Tag: میگھن مرکل

  • شاہی خاندان میں شادی کے لیے میگھن نے بڑی قیمت ادا کی، والد تھامس مرکل

    شاہی خاندان میں شادی کے لیے میگھن نے بڑی قیمت ادا کی، والد تھامس مرکل

    لندن : سابق امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے والد نے کہا ہے کہ ’میری بیٹی نے شاہی خاندان میں شادی کرنے کے لیے بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مرکل کے والد تھامس نے امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مجھے خدشہ ہے کہ میری بیٹی میگھن مرکل کو شاہی ذمہ داروں کے لیے مرعوب کیا گیا ہے‘۔

    امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے میگھن مرکل کے والد 73 سالہ تھامس مرکل نے کہا ہے کہ ’مجھے میری بیٹی کے متعلق فکر ہے، میرا خیال ہے کہ اسے ڈرایا گیا ہے‘۔

    تھامس مرکل کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنی بیٹی کی آنکھوں میں، چہرے پر اور مسکراہت سے اس کا درد محسوس کیا ہے، میں نے برسوں اپنی بیٹی کی مسکراہٹ دیکھی ہے، میں اس کی مسکراہٹ جانتا ہوں، اس طرح مسکراتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا‘۔

    تھامس مرکل نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’میری بیٹی نے شاہی خاندان میں شادی کرنے کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے‘۔

    امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھامس مرکل نے میگھن مرکل کے خالیہ لباس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’میگھن اور شہزادہ ہیری نے شادی کے بعد آئرلینڈ کا پہلا دورہ کیا تھا، جس میں میری بیٹی میگھن جا لباس سنہ 1930 کا لگ رہا تھا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’میں نے سوچا تھا کہ شاہی خاندان میں شادی کرنے کے بعد میگھن کے مسائل میں کمی واقع ہوگی تاہم اس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے اس پر کافی بوجھ ہے‘۔

    تھامس مرکل کا کہنا تھا کہ میگھن اور میری آخری مرتبہ شادی سے ایک روز قبل فون پر گفتگو ہوئی تھی، اس کے بعد سے کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی شاہی محل کے افراد میرے پیغامات جواب دیتے ہیں۔

    میگھن مرکل کے والد نے کہا ہے کہ ’میں اپنی موت سے پہلے میگھن مرکل سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ہیری دنیا کے سب سے اچھے شوہر ہیں، میگھن مرکل

    ہیری دنیا کے سب سے اچھے شوہر ہیں، میگھن مرکل

    لندن: برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل نے کہا ہے کہ ہیری دنیا کے سب سے اچھے شوہر ہیں، میری زندگی بہت مزے سے گزر رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میگھن مرکل نے گزشتہ روز ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے ساتھ چیسٹر میں اپنی پہلی سرکاری تقریب میں شرکت کی۔

    سرکاری تقریب میں شہزادہ ہیری ان کے ہمراہ موجود نہیں تھی لیکن میگھن مرکل انہیں یاد کررہی تھیں، جب وہاں موجود خواتین نے میگھن مرکل سے پرنس ہیری اور ان کے تعلق سے متعلق سوال کیے تو میگھن نے کہا کہ ہیری دنیا کے سب سے اچھے شوہر ہیں۔

    تقریب میں موجود ایک خاتون نے ان کی شادی شدہ زندگی کے بارے میں سوال کیا تو میگھن مرکل نے کہا کہ شاندار، میری زندگی بہت مزے سے گزر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل گزشتہ ماہ 19 مئی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ برطانوی شاہی خاندان نے اپنی نئی نویلی بہو 37 سالہ میگھن مرکل پر کچھ پابندیاں عائد کردی تھیں، برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ میگھن مرکل اب امریکی اداکارہ یا عام خاتون نہیں رہیں بلکہ وہ شاہی خاندان کی بہو بن چکی ہیں اس لئے ان پر شاہی خاندان کی روایت برقرار رکھنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ دونوں کی شادی کو سال کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جارہا ہے۔

    برطانیہ کی شاہی شادی کا باقاعدہ آغاز لندن کے وقت کے مطابق 11 بجے سے ہوا تھا تاہم شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازوداج میں منسلک ہوگئے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی میں شریک ہونے کے لیے ڈیوڈ اور ویکٹوریہ بیکھم، ایل ٹن جون، جورج اور امل کولونی سمیت 600 کے قریب مہمان سینٹ جارج چیپل میں  شریک ہیں۔

