Tag: میگھن مرکل

  • شہزادہ ہیری آبدیدہ کیوں ہوئے؟ میگھن مرکل نے وجہ بتادی

    شہزادہ ہیری آبدیدہ کیوں ہوئے؟ میگھن مرکل نے وجہ بتادی

    لندن: امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اس وقت آبدیدہ ہوگئے تھے جب رواں سال کے وسط میں ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنے اسقاط حمل سے متعلق بتایاتھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل نے امریکی اخبار میں شائع ایک مضمون میں بتایا کہ اپنے گھر متوقع دوسرے بچے کی پیدائش سے قبل اسقاط حمل کی اطلاع پر شہزادہ ہیری جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

    میگھن مرکل نے لکھا کہ چند گھنٹوں بعد جب پرنس ہیری میرے پاس اسپتال میں موجود تھے تو میں نے ان کا ہاتھ تھام کر انہیں تسلی دی، تب میں نے محسوس کیا کہ ان کی ہتھیلیاں میرے اور ان کے آنسوؤں سے بھیگی ہوئی تھیں۔

    مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    ان کا کہنا تھا کہ اس تکلیف دہ صورتحال کے سبب میں یہ سوچ رہی تھی کہ ہم دونوں اس دکھ کو کس طرح بھول پائیں گے، اپنے بچے کو کھو دینا ایک ناقابل برداشت دکھ ہوتا ہے اور ایسا تجربہ بہت سے لوگوں کو ہوتا ہے لیکن اس کا ذکر چند ہی کرتے ہیں۔

    میگھن مرکل کا کہنا تھا کہ اس دکھ کے موقع پر مجھے اور میرے شوہر کو اسپتال میں پتا چلا کہ ہر 100 میں سے 10 سے 20 خواتین کے ساتھ ایسا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گو کہ یہ دکھ سانجھا ہے لیکن یہ بات کرنا معیوب یا ممنوع اور اسے غیرضروری شرم کا باعث سمجھا جاتا ہے اور اس دکھ کا شکار ہونے والے کو اسے تنہا ہی سہنا پڑتا ہے۔

  • پرنس ہیری کی زندگی پر شریک حیات نے کیا اثرات مرتب کیے؟

    پرنس ہیری کی زندگی پر شریک حیات نے کیا اثرات مرتب کیے؟

    لندن: ملکہ الزیبتھ کے پوتے شہزادہ ہیری کی زندگی پر میگھن مرکل نے گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، اس حوالے سے ہر سطح پر گفتگو بھی ہوتی رہتی ہے، تاہم اب ایک شاہی تبصرہ نگار نے اس حوالے سے نئے پہلو کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔

    معروف شاہی تبصرہ نگار رابرٹ لیسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پرنس ہیری کی زندگی پر میگھن نے بہت زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے جس طرح پرنس ہیری کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا تجزیہ کیا ہے، اس سے ان اثرات کی شدت کو سمجھا جا سکتا ہے جو ڈچز آف سسیکس نے ان کی زندگی پر مرتب کیے۔

    برطانوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ لیسی نے کہا کہ میگھن مرکل سے شادی کے بعد پرنس ہیری اپنے اندر بہت ساری تبدیلیاں لائے، ان کے ارد گرد کی چیزیں بدل گئیں۔

    ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور میگھن کی تصاویر ہٹوادیں

    تبصرہ نگار کے مطابق اس کی سب سے بڑی مثال فوج کے حوالے سے ہے، جہاں پرنس ہیری کو بڑے احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، انھوں نے سابق فوجیوں کے لیے کام کر کے پذیرائی حاصل کی، ان کی اچھی ساکھ بنی۔

    ریزرو فوجی کے طور پر شہزادہ ہیری نے افغان جنگ میں بھی شرکت کی تھی، چناں چہ میگھن سے شادی کے بعد ان سے واقعی یہ امید کی جا رہی تھی کہ یہ نیا جوڑا بادشاہت کا نیا مستقبل ثابت ہوگا، یہ جوڑا بادشاہت کو جدت دینے کے سلسلے میں بھی معاون ہوگا، لیکن یہ اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے، لوگوں کو جس کی توقع نہیں تھی وہ تبدیلی آئی اور اس جوڑے نے شاہی خاندان ہی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

