Tag: میگھن مارکل

  • برطانوی شاہی خاندان میں ساس بہو کے جھگڑے عروج پر

    برطانوی شاہی خاندان میں ساس بہو کے جھگڑے عروج پر

    لندن: برطانوی شاہی خاندان میں ساس بہو، دیورانی جیٹھانی کے جھگڑے عروج پر پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہی خاندان چھوڑنے والے شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے کہا ہے کہ جب وہ شاہی خاندان کا حصہ تھیں، اس دوران شاہی خاندان کے افراد نے ان کی ویڈیوز لیک کی تھیں۔

    ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ان کی ساس کمیلا پارکر، جیٹھانی کیٹ مڈلٹن اور جیٹھ شہزادہ ولیم نے ان کی ویڈیوز لیک کر کے پریس کو جاری کی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ میگھن مارکل کے اس بیان سے دو ہی دن قبل برطانوی اخبار ٹائمز نے ایک تہلکہ خیز رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ میگھن مارکل نے محل میں قیام کے دوران شاہی دربار کے عملے کو دھمکیاں دیں اور ہراساں کیا، اس واقعے کی بکنگھم پیلس تحقیقات بھی کر رہا ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن کے نئے انٹرویو پر برطانوی میڈیا بے چین

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ 2018 میں کنگسٹن پیلس میں قیام کے دوران میگھن نے شاہی عملے کے 2 افراد کو محل سے بے دخل کر دیا تھا جب کہ تیسرے اسٹاف کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل میگھن معروف امریکی ٹی وی ہوسٹ اوپرا ونفرے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں برطانوی شاہی خاندان کو تنبیہ کی تھی کہ وہ ان کے بارے میں جھوٹ بولنا بند کر دے ورنہ وہ اور ان کے شوہر اپنی خاموشی توڑ دیں گے۔

    میگھن کا کہنا تھا بکنگھم پیلس ان کے بارے میں مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہا ہے، لیکن اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔

    انھوں نے انٹرویو میں کہا وہ اور ان کے شوہر پہلے ہی شاہی حیثیت سے دست بردار ہو چکے ہیں اور وہ بہت سے اعزازات سے محروم بھی کر دیے گئے ہیں، نہیں معلوم شاہی خاندان اب ان سے کیا توقع کرتا ہے۔

    میگھن نے کہا ہم ابھی بھی خاموش ہیں، لیکن اگر ان کے خلاف پروپیگنڈا بند نہیں کیا گیا تو یہ خاموشی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گی۔

  • شہزادہ ہیری و میگھن اور شہزادی ڈیانا کی الم ناک زندگی میں کیا مماثلت ہے؟

    شہزادہ ہیری و میگھن اور شہزادی ڈیانا کی الم ناک زندگی میں کیا مماثلت ہے؟

    لندن: اگرچہ اب شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے شاہی خاندان سے سارے ناتے ٹوٹ چکے ہیں لیکن عالمی میڈیا میں یہ بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ ان کی زندگی میں لیڈی ڈیانا کی الم ناک زندگی کی مماثلت دکھائی دینے لگی ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ ہیری اور میگھن کو شہزادی ڈیانا کی زندگی سے سبق سیکھنے کا مشورہ دیا جانے لگا ہے۔

    شہزادی ڈیانا نے برطانیہ کے شاہی خاندان میں کیسی الم ناک زندگی گزاری، اس داستان سے آگاہی رکھنے والے اب شاہی خاندان کو خیرباد کہہ کر امریکا جا بسنے والے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی جوڑی کی زندگی میں بھی وہی نقوش دیکھ رہے ہیں۔

    کچھ لوگ پرنس ہیری کو انھی راستوں پر گامزن ہونے پر تنبیہ بھی کر رہے ہیں، جن راہوں پر ان کی والدہ نے شاہی زندگی کے ہنگامہ خیز دور میں قدم رکھا تھا، اور پھر انھیں ایک افسوس ناک انجام سے دوچار ہونا پڑا۔