    قدیم قلعے کے باہر شاہی جوڑے کو دیکھنے کے شائق ہزاروں افراد عارضی کیمپ بنائے بیٹھے ہیں اور شاہی شادی کے لیے نہایت پرجوش ہیں۔ بی بی سی اور سی سی این سمیت متعدد برطانوی و امریکی چینلز پر صبح صادق سے ہی لائیو کوریج کی جارہی ہے۔

    شادی کی تقریب لندن سے دور دریائے ٹیمز کے کنارے واقع ونڈسر نامی قلعے کے سینٹ جارج چیپل میں ہورہی ہے جو گزشتہ 1 ہزار برس سے شاہی خاندان کے زیر استعمال ہے۔

    دلہن میگھن مرکل اپنی والدہ کے ساتھ کلائیویڈن ہوٹل سے ونڈسر کیسل کے گرجا گھر پہنچ چکی ہیں اور شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کی تقریب کا آغاز ہوچکا ہے۔

    گرجا گھر کے راستے تک میگھن کی والدہ ان کے ساتھ سفر کریں گی تاہم چرچ پہنچنے کے بعد میگھن کی والدہ اتر کر اندر چلی جائیں گی جس کے بعد میگھن روایت کے برخلاف گاڑی سے اتر کر چرچ تک اکیلی جائیں گی۔

    بعد ازاں ولی عہد شہزادہ چارلس ان کا ساتھ دیں گے اور انہیں اس مقام تک لے جائیں گے جہاں شادی کے ایجاب و قبول ہوں گے۔

    مسیحی روایات کے مطابق گاڑی میں اور بعد ازاں پادری کے سامنے تک پہنچنے کا سفر دلہن اپنے والد کے ساتھ طے کرتی ہے تاہم میگھن کے والد ناسازی طبیعت کی وجہ سے شادی میں شرکت سے قاصر ہیں جس کے بعد اطلاعات تھیں کہ یہ روایت میگھن کی والدہ نبھائیں گی۔

    تاہم گزشتہ روز شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میگھن نے اس کے لیے ہیری کے والد شہزادہ چارلس سے درخواست کی ہے۔ ’شہزادہ چارلس اس طریقے سے میگھن کو شاہی خاندان میں خوش آمدید کہنے میں نہایت خوشی محسوس کریں گے‘۔

    شاہی شادی میں 600 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مزید 12 سو افراد بھی شرکت کریں گے جو اپنی کمیونٹیز کے لیے مختلف خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

    شادی میں دلہے کی آنجہانی والدہ شہزادی ڈیانا کی 3 بہنیں بھی شرکت کریں گی۔ ان میں سے ایک لیڈی جین فیلو ’سانگ آف سالومن‘ کتاب سے اقتباس پڑھیں گی۔

    شاہی جوڑے کے ایجاب و قبول کے بعد جوڑا بگھی میں ونڈسر کی سڑکوں سے ایک جلوس کی صورت گزرے گا۔ اس کے بعد قلعے میں ملکہ برطانیہ کی طرف سے مہمانوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

    بعد ازاں شام کے وقت دلہے کے والد شہزادہ چارلس فروگمور ہاؤس میں استقبالیہ دیں گے جس میں 200 قریبی عزیز و اقارب اور دوست شرکت کریں گے۔

    شادی میں پہننے کے لیے دلہن کا لباس اور اسے تیار کرنے والا ڈیزائنر تاحال صیغہ راز میں ہے۔ سی این این کے مطابق دلہن کا لباس 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی خطیر رقم سے تیار کیا گیا ہے۔

    گو کہ محل کی جانب سے شاہی شادی پر اٹھنے والے اخراجات کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، تاہم بی بی سی کا دعویٰ ہے کہ شادی پر 3 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈز کے اخراجات آئے ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق صرف سیکیورٹی انتظامات پر 63 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز خرچ ہوئے ہیں۔


    شہزادے کی رومانوی داستان

    شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے درمیان دوستی کی خبریں ستمبر 2016 میں سامنے آئیں تھیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات ایک چیریٹی پروگرام میں ہوئی تھی۔

    ایک سال کے دوران ہیری نے اپنے خاندان کے مختلف افراد سے میگھن کی ملاقات کروائی اور بالآخر گزشتہ برس نومبر میں شاہی محل کی جانب سے دونوں کی منگنی کا اعلان کیا گیا۔

