیکس میں پیش آیا، جب ایک مرد اور عورت ہاتھ میں ہاتھ دیے اچانک چلتی ٹریفک کے بیچ نکل آئے تھے۔

    ایک سرویلنس کیمرے نے یہ منظر محفوظ کر لیا تھا، گودالوپ میونسپل پولیس کی خاتون افسر جو پولیس گاڑی چلا رہی تھیں، نے اچانک بریک لگائے اور سامنے آنے والے جوڑے کو گزرنے دیا، لیکن وہ اچانک رکے اور پولیس گاڑی کی طرف گولیاں برسانے لگے۔

    پولیس کی گاڑی پر لگے کیمرے کے فوٹیج نے ایک اور جوڑے کا بھی انکشاف کیا، جو کچھ فاصلے پر کھڑا تھا، چاروں حملہ آوروں نے چند فٹ کے فاصلے سے پولیس گاڑی پر کم از کم 20 فائر مارے اور بھاگ گئے، محکمہ پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور تاحال مفرور ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

    اس ناگہانی حملے میں پولیس اہل کار خوش قسمتی سے بچ گئے، تاہم گاڑی کو گولیاں لگیں، حملے کے دوران ایک راہ گیر خاتون درمیان میں پھنسنے کے باعث نروس بریک ڈاؤن سے گر کر بے ہوش ہو گئی تھی۔

  • ’جوکر‘ کی المناک موت نے سب کو افسردہ کردیا

    ’جوکر‘ کی المناک موت نے سب کو افسردہ کردیا

    میکسیکو میں ایک بہادر ’جوکر‘ ایک عورت اور بچے کو بچانے کے لیے مسلح ڈاکو سے بھڑ گیا، ڈاکو کی گولی کا شکار ہو کر جوکر کی موت نے پورے علاقے کو افسردہ کردیا۔

    مذکورہ واقعہ میکسیکو کے علاقے پوویبلا کے ایک ریستوران میں پیش آیا، واقعے کے وقت وہاں علاقے کی ایک مقبول شخصیت موجود تھی جسے ڈاکٹر گدگدی کہا جاتا تھا۔

    ہمبرٹو نامی یہ شخص جوکر کا بہروپ بھر کر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتا تھا جبکہ اسپتالوں میں بیمار بچوں کو ہنسانے کا کام بھی کرتا تھا۔

    عینی شاہدین کے مطابق لنچ کے وقت ریستوران میں ایک مسلح شخص داخل ہوا اور اس نے دروازے کے قریب بیٹھی ایک عورت کو اپنے نشانے پر رکھ لیا، عورت کے پاس ایک شیر خوار بچہ بھی تھا۔

    جوکر فوراً آگے بڑھ کر اس عورت کی ڈھال بن گیا اور میز پر رکھا پانی کا جگ اٹھا کر ڈاکو پر دے مارا۔ ڈاکو نے بوکھلا کر گولی چلا دی جو جوکر کے سر پر لگی۔ تب تک ڈاکو صرف ایک ہی موبائل فون لوٹ سکا تھا اور وہ اسی کو لے کر فرار ہوگیا۔

    جوکر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 24 گھنٹوں تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ جان کی بازی ہار گیا۔

    جوکر کی موت نے پورے علاقے کو سوگوار کردیا، موت کے بعد بڑی تعداد میں عام افراد اور حکام اس کے گھر تعزیت کے لیے پہنچ گئے۔ جوکر کے خاندان نے اپیل کی کہ وہ اس کی آخری رسومات کے اخراجات کے لیے ان کی مالی مدد کریں کیونکہ ان کے پاس اس کے لیے رقم نہیں۔

    یہ واضح نہیں ہوسکا کہ واقعے کے وقت بھی جوکر اپنے بہروپ میں تھا یا نہیں، مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیجز کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے لیکن تاحال ڈاکو کی شناخت یا اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • فن پارے کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار، نقاد نے فن پارہ ہی توڑ ڈالا

    فن پارے کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار، نقاد نے فن پارہ ہی توڑ ڈالا

    میکسیکو میں ایک آرٹ فیئر کے دوران ایک نقاد نے 20 ہزار ڈالرز مالیت کا قیمتی فن پارہ توڑ ڈالا، گیلری انتظامیہ نے اس عمل پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

    یہ واقعہ میکسیکو میں پیش آیا جہاں ایک آرٹ کی نمائش جاری تھی، اویولینا لسپر نامی اس نقاد نے اس فن پارے کے لیے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

    اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک سوڈا کین اس کے اوپر رکھا اور اس کی تصویر لینے کی کوشش کرنے لگیں، لیکن اسی دوران وہ ٹوٹ کر گر گیا۔

    مذکورہ فن پارہ گبریئل ریکو نامی ایک فنکار کا تھا جس میں ایک شیشے کی شیٹ پر پتھر، فٹبال اور دیگر اشیا لگائی گئی تھیں۔

    گیلری کی انتظامیہ نے نقاد کے اس عمل پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر پیشہ وارانہ قرار دیا ہے۔

    نقاد کا کہنا ہے کہ گو کہ انہیں یہ فن پارہ سخت ناپسند تھا اس کے باجود وہ اس نقصان کا ازالہ کرنے کو تیار ہیں، تاہم گیلری انتظامیہ اور فنکار نے ان کی پیشکش مسترد کردی۔

  • وہ قتل جن کی وجہ غلط بیانی اور ہاتھ نہ ملانا تھا!

    وہ قتل جن کی وجہ غلط بیانی اور ہاتھ نہ ملانا تھا!

    پوست اور گانجے کے کھیتوں میں کام کرنے کے دوران میکسیکو کے خواکین گوزمین نامی نوجوان کو منشیات کا کاروبار کرنے کی سوجھی اور پھر جرائم کی دنیا کا بے تاج بادشاہ بننے کے لیے اس نے ہر حد پار کرلی۔

    میکسیکو آج بھی منشیات اور اس کی اسمگلنگ کے لیے بدنام ہے۔ اس زمین پر منشیات کا کاروبار شروع کرنے کے بعد اپنی دولت، اسلحے کے بے دریغ استعمال اور جرائم پیشہ افراد کی مدد سے خود کو "ڈرگ لارڈ” ثابت کرنے کی دوڑ شروع ہوتی ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ 2019 میں میکسیکو میں 34 ہزار سے زائد افراد قتل ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یومیہ 95 افراد اپنی جان سے گئے اور حکومت کچھ نہ کرسکی۔

    ہاں، میکسیکو ایسا ہی ہے۔ وہاں منشیات فروش گروہ اور جرائم پیشہ افراد گویا راج کرتے ہیں۔

    "ایل چاپو” وہ لقب ہے جو خواکین گوزمین کو اس تاریک دنیا میں سب سے "عظیم” اور "ممتاز” بناتا ہے۔

    اس ڈرگ لارڈ کی گرفتاری کے بعد عدالت میں مقدمہ چلا تو اس کی سفاکی اور شقاوت کی داستانیں بھی سامنے آئیں۔ یہاں‌ ہم اختصار سے قتل کے دو ایسے واقعات بیان کر رہے ہیں‌ جن کی وجہ معمولی خطا اور غلطی تھی۔

    ایل چاپو نے ایک معمولی جھوٹ، یا خود سے غلط بیانی پر اپنے ہی رشتے دار کو موت کی نیند سلا دیا۔

    عدالتی کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک مرتبہ جب ایل چاپو نے کسی کام سے اپنے کزن سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ وہ شہر سے باہر جا رہا ہے، لیکن بعد میں وہ اندرونِ شہر ہی ایک پارک میں دیکھا گیا۔

    جرائم کی دنیا کے اس "بے تاج بادشاہ” کو اپنے کزن کا یہ جھوٹ اس قدر گراں گزرا کہ اسے دوسروں کے لیے عبرت کا نشان بنا دیا۔ ایل چاپو نے معاملے کی تفتیش کرنے کے بعد جھوٹ ثابت ہونے پر اپنے کزن کے قتل کا حکم دے دیا۔ اُس کزن کے ساتھ اس کا سیکریٹری بھی موجود تھا اور اسے بھی مار دیا گیا۔

    ڈرگ لارڈ نے اس قتل کے بعد ساتھیوں سے کہا کہ جو بھی انھیں دھوکا دے گا، اسے مار دیا جائے گا، چاہے وہ اس کا قریبی عزیز ہو اور مرد یا عورت کوئی بھی ہو۔

    ہاتھ نہ ملانے کی پاداش میں بھی ایل چاپو نے ایک مخالف گروہ کے رکن کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

    عدالت میں انکشاف ہوا کہ منشیات کے ایک اور بدنام گروہ نے صلح صفائی کے لیے اپنے ایک اہم رکن کو ایل چاپو کے پاس بھیجا۔ بات چیت کے بعد روڈولف نامی اُس مخالف نے گوزمین ایل چاپو سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ روڈولف نے بات چیت ختم ہونے کے بعد واپسی کی ٹھانی تو گوزمین ایل چاپو نے اسے کہا، "ہم پھر ملیں گے میرے دوست اور مصافحہ کے لیے ہاتھ بڑھایا، لیکن اس نے نظر انداز کر دیا یا شاید وہ بڑھا ہوا ہاتھ دیکھ نہ سکا تھا۔ اصل بات کچھ بھی ہو، گوزمین نے اسے اپنی توہین سمجھا اور جلد ہی روڈولف اور اس کی اہلیہ دونوں کو گولی مار دی گئی۔