    لیسی اس تجزیے سے یہ اشارہ دینا چاہ رہے تھے کہ ہیری کی زندگی پر یہ میگھن کے اثرات تھے کہ انھوں نے شاہی خاندان بھی چھوڑنے کا مشکل ترین فیصلہ کر لیا۔ لیسی نے کہا کہ میگھن مرکل پرنس ہیری کی ماضی کی افسردگی کے لیے روشنی کا مینارہ بنی ہیں، اور وہ ہر قدم پر انھیں بہتری کی امید دلاتی رہیں۔

  • شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی: ملکہ برطانیہ پوتے سے سخت ناراض

    شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی: ملکہ برطانیہ پوتے سے سخت ناراض

    لندن: شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے بعد ملکہ برطانیہ سخت آرزدہ ہیں اور جوڑے کے خلاف سخت کارروائی کا امکان دکھائی دے رہا ہے، جس کے بعد شاہی خاندان جوڑے سے ہر قسم کا تعلق ختم کردے گا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امریکی انتخابات سے متعلق تبصرے کے بعد ملکہ برطانیہ الزبتھ، جوڑے سے سخت رنجیدہ اور ناراض ہیں۔

    شاہی تبصرہ نگار انجیلا لیوین نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ان تبصروں سے یہ جوڑا اس جگہ پہنچ گیا ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہے، اور نتیجتاً ہوسکتا ہے کہ ملکہ اس پر سخت ایکشن بھی لیں۔

    جب میزبان نے انجیلا لیوین سے پوچھا کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ اب جوڑے سے ڈیوک، ڈچز اور ہز اور ہر رائل ہائنس کے شاہی خطابات بھی واپس لے لیے جائیں گے تو انجیلا کا جواب تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ نہ صرف نان ورکنگ رائل ممبر بلکہ انہیں مکمل طور پر شاہی خاندان سے الگ ہی کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ جوڑے کو جلد ہی ہر قسم کے اعزازات اور شاہی رکنیت چھوڑنا پڑے گی۔ انجیلا کا کہنا تھا کہ انہیں شہزادہ ہیری سے ہمدردی ہے کیونکہ میگھن ان کے لیے مشکلات کھڑی کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ حرکت سے جوڑے نے ملکہ کے ساتھ کیے جانے والے اس معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی ہے جس میں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ علیحدہ ہونے کے بعد بھی شاہی اصول و اقدار کی پاسدری کریں گے۔

    خیال رہے کہ برطانوی روایات کے مطابق شاہی خاندان کے افراد کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا ممنوع ہے، تاہم چند روز قبل شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے امریکی صدارتی انتخابات میں عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی تھی۔

    جوڑے نے اے بی سی ٹیلی ویژن کے اپنے پہلے پرائم ٹائم ٹی وی شو کے موقع پر امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔

    شہزادہ ہیری نے ووٹرز سے کہا تھا کہ وہ نفرت پر مبنی تقریر، غلط اطلاعات اور آن لائن منفی چیزوں کو مسترد کردیں، جبکہ میگھن نے ووٹرز سے کہا کہ صدارتی انتخابات ان کی زندگی کے اہم پولز میں شامل ہیں۔

    اس موقع پر شاہی جوڑے نے کسی بھی امیدوار کی توثیق نہیں کی تھی۔

  • شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر شہزادہ ہیری اور میگھن تنقید کی زد میں

    شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر شہزادہ ہیری اور میگھن تنقید کی زد میں

    برطانوی شاہی خاندان کے چشم و چراغ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کو امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی تاکید کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل اس وقت امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 14 ملین ڈالرز مالیت کے ایک محل میں رہائش پذیر ہیں۔ جوڑے نے امریکی انتخابات میں عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

