Tag: میگا اسٹارم

  • برطانیہ میں طوفانی بارش کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک لمحہ، ویڈیو وائرل

    برطانیہ میں طوفانی بارش کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک لمحہ، ویڈیو وائرل

    برطانیہ میں ’میگا اسٹارم‘ کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے کا خوفناک لمحہ ویڈیو میں قید ہو گیا ہے، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    برطانیہ زبردست طوفان کی زد پر ہے، اور ایک ماہ کی بارش محض چوبیس گھنٹوں کے درمیان برس پڑی ہے، جس سے لندن سمیت کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    اسی دوران برطانوی شہر ’اسٹوک آن ٹرینٹ‘ میں ایک گھر پر آسمانی بجلی گر گئی، جس سے گھر میں آگ لگ گئی، یہ خوف ناک منظر ایک گھر میں لگے سیکیورٹی کیمرے میں قید ہو گیا۔

    بجلی گرنے کے ساتھ ایک زبردست دھماکا ہوا، اور ویڈیو میں گھر کی چھت سے شعلے نکلتے دیکھے جا سکتے ہیں، 10 سیکنڈ کے کلپ میں پہلے بجلی سے اچانک آسمان روشن ہوتا ہے، اور پھر علاقے میں ایک زوردار پھٹنے والی آواز گونجتی ہے۔

    یہ واقعہ ہفتے کی شام کو پیش آیا، واقعے کے فوراً بعد فائر فائٹرز اور پولیس جائے وقوعہ پہنچی، احتیاط کے طور پر متاثرہ گھر کے آس پاس گھروں کو خالی کیا گیا۔

  • برطانیہ میں سیلاب آ گیا

    برطانیہ میں سیلاب آ گیا

    لندن: برطانیہ کے کچھ حصوں میں 24 گھنٹوں میں ایک ماہ سے زیادہ کی بارش برسنے کے باعث سیلاب آ گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے بیش تر علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث انگلینڈ اور ویلز کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پرسیلابی صورت حال ہے۔

    سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، کئی موٹر ویز اور اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں، بس اور ٹرین سروسز بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

    میٹ حکام کے مطابق 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، میٹ آفس نے شدید سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کر دیا ہے، وسطی اور جنوبی انگلینڈ کے بیش تر علاقوں کے لیے میٹ آفس نے خراب موسم کی وارننگ پہلے ہی جاری کر رکھی تھی، زرد موسم کی وارننگ ویلز اور انگلینڈ کے بیش تر علاقوں کے لیے جاری کی گئی، اور انوائرونمنٹ ایجنسی کے پاس اس وقت سیلاب کی 12 وارننگز ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق موسلا دھار بارش سے نارتھمپٹن ​​شائر، بیڈ فورڈ شائر اور لندن کے کچھ حصے زیر آب آ گئے ہیں، ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق ہرٹ فورڈ شائر، بیڈ فورڈ شائر، کینٹ اور ہوم کاؤنٹیز میں کم از کم 45 گھر سیلاب کی زد میں آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانیہ اس وقت 200 میل چوڑے طوفان ’میگا اسٹارم‘ کی زد پر ہے، جہاں بڑے علاقے پورا دن بارش کی زد پر رہے۔