    تو کیا پرنس ہیری واقعی شہزادی ڈیانا کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں؟ ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے آنجہانی لیڈی ڈیانا کے سابق پرائیویٹ سیکریٹری پیٹرک جیفسن نے کہا اس وقت کے شاہی خاندان کے کچھ افراد کے رجحانات پینوراما انٹرویو کے بعد والی شہزادی ڈیانا کے ہیں۔

    لیڈی ڈیانا کے حوالے سے پرانا تنازع دوبارہ کھڑا ہوگیا

    یاد رہے کہ 1995 میں لیڈی ڈیانا نے بی بی سی کو ایک انٹرویو دیا تھا جو پینوراما انٹرویو کے نام سے مشہور ہے، اس میں ڈیانا نے کھل کر بات کی تھی اور اپنے ساتھ پیش آنے والے سخت اور تلخ واقعات سمیت شاہی محل کی صورت حال سے مفصل طور پر دنیا کو آگاہ کیا تھا۔

    ڈیانا کے مشیر پیٹرک جیفسن نے واضح طور پر کہا کہ جو رجحانات لیڈی ڈیانا تھے اب وہ ان کے چھوٹے بیٹے میں بھی دریافت ہو رہے ہیں۔ جیفسن نے اس بات پر تنقید بھی کی کہ محل سے دور جانے پر آپ کو ویسا احترام اور شہرت نہیں مل سکتی۔

    انھوں نے تنبیہ کی کہ شارٹ کٹ لینا اگرچہ بہت آسان ہے، پبلک ریلیشن ماہرین کی مدد سے آپ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیں گے لیکن یاد رہے کہ آپ وہ حد بھی پار کر سکتے ہیں جسے پار کرنا اچھا نہیں ہوتا۔

  • میگھن مارکل کے بچپن کا خواب کیسے پورا ہوا؟ (ویڈیو دیکھیں)

    میگھن مارکل کے بچپن کا خواب کیسے پورا ہوا؟ (ویڈیو دیکھیں)

    لندن: اپنے شوہر کے ساتھ شاہی خاندان چھوڑنے والی برطانوی شہزادی میگھن مارکل کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انھیں ملکہ بننے کا شوق بچپن ہی سے تھا، اس سلسلے میں ان کے بچپن کی ایک پرانی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میگھن مارکل کے بچپن کی ایک نادر ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں انھوں نے سر پر تاج پہن رکھا ہے، ایسا لگتا ہے کہ میگھن کا شہزادی بننے کا خواب تو پورا ہو گیا ہے لیکن شہزادی بننے کے بعد انھیں اس بات کا بھی احساس ہو چکا ہے کہ شاہی زندگی ان کے لیے نہیں ہے۔

    یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے مشہور ہو رہی ہے، جسے ایک برطانوی اخبار نے ڈھونڈ کر نکالا، بچپن کی اس ویڈیو میں سابقہ اداکارہ نے ملکہ کا روپ دھارا ہے، ویسے ہی کپڑے پہن رکھے ہیں اور سر پر تاج رکھا ہے۔

    یہ دراصل بچپن کی میگھا مارکل کی ویڈیو ہے جس میں انھوں نے اپنی بہترین سہیلی نیناکی پریڈی کی سال گرہ میں شرکت کی تھی، اور ایک کھیل کے دوران وہ ملکہ بنیں۔

    اس فوٹیج میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیناکی کی والدہ ایک کیمرہ لے کر جب باغ میں داخل ہوئیں تو چپ چپ رہنے والی میگھن نے جوش و خروش میں سب کو اکھٹا کیا اور کہا دیکھو ہم ویڈیو ٹیپ پر ہیں۔

    اس کے بعد وہ کسی فلمی سین کی شوٹنگ سے ایک لمحہ قبل استعمال ہونے والے کلیپر بورڈ کی طرح ہاتھوں سے اشارے کر کے سین کے لیے تیار ہونے کا کہتی ہیں۔

    میگھن کو اس کے بعد فوٹیج میں ملکہ کا کردار ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ ایک سہیلی ان سے کہتی ہے: ملکہ سلامت، کیا اس سلطنت میں مزید کچھ کرنے کے لیے نہیں رہا ہے؟