    میگھن مرکل ان دنوں امریکی ٹی وی سیریز سوٹس میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی تھیں تاہم شاہی خاندان سے منسلک ہونے کے بعد اب انہوں نے اداکاری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میگھن مرکل کا والدہ کے لیے صدیوں پرانی روایت توڑنے کا فیصلہ

    میگھن مرکل کا والدہ کے لیے صدیوں پرانی روایت توڑنے کا فیصلہ

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کی ہونے والی بہو اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل نے اپنی والدہ کے لیے صدیوں پرانی روایت توڑنے اور نئی تاریخ رقم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    قدیم مسیحی روایات کے مطابق جب دلہن اپنی شادی کے دن گاڑی سے اتر کر شادی کی رسومات کے لیے اسٹیج تک پہنچتی ہے اور گاڑی سے اسٹیج کا راستہ طے کرتی ہے تو اس موقع پر دلہن کے والد اس کے ہمراہ ہوتے ہیں۔

    تاہم میگھن مرکل نے اس روایت کو بدلتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ یہ رسم ان کے والد کے بجائے والدہ نبھائیں گی۔ وہ چرچ پہنچنے تک گاڑی میں اور بعد ازاں پادری کے سامنے پہنچنے تک اپنی بیٹی کے ساتھ رہیں گی۔

    میگھن کے والد اور والدہ کے درمیان اس وقت علیحدگی ہوگئی تھی جب مرکل 6 برس کی تھیں۔ اس کے بعد سے مرکل اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہیں اور فطری طور پر وہ اپنی والدہ سے بہت قریب بھی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کو بھی مرکل کی اس خواہش پر کوئی اعتراض نہیں۔

    بعض برطانوی اخبارات کے مطابق مرکل شادی کے دن چرچ پہنچنے تک کا فاصلہ اپنے والد اور والدہ دونوں کے ساتھ طے کرنا چاہتی تھیں تاہم گزشتہ روز ہی مرکل کے والد نے اپنی خرابی طبیعت کے باعث شادی میں آنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد اب مرکل کی والدہ تمام مواقعوں پر اپنی بیٹی کے ساتھ رہیں گی۔

    میگھن مرکل رواں ہفتے 19 مئی کو شہزادہ ہیری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے میں جاری ہیں۔ شاہی خاندان میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مادام تساؤ میوزیم میں میگھن مرکل کا مومی مجسمہ

    مادام تساؤ میوزیم میں میگھن مرکل کا مومی مجسمہ

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں شہزادے ہیری کی ہونے والی دلہن اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کا مومی مجسمہ نصب کردیا گیا۔

    میگھن مرکل کا مومی مجسمہ اس وقت نصب کیا گیا ہے جب شاہی شادی میں ایک ہفتے کا وقت رہ گیا ہے۔

    میوزیم کے جنرل مینیجر ایڈورڈ فلر کا کہنا ہے کہ شادی کے قریب آتے ہی لوگوں میں جوش و خروش بڑھ رہا ہے۔ شادی کے دن لوگ اپنی پسندیدہ شاہی شخصیت کو مجسمے کی صورت میں دیکھ سکیں گے۔

    میوزیم میں نصب مومی مجسمہ نے سبز رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے جو مرکل نے اس وقت پہنا تھا جب انہوں نے اپنی منگنی کے اعلان کے بعد شہزادے کے ساتھ پہلا انٹرویو دیا تھا۔

    مجسمے کے ہاتھ میں مرکل کو شہزادہ ہیری کی جانب سے پہنائی جانے والی ہیرے کی انگوٹھی کی نقل بھی موجود ہے۔

    میوزیم کی مرکزی مجسمہ ساز اسٹیفن مینز فیلڈ نے بتایا کہ ایک مجمسے کی تیاری میں عموماً 6 ماہ کا وقت لگتا ہے تاہم یہ مجسمہ ذرا جلدی تیار کرلیا گیا ’کیونکہ ہماے پاس وقت کم تھا‘۔

    انہوں نے بتایا کہ مجسموں کی جسامت کی پیمائش کے لیے شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل یہاں نہیں آئے کیونکہ وہ دیگر شاہی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ میوزیم انتظامیہ نے دوسری تکنیکوں سے مجسمے کی پیمائش طے کی۔

