Tag: نئی دہلی

  • کرونا ویکسین لگوانے پر سینئر ڈاکٹر کو بیگم کی سخت ڈانٹ پھٹکار

    کرونا ویکسین لگوانے پر سینئر ڈاکٹر کو بیگم کی سخت ڈانٹ پھٹکار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک سینئر ڈاکٹر کو کرونا وائرس کی ویکسین اکیلے لگوانے پر بیگم کی سخت ڈانٹ پھٹکار سننی پڑگئی، بدقسمتی سے وہ اس وقت ٹی وی پر لائیو تھے چنانچہ انہیں پڑنے والی ڈانٹ لاکھوں افراد نے سنی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اے کے اگروال اپنی گاڑی میں موجود تھے اور ایک ٹی وی چینل سے براہ راست گفتگو کر رہے تھے، اس دوران ان کی بیگم کا فون آیا۔

    ان کے فون اٹھاتے ہی بیگم نے پوچھا کہ کیا تم کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے گئے تھے؟ ڈاکٹر اگروال نے کہا کہ میں پتہ کرنے گیا تھا انہوں نے کہا کہ (کاؤنٹرز) خالی ہیں لگوا لو، تو میں نے لگوا لی۔

    بیگم نے کہا کہ عجیب ہو تم ساتھ نہیں لے جاسکتے تھے، جس پر ڈاکٹر نے کہا کہ وہ سب کو پیر کی صبح لے جائیں گے۔ لیکن ان کی بیگم اس بات پر غصہ کرتی رہیں کہ وہ انہیں ساتھ لے کر کیوں نہیں گئے۔

    یہ گفتگو ڈاکٹر اگروال کے ٹی وی پر لائیو ہوتے ہوئے ہورہی تھی، ڈاکٹر نے کہا کہ وہ ابھی لائیو ہیں جس پر ان کی بیگم نے کہا کہ میں لائیو میں آکر تمہاری ایسی کی تیسی کرتی ہوں۔

    ڈاکٹر کی اس ویڈیو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا اور مختلف تبصرے کیے۔ ایک شخص نے لکھا کہ جب آپ ٹی وی پر لائیو ہوں تو کبھی بھی اپنی بیگم کا فون مت اٹھائیں۔

    ایک شخص نے ڈاکٹر اگروال کی ایک پرانی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل وہ ٹی وی پر براہ راست گفتگو کرنے کے دوران سر کا مساج بھی کروا چکے ہیں۔

  • بھارت: کسانوں کی ٹریکٹر ریلی تمام رکاوٹیں توڑ کر نئی دہلی میں داخل

    بھارت: کسانوں کی ٹریکٹر ریلی تمام رکاوٹیں توڑ کر نئی دہلی میں داخل

    نئی دہلی: بھارت میں کئی ماہ سے احتجاج کرنے والے کسان دارالحکومت نئی دہلی میں داخل ہوگئے، یوم جمہوریہ کے موقع پر ہونے والی ٹریکٹر ریلی تمام رکاوٹیں توڑ کر دارالحکومت میں داخل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی سرحد پر کئی ماہ سے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسان دارالحکومت میں داخل ہوگئے، کسانوں نے آج یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی کی سرحدوں سے ٹریکٹر ریلی کی شروعات کی۔

    پولیس نے کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے سے روکنے کی بہت کوششیں کیں لیکن کسان تمام رکاوٹوں کو توڑ کر دارالحکومت میں داخل ہوگئے۔

    کسانوں کو اکشر دھام تک آنے کی اجازت تھی اور انہیں وہاں سے آنند وہار کی طرف لوٹ جانا تھا لیکن وہ دہلی کے اندر داخل ہوگئے۔ پریڈ کا جو روٹ طے ہوا تھا اسے انہوں نے عبور کر لیا اور دہلی پولیس کا حکم نظر انداز کردیا۔

    دارالحکومت میں داخلے کے موقع پر غازی پور بارڈر پر پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے بھی داغے تاہم پولیس کسانوں کی ہمت توڑنے میں ناکام رہی۔

    دارالحکومت میں داخلے کے وقت کسان نہایت پرجوش تھے اور زوردار نعرے لگا رہے تھے، دہلی میں کئی مقامات پر ٹریکٹر پریڈ کا پھولوں سے استقبال بھی کیا گیا۔

    یاد رہے کہ کسانوں کا یہ احتجاج مودی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ برس سے جاری ہے اور حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کی ہر کوشش ناکام ہوچکی ہے۔

  • فلم حقیقت میں تبدیل!!