    2 روز قبل جوڑے نے اے بی سی ٹیلی ویژن کے اپنے پہلے پرائم ٹائم ٹی وی شو کے موقع پر امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔

    جوڑے کو شاہی پروٹوکول کی اس خلاف ورزی پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔

    شہزادہ ہیری نے ووٹرز سے کہا کہ وہ نفرت پر مبنی تقریر، غلط اطلاعات اور آن لائن منفی چیزوں کو مسترد کردیں، جبکہ میگھن نے ووٹرز سے کہا کہ صدارتی انتخابات ان کی زندگی کے اہم پولز میں شامل ہیں۔ اس موقع پر شاہی جوڑے نے کسی بھی امیدوار کی توثیق نہیں کی۔

    اس معاملے کے بعد دونوں کو کڑی تنقید کا سامنا ہے کیونکہ برطانوی روایات کے مطابق شاہی خاندان سے یہ امید کی جاتی ہے کہ وہ سختی کے ساتھ سیاست سے اجتناب کریں گے۔

    سوشل میڈیا پر جوڑے کی اس حرکت پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ کچھ افراد نے ان کی تعریف بھی کی۔

  • کیا شاہی خاندان میگھن مرکل کے خلاف کوئی سازش کر رہا تھا؟

    کیا شاہی خاندان میگھن مرکل کے خلاف کوئی سازش کر رہا تھا؟

    برطانوی شاہی خاندان کے شہزادے ہیری خاندان سے علیحدہ ہونے کے بعد اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ امریکا میں زندگی گزار رہے ہیں، میگھن کی دوست کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ یہ یقین تھا کہ ان کے خلاف کوئی سازش کی جارہی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ایسی خبریں سامنے آئیں جن کے مطابق میگھن مرکل خود کو شاہی خاندان میں موزوں نہیں سمجھتی تھیں اور ذہنی طور پر پریشان تھیں۔

    اب ان کی ایک دوست نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگھن کو یقین تھا کہ ان کی شادی کے بعد سے ان کے خلاف کوئی سازش تیار کی جارہی ہے۔

    مذکورہ دوست کا کہنا ہے کہ شادی کے کچھ عرصے بعد جوڑا فروگمور کاٹیج میں منتقل ہو کر علیحدہ رہنے لگا تھا تاہم وہاں میگھن خود کو مزید تنہا محسوس کرتی تھیں۔

    میگھن کو لگتا تھا کہ شاہی خاندان میں ان کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے چنانچہ انہوں نے شاہی خاندان کے افراد سے خود کو الگ تھلگ کردیا تھا، انہیں لگتا تھا کہ وہ یہاں فٹ نہیں ہیں اور وہ ایسی زندگی گزارنے کی عادی نہیں تھیں۔

    وہ اپنے دوستوں کی عدم موجودگی سے بھی خود کو تنہا محسوس کرتی تھیں شاید یہی وجہ تھی کہ انہوں نے لاس اینجلس منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

    گزشتہ برس شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد جوڑا پہلے کینیڈا گیا، وہاں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد وہ اپنی طے شدہ شاہی مصروفیات میں شرکت کرنے لندن واپس آئے، بعد ازاں لاک ڈاؤن شروع ہونے سے پہلے وہ لاس اینجلس چلے گئے اور مستقل وہیں سکونت اختیار کرلی۔

    قریبی افراد کا کہنا ہے کہ امریکا منتقل ہونے کے بعد میگھن تو اپنے دوستوں اور والدہ کی موجودگی میں نہایت خوش باش ہیں تاہم شہزادہ ہیری اس نئی زندگی سے مطابقت کرنے میں جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    وہ برطانیہ میں اپنے خاندان کے ساتھ ایک نہایت مختلف زندگی گزارتے رہے ہیں اور اس زندگی کے عادی نہیں چنانچہ انہیں اس سے عادی ہونے میں وقت لگ رہا ہے۔

