Tag: میکسیکو

  • ببول کے پتوں سے بنا پلاسٹک

    ببول کے پتوں سے بنا پلاسٹک

    پلاسٹک کرہ زمین کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کرنے والی سب سے بڑی وجہ ہے کیونکہ پلاسٹک کو زمین میں تلف ہونے کے لیے ہزاروں سال درکار ہیں۔

    یہی وجہ ہے کہ پلاسٹک بڑے پیمانے پر استعمال کے باعث زمین پر اسی حالت میں رہ کر زمین کو گندگی وغلاظت کا ڈھیر بنا چکا ہے۔ دنیا بھر میں جہاں پلاسٹک کا استعمال کم سے کم کرنے پر زور دیا جارہا ہے وہیں پلاسٹک کی متبادل پیکجنگ اشیا بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

    ایسی ہی ایک کوشش میکسیکو کی ایک سائنس دان سینڈرا اورٹز نے بھی کی ہے جنہوں نے ببول / کیکر کے پتوں سے متبادل پلاسٹک تیار کیا ہے۔ سینڈرا کا کہنا ہے کہ یہ پلاسٹک بائیو ڈی گریڈ ایبل یعنی زمین میں تلف ہوجانے والا، غیر زہریلا اور کھانے کے قابل ہے۔

    اس پلاسٹک کو بنانے کے لیے سینڈرا نے ببول کے پتوں کو کاٹ کر ان کا جوس نکالا اور ان میں غیر نقصان دہ کیمیکلز کی آمیزش کی، اس کے بعد اسے ایک سپاٹ سطح پر پھیلا دیا، خشک ہونے کے بعد یہ محلول ایک پیکجنگ کی شکل اختیار کرگیا۔

    یہ پلاسٹک زمین میں 1 ماہ میں تلف ہوسکتا ہے جبکہ صرف چند دن میں پانی میں حل ہوسکتا ہے۔ اس دوران اگر اسے جانور یا پرندے کھالیں تو یہ روایتی پلاسٹک کے برعکس ان کے لیے نقصان دہ بھی نہیں ہوگا۔

    سینڈرا کے مطابق اسے مختلف رنگوں اور سائز میں بنایا جاسکتا ہے جبکہ اس کی موٹائی میں بھی کمی یا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اس پلاسٹک کو بنانے کے لیے سینڈرا کو 10 روز لگے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر اسے کمرشل بنیادوں پر فیکٹری میں تیار کیا جائے تو یہ اس سے بھی کم مدت میں تیار ہوسکتا ہے۔

    ببول کے جس پودے سے یہ پلاسٹک بنایا گیا ہے وہ میکسیکو کا مقامی پودا ہے اور میکسیکو میں اس پودے کی 300 اقسام پائی جاتی ہیں۔ سینڈرا مختلف اقسام پر ریسرچ کر رہی ہیں کہ کون سی قسم پلاسٹک بنانے کے لیے زیادہ موزوں ہوسکتی ہے۔

  • میکسیکو کی سرحد پر گلابی رنگ کے جھولے لگادئیے گئے

    میکسیکو کی سرحد پر گلابی رنگ کے جھولے لگادئیے گئے

    واشنگٹن: کیلیفورنیا یونیورسٹی میں آرکیٹیچر کی پروفیسر نے امریکا اور میکسکو کی سرحد کے درمیان گلابی رنگ کے جھولے لگائے دئیے جن پر دونوں ممالک کے بچے جھولا جھول کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ممالک کے درمیان سرحدوں پر فوجی مورچے اور اسلحے سے لیس سیکیورٹی اہلکار تو تعینات ہوتے ہی ہیں لیکن دنیا میں امریکا اور میکسیکو ایسے ملک بھی ہیں جن کی حدود پر بچوں کے لیے جھولے لگادئیے گئے ہیں۔