    فلم حقیقت میں تبدیل!!

    نئی دہلی: بالی ووڈ کی مشہور فلم نائیک حقیقت بن گئی، 19 سالہ لڑکی کو ایک دن کے لیے ریاستی وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے طابق 19 سالہ شریشتی گوسوامی کو نیشنل گرل چائلڈ ڈے کے موقع پر ریاست اتر کھنڈ کا ایک دن کا وزیر اعلیٰ بنادیا گیا۔

    اس حوالے سے لڑکی کی والدین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بیٹی پر فخر ہے، ہر بیٹی یہ سنگ میل عبور کر سکتی ہے ہمیں صرف ان کی مدد کی ضرورت ہے۔

    شریشتی گوسوامی کے والدین نے بیٹی کو اس اعزاز کے لیے منتخب کرنے پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    شریستی کے والدین نے دیگر والدین کو بھی تجویز دی کہ اپنی بیٹیوں کی سپورٹ کرنا نہ چھوڑیں، اس دور میں بیٹیاں سب کچھ حاصل کرسکتی ہیں، ہماری بیٹی سب کے لیے ایک مثال ہے۔

    وزیر اعلیٰ منتخب ہونے والی 19 سالہ شریستی کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ مجھے ایک دن کا وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز ملا، وہ اس پر وزیر اعلیٰ اتر کھنڈ تری ویندرا سنگھ راوت کی مشکور ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی فلم نائیک میں بھی اسی طرح ایک نوجوان صحافی (انیل کپور) کو ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ بنتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

  • ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

    ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرنے کے بعد پکڑا گیا، پولیس کے مطابق 9 لاکھ فالوورز رکھنے والا ٹک ٹاکر عادی مجرم ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی منیو گپتا نامی ٹک ٹاک اسٹار بے گھر تھا اور اس نے اپنی دوست خوشبو سے، جو خود بھی ماڈل ہے، اس کے گھر پر رہنے کی درخواست کی۔

    خوشبو کے مطابق اس نے زور دیا کہ جب تک وہ اپنا فلیٹ نہیں ڈھونڈ لیتا، وہ خوشبو کے ساتھ رہے گا، خوشبو نے اسے اپنے گھر رہنے کی اجازت دے دی۔

    پولیس کو درج رپورٹ میں خوشبو نے بتایا کہ وہ کچھ دن کے لیے شہر سے باہر گئی تھی، واپس آنے کے کچھ روز بعد اس نے تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارت اور نقد رقم غائب پائی۔

    گپتا نے اسے پولیس میں شکایت درج کروانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسے اور اس کے دیگر دوستوں کو تنگ کرے گی۔

    دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گپتا پر ایک عرصے سے نظر رکھے ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے برقع پہنے ہوئے ایک چور کی وارداتیں سامنے آرہی تھیں، اس کے لیدر کے جوتے اور جسمانی حرکات ٹک ٹاک اسٹار گپتا سے ملتی جلتی تھیں۔

    خوشبو کے گھر چوری کے بعد پولیس نے گپتا کی بائیک کی سیٹ کے نیچے سے سامان برآمد کیا جس کے بعد ٹک ٹاکر نے بھی اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے پیسوں کی ضرورت تھی۔

    پولیس کے مطابق اس سے قبل سنہ 2018 میں بھی گپتا نے ایک معمر جوڑے کے گھر سے 4 لاکھ سے زائد مالیت کے موبائل فون اور زیوارت چرائے تھے جبکہ اس کے علاوہ بھی چوری و ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا تھا۔

  • نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نئے سال کے پہلے دن شہر دبیز دھند میں ڈوبا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نئی دہلی میں درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

    نئے سال کے پہلے دن دہلی سخت سردی اور دھند میں ملفوف رہا۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت ریکارڈ کرنے والی صفدر جنگ آبزرویٹری کے مطابق نئی دہلی میں ایسی شدید سردی 8 جنوری 2008 کو ریکارڈ کی گئی تھی۔

    اس وقت شہر کا درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا، اب یکم جنوری 2021 کی سردی نے اس ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کے باعث سورج نکلنے سے قبل تک شہر میں حد نگاہ صفر تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 6 جنوری تک شدید سردی کی لہر جاری رہے گی تاہم کل سے درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوجائے گا اور 4 اور 5 جنوری کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

  • بھارت: سوئی ہوئی بھکارن کو قتل کرنے والے ملزم کی تصویر سامنے آگئی

    بھارت: سوئی ہوئی بھکارن کو قتل کرنے والے ملزم کی تصویر سامنے آگئی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے فٹ پاتھ پر سوئی ہوئی بھکارن پر حملہ کر کے اس کا گلا دبا کر اسے مار ڈالا، ملزم کا چہرہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈ ہوگیا جس کے بعد پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اندور شہر میں ایک شخص نے فٹ پاتھ پر سوئی ہوئی بھکارن کو گلا دبا کر قتل کردیا، ملزم کا چہرہ سی سی ٹی وی ویڈیو میں آگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بھکارن کو قتل کرنے کا واقعہ اندور شہر کے ایم وائی اسپتال کے باہر پیش آیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طلوع آفتاب سے پہلے ایک شخص نے فٹ پاتھ پر سوئی ہوئی عورت پر اچانک حملہ کردیا۔

    اس شخص نے عورت کے بال پکڑ کر اسے گھسیٹا اور گلے میں رسی ڈال کر اس کا گلا دبایا، عورت نے اپنے اوپر ہونے والے حملے پر مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہی۔

    ملزم نے کافی دیر تک عورت کے گلے کو رسی سے جکڑے رکھا جس سے وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئی۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد مذکورہ شخص کی تلاش شروع کردی ہے، تاحال قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

  • بھارت: 86 سالہ بزرگ خاتون سے زیادتی پر ملک میں غم و غصے کی لہر

    بھارت: 86 سالہ بزرگ خاتون سے زیادتی پر ملک میں غم و غصے کی لہر

    نئی دہلی: بھارت میں ایک 86 سالہ بزرگ خاتون سے زیادتی کے واقعے نے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی، خاتون سے 50 برس کم عمر 30 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ ہلا دینے والا واقعہ دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا جسے ویسے ہی بھارت کے ریپ کیپیٹل کا نام دیا جاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ایک بزرگ خاتون اپنے گھر کے باہر دودھ والے کا انتظار کر رہی تھیں کہ ایک شخص وہاں آیا، اس نے انہیں کہا کہ دودھ والا آج نہیں آ رہا ہے اور ساتھ ہی کہا کہ وہ انہیں اس جگہ لے جائے گا جہاں دودھ مل رہا ہے۔

    مذکورہ شخص بزرگ خاتون کو قریب واقع ایک فارم پر لے گیا اور گھناؤنے فعل کا ارتکاب کیا۔ اس دوران خاتون رو رو کر کہتی رہیں کہ وہ اس کی دادی کی طرح ہیں تاہم ملزم کے کان پر جوں نہ رینگی اور مزاحمت پر اس نے انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    شور شرابے پر مقامی افراد وہاں پہنچ گئے جنہوں نے ملزم کو پکڑ لیا اور بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کردیا۔

    ایک مقامی سماجی کارکن کے مطابق وہ 86 سالہ بزرگ خاتون سے مل کر آئی ہیں، ان کے چہرے اور جسم پر زخموں کے نشان ہیں جبکہ وہ سخت صدمے کی حالت میں ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس وقت خواتین سے زیادتی کے جرائم بھیانک صورت اختیار کر گئے ہیں، نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق سنہ 2018 میں پولیس نے زیادتی کے 33 ہزار 977 کیسز ریکارڈ کیے جس کا مطلب ہے کہ ہر 15 منٹ میں ایک ریپ۔