    میگھن مرکل اور شہزادہ ہیری مئی 2018 میں رشتہ ازدواج میں منتقل ہوئے تھے، جوڑے کا ایک بیٹا آرچی بھی ہے جو مئی 2019 میں پیدا ہوا۔

  • کرونا وائرس: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    کرونا وائرس: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    لندن: برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنی شادی سے حاصل ہونے والی 90 ہزار پاؤنڈز کی خطیر رقم کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے عطیہ کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جوڑے نے یہ رقم ایک فلاحی ادارے فیڈنگ بریٹین کو دی ہے جو اس بحران کے دنوں میں لوگوں کو کھانا فراہم کر رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ پہلے ہی طے تھا کہ جوڑے کی شادی پر نشریاتی اداروں کی جانب سے جو منافع حاصل ہوگا وہ جوڑا اپنی مرضی سے کسی بھی ادارے کو عطیہ کرسکے گا۔

    یہ رقم دراصل شادی کو نشر کرنے کے حقوق کی فروخت سے حاصل ہوئی ہے جس کا بڑا حصہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے حاصل ہوا ہے۔

    دوسری جانب جوڑے نے اس رقم کو عطیہ کرنے کے لیے جس ادارے کا انتخاب کیا ہے وہ کسی اور کا نہیں بلکہ کنٹربری چرچ کے اس بشپ کا ہے جنہوں نے جوڑے کی شادی کی رسومات ادا کیں۔

    ہیری اور میگھن نے چند ماہ قبل مذکورہ ادارے کی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا تھا، جبکہ رقم عطیہ کرنے سے پہلے انہوں نے بشپ سے فون پر گفتگو بھی کی جنہوں نے کرونا وائرس کے بحران کے دوران ادارے کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

    بشپ نے خطیر رقم عطیہ کرنے پر جوڑے کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس رقم سے ان کی امدادی سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔

    بشپ کا ادارہ اس سے قبل متوسط طبقے کے اسکولوں میں بچوں کو ناشتہ اور ظہرانہ فراہم کر رہا تھا تاہم اب کرونا وائرس کے بحران میں ادارے نے خاندانوں کو کھانا دینا شروع کردیا ہے۔

  • ہیری اور میگھن نے شاہی زندگی کو الوداع کہہ دیا

    ہیری اور میگھن نے شاہی زندگی کو الوداع کہہ دیا

    برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے بالآخر شاہی زندگی کو الوداع کہہ دیا، اپنی آخری پوسٹ میں جوڑے نے سب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    ہیری اور میگھن مرکل کے شاہی جوڑے کی حیثیت سے استعمال کیے جانے والے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے آخری پوسٹ شیئر کردی گئی۔

    سسکیس رائل کے اکاؤنٹ سے جوڑے کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا، اس کمیونٹی کا شکریہ، سپورٹ کرنے کے لیے، متاثر کرنے کے لیے اور دنیا کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    As we can all feel, the world at this moment seems extraordinarily fragile. Yet we are confident that every human being has the potential and opportunity to make a difference—as seen now across the globe, in our families, our communities and those on the front line—together we can lift each other up to realise the fullness of that promise. What’s most important right now is the health and wellbeing of everyone across the globe and finding solutions for the many issues that have presented themselves as a result of this pandemic. As we all find the part we are to play in this global shift and changing of habits, we are focusing this new chapter to understand how we can best contribute. While you may not see us here, the work continues. Thank you to this community – for the support, the inspiration and the shared commitment to the good in the world. We look forward to reconnecting with you soon. You’ve been great! Until then, please take good care of yourselves, and of one another. Harry and Meghan

    A post shared by The Duke and Duchess of Sussex (@sussexroyal) on

    اپنی پوسٹ میں جوڑے نے کہا کہ وہ انہیں مزید یہاں (انسٹاگرام) پر نہیں دیکھ سکیں گے تاہم ان کی فلاحی خدمات جاری رہیں گی۔