    سرحدی دیوار پر لگائے گئے سی ساس (جھولے) کے ایک طرف امریکن بچے بیٹھتے ہیں اور دوسری طرف میکسیکن جھولے لگانے کا مقاصد سرحد پر آہنی دیوار کی تعمیر کے خلاف احتجاج کرنا ہے جس کے لیے امریکی عدالت نے حال ہی میں رقم مختص کرنے کا حکم دیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مشہور ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکا اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ہر عمر کے لوگ جھولا جھول کر انجوائے کررہے ہیں۔

    خاتون پروفیسر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرحدی دیوار بنانے کا مقصد ختم ہوجائے گا اور دونوں ممالک کے لوگ صحیح معنوں میں ایک دوسرے سے رابطے استوار کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ میکسیکو سرحد پر دیوار بنانے کے معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید اور مخالف کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا تاہم چند روز قبل ہی امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کو میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کی اجازت دے دی ہے۔

    میکسیکو کی سرحد پر 100 میل آہنی دیوار کی تعمیر کے لیے امریکا 2.5 ارب ڈالر خرچ کرے گا جس کا مقصد غیرقانونی طریقے سے مہاجرین کو امریکا میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد سے گرفتار افراد کے بچوں کو ان سے علیحدہ کردیا تھا جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • قدرت کا کرشمہ، موسم گرما میں میکسیکو میں شدید برف باری،  لوگوں اور ماہرین موسمیات حیران

    قدرت کا کرشمہ، موسم گرما میں میکسیکو میں شدید برف باری، لوگوں اور ماہرین موسمیات حیران

    گواڈا لہارا : میکسیکو میں قدرت کا کرشمہ دیکھنے میں اٰیا ،  جون جولائی کی گرمی میں شدید برف باری ہوئی ، اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار، 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک میکسیکو میں موسم گرما میں شدید برف باری نے لوگوں اور ماہرین موسمیات کو حیران کردیا، میکسیکو کے شہرگواڈا لہارا میں اتنی زیادہ برف باری ہوئی کہ سڑکیں بند ہوگئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم اور گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔

    شدید برف باری کے بعد شہری دفاع کا عملہ سڑکوں سے برف ہٹانےمیں مصروف ہے تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔

    شہری دفاع کے حکام کا کہنا تھا کہ اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار ہوگئے، گواڈا لہارا اور تلاکیباکیہ بلدیہ کا کہنا تھا کہ حالیہ ایام میں پڑنے والے برف سے 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق ہالیکو ریاست کے گورنر انریکہ الوارو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں نے اس موسم میں برف باری پہلی بار دیکھی ہے، سچ یہ ہے کہ آج برف باری دیکھ کر یقین نہیں کیا جا سکتا، ایسے مناظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے، دیکھنے والا ہرشخص حیران ہے آج موسم کو کیا ہوگیا ہے۔

    گرمی کےموسم میں?برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    خیال رہے کہ شمالی میکسیکو کے علاقوں کو حالیہ ایام میں نسبتا زیادہ گرم قرار دیا گیا تھا، جہاں درجہ حرارت 31 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا گیا، سردیوں کے موسم میں میکسیکو میں برف باری معمول کی بات ہے مگر گرمی کےموسم میں جتنی برف باری پڑی ہے وہ حیران کن ہے۔

  • جنوبی سرحد پردیوارکی تعمیر، عدالت نے ٹرمپ کوفنڈزکے استعمال سے روک دیا

    جنوبی سرحد پردیوارکی تعمیر، عدالت نے ٹرمپ کوفنڈزکے استعمال سے روک دیا

    واشنگٹن : امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جنوبی سرحد پردیوارکی تعمیرکے لیے ملٹری فنڈز استعمال کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا کی فیڈرل کورٹ کے جج نے صدرڈونلڈ ٹرمپ کو جنوبی سرحد پردیوارکی تعمیرکے لیے ملٹری فنڈز کے استعمال سے مستقل طور پرروک دیا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ جنوبی سرحد پر دیوار بنانے پرعارضی پابندی لگانے والے جج کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کرتے ہوئے انہیں اوباما کی جانب سے مقرر کیا گیا ایک اور کارکن بتایا۔