    میگھن جواب دیتی ہیں کہ ہاں 9 لاکھ کوکیز بناؤ اور میرے لیے ایک اچھا سا لباس تیار کرو۔

    پارٹی میں ایک اور بچہ کہتا ہے: ملکہ میگھن، کیا میں گھوم پھر سکتی ہوں؟ میگھن جواب دیتی ہے ہاں بالکل، اور اس کے بعد وہ دس منٹ کا وقفہ دیتی ہیں لیکن یہ دس منٹ کا وقفہ فوراً ہی ختم ہو جاتا ہے۔

    فوٹیج میں میگھن ادھر ادھر پھر کر چیخ کر ہدایات دیتی نظر آتی ہیں ’تیزی سے کام کرو‘۔ ایک بچی مداخلت کر کے کہتی ہے ملکہ سلامت زبردست پارٹی رہی۔

    میگھن جواب میں کہتی ہیں: اوہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ آپ کو پارٹی پسند آئی۔

  • پرنس ہیری کی زندگی پر شریک حیات نے کیا اثرات مرتب کیے؟

    پرنس ہیری کی زندگی پر شریک حیات نے کیا اثرات مرتب کیے؟

    لندن: ملکہ الزیبتھ کے پوتے شہزادہ ہیری کی زندگی پر میگھن مرکل نے گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، اس حوالے سے ہر سطح پر گفتگو بھی ہوتی رہتی ہے، تاہم اب ایک شاہی تبصرہ نگار نے اس حوالے سے نئے پہلو کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔

    معروف شاہی تبصرہ نگار رابرٹ لیسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پرنس ہیری کی زندگی پر میگھن نے بہت زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے جس طرح پرنس ہیری کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا تجزیہ کیا ہے، اس سے ان اثرات کی شدت کو سمجھا جا سکتا ہے جو ڈچز آف سسیکس نے ان کی زندگی پر مرتب کیے۔

    برطانوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ لیسی نے کہا کہ میگھن مرکل سے شادی کے بعد پرنس ہیری اپنے اندر بہت ساری تبدیلیاں لائے، ان کے ارد گرد کی چیزیں بدل گئیں۔

    ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور میگھن کی تصاویر ہٹوادیں

    تبصرہ نگار کے مطابق اس کی سب سے بڑی مثال فوج کے حوالے سے ہے، جہاں پرنس ہیری کو بڑے احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، انھوں نے سابق فوجیوں کے لیے کام کر کے پذیرائی حاصل کی، ان کی اچھی ساکھ بنی۔

    ریزرو فوجی کے طور پر شہزادہ ہیری نے افغان جنگ میں بھی شرکت کی تھی، چناں چہ میگھن سے شادی کے بعد ان سے واقعی یہ امید کی جا رہی تھی کہ یہ نیا جوڑا بادشاہت کا نیا مستقبل ثابت ہوگا، یہ جوڑا بادشاہت کو جدت دینے کے سلسلے میں بھی معاون ہوگا، لیکن یہ اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے، لوگوں کو جس کی توقع نہیں تھی وہ تبدیلی آئی اور اس جوڑے نے شاہی خاندان ہی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

    لیسی اس تجزیے سے یہ اشارہ دینا چاہ رہے تھے کہ ہیری کی زندگی پر یہ میگھن کے اثرات تھے کہ انھوں نے شاہی خاندان بھی چھوڑنے کا مشکل ترین فیصلہ کر لیا۔ لیسی نے کہا کہ میگھن مرکل پرنس ہیری کی ماضی کی افسردگی کے لیے روشنی کا مینارہ بنی ہیں، اور وہ ہر قدم پر انھیں بہتری کی امید دلاتی رہیں۔

  • کینیڈا نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کی سیکورٹی سے ہاتھ اٹھا لیا

    کینیڈا نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کی سیکورٹی سے ہاتھ اٹھا لیا