    جوڑا آج یعنی 31 مارچ کو اپنے شاہی لقب یعنی سسکیس رائل سے دستبردار ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ہی گزشتہ کئی ماہ سے شہ سرخیوں میں رہنے والے اس شاہی تنازعے کا بھی اختتام ہوجائے گا۔

    ہیری اور میگھن نے گزشتہ برس شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا اعلان کیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

    شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات، سرکاری مالی امداد اور دیگر شاہی مراعات سے محروم ہوچکے ہیں۔

    دونوں اپنے شیر خوار بیٹے آرچی کے ساتھ پہلے کینیڈا منتقل ہوئے تاہم اب کہا جارہا ہے کہ جوڑا امریکی ریاست کیلی فورنیا منتقل ہونے جارہا ہے۔

  • شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن کو بڑا جھٹکا

    شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن کو بڑا جھٹکا

    لندن: ملکہ برطانیہ، ملکہ الزبتھ نے شاہی خاندان سے الگ ہوجانے والے اپنے پوتے ہیری اور ان اہلیہ میگھن مرکل کو شاہی لقب ’سسکیس رائل‘ استعمال کرنے سے روک دیا ہے جس سے جوڑے کی فلاحی و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے کے باوجود سسکیس رائل کا لقب استعمال کر رہے تھے۔ یہ وہ لقب ہے جو تخت نشینی کی قطار میں موجود افراد کو ان کی شادی کے موقع پر دیا جاتا ہے۔

    اس لقب کا اعلان ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کے روز صبح کے وقت کیا گیا تھا کہ ملکہ کی جانب سے دیے گئے لقب کے تحت ان دونوں کو اب سے ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکیس کہا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد اب یہ جوڑا اس نام کو ایک برانڈ کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔

    علیحدگی کے اعلان کے فوراً بعد جوڑے نے اس نام سے اپنی ویب سائٹ بھی تیار کروالی تھی، ان کے سوشل میڈیا کے دیگر اکاؤنٹس بھی اسی نام سے ہیں، جبکہ وہ اپنی فلاحی و کاروباری سرگرمیوں میں اس نام کے استعمال کے لیے رجسٹریشن پر خطیر رقم بھی خرچ کر چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر گھر لے لیا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڑا اس نام سے اپنا فلاحی ادارہ بھی قائم کرنے کے مراحل سے گزر رہا تھا۔

    تاہم اب ملکہ نے انہیں اس نام کے استعمال سے روک دیا ہے جس کے بعد جوڑے کو اپنی برانڈنگ کے لیے نیا نام چننا ہوگا۔

    یہ فیصلہ ملکہ کی زیر صدارت ایک اور بیٹھک میں کیا گیا جس میں ہیری بھی شریک تھے، ہیری نے دیگر شرائط کی طرح اس شرط پر بھی رضا مندی کا اظہار کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکہ نے یہ ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ یہ دونوں اب شاہی خاندان کا حصہ نہیں ہیں لہٰذا اب یہ دونوں خود کو بطور شاہی افراد پیش نہیں کر سکیں گے۔

    شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات، سرکاری مالی امداد اور دیگر شاہی مراعات سے پہلے ہی ہاتھ دھو چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے رواں برس کے آغاز پر شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

    شاہی خاندان چھوڑنے کے بعد جوڑا اب کینیڈا منتقل ہوچکا ہے۔

  • برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی خاندان کے چشم و چراغ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے کینیڈا میں جہاں اپنا نیا گھر خریدا ہے، کہا جارہا ہے کہ وہ گھر برطانوی نوآبادیات کاروں کی چرائی ہوئی زمین پر بنا ہے۔

    ٹوسوکی نامی قبیلے کے افراد کا دعویٰ ہے کہ کینیڈا کا یہ علاقہ ان کے آباؤ اجداد کی ملکیت تھا، 2 صدیوں قبل انہوں نے برطانوی تسلط کاروں سے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت یہ زمین چند سو ڈالرز کے بدلے انہیں دے دی گئی۔