    گوزمین ایل چاپو شمالی میکسیکو کا سب سے بڑا اور طاقت ور منشیات فروش ہے جس کا کاروبار امریکا سمیت کئی ملکوں میں پھیلا ہوا ہے۔ گوزمین کے خلاف مقدمے کی کارروائی کے دوران پچاس عینی شاہدین نے اس کی سفاکی اور درندگی کے واقعات عدالت میں بیان کیے۔

  • چوری شدہ فن پارہ جو بیس سال بعد کچرے کے ڈھیر سے ملا

    چوری شدہ فن پارہ جو بیس سال بعد کچرے کے ڈھیر سے ملا

    میکسیکو کے مشہور مصور روفینو تومایو نے جب 1970 میں اپنی ایک پینٹنگ مکمل کی تو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ ایک روز گندگی کے ڈھیر پر پڑی ہو گی!

    یہ آئل پینٹنگ اس مصور کے مُو قلم کا شاہ کار تھی جسے کینوس پر اترنے کے صرف سات سال بعد یعنی 1977 میں نیلام کر دیا گیا۔ اسے نیلام گھر سے ایک قدر دان ساڑھے چھبیس ہزار پاؤنڈ میں لے گیا تھا۔

    چند برس بعد یہ پینٹنگ اس کے گودام سے کسی نے چوری کرلی اور لگ بھگ 20 سال بعد یہ کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہوئی۔ اس کا مالک اتنے برسوں میں یقینا اس پینٹنگ کا دکھ فراموش کر چکا تھا۔ تاہم الزبتھ گبسن نامی خاتون کے ہاتھ لگنے کے بعد جب اس کی خبر عام ہوئی تو چوری کا بیس برس پرانا وہ واقعہ کئی ذہنوں میں تازہ ہو گیا۔

    اس خاتون نے پینٹنگ کچرے کے ڈھیر سے اٹھائی تو وہ یہ جانتی تک نہ تھی کہ یہ کوئی شاہ کار ہے جسے منہگے داموں فروخت کیا جاسکتا ہے۔

    الزبتھ گبس آرٹ کو نہیں سمجھتی تھی اور اس کا خیال تھا کہ اس تصویر کو بس دیوار پر سجایا جاسکتا ہے، مگر ایک سہیلی نے کہا کہ شاید یہ کوئی قیمتی فن پارہ ہے، تم اس حوالے سے معلوم کرو۔

    اس فن پارے کے چوری ہونے کی رپورٹ 1988 میں کی گئی جس پر متعلقہ امریکی ادارے نے اس چوری کا کھوج لگانے کی کوشش کی تھی۔

    الزبتھ کو یہ معلوم ہوا تو وہ مالکان تک پہنچ گئی اور انھیں پینٹنگ لوٹا دی۔ کئی برس تک اس فن پارے کی جدائی کا غم سہنے والے مالکان نے الزبتھ کو خالی ہاتھ جانے نہ دیا اور سات ہزار پاؤنڈ بطور انعام دیے۔ بعد ازاں اس پینٹنگ کو نیویارک میں نیلام کر دیا گیا۔

  • اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد

    اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد

    میکسیکو سٹی: میکسیکو جرائم اور اجتماعی قبروں کا گڑھ بننے لگا، تین ماہ کے دوران ایک اور اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے مغربی شہر گیوڈیلجرا میں کھدائی کے دوران اجتماعی قبر ملی جس سے 50 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، تین ماہ کے دوران اجتماعی قبر ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پچاس میں سے 13 افراد کی شناخت کے بعد ان کی باقیات اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ دیگر افراد کی شناخت اور موت کی وجہ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    میکسیکو کی ریاست جالیسکو جرائم کا گڑھ ہے جبکہ گیوڈیلجرا بھی اسی ریاست کا شہر ہے، جہاں منشیات فروش گروہ اور گینگ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے، اور لاشیں ملنا بھی عام ہوتی جارہی ہیں۔

    رواں سال ستمبر میں گیوڈیلجرا میں اجتماعی قبر سے 34 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ مئی میں بھی 30 افراد ایک ہی گھڑے میں مدفن ملے تھے۔