    لندن: کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ شہزادہ ہیری اور ان کی بیوی میگھن مارکل کی سیکورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن 31 مارچ کو باقاعدہ طور پر شاہی خاندان اور اس سے منسلک سہولیات سے علیحدہ ہو رہے ہیں، اس سلسلے میں کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ اس کے بعد سیکورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔

    خیال رہے کہ کینیڈا کے اندر شاہی جوڑے اور ان کے بیٹے کی سیکورٹی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ذمے تھی، جنھوں نے اب واضح طور پر بتا دیا ہے کہ مارچ کے بعد وہ سیکورٹی کی سہولیات واپس لے لیں گے۔

    کینیڈا کی پبلک سیفٹی منسٹر کی ترجمان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل معاہدے کے تحت شاہی جوڑے کو حفاظت مہیا کی جا رہی تھی جو ان کے اسٹیٹس میں تبدیلی کے بعد روک دی جائے گی، برطانوی میٹروپولیٹن پولیس نے کینیڈین پولیس سے ہیری اور میگھن کی سیکورٹی جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

    شہزادہ ہیری اور اہلیہ کا کینیڈا میں‌ قیام، مقامی میڈیا کا اظہار برہمی

    آنے والے وقت میں آنجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیری اور ان کی اہلیہ کی سیکورٹی کے اخراجات کون اٹھائے گا یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ جنوری میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے کینیڈا میں طویل قیام پر مقامی میڈیا نے ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے شاہی جوڑے کے کینیڈا میں قیام کو مقامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • ننھے شہزادے کے معصومانہ پوز نے سب کا دل موہ لیا

    ننھے شہزادے کے معصومانہ پوز نے سب کا دل موہ لیا

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری کیے گئے شہزادہ ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور ننھے بیٹے آرچی کی تصویر پر مشتمل کرسمس کارڈ نے سب کا دل موہ لیا۔

    برطانوی شاہی خاندان کے ہر گھر کی جانب سے ہر سال کرسمس کے موقع پر ایک کرسمس کارڈ جاری کیا جاتا ہے جس میں خاندان کے مختلف ارکان کی اپنی فیملی کے ساتھ تصویر موجود ہوتی ہے۔

    شاہی خاندان کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر نہایت روایتی ہوتی ہیں جس میں تمام افراد سیدھے کھڑے ہو کر فوٹو گرافر کو فارمل پوز دیتے ہیں۔

    تاہم شہزادہ ہیری نہایت روایت شکن ثابت ہوئے ہیں۔ آنجہانی شہزادی ڈیانا اور ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے ہیری کی جانب سے کرسمس کے موقع پر بھی نہایت غیر روایتی تصویر جاری کی گئی ہے۔

    تصویر میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بیٹے کو گود میں لے کر فارمل پوز دینے کے بجائے عام سے انداز میں پس منظر میں موجود ہیں جبکہ سامنے ان کا شیر خوار بیٹا آرچی موجود ہے۔

    کارڈ پر جوڑے کی طرف سے کرسمس کی مبارکباد دی گئی ہے۔

    اس غیر روایتی کارڈ کو بے حد سراہا جارہا ہے خصوصاً ننھے آرچی کے معصومانہ سے پوز نے سب کا دل موہ لیا ہے۔

    ٹویٹر پر شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو جوابی مبارکباد دینے کے ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

  • میگھن مارکل نے کیٹ میڈلٹن  کو پیچھے چھوڑ دیا

    میگھن مارکل نے کیٹ میڈلٹن کو پیچھے چھوڑ دیا

    لندن : برطانوی شہزادی میگھن مارکل نے کیٹ میڈلٹن کو پیچھے چھوڑ دیا ، میگھن مارکل نے دنیا بھر میں سب سےزیادہ اثر انداز ہونے والی فیشن آئیکون کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلوبل ریسرچ ٹرینڈ لسٹ نے ٹاپ فیشن آئی کون کی لسٹ جاری کردی ہے ، جس میں برطانوی شہزادی میگھن مارکل کو سال 2019 کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی فیشن آئیکون قرار دیا گیا ہے، فہرست میں امریکی آسکرایوارڈیافتہ اداکارٹموتھی شالامیٹ اور کارڈی بی بھی شامل ہیں۔