    قبیلے کی سربراہ تانیہ جمی نے زور دیا ہے کہ برطانوی جوڑے کو اس زمین کی تاریخ اور اہمیت سمجھنی چاہیئے، اس زمین کے نیچے ان کے آباؤ اجداد دفن ہیں۔

    وینکوور نامی یہ جزیرہ سنہ 1849 سے 1866 کے درمیان برطانوی تسلط میں تھا۔ یہاں پر پہلی برطانوی آباد کاری سنہ 1843 میں کی گئی۔

    اب شہزادہ ہیری نے یہیں پر اپنا وسیع و عریض گھر خریدا ہے جس کی مالیت 1 کروڑ 70 لاکھ (10.7 ملین) پاؤنڈز، لگ بھگ 2 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔

    تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس مینشن کا مالک کون تھا اور شہزادے نے یہ گھر کس سے خریدا ہے۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن اور بیٹے آرچی کے ساتھ جلد ہی کینیڈا میں ایک خود مختار اور آزاد زندگی کا آغاز کریں گے۔

    میگھن اور آرچی کینیڈا پہنچ چکے ہیں اور گزشتہ ہفتے ہیری ان سے ملنے آئے تھے تاہم جلد ہی وہ واپس برطانیہ لوٹ گئے جہاں ان کی شاہی مصروفیات ابھی جاری ہیں۔

    ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

    انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے برطانیہ سے کہیں اور منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

  • ملکہ برطانیہ نے پوتے کو خاندان سے الگ کردینے والی بہو کی تعریف کیوں کی؟

    ملکہ برطانیہ نے پوتے کو خاندان سے الگ کردینے والی بہو کی تعریف کیوں کی؟

    لندن: ملکہ برطانیہ، ملکہ الزبتھ نے اپنے پوتے شہزادہ ہیری کے شاہی خاندان سے علیحدگی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل کو قابل فخر قرار دے دیا۔

    گزشتہ روز شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ ملکہ کے پیغام میں جہاں ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مرکل اور بیٹے آرچی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا وہیں ملکہ نے بطور خاص میگھن کا نام لے کر ان کی تعریف کی۔

    ملکہ برطانیہ نے لکھا کہ جس تیزی سے میگھن شاہی خاندان میں گھل مل گئیں انہیں اس پر فخر ہے۔

    اپنے پیغام میں ملکہ الزبتھ نے کہا کہ کئی ماہ کی بات چیت اور بحث و مباحثے کے بعد ہم نے ایسا حل تلاش کرلیا ہے جو میرے پوتے اور اس کے خاندان کی پسند کے مطابق ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ہیری، میگھن اور آرچی ہمیشہ ہمارے خاندان کا ہر دلعزیز حصہ رہیں گے۔ ’مجھے احساس ہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ان دونوں کو سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور میں ان کے آزاد زندگی گزارنے کی خواہش کی حمایت کرتی ہوں‘۔

    بعد ازاں شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان سے علیحدگی کے باعث ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات استعمال نہیں کرسکیں گے۔

    بیان میں کہا گیا کہ جوڑا کسی قسم کی سرکاری مالی امداد وصول کرنے کا اہل نہیں ہوگا، جبکہ جنوبی لندن میں اپنے گھر کی تزئین و آرائش پر خرچ ہونے والی رقم واپس کرنے کا بھی پابند ہوگا۔ ولی عہد شہزادہ چارلس البتہ اپنے بیٹے اور بہو کو ذاتی طور پر رقم دے سکتے ہیں۔

    شاہی محل کے مطابق جوڑا باقاعدہ طور ملکہ کی نمائندگی نہیں کر سکتا تاہم وہ اپنے ہر عمل میں شاہی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔

    شہزادہ ہیری عسکری طور پر بھی کسی سرگرمی کا مزید حصہ نہیں رہیں گے تاہم جوڑا مختلف فلاحی اداروں سے اپنی وابستگی جاری رکھ سکے گا۔

    خیال رہے کہ ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

    انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے شمالی امریکا منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