    مادام تساؤ میوزیم میں اس سے قبل شہزادہ ہیری کا مجسمہ نصب تھا جو ان کے خاندان کے دیگر افراد یعنی ملکہ الزبتھ، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے ساتھ موجود تھا۔ مجسمے نے فوجی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔

    تاہم اب جبکہ ان کی زندگی کا ایک نیا باب شروع ہونے جارہا ہے، تو ان کے مجسمے میں بھی جدت کردی گئی ہے۔ ہیری کے ساتھ مرکل کا مجسمہ بھی شاہی خاندان کے دیگر افراد کے مجسموں کے ساتھ نصب کردیا گیا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق شاہی شادی سے ایک روز قبل مجسمے کو عام افراد کے لیے کھول دیا جائے گا۔ شادی کے روز میوزیم میں ان افراد کے لیے داخلہ مفت ہوگا جن کا نام میگھن یا ہیری ہوگا۔

    برطانوی شہزادے اور امریکی اداکارہ کا یہ جوڑا 19 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔

    شاہی خاندان کے بارے میں مزید مضامین پڑھیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شاہی جوڑے کی شادی میں تحائف کے بجائے عطیات دینے کی اپیل

    شاہی جوڑے کی شادی میں تحائف کے بجائے عطیات دینے کی اپیل

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے نئے جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی منگیتر میگھن مرکل نے اپیل کی ہے کہ جو افراد ان کی شادی پر انہیں تحائف دینا چاہتے ہیں، وہ تحائف کے بجائے اس رقم کو فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کردیں۔

    برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری اور ان کی منگیتر امریکی اداکارہ میگھن مرکل 19 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔

    ایسے میں شہزادہ ہیری کے دفتر کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ ان کی شادی میں تحائف بھجوانے کی خواہش رکھنے والے افراد وہی رقم فلاحی منصوبے میں بطور عطیہ دے دیں۔ ’یہ سخاوت بہت سے لوگوں کو فائدہ پہنچائے گی‘۔

    شہزادے اور ان کی منگیتر نے اس سلسلے میں 7 فلاحی ادارے بھی منتخب کیے ہیں جن سے وہ دنوں منسلک ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں عطیات دیں۔

    یاد رہے کہ برطانوی شہزداے ہیری نے امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے گذشتہ برس منگنی کی تھی۔ شہزادہ ہیری سے ملاقات سے قبل میگھن پہلے بھی فلاحی کاموں سے منسلک رہ چکی ہیں۔

    شہزادہ ہیری بھی اپنی والدہ اور بھائی کی طرح فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ ان کی والدہ لیڈی ڈیانا، بھائی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بھی بے شمار فلاحی منصوبوں سے منسلک رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میگھن مرکل کے سفید بال کی نشاندہی کرنے پر برطانوی جریدہ تنقید کی زد میں

    میگھن مرکل کے سفید بال کی نشاندہی کرنے پر برطانوی جریدہ تنقید کی زد میں

    لندن: یوں تو برطانوی شاہی خاندان کی ہر سرگرمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہے جس میں عام افراد بھی دلچسپی لیتے ہیں تاہم حال ہی میں ایک بین الاقوامی جریدے کو برطانوی شہزادے ہیری کی منگیتر میگھن مرکل کے سیفد بال کی نشاندہی کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ کرنا پڑا۔

    میری کلائر نامی بین الاقوامی جریدے پر اس وقت بری طرح تنقید کی گئی جب جریدے نے برطانوی شہزادے ہیری کی منگیتر میگھن مرکل کے متعلق بریکنگ نیوز شائع کی کہ ان کے سر پر ایک عدد سفید بال موجود ہے۔

    ادارے کی جانب سے شائع کیے جانے والے مضمون میں مرکل کی تصویر کو واضھ کر کے ان کے سفید بال کی نشاندہی کی گئی۔

    تاہم جریدے کی اس حرکت کو ٹوئٹر صارفین نے سخت احمقانہ قرار دیا۔

    لوگوں نے کہا کہ وہ جریدے پر اس قسم کی خبر دیکھ کر سخت حیران ہیں۔

    بعد ازاں جریدے نے اس خبر کو سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کردیا تاہم ویب سائٹ پر یہ خبر تاحال موجود ہے۔

    یہ پہلی بار نہیں جب شاہی خاندان سے متعلق کسی خبر پر جریدے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہو۔