    میگزین نے دنیا بھر میں استعمال کی جانیوالی فیشن برانڈز اور جدید رجحانات پر مبنی اسٹائلز بھی شائع کئے، سروے مین ایک کروڑ 40 لاکھ افراد نے ویب سائٹ پر فیشن سے متعلق اپنی رائے دی، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی فہرست مرتب کی گئی۔

    اس سے قبل ماضی میں برطانوی کیتھرائن کیٹ کو بھی فیشن آئیکون قرار دیا گیا تھا۔

    خیال رہے ڈچز آف سسکس میگھن مارکل کے فیشن کے دنیا بھر میں چرچے ہیں ، ایک اندازے کے مطابق میگھن کی وارڈ روب میں 10 کروڑ روپے کے قریب ملبوسات جوتے اور ہینڈ بیگز موجود ہیں۔ انہیں 2018 کی بہترین ٹرینڈ سیٹر اور خوش لباس شخصیت بھی قرار دیا گیا تھا۔

    واضح رہے گزشتہ مئی میں برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ، میگھن مارکل کا تعلق امریکا سے ہے اور وہ شادی کے بعد سے برطانیہ میں ہی مقیم ہیں۔

  • میگھن مارکل کی تصویر لینے پر ہنگامہ

    میگھن مارکل کی تصویر لینے پر ہنگامہ

    لندن: برطانوی شہری نے شہزادی میگھن مارکل کی تصویر لینے کی کوشش کی تو اُسے محافظ نے روک دیا، اسٹاف کے روکنے پر لوگوں نے شاہی خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق میگھن مارکل اپنی دوست کے ہمراہ سرینا ولیم کا ومبلڈن ٹینس کا مقابلہ دیکھنے پہنچی تو شائقین کی توجہ میچ کے بجائے اُن کی طرف چلی گئی۔

    اسی دوران میگھن مارکل سے اگلی نشست پر بیٹھے بزرگ شہری نے اپنا موبائل نکالا اور برطانوی شہزادی کی تصویر لینے کی کوشش کی تو اُسے محافظ نے روک دیا۔

    تصویر بنانے والے شہری نے کہا کہ میگھن مارکل میچ دیکھنے کے لیے شاہی خاندان کے فرد کی حیثیت سے نہیں آئیں بلکہ وہ ایک عام شائق کی طرح بیٹھی ہوئی ہیں لہذا مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔

    محافظ کے روکنے پر وہاں بیٹھے شائقین نے شدید احتجاج کیا تو محافظ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ عوامی مقام ضرور ہے مگر کسی کو شاہی خاندان کے فرد کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہے۔

    اس اقدام کے بعد میچ دیکھنے والے اسٹیڈیم میں 12 ہزار شائقین اور ٹی وی پر براہ راست مقابلہ دیکھنے والوں نے میگھن اور اُن کے اسٹاف کے رویے پر شدید تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ آخر کیوں اُن کی تصاویر نہیں لی جاسکتیں؟

    اس تمام تر صورتحال کے باوجود میگھن مارکل اپنی دوست کے ساتھ مل کر نہ صرف میچ دیکھنے میں مگن رہیں بلکہ وہ اس واقعے کو کسی خاطر میں نہ لائیں جس پر عوام کا غصہ مزید بڑھ گیا۔

    میگھن مارکل کی دوست ایم ایس جونس نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی محافظ کو اس طرح سے نہیں روکنا چاہیے تھا اگر کسی نے تصویر لینے کی درخواست کی تو اُسے مکمل اجازت ہونی چاہیے۔

    دوسری جانب شاہی خاندان کے ترجمان نے اس اقدام پر عوام سے معافی بھی مانگ لی اور کہا کہ عوام اور شاہی خاندان کے فرد میں صرف سیکیورٹی کا فرق ہے باقی سب ملکہ برطانیہ کی نظر میں ایک ہی ہیں۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش کو لوگوں سے دور رکھنے کا اعلان