    امریکی صدر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ جج نے ہمارے خلاف جنوبی دیوار کے سلسلے میں فیصلہ سنایا ہے جو پہلے سے ہی زیر تعمیر ہے۔ یہ فیصلہ سرحدی سیکیورٹی کے خلاف اور منشیات اور انسانی اسمگلنگ جیسے دیگر جرائم کے حق میں ہے۔

    پینٹاگون کا میکسیکو سرحد پر 2ہزار اضافی فوج تعینات کرنے کا اعلان

    اس سے قبل رواں برس فروری میں امریکی محکمہ نے غیر قانونی آمد و رفت روکنے کےلیے میکسیکو کی سرحد پر مزید دو ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ میکسیکو سرحد فوج کے دو ہزار اضافی اہلکار تعینات کرنے کے بعد جنوبی سرحد پر فوجیوں کی تعداد 4300 ہوجائے گی۔

    واضح رہے کہ میکسیکو کے درمیان سرحد پر دیوار کی تعمیر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابی مہم کے اہم موضوع میں سے ایک تھا، وہ اس کی تعمیر دراندازوں کو روکنے اور منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر مفادات کی شکل میں دیکھتے ہیں۔

  • امریکا اور میکسیکو کے درمیان معاہدہ، ٹرمپ کا ڈیل پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور

    امریکا اور میکسیکو کے درمیان معاہدہ، ٹرمپ کا ڈیل پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور

    واشنگٹن: امریکا اور میکسیکو کے درمیان سرحد اور تجارت سے متعلق معاہدہ طے پاگیا، صدر ٹرمپ نے ڈیل پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو حکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان جو ڈیل طے ہوئی ہے اس کے مکمل نفاذ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت وہاں کی حکومت امریکا کے ساتھ سرحد پر نگرانی میں اضافہ کرے گی اور غیرقانونی تارکین وطن کو امریکا میں داخلے سے روکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے میکسیکو ڈیل پر مکمل طور پر عمل کرے گا، اور غیرقانونی طور پر تارکین وطن کو امریکا داخلے سے روکے گی۔

    قبل ازیں صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر میکسیکو کے ساتھ معاہدہ طے نہیں پاتا، تو واشنگٹن انتظامیہ میکسیکو کی مصنوعات پر پانچ فیصد درآمدی محصولات نافذ کر دے گی۔

    امریکا میکسیکو سرحدی دیوار، اپوزیشن ارکان کا ٹرمپ کو کرارا جواب

    دوسری جانب میکسیکو کے صدر مانویل لویپس ابراڈور نے کہا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات ناکام ہو جاتے، تو ان کا ملک بھی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات کے نفاذ کے لیے تیار تھا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر مہاجرین کے غیرقانونی طور پر امریکا داخلے پر سخت برہمی کا اظہار کرچکے ہیں، جبکہ وہ سرحد پر دیوار تعمیر کرانے پر زور دے چکے ہیں، لیکن امریکی کانگریس اس فیصلے سے انکاری ہیں۔

  • میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو میں جرائم پیشہ افراد کی پُرتعیش گاڑیاں نیلامی کے لئے پیش

    میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔

    میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔

  • میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو سٹی : میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل ہے، میکسیکو کے صحافی فرانسسکو رومیرو کو تشدد کے بعد چہرے پر دو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے کرائم رپورٹر فرانسسکو رومیرو کو قتل کی دھمکیاں ملنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے چار محافظ فراہم کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود وہ بہیمانہ طور پر قتل کر دیئے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسسکو رومیرو ان 12 صحافیوں میں شامل تھے جنہیں قتل کی دھمکیوں پر وفاق کی جانب سے تحفظ فراہم کیا گیا تھا، انہیں صبح 5 بجے ایک کال موصول ہوئی جس میں نائٹ کلب میں ایک حادثے کی اطلاع دی گئی جس پر وہ نائٹ کلب گئے تھے جہاں انہیں تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ صحافی نے اپنے چاروں محافظوں کو رات 10 بجے ہی گھر روانہ کردیا تھا اور خود سو گئے تھے جبکہ نائٹ کلب جاتے ہوئے وہ اپنا حفاظتی بٹن بھی ساتھ لیکر نہیں گئے جسے دبا کر پولیس کو خطرے کی اطلاع دے سکتے تھے۔

    فرانسسکو رومیرو ریاست کے ایک اہم اخبار سے منسلک تھے اور اپنا فیس بک پیج بھی چلاتے تھے جس میں وہ سیاست اور جرائم کے درمیان تعلق سے پردہ اٹھاتے تھے۔ میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک میں شامل ہیں جہاں رواں برس 5 صحافی قتل کیے گئے ہیں۔

  • میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 لاشیں برآمد

    میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 لاشیں برآمد

    میکسیکو سٹی : میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 افراد کی باقیات ملی ہیں، زیادہ تر لاشیں ڈھانچہ بن چکی ہیں اور ناقابل شناخت ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی ریاست جالیسکو میں اجتماعی قبر ملی ہے جس میں سے اب تک 35 افراد کی باقیات نکالی جا چکی ہیں، قدرے بہتر حالت میں موجود 27 لاشیں ہاتھ پاﺅں بندھی تھیں جن میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اجتماعی قبر کے مقام پر تاحال کام جاری ہے اور اس دوران مزید لاشیں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اورہوسکتا ہے کہ اس علاقے میں مزید اجتماعی قبریں بھی ہوں۔

    میکسیکو کی یہ ریاست جرائم کا گڑھ ہے جہاں منشیات فروش گروہ اور گینگ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والی باقیات کا فرانزک لیب سے ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ شناخت، قتل کا وقت اور واردات قتل کا اندازہ لگایا جا سکے۔

    تحقیقاتی ٹیم اس علاقے میں مزید کچھ اور دن رکے گی اور اجتماعی قبر کی تلاش کا کام جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ میکسیکو میں 2006 کے آخر میں فوج کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران 40 ہزار افراد لاپتہ ہوئے اور تب سے اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں ڈھائی لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں۔

  • میکسیکو میں نجی طیارہ گر کر تباہ، 14 مسافر ہلاک

    میکسیکو میں نجی طیارہ گر کر تباہ، 14 مسافر ہلاک

    میکسیکو سٹی: امریکی شہر لاس ویگاس سے میکسیکو آنے والا ایک نجی طیارہ شمالی شہر مانٹیری کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 14 مسافر ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طیارہ لاس ویگاس سے مونٹیری کے لیے روانہ ہوا مگر کچھ دیر بعد ریڈار سے غائب ہوگیا تھا، تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چھوٹے نجی طیارے میں 11 مسافر اور عملے کے تین افراد موجود تھے۔

    میکسیکو کی ریاست کواہویلا کے ایمرجنسی شعبے کے عہدیدار فرنینڈو اورٹا نے کہا کہ تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ ہوائی جہاز کی مدد سے تلاش کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طیارہ سرحدی ریاست کے شہر مونکولفا کے شمال مغرب میں 208 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوا۔

    مزید پڑھیں: روس کے مسافر طیارے میں آگ لگنے سے 41 افراد ہلاک

    طیارے میں سوار تمام افراد ہفتے کو لاس ویگاس میں منعقدہ باکسنگ میچ میں شرکت کے لیے جارہے تھے، باکسنگ میچ سول الروریز اور ڈینئل جیکبس کے درمیان کھیلا جانا ہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل روسی دارالحکومت ماسکو میں ہوائی اڈے پر مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    آتشزدگی کے واقعے میں مرنے والوں میں دو بچے اور فلائٹ اٹینڈینٹ سمیت 41 افراد شامل تھے، متاثرہ طیارہ روس کے شہر ماسکو سے مرمانسک جا رہا تھا۔