    تاہم اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں کیونکہ بہت سے کیسز رپورٹ ہی نہیں کیے جاتے۔

    بھارت میں خواتین کے خلاف جنسی جرائم کا گراف اس قدر بڑھتا جارہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران کرونا مریضوں کے ساتھ بھی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے، گزشتہ ماہ کووڈ 19 کی مریضہ کو لے کر جانے والی ایمبولینس کے ڈرائیور نے انہیں راستے میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    گزشتہ ماہ ہی گنے کے ایک کھیت میں ایک 13 سالہ لڑکی کو زیادتی کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا اور اس کے اہلخانہ کے مطابق اس کی آنکھیں نکال دی گئی تھیں اور زبان کاٹ دی گئی تھی۔

    جولائی میں ایک 6 سالہ بچی کو بھی اغوا کرنے کے بعد اس کے ساتھ زیادتی کی گئی جبکہ اس کی آنکھوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا تاکہ وہ حملہ آوروں کو شناخت نہ کرسکے۔

    علاوہ ازیں گزشتہ برس ایک 11 سالہ معذور بچی کو 17 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، تمام ملزمان رہائشی عمارت کے چوکیدار اور دیگر ملازمین تھے جو سننے کی صلاحیت سے محروم بچی کو جنریٹر روم میں لے گئے اور نشہ آور دوائیں پلانے کے بعد اس کے ساتھ زیادتی کی۔

    بھارت میں سماجی کارکنان کا کہنا ہے کہ دلی کو ریپ کیپیٹل کا نام وزیر اعظم نریندر مودی نے اس وقت دیا تھا جب وہ اپنی انتخابی مہم میں مصروف تھے اور انہوں نے زیادتی کا شکار خواتین کو انصاف دلانے کے وعدے کیے تھے۔

    تاہم اب وہ اپنا وعدہ فراموش کرچکے ہیں اور یوں لگ رہا ہے کہ خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی بے قابو اور ہولناک صورتحال کو حکومتی مشینری قابو کرنے میں ناکام ہے۔

  • بھارت: 6 ماہ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون کو آزادی کیسے ملی؟

    بھارت: 6 ماہ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون کو آزادی کیسے ملی؟

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 6 ماہ سے زنجیروں میں قید شوہر کے ظلم کی شکار خاتون کو آزاد کروا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے علاقے ترلوک پوری میں گزشتہ 6 ماہ سے زنجیروں میں قید 32 سالہ خاتون کو دہلی خواتین کمیشن نے آزاد کروا لیا۔

    چیئرپرسن دہلی خواتین سواتی مالیوال کا کہنا ہے انہیں مقامی سطح پر کام کرنے والی مہیلا پنچایت کے ذریعے اطلاع ملی کہ ایک گھر میں شوہر نے گزشتہ 6 ماہ سے اپنی بیوی کو زنجیروں میں قید کر رکھا ہے اور اس پر تشدد بھی کرتا ہے۔

    انہوں نے بتایا جب میں کمیشن کے ممبر فردوس خان اور کرن نیگی کے ساتھ دیے گئے پتے پر پہنچی تو خاتون کی حالت دیکھ کر حیران رہ گئی۔

    سواتی مالیوال کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کی ٹانگوں کو زنجیروں سے باندھا گیا تھا اور اسے بہت بری حالت میں رکھا گیا تھا،خاتون پر تشدد کیا گیا جس سے اس کی ذہنی حالت بھی خراب ہوگئی۔

    چیئرپرسن دہلی خواتین نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے اور جہاں اسے رکھا گیا تھا وہاں کوئی پنکھا نہیں تھا اور اسے باتھ روم جانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔

    خاتون نے بتایا کہ اس کی شادی کو 11 سال ہوچکے ہیں اور اس کے تین بچے ہیں، شوہر گھر کے قریب آٹے کی چکی چلاتا ہے۔