    اس سے قبل حال ہی میں چند برطانوی اخبارات اور ویب سائٹ نے شہزادی کیٹ مڈلٹن کے لباس پر قیاس آرائیاں شروع کردی تھیں کہ شہزادی گزشتہ کئی دنوں سے نیلے رنگ کے ملبوسات زیب تن کر رہی ہیں، ہوسکتا ہے اس طرح وہ اشارہ دے رہی ہیں کہ ان کا تیسرا ہونے والا بچہ لڑکا ہے۔

    شہزادی سے متعلق اس خبر کو بھی مذاق اور تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانوی شاہی خاندان کی نئی رکن میگھن مرکل کون ہیں؟

    برطانوی شاہی خاندان کی نئی رکن میگھن مرکل کون ہیں؟

    لندن: گزشتہ روز برطانوی شاہی خاندان نے ولی عہد شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے ساتھ منگنی کا باقاعدہ اعلان کردیا جس کے بعد بہت سے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ برطانوی شاہی خاندان میں بہت جلد شمولیت اختیار کرنے والی میگھن مرکل آخر ہیں کون؟

    مشہور امریکی اداکارہ میگھن مرکل 4 اگست سنہ 1981 میں امریکی شہر لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق ایک دولت مند گھرانے سے ہے۔

    مرکل نے سنہ 2002 سے اداکاری کا آغاز کیا۔ آپ کے لیے یہ جاننا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ اداکاری میں اپنا کیریئر مضبوط کرنے کے دوران وہ گزر اوقات کے لیے شادی کے دعوت ناموں پر خوبصورت لکھائی، اور اسکول کے بچوں کو یہ لکھائی سکھایا کرتی تھیں۔

    اس دوران انہوں نے کئی امریکی ڈرامہ سیریز میں کام کیا تاہم انہیں اصل شہرت ڈرامہ سیریز ’سوٹس‘ میں ریچل زین نامی کردار اداکرنے کے بعد ملی۔

    بعد ازاں انہوں نے ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی آخری فلم اینٹی ۔ سوشل تھی جو سنہ 2015 میں ریلیز ہوئی۔

    ستمبر 2011 میں انہوں نے ایک فلم پروڈیوسر ٹریور اینجلسن سے شادی کی لیکن یہ شادی زیادہ عرصے نہ چل سکی اور 2 سال بعد طلاق پر منتج ہوئی۔

    یاد رہے کہ سنہ 1937 میں بھی شاہی خاندان کے ایک اور بادشاہ ایڈورڈ سوئم نے ایک امریکی طلاق یافتہ خاتون ویلس سمپسن سے شادی کی تھی جس کے بعد قومی بحران پیدا ہوگیا اور بادشاہ کو تخت سے دستبرداری اختیاری کرنی پڑی۔

    اب 80 برس بعد جب برطانوی میڈیا نے اسی معاملے کو دوبارہ اٹھا کر مرکل پر تنقید شروع کی تو شہزادہ ہیری کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا جس کے بعد میڈیا نے مرکل پر تنقید کی روش چھوڑ دی۔

    مزے کی بات یہ ہے کہ مرکل کے سابق شوہر فی الحال ایک ٹی وی شو بنا رہے ہیں جو ایک شخص اور اس کی سابق بیوی کے درمیان قانونی جنگ سے متعلق ہے جو اپنی دوسری شادی شاہی خاندان میں کر چکی ہے۔

    اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ مرکل سماجی کارکن بھی ہیں۔ وہ ورلڈ وژن کینیڈا کی سفیر کی حیثیت سے افریقہ میں صاف پانی کی فراہمی پر کام کر رہی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہو کر خواتین کے حقوق کے لیے بھی گفتگو کر چکی ہیں۔

    سنہ 2016 میں مرکل اور شہزادہ ہیری کی ملاقات ہوئی جس کے بعد یہ تعلق آہستہ آہستہ محبت تک جا پہنچا۔

    شاہی خاندان کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل اگلے برس موسم بہار میں ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔

    شاہی خاندان میں شمولیت کے باوجود میگھن مرکل بادشاہت کے امیدواروں میں شامل نہیں ہوں گی کیونکہ ولی عہد شہزادہ چارلس کے بعد ان کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم، اور ان کے بعد ان کے بیٹے ننھے شہزادہ جارج تخت کے دعوے دار ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