    روسی حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کے پائلٹ نے ٹیک آف کے فوری بعد واپس لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی یہ واضح نہیں ہے کہ طیارے میں آگ کیسے لگی اور اسے ہنگامی لینڈنگ کیوں کرنا پڑی تھی۔

  • صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا میکسیکو کی سرحد پر مسلح فوجی بھیجنے کا اعلان

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا میکسیکو کی سرحد پر مسلح فوجی بھیجنے کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اپنے مسلح فوجیوں کو میکسیکو کے ساتھ جنوبی سرحد پر تعینات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرمپ نے 13 اپریل کو پیش آنے والے اس واقعے کے ردعمل میں یہ اقدام اٹھا رہے ہیں جہاں اطلاعات کے مطابق میکسیکو کے فوجیوں نے سرحد پر تعینات امریکی فوجیوں سے سوالات کیے تھے اور ان پر بندقین تانی تھیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ میکسیکو کے فوجیوں نے حال ہی میں ہمارے نیشنل گارڈ سولجرز پر بندوق تان لی تھی جو ممکنہ طور پر سرحد میں منشیات اسمگلنگ سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اب ہم مسلح فوجی سرحد کی طرف بھیج رہے ہیں، میکسیکو ناکافی اقدامات کررہا ہے، امریکا کی ناردرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ دو امریکی فوج ایک گاڑی میں سرحد پر اپنی طرف گشت کررہے تھے کہ انہیں میکسیکو کے 5 سے 6 اہلکاروں نے روک لیا اور یہ واقعہ ٹیکساس کے ریو گرینڈ کے شمال میں پیش آیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انکوائری رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ میکسیکو کے فوجیوں کا ماننا ہے کہ امریکی فوجی ان کی سرحد میں تھے جبکہ امریکی فوجی اپنی ہی حدود میں گشت کررہے تھے۔

    امریکی نشریاتی ادارے کو دفاعی عہدیداروں نے کہا تھا کہ میکسیکو کے فوجیوں نے اسلحہ امریکی فوجیوں پر اٹھایا تھا اور ایک فوجی سے ہاتھا پائی کرنے کی کوشش کی اور انہیں واپس گاڑی کی جانب بھیج دیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کمانڈ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ میکسیکو کے فوجی دونوں اطراف کے اہلکاروں کے درمیان مختصر سی گفتگو کے بعد اپنی حدود میں واپس چلے گئے تھے۔

    نادرن کمانڈ کا بیان میں کہنا تھا کہ پورے واقعے کے دوران امریکی فوجیوں نے طے شدہ قواعد و ضوابط کی پیروی کی تھی۔

    مزید پڑھیں : پینٹاگون کا میکسیکو سرحد پر 2ہزار اضافی فوج تعینات کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں  امریکی محکمہ نے غیر قانونی آمد و رفت روکنے کےلیے میکسیکو کی سرحد پر مزید دو ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ میکسیکو سرحد فوج کے دو ہزار اضافی اہلکار تعینات کرنے کے بعد جنوبی سرحد پر فوجیوں کی تعداد 4300 ہوجائے گی، جو سرحد پر ریزر وائر لگانے اور نگرانی کے کاموں میں پیڑول ایجنٹ کی معاونت کریں گے۔

    پیٹناگون کا کہنا ہے کہ جنوبی سرحد پر فوج کی اضافی نفری تین ماہ کےلیے تعینات کی جائے گی، ہم جنوبی سرحد کو محفوظ بنانے کے مشن کے لیے ضروری طاقت کا استعمال کریں۔