    برطانوی شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش کو لوگوں سے دور رکھنے کا اعلان

    برمنگھم : برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اعلان کیا ہے وہ بچے کی پیدائش کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھنا چاہتے ہیں، جس کی تصدیق شاہی محل نے بھی کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے نے بچے کی پیدائش کو لوگوں سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میگھن مارکل بچے کو ہسپتال میں جنم نہیں دیں گی بلکہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اپنے پہلے بچے کی پیدائش کو نجی رکھنا چاہتے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے ہاں ہونے والا پہلا بچہ دنیا میں آتے ہی میڈیا کی توجہ بن جائے۔

    خیال رہے برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں آئندہ ماہ تک پہلے بچے کی پیدائش کا امکان ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل شہزاداہ ہیری اور میگن مرکل نے 5گھنٹے 45منٹ میں 3.2ملین فالوورز بناکرانسٹاگرام کی تاریخ کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر ڈالا تھا۔

    مزید پڑھیں :  شہزاداہ ہیری اور میگن مرکل نے انسٹاگرام کی تاریخ کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر ڈالا

    واضح رہے کہ رواں برس 19 مئی کو برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، دونوں کی شادی کو سال کی سب سے بڑی شادی قرار دیا گیا تھا۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کو جدید و قدیم روایات کا حسین امتزاج قرار دیا گیا تھا، ان کی شادی کی تقریب دیکھنے کے لیے ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے جبکہ شادی کی تقریبات کو دنیا بھر میں براہ راست کروڑوں لوگوں نے دیکھا تھا۔

  • میگھن مارکل کے والد بیٹی کی شادی میں‌ عدم شرکت پر رنجیدہ

    میگھن مارکل کے والد بیٹی کی شادی میں‌ عدم شرکت پر رنجیدہ

    لاس اینجلس: شاہی خاندان کی نوبیاہتا بہو میگھن مارکل کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کی شادی ٹیلی ویژن پر دیکھی جو بہت تکلیف دہ تھی افسوس ہے کہ میں بطور والد شادی میں شرکت نہ کرسکا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہی خاندان کے چھوٹے نواب پرنس ہیری اور امریکی اداکارہ آج مذہبی رسومات کے بعد باقاعدہ ازدواجی بندھن میں بند گئے اور نوبیاہتا جوڑے نے آئندہ کی زندگی ساتھ گزارنے کا عہد کیا۔

    شاہی خاندان کی شادی میں شرکت ہر شخص کی خواہش تھی تاہم نئی نویلی دلہن کے والد علالت کے باعث اپنی ہی بیٹی کی شادی میں شرکت نہ کرسکے کیونکہ انہیں ڈاکٹر نے آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

    میگھن مارکل کے والد نے شادی کی تقریبات ٹیلی ویژن پر دیکھیں اور عدم شرکت پر دکھ اور تکلیف کا اظہار کیا جسے یقیناً ہر باپ محسوس کرسکتا ہے کیونکہ اولاد کی خوشی میں شرکت کرنا گھر کے سربراہ کی دیرینہ خواہش ہوتی ہے۔

    شاہی خاندان کی نوبیاہتا بہو کے والد کا کہنا تھا کہ ’میری بیٹی بہت خوبصورت اور خوش لگ رہی تھی، دعا ہے کہ وہ ہمیشہ خوش رہے اور اُسے اسی طرح پیار ملتا رہے‘۔

    امریکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے میگھن کے والد کا کہنا تھا کہ یہ مرحلہ میرے لیے تکلیف دہ ضرور ہے مگر یقیناً یہ موقع میرے لیے خوشی کا باعث بھی ہے کیونکہ میری بیٹی دلہن بنی اور اُس نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: شاہی خاندان کی شادی تنازع کا شکار، میگھن کی تصدیق

    واضح رہے کہ میگھن مارکل کے والد کی دل کی سرجری ہوئی جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا تھا، گزشتہ روز شاہی خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں امریکی اداکارہ نے والد کی عدم شرکت صحت کی وجہ ہی بتائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