    سواتی مالیوال کے مطابق تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ اس خاتون کی ذہنی حالت اس سے قبل ٹھیک تھی اور شوہر کی طرف سے ہراساں کیے جانے سے اس کی ذہنی صحت پر گہرا اثر پڑا۔

    دہلی خواتین کمیشن کی ٹیم نے متاثرہ خاتون کے بچوں سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ والد نے ماں کو بہت مارا اور اسے زنجیر سے باندھ کر رکھا ہے۔

  • بھارت میں کرونا وائرس کی مریضہ بھی غیر محفوظ، جنسی ہراسانی کا شکار

    بھارت میں کرونا وائرس کی مریضہ بھی غیر محفوظ، جنسی ہراسانی کا شکار

    نئی دہلی: خواتین کے لیے خطرناک ترین ملک بھارت میں کرونا وائرس کا شکار خواتین مریض بھی غیر محفوظ، 28 سالہ مریضہ ڈاکٹر کے ہاتھوں ہی جنسی ہراسانی کا نشانہ بن گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں کرونا وائرس کی 28 سالہ مریضہ کو جنسی ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ مریضہ دین دیال اسپتال میں داخل تھی جہاں ایک ڈاکٹر نے اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔

    واقعے کے بعد لڑکی کے والدین نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ضلعی پولیس حرکت میں آئی اور ڈاکٹر کو حراست میں لے لیا گیا۔

    پولیس نے میڈیا کو تصدیق کی کہ مذکورہ ڈاکٹر نے 28 سالہ کوویڈ مریضہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

    مذکورہ ڈاکٹر کے علاوہ ایک اور ڈاکٹر کو بھی گرفتار کیا گیا جس کے بارے میں اسی قسم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پولیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    خیال رہے کہ خواتین کے لیے خطرناک ترین ملک قرار دیے جانے والے بھارت میں ایسے واقعات کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے مشکل ترین وقت میں بھی جاری ہیں۔

    بھارت کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا ملک بن چکا ہے، اب تک ملک میں 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    ملک میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد بھی 30 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

  • بھارت: شادی کی سائٹ کے ذریعے متعدد خواتین سے لاکھوں روپے کا فراڈ

    بھارت: شادی کی سائٹ کے ذریعے متعدد خواتین سے لاکھوں روپے کا فراڈ

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک شخص نے شادی کی ویب سائٹس کے ذریعے متعدد غیر شادی شدہ، طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین کو دھوکا دے کر ان سے لاکھوں روپے ہڑپ کرلیے، پولیس نے فراڈ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مہیش عرف جگناتھ رشتوں کی سائٹ کے ذریعے خواتین سے رابطے میں آتا اور ان سے لاکھوں روپے ہڑپ کر غائب ہوجاتا۔ پولیس کے مطابق وہ خواتین کو یہ باور کرواتا کہ وہ ایک امیر شخص ہے۔

    ایسی ہی ایک کارروائی کے دوران مہیش نے 29 سالہ ایک خاتون سے روابط قائم کیے، کچھ عرصہ بعد مہیش نے اپنے معاشی حالات خراب ہونے کا ڈرامہ رچایا، خاتون نے اس پر یقین کرلیا اور اسے 7 لاکھ روپے دیے۔

    رقم ملنے کے بعد مہیش نے اپنا فون بند کیا اور غائب ہوگیا۔

    فراڈ کا علم ہونے پر خاتون نے پولیس کو شکایت درج کروائی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جلد ہی مہیش کو گرفتار کرلیا۔

    ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو علم ہوا کہ مہیش نے کم از کم 10 سے زائد خواتین کو دھوکہ دے کر ان سے 25 لاکھ روپے لوٹے، علاوہ ازیں 5 خواتین سے شادی بھی کی۔

    پولیس نے مہیش کے قبضے سے 6 لاکھ روپے مالیت کی کار، 2 موبائل فون، 25 سم کارڈز، 22 اے ٹی ایم کارڈز، اور 3 مختلف شناختی دستاویز ضبط کی ہیں۔