Tag: میہڑ

  • پی ٹی آئی کے نو منتخب کونسلر نیاز برڑو گرفتار

    پی ٹی آئی کے نو منتخب کونسلر نیاز برڑو گرفتار

    دادو: پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب کونسلر نیاز علی برڑو کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق میہڑ میں پولیس نے چھاپا مار کر پی ٹی آئی کے نو منتخب کونسلر نیاز برڑو کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ تصادم کے خدشے پر نیاز برڑو کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    نیاز برڑو کی گرفتاری کے خلاف شہر میں ہڑتال کر دی گئی، اور پی ٹی آئی کارکنوں نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ میہڑ میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 1 میں ری کاؤنٹنگ کی درخواست دائر ہے، پی ٹی آئی کونسلر نے نتائج کی تبدیلی کی صورت میں شدید احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

    ادھر لیاقت جتوئی نے نیاز برڑو کی گرفتاری پر رد عمل میں کہا ہے کہ سندھ حکومت سے دادو میں پی ٹی آئی کی جیت ہضم نہیں ہو رہی، میہڑ میں جیتنے والے کونسلر کی سیاسی وفاداری تبدیل کرانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

    لیاقت جتوئی نے کہا سندھ حکومت جیتنے والے کونسلر کے خلاف انتقامی کارروائی بند کرے، گرفتار کونسلر کو رہا نہ کیا گیا تو پورے ضلع میں احتجاج کریں گے۔

  • دادو: میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اورجوہی ڈوبنے کا خطرہ ، شہر خالی کرالئے گئے

    دادو: میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اورجوہی ڈوبنے کا خطرہ ، شہر خالی کرالئے گئے

    دادو: ڈپٹی کمشنر دادو نے میہڑ ،خیر پور ناتھن شاہ اور جوہی کے ڈوبنے کے خطرے کے پیش نظر شہر خالی کرالئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں سیلاب کے بعد بیشتر شہروں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے ، مکین بے گھر ہوگئے اور کھلے آسمان تلے بیٹھے متاثرین کے لیے ہر گزرتا دن اذیت ناک ہونے لگا ہے۔

    دادو میں سیلابی پانی میں میہڑ ،خیر پور ناتھن شاہ اور جوہی کے ڈوبنے کا خطرہ ہے ، جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر دادو نے شہر خالی کرنے کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

    ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر دادو کو بھی خطرات لاحق ہیں، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    دوسری جانب دادو کے کچے کے سیلابی پانی میں ڈوب کردو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    گاؤں فرید خشک میں سیلابی پانی کی وجہ سے کشتی نہ ملنے پر دونوں خواتین پیدل نکلیں ،دونوں خواتین جامل خشک اور نازل خشک پانی میں ڈوب گئیں ، دونوں خواتین کی لاشیں مقامی لوگوں نے پانی سے نکال لیں۔

    خیال رہے سندھ میں سیلاب کے باعث خیرپور شہر سے صرف دس کلومیٹر دور قومی شاہراہ کے قریب پچاس سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔

    خیرپور سے دیہات زمینی طور پر کٹ گئے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے تاحال علاقے میں کوئی ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا۔