    واضح رہے کہ میکسیکو میں 2006 کے آخر میں فوج کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران 40 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہوئے اور تب سے اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

  • میکسیکو: منشیات فروشی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، سرغنہ کا بیٹا گرفتار

    میکسیکو: منشیات فروشی کے گرد قانون کا گھیرا تنگ، سرغنہ کا بیٹا گرفتار

    میکسیکوسٹی: میکسیکو میں منشیات فروشی کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے سرغنہ کا بیٹا بھی گرفتار کرلیا جس کے باعث علاقے میں کشیدگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو میں منشیات فروشوں کے گروہ کے سربراہ جوکوئین ال چیپو کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرغنہ کے بیٹے کی گرفتاری کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی ہے، فائرنگ کے دوران متعدد گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو کی سیکورٹی فورسز نے ال چیپو کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے، اوویدیو گزمن کی گرفتاری کے بعد منشیات فروشوں اور سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس کے مطابق شرپسندوں نے بسوں اور ٹرکوں کو بھی آگ لگا دی جسے فائر بریگیڈ نے بعد ازاں بجھا دیا، تاہم پولیس کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہے۔

    میکسیکو میں پولیس اور منشیات فروشوں میں جھڑپ، 43 ہلاک

    ال چیپو کو عمر قید سنائی گئی ہے جس کے بعد اس کا بیس سالہ بیٹا، باپ کی جگہ سنبھال رہا تھا، مقامی میڈیا کے مطابق اوویدیو منشیات سے متعلق مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    یاد رہے کہ مئی 2015 میں میکسیکومیں پولیس اور منشیات فروش گروپ کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت تینتالیس افراد مارے گئے تھے۔

  • میکسیکو میں بار میں حملہ، 8 خواتین سمیت 23 افراد ہلاک

    میکسیکو میں بار میں حملہ، 8 خواتین سمیت 23 افراد ہلاک

    میکسیکو: حملہ آوروں کی آتش زنی کی ایک واردات میں میکسیکو کے ایک بار میں 8 خواتین سمیت 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ایک درجن سے زاید لوگ زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے ایک بار میں حملہ آوروں نے آگ لگا کر تئیس انسانوں کی جان لے لی، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ منشیات مافیا کی جنگ کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

    یہ واقعہ گزشتہ رات میکسیکو کے کوزاکولکس شہر کے کبالو بلانکو (سفید گھوڑا) نامی بار میں پیش آیا، مقامی میڈیا نے بتایا کہ بار کے اندر حملہ آوروں نے آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگائی تھی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور واردات کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے، پولیس مشتبہ افراد کی نشان دہی کے لیے کام کر رہی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد بار کے اندر داخل ہوئے، دروازے اور ایمرجنسی اخراج کے راستے بند کر دیے، اور پھر آگ لگا دی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بار میں جلنے والی خواتین بار ہی میں کام کر رہی تھیں، جن کی لاشیں ادھر ادھر ٹوٹی کرسیوں اور میزوں کے درمیان پڑی ہوئی تھیں۔

    پولیس نے موقع پر ایک مشتبہ آدمی کو گرفتار بھی کر لیا تھا لیکن بعد میں اسے چھوڑ دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے اس علاقے میں منشیات کے کاروبار میں ملوث گروپس میں گروہی تشدد عام ہے۔

    واضح رہے کہ اپریل کے مہینے میں بھی میکسیکو کے ایک اور شہر میناٹٹلان میں بھی ایک بار پر فائرنگ کے نتیجے میں درجن سے زاید افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • ہوا کو صاف کرنے کے لیے مصنوعی درخت

    ہوا کو صاف کرنے کے لیے مصنوعی درخت

    فضا کو صاف رکھنے کے لیے درخت بے حد ضروری یں جو تازہ ہوا فراہم کرتے ہیں، تاہم میکسیکو میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مصنوعی درخت بنا لیا گیا۔

    میکسیکن اسٹارٹ اپ بائیموٹیک نامی کمپنی کی طرف سے بنائے گئے اس مصنوعی درخت کے ذریعے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔

    یہ مصنوعی درخت 368 زندہ درختوں کے برابر ہوا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دوسرے مضر اجزا جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    یہ کاربن اور دیگر زہریلے اجزا صاف کرنے کے لیے مائیکرو الجی استعمال کرتا ہے اور آکسیجن سے بھری صاف ہوا واپس فضا میں پھینکتا ہے۔

    اب تک اس طرح کے تین درخت میکسیکو، کولمبیا اور پاناما میں نصب کیے جاچکے ہیں۔